Tag: bilawal Bhtto zardari

  • ضیاء کی آمریت میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا، بلاول بھٹو

    ضیاء کی آمریت میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا، بلاول بھٹو

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم آر ڈی کے شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے ضیاء الحق کی سیاہ آمریت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں، جنرل ضیاء کے دور حکومت میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا گیا۔

    ماہ ستمبر کے اختتام پر پورے صوبہ سندھ اور خصوصاً دادو، شہید بینظیرآباد اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بحالی جمہوریت کے شہیدوں کی برسیوں کے موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج ہم جمہوریت کا ثمر کھاتے ہوئے ان شہیدوں کی بے مثل بہادری، اصول پرستی اور عزم کے شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میری والدہ شہید بینظیر بھٹو نے انتہائی بہادری کے ساتھ آمریت کے خلاف دنیا کی سب سے مقبول عوامی جدوجہد کی قیادت کی،ان کے بھائیوں، بہنوں اور جیالوں نے ان کے آواز پر لبیک کہتے ہوئے پاکستان کے عوام اور ان کے لافانی حقوق کے لیے اپنے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضیاء کی آمریت میں جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کے خلاف گن شپ ہیلی کاپٹرز اور وحشیانہ طاقت کا استعمال کیا گیا اور پاکستانیوں کو تباہ کرنے کے لیے انتہاپسندی اور دہشتگردی کا بیج بویا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ آمر ضیاء نے جمہوریت چھین کر ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم اور ایٹمی پروگرام کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو کو اقتدار سے ہٹا کر انہیں تختہ دارپرچڑھا کر ملک کو ایک ”بنانا اسٹیٹ“ کی جانب دھکیلنے اور معاشرے کو ایک فسادی اورانتشاری ہجوم میں منتقل کرنے کی سازش کی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ جیالے اور جمہوری سیاسی کارکنان خصوصاً شہدائے جمہوریت ہی تھے جنہوں نے چہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ضیاء کی آمریت کے خلاف بہادری سے جدوجہد کی اور 1988 کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے باوجود ضیاء کی باقیات کو گرا دیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی، ان کی قیادت اور کارکنان اپنے شہیدوں اور کے لواحقین کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے اور ان کو نسل در نسل خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔

     

  • پنجاب شریفستان بن چکا ہے، بلاول بھٹو زرداری

    پنجاب شریفستان بن چکا ہے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لیگی حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناڈالا، ان کا کہنا ہے کہ واضح ہوگیا کہ پنجاب میں جمہوریت نہیں،پنجاب شریفستان بن چکا ہے، کسان دہشت گرد نہیں انہیں انصاف دیا جائے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی۔

    ٹوئٹر پیغام میں بلاول زرداری نے نواز لیگ پر تنقید کے تیر برسائے اور کسانوں کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے احتجاج کرنے والے کسانوں کو پیغام بھی دے دیا۔

    بلاول نے علامہ اقبال کا شعرٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ

    ’’ جس کھیت سے دہقان کو میسر نہ ہو روزی
    اس کھیت کے ہر خوشہ گندم کو جلادو‘‘

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ احتجاج کرنےوالے کسان ہیں دہشت گرد نہیں، شریف خاندان دوسروں کے جمہوری حقوق کا احترام نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران خود کو بچانے کے لیےجمہوریت کے پیچھے چھپتے ہیں، شریف خاندان دوسروں کے جمہور ی حقوق کا خیال نہیں رکھتا ۔

    ایک اور ٹوئٹ میں بلاول نےکہا کہ واضح ہوگیا پنجاب میں جمہوریت نہیں، پنجاب شریفستان بن چکا ہے۔

    بھارت کی جنگی جارحیت کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ غیر ریاستی عناصر جو بھی کر رہے ہیں ،میڈ یا جو بھی چاہتا ہے اور سیاست دان جو بھی کہہ رہے ہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ بھارت اور پاکستان کے عوام امن چاہتے ہیں۔

  • بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات

    بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں حالیہ دورہ اسلام آباد اور وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں سندھ کے مسائل کی طرف توجہ دلانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو مون سون کے موسم کے دوارن اور امکانی سیلاب سے بچنے کے لیے تا حال اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

    سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں جاری بارشوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے انہوں نے اپنی ٹیم تیارکررکھی ہے۔

    بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ وہ خود میڈیا، پارٹی رہنماوٴں اور کارکنان کے ذریعے صورتحال کو مانیٹرکررہے ہیں، انہوں نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ الرٹ رہے کیونکہ حکومت سندھ کو بارش کے بعد سیلابی صورتحال سے بھی نمٹنا ہے اور پھر اس پانی کی سمندر میں نکاسی کو بھی یقینی بنانا ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے بارش کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر زور دیں تا کہ عوام کی تکالیف کم ہو سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہاتوں سے بارش کے پانی کی وقت پر نکاسی کی جائے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔

     

