Tag: bilawal Bhtto zardari

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی موجودہ صورتحال پربریفنگ

    وزیر اعلیٰ سندھ کی بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی موجودہ صورتحال پربریفنگ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آج بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور حالیہ پیش ہونے والے بجٹ پر بریفنگ دی۔

    اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے زوردیا کہ امن امان کی صورتحال حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے اور سکیورٹی میں موجود کسی بھی خلا کو پر کیا جائے۔

    دہشت گرد عناصر کو روکنے کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید فعال بنایا جائے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورے ملک میں دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری ہے۔

    اس لیے قوال امجد صابری کے قتل اور اویس شاہ کے اغواء سمیت کراچی میں دہشتگردی کے واقعات امن امان کے حوالے سے معمولی نہیں۔

    اس موقع پر سید قائم علی شاہ نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے مناسب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی فنڈنگ صوبائی وسائل سے کی جا رہی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ کچھ وفاقی وزراء نیشنل ایکشن پلان کی ایک صوبے سے دوسرے صوبے کی سطح تک الگ تشریح کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ وفاقی وزراء سندھ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کوامن و امان کی صورتحال سے منسلک کرکے پیپلزپارٹی کی حکومت پر الزام لگا رہے ہیں، جبکہ دیگر صوبوں میں پیش آنے والے اس طرح کے مجرمانہ واقعات کودہشتگردی کے طور پر لیا جا رہا ہے۔

    سید قائم علی شاہ نے کہا کہ قانون کے نفاذ اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کی کمی کی وجہ سے صوبائی حکومت کو صورتحال کا سامنا کرنے میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت قانون نافذ کرنے والی مشینری کے تعاون سے دہشتگردی اور ان کے سرپرستوں کو شکست دینے کے لیے اپنے تمام وسائل استعمال کرے گی۔

     

  • امجد صابری کا قتل حکومتی رٹ کیلئے کھلا چیلینج ہے، بلاول بھٹو زرداری

    امجد صابری کا قتل حکومتی رٹ کیلئے کھلا چیلینج ہے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں دہشت گردوں کے حملے میں مشہور قوال امجد صابری کے قتل پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ واقعہ ریاستی اور حکومتی رٹ اور امن امان کے لیے کھلا چیلینج ہے.

    نامور قوال کے دن دہاڑے قتل کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے اویس شاہ کا اغواء اور امجد صابری کا قتل ایک گہری سازش کا حصہ ہیں کیونکہ دونوں واقعات میں دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں نے منظم انداز میں کارروائیاں کی ہیں.

    بلاول بھٹو زرداری نے صابری خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت اس واقعے میں ملوث مجرمان کو نہیں چھوڑے گی.

    انہوں نے امید ظاہر کی کہ پولیس اور دیگر سکیورٹی ایجنسیاں قاتلوں کو بے نقاب کرکے انہیں قانونی گرفت میں لائیں گی۔

     

  • پانامالیکس پر مشاورت اپوزیشن سے ہوگی حکومت سے نہیں، بلاول بھٹو

    پانامالیکس پر مشاورت اپوزیشن سے ہوگی حکومت سے نہیں، بلاول بھٹو

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت ٹی اوآرزنہ مان کردیگرآپشنزپرمجبور کررہی ہے، حکومت نہ مانی توڈٹ جائیں گے، حکومت کو بھاگنے نہیں دینگے۔

    تفصیلات کے مطابق پانامہ لیکس پر بنائی جانے والی پارلیمانی کمیٹی کی اہم بیٹھک آج ہورہی ہے، پانامہ لیکس کے ہنگامے سے نکلنے کیلئے حکومت کی ہر کوشش ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کا ساتھ نہ دینے کی ٹھان لی۔

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پانامالیکس پر مشاورت اپوزیشن سے ہوگی حکومت سے نہیں، اپوزیشن جوبھی فیصلہ کرے پیپلز پارٹی ہراول دستہ ہوگی۔

