Tag: bilawal bhutto

  • لاڑکانہ میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرآب

    لاڑکانہ میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش، نشیبی علاقے زیرآب

    لاڑکانہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔

    سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ہونے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں موجود ہیں، بارش کے بعد بلدیاتی مشینری حرکت میں آگئی۔

    اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جمیل سومرو، میئر انور لہڑ اور ٹاؤن چیئرمین فیلڈ میں متحرک ہیں، جمیل سومرو اور انور لہڑ نے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

    رپورٹ کے مطابق بارش کے بعد شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں سے نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

    بلدیاتی عملے کو پانی کی فوری نکاسی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، جمیل سومرو کا کہنا تھا کہ صبح تک بارش کے پانی کی نکاسی مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے سسٹمز کی موجودگی سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں تیز بارشوں، آندھی اورژالہ باری کا امکان ہے۔

    این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

  • کامیاب سفارتکاری، بلاول بھٹو کو نشان پاکستان دیا جائے گا

    کامیاب سفارتکاری، بلاول بھٹو کو نشان پاکستان دیا جائے گا

    اسلام آباد(14 اگست 2025): کامیاب سفارکاری پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نشانِ پاکستان دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے خلاف انتہائی مؤثرانداز سے پاکستان کا موقف دنیا کے سامنے رکھنے پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو نشان امتیاز پاکستان کا ایوارڈ دیا جائے گا۔

    صدر مملکت آصف زرداری بلاول بھٹو  کو نشان امتیاز پاکستان کے ایوارڈ سے نوازیں گے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ تقریب کے لئے اسلام آباد میں موجود ہیں۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے دنیا بھر میں کٹھن ترین اوقات میں سے ایک میں بھارت کے خلاف انتہائی مؤثرانداز سے پاکستان کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے پاکستان کا مثبت چہرہ اور پیغام پہنچایا تھا۔

     چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 28 مئی کو غیر ملکی دورے پر روانہ ہوئے تھے۔ بلاول بھٹو نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ امریکا اور یورپ میں اہم ملاقاتیں کیں۔

  • ہمارے خطے میں بھی نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی ہے جسے ہم نے ہرا دیا، بلاول بھٹو

    ہمارے خطے میں بھی نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی ہے جسے ہم نے ہرا دیا، بلاول بھٹو

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیر اعظم کو نریندر مودی کو خطے میں نیتن یاہو کی سستی کاپی قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول نے کہا ’’ہمارے خطے میں بھی نیتن یاہو کی ایک سستی کاپی ہے، فخر ہے ہم نے نیتن یاہو کی سستی کاپی کو جنگ، سفارت کاری اور بیانیہ کی سطح پر ہرا دیا۔‘‘

    ایک اور جنگ لڑنی پڑے گی!


    انھوں نے کہا ’’ہم جہاں جہاں گئے پاکستان کا مؤقف پیش کیا، جہاں جہاں ہم گئے پیچھے پیچھے سستی کاپی کے نمائندے بھی پہنچے، جب تک خطے میں مستقل امن نہیں ہوگا یہ پاکستان اور بھارتی عوام کے مفاد میں نہیں۔‘‘

    بلاول بھٹو نے کہا اقوام متحدہ میں بھی پاکستان جیت چکا ہے، ہم واشنگٹن پہنچے وہاں اسرائیل کے بعد بھارت کی لابی ہے، ان لابیز نے پوری کوشش کی کہ پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچائیں، لیکن وہاں بھی بھارت ہارا، امریکی افواج کے رہنما نے کانگریس کمیٹی سے خطاب میں بھارتی بیانیے کو مسترد کیا۔


    پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کو ووٹ دینے کا فیصلہ کر لیا


    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا بھارت نے پانی روکنے کی دھمکی دی، خدانخواستہ اس نے پانی روکا تو ہمیں ایک اور جنگ لڑنا پڑے گی، بھارت ہمارے دریاؤں پر ڈیم بنانے کی کوشش کرتا ہے تو جنگ لڑنا پڑے گی، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ اگر ایسا ہوا تو جنگ ہوگی، اگر یہ جنگ ہوئی تو اس میں بھی بھارت کو شکست دیں گے، اورتمام دریاؤں سے پاکستان کے عوام کو پانی دلائیں گے۔

    بجٹ کو سپورٹ کا اعلان


    انھوں نے کہا حکومتی پالیسیوں سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے، مہنگائی کی شرح میں نمایاں بہتری آئی، بجٹ صرف اعداد و شمار کا نام نہیں ہے، پیپلز پارٹی وفاقی بجٹ کو سپورٹ کرے گی۔

