Tag: Bilawal Bhutto Zardari

  • بلاول بھٹو زرداری میں ملک کو چلانے کی قابلیت موجود ہے، مراد علی شاہ

    بلاول بھٹو زرداری میں ملک کو چلانے کی قابلیت موجود ہے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری میں اس ملک کو چلانے کی قابلیت موجود ہے، پاکستان میں اتنی پوٹینشل ہے کہ ہم اپنے مسائل خود حل کرسکیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ اگر ٹیکس کلیکشن نہیں ہورہی تو یہ کام ہمیں دے دیں ہم میں یہ قابلیت ہےکرکے دکھائیں گے۔

    ، مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ  اللہ تعالیٰ مخالفین کو  عقل دے، پاکستان اور سندھ میں بہت پوٹینشل ہے، ہم نے ہی یو اے ای کو بنایا، ہم اپنے مسئلے خود حل کرسکتے ہیں، بیرون ملک جا کر ہم غلط سمجھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : پیپلزپارٹی وفاق میں بھی حکومت بنائے گی: مرادعلی شاہ

    ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری میں اس ملک کو چلانے کی قابلیت موجود ہے، ملک چلانے کیلئے بلاول بھٹو کے سوا کوئی نظرنہیں آتا، پاکستانی انجینئرز نے پوری دنیا میں اپنا لوہا منوایا، ہمارے ملک میں اتنی پوٹینشل ہے کہ اپنے مسئلے خود حل کرسکیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل  سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام نے سابق صدر آصف زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت پر بھروسہ کیا ہے، اس بار سندھ میں پہلے سے زیادہ ووٹ اور نشستیں لے کر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی ہے۔

  • بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں گندگی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا، صفائی کا آغاز

    بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں گندگی کی ویڈیو کا نوٹس لے لیا، صفائی کا آغاز

    لاڑکانہ : بلاول بھٹو نے کوثر مل محلے کی حالت زار کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صفائی ستھرائی کی ہدایات جاری کردیں، وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو کراچی طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دو وزرائے اعظم کے آبائی شہر لاڑکانہ کے رہائشی کی فریاد سن لی گئی، سوشل میڈیا پر لاڑکانہ کے علاقے کوثر مل کی حالت زار سے متعلق عبداللہ بھٹی نامی شخص کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چیئر مین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لے لیا، جس کے بعد میونسپل کارپوریشن نے ابلتے گٹروں کے باعث گلیوں میں پھیلنے والا سیوریج کا پانی صاف کردیا۔

    اس کے علاوہ کچرا اٹھانے کیلئے اقدامات کرتے ہوئے محلہ کوثر مل میں صفائی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، کچرہ اٹھانے کے کام کا جائزہ لینے کے لئے میئر لاڑکانہ اور ڈپٹی کمشنر نے علاقے کا دورہ کیا تاہم اہل علاقہ ابھی تک مطمئن نہیں اور ان کا کہنا ہے کہ گندگی کے خاتمے کے لئے جامع انتظامات کئے جائیں۔

    ذرائع کے مطابق محلہ کوثر مل کے مکینوں بلاول بھٹو زرداری کو کوثر مل اور لاڑکانہ کا دورہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ لاڑکانہ میں جس علاقے کی وڈیو دکھائی گئی یقیناً وہ اچھی نہیں ہے، سیوریج پمپ نہ چلانے کے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے مذکورہ علاقے کی گندگی کے خاتمے کے لئے محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کو کراچی طلب کرلیا ہے۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گزشتہ روز ایک نوجوان عبداللہ بھٹی نے محلہ کوثر مل میں ابلتے گٹروں کی ویڈیو بناکر شیئر کی تھی، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلاول بھٹو نے صفائی کی ہدایت کی تھی۔

  • اسلام آباد : بلاول بھٹو کا طیارہ رن وے سے اتر گیا، تمام مسافر محفوظ رہے

    اسلام آباد : بلاول بھٹو کا طیارہ رن وے سے اتر گیا، تمام مسافر محفوظ رہے

    اسلام آباد : بینظیر ایئرپورٹ پر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کا طیارہ رن وے سے اتر گیا، خوش قسمتی سے نجی طیارے میں سوار بلاول بھٹو محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بلاول بھٹو زرداری کے پرائیویٹ طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے، ان کا طیارہ پائلٹ سے بے قابو ہوکر رن وے پر کچے میں اتر گیا، تاہم نجی طیارے میں سوار بلاول بھٹو محفوظ رہے۔