  • صرف ڈھائی سیٹوں کیلئےعمران بلاول نے زہریلی مہم چلائی، خواجہ سعد رفیق

    صرف ڈھائی سیٹوں کیلئےعمران بلاول نے زہریلی مہم چلائی، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان نے محض ڈھائی سیٹوں کے لیے آزاد کشمیر انتخابات میں زہریلی مہم چلائی۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں عوامی اجتماع سے خطاب میں کہی، خواجہ سعد رفیق نے کشمیر الیکشن میں ہارنے والی پارٹیوں کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے کہا کہ ہمیں کشمیر میں توقع سے زیادہ ووٹ ملے۔ بلاول اور عمران نے محض ڈھائی سیٹیں جیتنے کیلیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔

    وفاقی وزیر نے پی ٹی آئی چیئرمین اور رہنماؤں کے کالا چشمہ پہننے پر بھی جُملہ کستے ہوئے کہا کہ کالا چشمہ لگاؤ گے توسفید بھی سیاہ نظر آئے گا۔

    لاہور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر الیکشن کے نتائج پر مخالفین اور جمہوریت کے دشمنوں کو غور کرنا چاہئے، نتائج محمد نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق نے سیاسی مخالفین کو حکومت سے نمٹنے کے گر بھی سمجھائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے بنا اور جمہوریت پاکستان کی بنیاد میں شامل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ احتجاج کی باتیں کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا احتجاج اس بات پر کرو گے کہ مری ہوئی ریلوے زندہ ہوگئی ہے؟  کیا یہ ماتم کروگے کہ رینجرزآپریشن کے بعد کراچی کا امن واپس آرہا ہے؟

    انہوں نے کہا کہ صرف گالیاں دوگے، جھوٹ بولو گے تولوگ آپ کا ساتھ نہیں دینگے۔ خواجہ سعد تقریر کے دوران کسی ٹیچر کی طرح کارکنوں کو بیٹھنے اور خاموش ہونے کی تلقین بھی کرتے رہے۔

     

  • بلاول بھٹو کی کابل میں مظاہرے کے دوران خودکش دھماکوں کی مذمت

    بلاول بھٹو کی کابل میں مظاہرے کے دوران خودکش دھماکوں کی مذمت

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مظاہرے میں ہونے والے خودکش دھماکوں پر انتہائی افسوس اور صدمے کا اظہار کیا ہے، ان دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    جاری کردہ بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ دہشتگردی پوری دنیا میں امن کے لیے خطرہ بن رہی ہے، تمام اختلافات ایک طرف رکھ کر اس عفریت کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

    کابل میں مظاہرے کے دوران دو بم دھماکے 50 افراد ہلاک متعدد زخمی

    انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی خطرہ ہے، عالمی برادری کو اس کے خلاف متفقہ طور میدان میں اترنا چاہیے،بلاول بھٹو زرداری نے افغان قوم، خصوصاً حملوں کے متاثرین کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے،اور ان کے لیے دعا کی ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مظاہرے کے دوران 2 بم دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئےجبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

  • مسئلہ کشمیر : بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا

    مسئلہ کشمیر : بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا

    کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو خط لکھا ہے۔ ۔جس میں انہوں نے بھارتی مظالم کے خلاف اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

    بلاول بھٹو زرداری نے لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی انتہا ہو گئی ہے۔ افسوس عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول نہیں ہو رہی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ معصوم کشمیریوں کا واحد قصور حق خود ارادیت کا مطالبہ ہے۔ بھارت کو نہتے کشمیریوں کا حق سلب کرنے سے روکا جائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتا ہے، بلاول نے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں رائے شماری کرائی جائے۔ رائے شماری ہی اس مسئلہ کا واحد حل ہے۔

    بلاول بھٹو نے اس معاملے میں اقوام متحدہ اور اقوام عالم کی بے حسی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے بانکی مون سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

     

  • بلاول بھٹو زرداری نے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا

    بلاول بھٹو زرداری نے کوآرڈینیشن کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس طلب کر لیا

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہفتے کو پانچوں صوبائی کو آرڈی نیشن کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس بلاول ہاوٴس کراچی میں طلب کر لیا۔

    اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال کے ساتھ ساتھ سندھ،وسطی پنجاب،بلوچستان،خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں صوبے سے لے کر ضلع تک پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

    اجلاس میں ایم این اے اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور ، قمر الزمان کائرہ اور جہانگیر بدر خصوصی شرکت کریں گے۔

    سندھ سے نثار احمد کھوڑو، مراد علی شاہ، مولا بخش چانڈیو، نفیسہ شاہ، راشد حسین ربانی، جنوبی پنجاب سے یوسف رضا گیلانی، مخدوم احمد محمود، شوکت بسرا، نوازش علی پیرزادہ شریک ہوں گے۔

    وسطی پنجاب سے راجہ پرویز اشرف، ندیم افضل چن، چوہدری منظور، رانا فاروق احمد، ندیم کائرہ، خیبر پختونخوا سے رحیم داد خان،ہمایوں خان،نور عالم خان، سینیٹر روبینہ خالد، شازی خان اور بلوچستان سے سردار فتح محمد حسنی، سینیٹر صابر بلوچ، حاجی علی مدد جتک، سردار سربلند خان اور اعجاز بلوچ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