    بلاول نے کہا پاکستان نے دفاع کے ساتھ تخفیف غربت کے لیے بھی بجٹ بڑھایا، پاکستان نے جنگ کی تیاری کرنی ہے اس لیے دفاعی بجٹ میں اضافہ ہوا، دوسری طرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی 20 فی صد اضافہ ہوا، ہم دفاعی بجٹ میں اضافہ تو کر رہے ہیں غریبوں کو بھی یاد رکھا ہے۔

    بانی پی ٹی آئی پر تنقید


    انھوں نے بانی پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’’جب کشمیر پر حملہ ہوا تو اُس وقت کے وزیر اعظم نے کہا میں کیا کروں، آپ کیا چاہتے ہیں بھارت پر حملہ کر دوں، اس بار جب کشمیر پر حملہ ہوا تو ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، بھارت مقبوضہ کشمیر کو اندرونی معاملہ کہہ رہا تھا آج عالمی معاملہ بن گیا ہے، اب بھارت نہیں کہہ رہا کہ کشمیر ہمارا اندرونی مسئلہ ہے۔‘‘

    فلور پر موجود پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ’’تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہے آپ کر سکتے ہیں، لیکن ہر چیز پر اپوزیشن کا ایک ہی مطالبہ ہوتا ہے قیدی کو رہا کرو، ہم کہتے ہیں دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہے یہ کہتے ہیں قیدی کو رہا کرو، ہم کہتے ہیں بھارت کے ساتھ جنگ کا ماحول ہے یہ کہتے ہیں قیدی کو رہا کرو، آپ اور آپ کے ووٹرز کا یہ مطالبہ ہوگا لیکن باقیوں کا نہیں، باقیوں کا مطالبہ ہے کہ قیدی جہاں ہے وہیں رکھیں۔‘‘

    ایران پر امریکی حملے کی مذمت


    انھوں نے کہا ہم ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جوہری تنصیبات پر بغیر کسی ثبوت مہنگا ترین حملہ کیا گیا اور ایرانی عوام کی زندگی کو داؤ پر لگایا گیا، اس سے خطے کی مشکلات بڑھی ہیں، اسرائیل امریکا کو جنگ میں دھکیل رہا ہے، امریکی عوام بھی اس چیز کے حامی نہیں۔ اس سے پہلے اسرائیل نے بھی جھوٹ کی بنیاد پر ایران پر حملہ کیا تھا، ایران کی خودمختاری کو کسی صورت چیلنج نہیں کرنا چاہیے۔

  • ’اب وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے‘

    ’اب وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے‘

    لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ اب وہ دن دور نہیں جب بلاول بھٹو پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے اٹک غریبوال میں بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ بلاول  واحد پاکستانی  لیڈر ہے جس نے دنیا میں جا کر مودی کو للکارا ہے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ دنیا بلاول بھٹو کی دلیری اور سنجیدگی سے متاثر ہوئی ہے، اب وہ دن دور نہیں جب بلاول پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی کوشش کی بدولت ہم آج ٹیکنالوجی کی جنگ جیتے ہیں، چین سے تعلقات کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی۔

    سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے

    واضح رہے کہ پاکستان کے اعلیٰ سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری امریکا اور یورپ کے دورے کے بعد گزشتہ دنوں رات واپس وطن پہنچیں ہیں، سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول زرداری نے امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین کا اہم دورہ  کیا، 11 دنوں میں 3 ممالک، 4 بڑے شہر اور 68 اہم سفارتی ملاقاتیں کیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا مؤقف امن، مسئلہ کشمیر، اور انڈس واٹر ٹریٹی پر مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے رکھا۔

  • سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے

    سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے

    برسلز: پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بریفنگ کے عالمی میڈیا میں چرچے ہو رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برسلز میں سربراہ پاکستانی سفارتی مشن بلاول بھٹو کی بریفنگ کو عالمی میڈیا میں خوب سراہا جا رہا ہے، رہنما گرین پارٹی اور سابق رکن یورپی پارلیمنٹ فرینک نے کہا کہ بلاول نے پاکستان کے مثبت چہرے کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔

    سکھ آرگنائزیشن کے صدر بندر سنگھ نے کہا بلاول بھٹو نے کشمیریوں کے ساتھ سکھ برادری کے مسائل کو بھی اجاگر کر کے سکھ برادری کے دل جیت لیے ہیں۔


    مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے، بلاول بھٹو


    سینئر جرنلسٹ آندرے باخ نے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور وژن کو سراہا۔ واضح رہے کہ برسلز میں یورپین تھنک ٹینک سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے، بھارت ڈھٹائی سے مقبوضہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ قرار دیتا چلا آ رہا ہے۔