    بلاول بھٹو زرداری نے بھی دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حکومت ٹی اوآرزنہ مان کردیگرآپشنزپرمجبور کررہی ہے، ٹی او آرز پر حکومت نہ مانی توڈٹ جائیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان ٹی او آرز کی ناکامی پر پہلے ہی سڑکوں پر آنے کا اشارہ دے چکے ہیں اب بلاول بھٹو زرداری نے بھی حکومت کےلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

    حکومت آج نئی تجاویز لے کرآرہی ہے اوراپوزیشن کو رام کرنے کے لئےحکومتی ارکان خورشید شاہ کے گھٹنوں کو ہاتھ لگانے سے بھی دریغ نہیں کررہے۔

  • جُھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے، پرویز رشید

    جُھک کر ملنا میری تربیت میں شامل ہے، پرویز رشید

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ میں سب سے جھک کر ملتا ہوں بلاول بھٹو زرداری کو حق ہے کہ وہ اپنا تبصرہ کریں.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، پرویز رشید نے کہا کہ میرا اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا چیمبر بالکل ساتھ ساتھ ہے۔

    انہوں نے مجھے کھجوروں کا تحفہ بھیجا، جس کا شکریہ ادا کرنے ان کے پاس گیا اور ان سے جھک کر ملا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پر کوئی برا وقت نہیں بلکہ معمول کا وقت ہے۔

    پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ پاناما لیکس کا معاملہ سڑکوں پر لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان انتخابات جیتنے کی پوزیشن میں نہیں، اس لئے پہلے ہی دن سے سڑکوں پر آ کر اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : حکمران مشکل میں ہوں تو پاؤں، باہر نکل آئیں تو گلا پکڑتے ہیں،بلاول

    واضح رہے کہ خورشید شاہ اور پرویز رشید کی ملاقات کی ایک تصویر منظر عام پر آئی ہے جس میں پرویز رشید احتراماً خورشید شاہ کے پیروں کو ہاتھ لگا رہے ہیں ۔اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ برا وقت ہو تو پیروں کو ہاتھ لگا تے ہیں اور مشکل وقت نکل جائے تو گلے پر ہاتھ ڈالتے ہیں۔

     

  • پیپلزپارٹی ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتی ہے، بلاول بھٹو

    پیپلزپارٹی ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتی ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ لگتا ہے وفاقی بجٹ فیڈریشن کو توڑنے کے لئے بنایا گیا۔

    بلاول بھٹو نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ وفاقی بجٹ وفاق کو توڑنے کے مترادف ہے، پنجابستان کے لئے بنائے گئے ون یونٹ بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کی کوئی سمت نظر نہیں آرہی بجٹ کسان دوست ہے یا مزدور دوست یا پھر کیا صوبے اس بجٹ سے خوش ہیں۔

  • احتساب سے جمہوریت کونہیں تخت رائے ونڈ کوخطرہ ہے، بلاول بھٹو

    احتساب سے جمہوریت کونہیں تخت رائے ونڈ کوخطرہ ہے، بلاول بھٹو

    میرپورآزاد کشمیر: بلاول بھٹو زرداری نے مخصوص انداز میں مخالفین کو للکارتے ہوئے کہا کہ احتساب سے جمہوریت کو نہیں تخت رائیونڈ کو خطرہ ہے، احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں ہورہی ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری جلسہ گاہ آئے تو شاندار استقبال ہوا انہیں روایتی پگڑی پہنائی گئی، بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی صحت کے لیے خصوصی دعا کے کا اعلان بھی کیا۔

    پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تبدیلی نوٹوں سے نہیں ووٹوں سے آتی ہے، مودی کے یار پاکستان کو شریف کمپنی بنانا چاہتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہا کہ احتساب کے نام پر میرے والد کو کسی جرم کے ثابت نہ ہونے کے باوجود گیارہ سال جیل میں رکھا گیا، آج بھی احتساب کے نام پر پیپلز پارٹی کے خلاف انتقامی کارروائی جاری ہیں،سابق صدر کا ڈاکٹر آج بھی یرغمال ہے۔