    ریسکیو ٹیمیں فوری طور پرجائے وقوع پرطلب کرلی گئیں۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں چیئرمین پیپلز پارٹی اور طیارے میں سوار دیگر افراد محفوظ رہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو خیریت سے ان کے گھر روانہ کردیا گیا ہے، ایئر پورٹ انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردیں۔

    ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ طیارے کے ہائیڈرولک بریک فیل ہوگئے تھے جس کے باعث وہ رن وے سے پھسلا، طیارہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی ملکیت ہے، واقعے کے بعد بے نظیر ایئر پورٹ کا رن وے کچھ دیر کے لیے بند کردیا گیا۔

  • بلاول بھٹو زرداری نے ناقص کارکردگی پر سندھ کے وزراء کی سخت باز پرس کی

    بلاول بھٹو زرداری نے ناقص کارکردگی پر سندھ کے وزراء کی سخت باز پرس کی

    کراچی : بلاول بھٹو زرداری نے محکموں کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سات وزیروں سے سخت باز پرس کی، ان کا کہنا ہے کہ وزراء مجھے نتائج چاہئیں اس طرح کی بریفنگ پر یقین نہیں رکھتا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلاول بھٹو کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، سندھ کابینہ کے خصوصی اجلاس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران اجلاس بلاول بھٹو نے سندھ کابینہ کے سات وزراء کی سخت الفاظ میں سرزنش کی، بلاول بھٹو نے تعلیم، ثقافت، زراعت، ریونیو اور صحت کے محکموں کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کیا۔

    اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ، کچی آبادی اور محنت و افرادی قوت کے محکموں کے وزراء کی کارکردگی پر بھی عدم اعتماد کا کاظہار کیا، بلاول بھٹو نے اجلاس کے دوران کاغذات پر مشتمل بریفنگ دینے پر وزراء کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کاغذات پر مبنی بریفنگ فرضی ہے۔

    تعلیم کے شعبے میں کوئی اچھی معلومات نہیں مل رہی ہے، انہوں نے وزیرتعلیم سے سوال کیا کہ اب تک کتنے بند اسکولوں کو کھولا گیا اور کتنے بچے ان اسکولوں میں داخل ہوئے؟ تھر پارکر میں میڈیکل کالج کاقیام عمل میں لایاجائے، مجھے نتائج دیں اس طرح کی بریفنگ پر یقین نہیں رکھتا۔

    بلاول بھٹو نے وزیرصحت سے سوال کیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری دکھائی نہیں دے رہی، تھر میں بچے مررہے ہیں علاج کی سہولیات تو نہیں دی جارہی ہے، اب تک صحت کا کوئی نیا منصوبہ شروع کیوں نہیں کیا جاسکا ہے؟ صحت سٹی منصوبہ کراچی میں شروع کیا جائے۔

    اس کے علاوہ بلاول بھٹو نے سوال کیا کہ سیاحت کا میگا منصوبہ گورکھ ہل ہے اس کی تحقیقات نیب کیوں کررہا ہے ؟ ادارے تو اپنا کام کرتے رہیں گے، گورکھ ہل منصوبہ پر کام کیوں نہیں ہورہا؟ اس منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ تحت شروع کیا جائے۔

    پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ غریب لوگ تو کچی آبادیوں میں بستے ہیں ان کیلئے کیا کام کیا گیا؟ ہمیں ووٹ تو غریب لوگ دیتے ہیں ان غریبوں کیلئے کیا کام کیا گیا، مزدور پیپلز پارٹی کی پہچان ہیں،محکمہ محنت و افرادی قوت نے مزدوروں کیلئے کیا کام کیا؟

    ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی حالت ابتر ہے، زمینوں کے کھاتے تبدیل کئے جارہے ہیں، ہم ہاریوں کو ہاری کارڈ دینا چایتےہیں، محکمہ ریونیو کا کہیں کام نظر ہی نہیں آرہا ہے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ نے سفری سہولیات کیلئے کیامنصوبہ بندی کی ہے؟ اور سفری سہولیات کی ہدایات پر کیا عملدرآمد کیا گیا، وزراء مجھے اپنا کام دکھائیں اس طرح عہدوں پررہنا عوام پر بوجھ ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ شکایات عام ہیں کہ وزراء اپنے دفاتر میں نہیں بیٹھتے اور نہ ہی عوام سے ملتے ہیں، وزراء عوام سے تو دور کی بات ارکان اسمبلی سے بھی نہیں ملتے اور تو اور ارکان اسمبلی کا فون تک اٹینڈ نہیں کرتے، مجھےارکان اسمبلی نے وزراء کے خلاف کئی شکایاتیں کی ہیں۔