    انھوں نے کہا اقوام متحدہ کی قراردادیں ثبوت ہیں مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں۔ کشمیر سے نظریں چرانے کی وجہ سے دہشت گردی کو تقویت ملتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی دہشت گردی کی آڑ میں بھارتی مسلمانوں کو بھی دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ ایک آدمی اپنے ملک کے لوگوں کو دہشت گرد کہتا ہے کیا یہ عقل کی بات ہے، مودی کی سوچ، بیانیہ اور اقدامات کسی صورت امن کے پیامبر نہیں، ہندوتوا انتہا پسندی کی وجہ سے بھی دہشت گردی جنم لے رہی ہے۔

  • بھارتی رہنماؤں کے بیانات امن کے نہیں جنگ کے ہیں، بلاول بھٹو

    بھارتی رہنماؤں کے بیانات امن کے نہیں جنگ کے ہیں، بلاول بھٹو

    لندن : پاکستانی سفارتی وفد کے سربراہ اور چیئرمیں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیز فائر کے باوجود بھارت کی طرف سے جو بیانات آرہے ہیں، وہ امن کے نہیں جنگ کے ہیں۔

    لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دنیا کا خیال تھا یہ سیز فائر ہے لیکن بھارت صدر ٹرمپ اور عالمی برادری کو اہمیت نہیں دینا چاہتا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں یہ بات عام ہے کہ انہیں پاکستانی فوج اور ایئرفورس کے ہاتھوں بڑی شکست ہوئی ہے، بھارت اپنی شکست کے اثرات زائل کرنے کے لیے جھوٹا بیانیہ بنارہا ہے۔

    بلاول بھٹو نے آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن کشمیر سے بھی ملاقات کی، میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم ہورہا ہے جنگ سے زیادہ نقصان کشمیر کا ہوتا ہے۔

    لندن سے نمائندہ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلاول بھٹو کی زیرقیادت پاکستانی سفارتی وفد کی جانب سے ویسٹ منسٹر میں آل پارٹی پارلیمانی گروپ کو بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ کا مقصد پاک بھارت کشیدگی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر کرنا تھا
    اس موقع پر اے پی پی جی برائے جموں و کشمیر کے چیئرمین عمران حسین نے وفد کا استقبال کیا۔

    وفد نے بریفنگ کے دوران بھارتی فوجی جارحیت، شہری علاقوں پر حملوں اور سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر اظہار تشویش کیا۔ پاکستانی سفارتی وفد کا کہنا تھا کہ بھارت کارویہ بین الاقوامی قوانین اور خطے کےامن کے لیے خطرہ ہے۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ جموں وکشمیر تنازع خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے،5اگست2019کے بھارتی اقدامات، آرٹیکل370کی منسوخی نے کشیدگی میں اضافہ کیا۔

    کشمیر میں آبادیاتی تبدیلی، اظہار رائے پر پابندی اور جبرعالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہے، پاکستانی سفارتی وفد نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل درآمدکی حمایت کرے۔

    پاکستانی سفارتی وفد نے کشمیریوں کے حقوق کیلئے آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی حمایت پر شکریہ ادا کیا، وفد نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پردوٹوک مؤقف اختیار کرتےے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    وفد میں شیری رحمان، حنا ربانی کھر، مصدق ملک، خرم دستگیر، فیصل سبزواری، بشریٰ انجم شامل ہیں۔
    سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور تہمینہ جنجوعہ بھی پاکستانی سفارتی وفد کاحصہ ہیں
    بریفنگ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹرمحمد فیصل بھی شریک ہوئے۔

  • پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اعلان جنگ کے مترادف ہوگا، بلاول بھٹو

    پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اعلان جنگ کے مترادف ہوگا، بلاول بھٹو

    لندن: سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد امریکا کا دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گیا ہے۔ جہاں غیر ملکی چینل کو ایک انٹرویو میں اُن کا کہنا تھا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اعلان جنگ کے مترادف ہوگا۔

    غیر ملکی ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جارحانہ رویے اور سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی پر شدید تحفظات ہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا، اور ایسا کوئی بھی اقدام عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا اعلان جنگ کے مترادف ہوگا، پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے اور ہمیشہ امن کے پیغام کا علمبردار رہا ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ تمام مسائل کا مستقل اور پائیدار حل مسئلہ کشمیر سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ سفارت کاری سے مسائل کے حل کی بات کی۔ لیکن پانی جیسے بنیادی انسانی حق پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

    اُنہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، لیکن خودمختاری، آبی حقوق اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ بندی کیلئے صدر ٹرمپ کے کردار کو سراہتے ہیں، بھارت نے آج تک نہیں بتایا کہ پہلگام واقعہ کس نے کیا اور کون لوگ تھے۔

    بلاول بھٹو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد امریکا کا دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گیا

    تمام مسائل کا حل کشمیر سے ہوکر ہی نکلتا ہے، بھارت مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن پھیلا رہا ہے، بانی پی ٹی آئی سے متعلق اُنہوں نے کہا کہ ان کا فیصلہ عدالتیں ہی کریں گی۔

  • بھارت سے تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، بلاول بھٹو

    بھارت سے تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، بلاول بھٹو

    واشنگٹن : پاکستان کے سفارتی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ملک ہے بھارت سے تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

    یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ بھارت سے تمام معاملات پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، بھارت کو اپنے طیارے گرنے کا اعتراف کرنے میں ایک ماہ کا وقت لگا۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، بھارتی حاضر سروس نیول آفیسر کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

    پاکستانی وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اب بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، 24کروڑ پاکستانیوں کا پانی روکنے کا اقدام کھلی جارحیت ہے، کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، بھارت اپنے عوام سمیت عالمی برادری سے جھوٹ بول رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مسلسل دھمکی آمیز رویہ اختیارکیے ہوئےہیں، پاکستان،بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا مسلسل جھوٹ بولتا رہا، دہشت گردی کا کسی مذہب یا ملک سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرملک ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا میں خود کو بطور واحد سیکیورٹی فراہم کنندہ پیش کیا، امریکی ٹیکس پیئرزکا پیسہ بھارتی معیشت، ملٹری انڈسٹریل کمپلیکس سبسیڈائز کرتا ہے، بھارت کو نام نہاد نیٹ سیکیورٹی پروائیڈر کے کردار کے نام پر امریکی ڈالر ملتے ہیں۔

    پاک بھارت جبگ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 5 روز کی جنگ نے بھارت کو بےنقاب کردیا، بھارت سیکیورٹی فراہم کنندہ نہیں بلکہ جنوبی ایشیا میں عدم تحفظ کا ذریعہ ہے۔

    اس نے جھوٹ کی بنیاد پرجنگ شروع کی اوراس میں بھی ناکامی کاسامنا کرنا پڑا، خطے کو نیٹ سیکیورٹی فراہم کرنے کادعویٰ کرنے والا بھارت اپنے طیاروں کو نہ بچا سکا۔

  • پاکستان کو 30 سیکنڈ میں فیصلہ کرنا تھا میزائل ایٹمی ہے یا نہیں: بلاول بھٹو کا امریکہ میں انٹرویو

    پاکستان کو 30 سیکنڈ میں فیصلہ کرنا تھا میزائل ایٹمی ہے یا نہیں: بلاول بھٹو کا امریکہ میں انٹرویو

    نیویارک: بلاول بھٹو زرداری نے امریکا میں ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان کو محض 30 سیکنڈ میں یہ فیصلہ کرنا تھا کہ بھارت نے ایٹمی حملہ کیا یا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلومبرگ کو انٹرویو میں کہا پاکستان کے پاس محض آدھا منٹ تھا یہ فیصلہ کرنے کے لیے کہ آیا بھارت کا چھوڑا ہوا میزائل ایٹمی ہے یا نہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے تنازع کے دوران ایٹمی صلاحیت والے سپر سونک میزائل استعمال کیے، فیصلہ کرنے کے لیے صرف 30 سیکنڈ ہوتے ہیں کہ میزائل ایٹمی ہے یا نہیں۔

    انھوں نے کہا بھارت کے اقدام نے دو ایٹمی طاقتوں میں جنگ کا خطرہ بڑھا دیا ہے، بھارت دہشت گرد حملوں کا ثبوت دیے بغیر جنگ کی مثال قائم کرنا چاہ رہا ہے، جس کے تحت پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کے لیے حوصلہ افزا کردار ادا کیا، وہ دونوں ملکوں کو جامع مذاکرات کی میز تک لانے کے لیے بھی فعال کردار ادا کریں، بلاول بھٹو نے سی پیک کی طرح پاک، بھارت اقتصادی راہداری کی تجویز بھی پیش کر دی۔


    آئندہ پاک بھارت کشیدگی میں عالمی رہنماؤں کو مداخلت کا موقع نہیں ملےگا، بلاول کا بلومبرگ کو انٹرویو