    کشمیری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیرکےانتخابات عوام کی عزت اورکشمیرکامستقبل ہیں، کشمیر کے انتخابات کوئی عام انتخابات نہیں ہیں، ہمارا ہر اقدام عوام کی بہتری کے لیے ہوتا ہے، ہماراہرکام ملک وقوم کی ترقی کے لیے ہوتا ہے، ہمارا کسی سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب اگر آپ کا دامن صاف ہےتوعدالتوں سےکیوں بھاگتےہیں، آج آپ کوچارٹرآف ڈیمو کریسی یادآرہاہے، جب آپ وزیراعظم بنے تو چارٹرآف ڈیموکریسی بھلادیا تھا،یہ لوگ ہمیشہ دوسروں کےکندھوں پربندوق رکھ کرچلاتےہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے جارحانہ خطاب کے بعد پھر نعرہ لگا گئے، مودی کے یار کو ایک دھکا اور دو، انہوں نے کہا کہ احتساب نہ کیا گیا تو میرا نعرہ ہوگا کرپشن کے سردار کو ایک دھکا اور دو۔

    اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اور میر پورآزاد کمشیر کارشتہ بہت پرانا ہے، عوام سےدرخواست ہےکہ پی پی امیدوار کو کامیاب بنائیں، پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔

    فریال تالپور نے کہا کہ ترقی کے لیےذوالفقاربھٹو کے اصولوں پرکام کرنا ہوگا، آزاد کشمیرکے عوام پیپلزپارٹی کو کامیابی دلائیں، شہید بے نظیر بھٹو کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، آزاد کشمیر کے عوام کے لیے سب سے زیادہ کام پیپلزپارٹی نے کیا۔

  • سندھ ریزرو پولیس کے اہلکاروں کی برطرفی کا معاملہ حل کیا جائے،  بلاول بھٹو

    سندھ ریزرو پولیس کے اہلکاروں کی برطرفی کا معاملہ حل کیا جائے، بلاول بھٹو

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں سندھ ریزرو پولیس کے برطرف اہلکاروں کی جانب سے کئے گئے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں کیس ٹو کیس معاملے کا حل نکالا جائے۔

    بلاول ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے کبھی بھی کسی سے روزگار چھیننے کی شروعات یا اس کی حمایت نہیں کی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر مستحقین کو نوکریاں دینے کے پاداش میں آمروں اور ان کی باقیات نے سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سمیت پارٹی کی قیادت کوعدالتوں تک پہنچایا۔

    مزید پڑھیں: سندھ ریزرو پولیس کے1800اہلکاروں کی بھرتیاں جعلی قرار

    بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ ایک وزارتی کمیٹی بنائی جائے جو کیس ٹو کیس بنیاد پراس معاملے کا حل نکالے کیونکہ پاکستان پیپلزپارٹی کسی سے بھی تمام ضوابط اور میرٹ کی اہلیت کے بعد دی جانے والی نوکریاں چھیننے کی ذمے داری کبھی نہیں لے گی۔

    چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ جو بھی ضوابط کی خلاف ورزی اور غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث ہو اس کو قانونی گرفت میں لا کر سزا دینی چاہئیے لیکن جن غریب سپاہیوں نے میرٹ کے تمام تقاضے پورے کیے ہوں اور پھر جسمانی تربیت بھی حاصل کی ہو ان کو دوسروں کی سزا نہیں ملنی چاہیے۔

     

  • گیلانی اورراجہ پرویزکانام ای سی ایل میں رکھنا انتقامی کارروائی ہے، بلاول بھٹو

    گیلانی اورراجہ پرویزکانام ای سی ایل میں رکھنا انتقامی کارروائی ہے، بلاول بھٹو

    کراچی: پیپلزپارٹی کے دووزرائے اعظم کے نام ای سی ایل میں ہونے پربلاول بھٹو زرداری بھڑک اٹھے، کہتے ہیں اس طرح بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