  • بلاول زرداری کے اہل خانہ کے ٹیکس پر بھی بات کی جائے، چوہدری نثار

    بلاول زرداری کے اہل خانہ کے ٹیکس پر بھی بات کی جائے، چوہدری نثار

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے اہل خانہ کی جائیداد پربات کیوں نہیں کی جاتی، انہوں نے بتایا کہ مشاورت کے بعد کراچی میں رینجرزکو اختیارات دیئے جائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری نثارعلی خان نے  پیپلز پارٹی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے والد اور دیگراہل خانہ نے کتنا ٹیکس ادا کیا ہے، وہ پہلے انکارکرتے رہے پھر برطانوی عدالت میں سرے محل تسلیم کرلیا۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول کے نام پر اربوں روپے کی پراپرٹی ہے لیکن ان کا کوئی ٹیکس ریٹرن نہیں۔ سابق حکمرانوں کی دبئی میں رہائشوں کا کوئی اکاؤنٹ نہیں۔ ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ کون کون لوگ کرپشن میں ملوث ہیں۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کی ایران میں سرگرمیوں کے بارے میں مزید معلومات مل گئیں۔ ایران نے کلبھوشن کی تمام تفصیلات فراہم کردی ہیں، کلبھوشن کےساتھی کی بھی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ افغان مہاجرین کے بارے میں فیصلہ وزیراعظم کی واپسی پر ان کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی موجودگی میں ہو گا۔

    چوہدری نثار نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے سوا کوئی بھی کراچی آپریشن کا کپتان نہیں ہو سکتا۔ رینجرز کو 30دن کیلئے کسی کو بھی حراست میں رکھنے کا اختیار دینے کے لئے مشاورت کر رہے ہیں۔ مشاورت کے بعد رینجرز کو اختیارات دینگے۔

     

  • سندھ میں لوڈ شیڈنگ ، نواز حکومت کی انتقامی کارروائی ہے، بلاول

    سندھ میں لوڈ شیڈنگ ، نواز حکومت کی انتقامی کارروائی ہے، بلاول

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوازحکومت بجلی کی لوڈشیدنگ کو سندھ کے عوام کے لیے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے، اس طرح کی پالیسیاں فیڈریشن کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

    بلاول ہاوٴس میں سینیٹر اسلام الدین شیخ، ایم پی اے اکرام اللہ دھاریجو اور ڈاکٹر بہادر ڈاہری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سکھر سے ٹھٹھہ تک اور کراچی سے تھر تک تقریباً پورے سندھ میں روزانہ 18سے 20گھنٹے کی طویل لوڈشیدنگ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑا رہنے کی سزا کی مصنوعی کوششیں ہیں۔

    سینیٹر اسلام الدین شیخ اور دیگر رہنماوٴں نے اپنے اپنے علاقوں کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی، انہوں نے اپنے علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کی شکایات پیش کیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے نواز حکومت کی عوام کے لیے متعصب پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی، ان کی قیادت اور کارکنان ایسی پالیسی کی شدید مخالفت کریں گے۔

  • قیام امن کیلئے جدید سہولیات سے استفادہ کیا جائے، بلاول بھٹو زرداری

    قیام امن کیلئے جدید سہولیات سے استفادہ کیا جائے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ پر زور دیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کو ایک محفوظ شہر بنانے کے لیے عام لوگوں کو اپنی شکایات اور معلومات باآسانی پہنچانے کے لیے جدید ٹیکنالاجی استعمال کی جائے۔

    بلاول بھٹو زرداری کو آج بلاول ہاوٴس میں ہونے والی میٹنگ میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، میٹنگ میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، چیف سیکریٹری، سیکریٹری داخلہ اور آئی جی سندھ نے شرکت کی۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ پولیس کے نظام کو مزید مضبوط بنانے اور کراچی کے باسیوں اور باہر سے یہاں آنے والے افرادکے لیے محفوظ شہر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالاجی اور کمیونیکیشن استعمال کی جائے،عام لوگوں کی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں تک بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ایس پی اور ڈی آئی جی سطح تک لوگوں کے لیے کھلے دروازے والی پالیسی اپنائی جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ ہر پندرہ دن پر میڈیا کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دیں اور عوام کو صوبائی حکومت کی جانب سے شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

    قبل ازیں میٹنگ میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ حالیہ امجد صابری کے قتل اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغوا کے واقعات کو چھوڑ کر اس سے پہلے صورتحال کافی بہتر رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ دیہات اور شہروں میں سنگین نوعیت کے جرائم اغوا برائے تاوان کا ریشو زیرو ہوگیا ہے،سندھ پولیس نے سانحہ سفورا، شکارپور اور جیکب آباد بم دھماکوں کے کیسز میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا ہے،اویس شاہ کے اغوا اور امجد صابری کے قتل کے واقعات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون اور رابطوں سے تفتیش جاری ہے۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سندھ پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی کارکردگی کو سرہاتے ہوئے زور دیا کہ امن کو تباہ کرنے والے ریاست دشمن عناصر اور مجرموں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے تمام سرکاری مشینری کو مل کر کام کرنا چاہیے۔