    پی پی چیئرمین نے کہا پاک بھارت بات چیت میں کشمیر کو مرکزی حیثیت حاصل ہونی چاہیے، پاکستان دہشت گردی پر بات چیت کے لیے تیار ہے، پونے 2 ارب لوگوں کی تقدیر غیر ریاستی عناصر کے رحم پر نہیں چھوڑی جا سکتی۔

    واضح رہے کہ پاکستانی سفارتی مشن کے وفد نے امریکا کا دورہ مکمل کر لیا ہے، جس میں نیویارک اور واشنگٹن میں اہم عالمی ملاقاتیں کی گئیں اور پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا گیا، نیویارک اور واشنگٹن کے تاریخی دورے میں پاکستان کا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا، وفد نے مسئلہ کشمیر، پانی اور جنوبی ایشیا میں امن پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

    بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطح وفد متحرک سفارتکاری کے ساتھ کامیاب رہا، وفد نے دنیا کو بتایا پاکستان امن، انصاف اور وقار کے ساتھ کھڑا ہے، وطن عزیز کی خاطر پاکستانی قیادت نے عیدالاضحیٰ بیرون ملک گزاری، قومی مفاد اور عالمی سفارت کاری کو ترجیح دی گئی۔

    پاکستانی وفد نے امریکی کانگریس کے اراکین، یو این، او آئی سی و دیگر سے تفصیلی ملاقاتیں کیں، دو طرفہ تعلقات، خطے میں کشیدگی، عالمی تعاون پر بات چیت کی گئی، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سچ اور سفارت کاری ہی اصل طاقت ہے۔

  • بھارت کا اصل مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا ہے، بلاول بھٹو

    بھارت کا اصل مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا ہے، بلاول بھٹو

    نیویارک : پاکستانی سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت کا اصل مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا ہے۔

    نیویارک میں چینی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی سر زمین پر بلااشتعال، غیرقانونی اور یکطرفہ حملے کیے، پاکستان عالمی برادری کی جنگ بندی میں کردار کو سراہتا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پائیدار امن صرف بات چیت اور سفارت کاری سے ہی ممکن ہے، پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے مگر اپنی خود مختاری کا مکمل دفاع کرے گا، بھارتی جارحیت نے خطے میں امن کو خطرے میں ڈال دیا۔

    ایک سوال کے جواب میں سفارتی مشن کے سربراہ نے کہا کہ جنگ نہیں، مذاکرات پاکستان کی ترجیح ہے، عالمی برادری جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار اور پرامن رویہ اپنایا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مستقل امن صرف باہمی احترام اور مذاکرات سے ہی ممکن ہے، وزیراعظم پاکستان نے پہلگام حملوں کے فوری بعد غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، پاکستان نے عالمی دنیا کو تحقیقات میں شامل ہونے کی دعوت بھی دی۔

    بھارت نے تحقیقات کی پیشکش مسترد کردی، ایک ماہ گزر گیا، بھارت حملے میں ملوث دہشت گردوں کی شناخت نہ کرسکا، آج تک بھارت کسی کو گرفتار نہ کر سکا، بھارت نے ثبوت دیئے بغیر پاکستان پر یکطرفہ حملے کیے۔

    پاکستان قانون اور انصاف کے اصولوں پر کھڑا ہے، عالمی برادری کو بھارت کے انکار کا نوٹس لینا چاہیے، دہشت گردی کی آڑ میں بھارت کا اصل مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا ہے، یکطرفہ کارروائیاں امن کیلئے خطرہ ہیں، تحقیقات ہی واحد راستہ ہے۔

    اگر بھارت مؤقف پر نظرثانی کرے تو غیرجانبدار فورم قائم کیا جاسکتا ہے، وزیرِاعظم کو ایسے فورم کے قیام پرقائل کیا جاسکتا ہے، فورم حالیہ اور دیگر دہشت گرد حملوں کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے، پاکستان کو بھارت کی دہشت گردی میں مداخلت پر طویل شکایات ہیں۔

    بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گرد گروہوں کی مدد کرتا ہے، دونوں ممالک کو فورم پر الزامات اور شواہد رکھ کر انصاف حاصل کرنا چاہیے، ایسا ادارہ قائم ہو جو مستقبل کے حملوں کو روکنے میں مدد دے۔

    ہم نہیں چاہتے کہ دہشت گردی کے بعد جنگ ہو، خاص طور پر دو ایٹمی ملکوں کے درمیان، ایسا فورم پاکستان صرف قبول ہی نہیں کرے گا بلکہ اس کا خواہشمند بھی ہے، مسئلہ کشمیر دہشت گردی کا بنیادی سبب ہے، اس کا حل ضروری ہے۔