    بلاول بھٹو زرداری حکومت پربرس پڑے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دووزرائے اعظم کے نام ای سی ایل میں رکھنا بلیک میلنگ ہے، بلاول بھٹو نے کہا کہ یوسف رضاگیلانی،پرویزاشرف کاای سی ایل میں نام سیاسی انتقام ہے، حکومت کواس پرشرم آنی چاہیے۔

    بلاول کا کہنا تھا حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے، ای سی ایل میں نام ڈال کربلیک میل نہیں کیاجاسکتا، پیپلزپارٹی کے دو سابق وزرائے اعظم کے ناموں کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجودگی کامعاملہ گذشتہ روزسامنےآیا۔

    وزارت داخلہ زرائع کے مطابق گیلانی اورراجہ پرویزکےنام نیب کی درخواست پرٖ ڈالےگئے تھے، چوہدری نثار نے ای سی ایل پرنظرثانی میں بھی دونوں کےنام نہیں نکالے۔

  • بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے استعفی مانگ لیا

    بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے استعفی مانگ لیا

    کوٹلی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زداری نے وزیر اعظم کا استعفی مانگ لیا، انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپکے دن گنے جاچکے ہیں.

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی آزاد کشمیر میں بلاول بھٹو زرداری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میرے لئے بہت خوشی کا دن ہے میں یہاں کشمیر کی سرزمین پر کھڑا ہوں، انہوں نے کہا کہ آج کا جلسہ شہید کشمیری بھائیوں کے نام کرتا ہوں.

    بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کشمیریوں کےساتھ ہونے والے جبر پر خاموش ہے.

    انہوں نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے جلسہ عام میں اس وقت کے وزیراعظم سے استعفی مانگا تھا، آج وہی مطالبہ آپ سےکرتا ہوں آپ استعفی دیں .

    پاناما لیکس پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایک وزیر کو جرمنی اور دوسرے کو امریکہ روانہ کردیتے ہیں اور بھر بھی چین نہیں آتا تو خود پاناما کے وزیر خزانہ کے پاؤں پکڑنے چلے جاتے ہیں.

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے بادشاہ سلامت کشمیر کونسل کے اربوں روپے کے فنڈز اپنے لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں.

    انہوں نے اورنج ٹرین کے منصوبے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ دنیاکا مہنگا ترین منصوبہ ہے جس میں 162 روپے خرچ کئے جارہے ہیں، کاش یہ پیشہ آزاد کشمیر ہر خرچ ہوتا، ساتھ ہی ان کا کہناتھا کہ کشمیر کو اسپیشل پیکچ دیا جائے.

     

  • پورٹ قاسم میں بر تھوں کی نجکاری روکی جائے، بلاول بھٹو زرداری

    پورٹ قاسم میں بر تھوں کی نجکاری روکی جائے، بلاول بھٹو زرداری

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پورٹ قاسم کے احتجاج کرنے والے ڈاک مزدوروں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے کہا ہے کہ پورٹ قاسم کی برتھوں کی نجکاری روکی جائے ۔

    پیپلزپارٹی مزدوروں کے جائز حقوق غصب کرنے کی اجازت نہیں دے گی، بلاول ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف حکومت مزدور طبقے سے ذریعہ معاش چھیننے پر تلی ہوئی ہے اور تمام منافع بخش اثاثے اپنی پارٹی کی بزنس برانچز کو بیچ رہی ہے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی نواز حکومت کی ان حرکتوں کو برداشت نہیں کرے گی اور مزدوروں کی جائز احتجاجی تحریک میں ان کے ساتھ رہے گی۔

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے لیبر اصلاحات کے ذریعے مزدور طبقے کے مفادات کا ہمیشہ تحفظ کیا ہے لیکن نواز شریف حکومت شاید مزید آف شور کمپنیاں کھولنے کے لیے منافع بخش ادارے ایک ہاتھ سے بیچ کر دوسرے ہاتھ سے خرید کر رہی ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے پورٹ قاسم کے ڈاک مزدوروں کو پارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ان کی جدوجہد میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر موجود فورم پر ان کے مسائل پر آواز اٹھائے گی۔