  • بلاول بھٹو زرداری کل سے ملک گیر دوروں کا آغاز کریں گے،  شیڈول جاری

    بلاول بھٹو زرداری کل سے ملک گیر دوروں کا آغاز کریں گے، شیڈول جاری

    کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کل سے ملک گیر دوروں کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وہ اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی کے بعد نوڈیرو جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کل اسلام آباد روانہ ہوں گے جہاں وہ چار دن قیام کے بعد پشاور روانہ ہوں گے، بلاول ہاؤس سے جاری شیڈول کے مطابق بلاول بھٹو نو سے گیارہ دسمبر تک پشاور میں قیام کریں گے اور پیپلز پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    بلاول بھٹو دورہ پشاور کے بعد واپس اسلام آباد پہنچیں گے اور اسلام آباد میں قیام کے بعد لاہور کا دورہ کریں گے، پی پی چیئرمین دورہ لاہور کے بعد واپس کراچی پہنچیں گے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں گرین لائن بس منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، بلاول بھٹو کی ہدایت

    پی پی ذرائع کے مطابق بعد ازاں چیئرمین پیپلزپارٹی 26 دسمبر کو نوڈیرو روانہ ہوں گے جہاں وہ 27 دسمبر کو اپنی والدہ بینظیر بھٹو کی برسی تقریب میں شرکت کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو سے آج پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشیدشاہ ،چوہدری منظور اور وزیر اعلی سندھ ملاقاتیں کریں گے۔

  • سانحہ کارساز، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا  شہداء کو خراج عقیدت پیش

    سانحہ کارساز، بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا شہداء کو خراج عقیدت پیش

    کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا سانحہ کارساز پر کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی جدوجہد میں خون کے دریا پار کیے جبکہ آصف زرداری نے کہا شہیدوں کی قربانیوں سے جمہوریت کاسورج طلوع ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی جدوجہد میں خون کے دریا پار کیے، بینظیر بھٹو سانحہ کارسازکے بعد جام شہادت تک دہشت گردی چیلنج کرتی رہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنے شہدا کو ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔

    پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے 18اکتوبر سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدجمہوریت کےروشن ستارےہیں، شہیدوں کی قربانیوں سے جمہوریت کاسورج طلوع ہوا، 11سال پہلے وطن دشمنوں نے کاروان جمہوریت پر حملہ کیا اور جیالوں نے جان کا نذرانہ دے کر شہید بینظیر بھٹو کا تحفظ کیا تھا۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے روشن ستاروں کی قربانی سےجمہوریت کی فتح ہوئی ، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی، 18 اکتوبر کو کراچی میں 30لاکھ عوام نے بینظیر بھٹو کے نظریے کی تائید کی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ قائداعظم،عوام کےپاکستان کوپرامن، جمہوری،باوقارملک بنائیں گے، پی پی نے1973کےآئین کوبحال، پارلیمنٹ کوبااختیاربنایا، صوبوں کوخودمختاری دی، کےپی،گلگت بلتستان کو پہچان دی۔

    سابق صدر کا کہنا تھا کہ آج جمہوریت خطرےمیں ہے جوقربانیوں کےبعدملی تھی ، عوام کی منتخب پارلیمنٹ کادفاع کرتے رہیں گے۔

    خیال رہے کہ سانحہ کارساز کو گیارہ سال گزر گئے ہیں ، بے نظیر بھٹو کی وطن واپسی پر پیپلزپارٹی کا قافلہ ایئرپورٹ سے بلاول ہاؤس کی جانب رواں دواں تھا کہ کارساز کے مقام پر ہونے والے دھماکوں سے ایک سو ستترافراد شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے گئے تھے۔

    پیپلز پارٹی کی جانب سے آج یادگار شہدا پر فاتحہ خوانی کی جائے گی۔

  • ضمنی انتخابات 2018: نتائج مکمل، پی ٹی آئی اورمسلم لیگ ن چارچارنشستوں پرکامیاب

    ضمنی انتخابات 2018: نتائج مکمل، پی ٹی آئی اورمسلم لیگ ن چارچارنشستوں پرکامیاب

    اسلام آباد: ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی 35 نشتوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج مکمل ہوچکے ہیں، تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کی چار چار نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے ملک کے مختلف 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں اور تاریخ میں پہلی بار سمندر پار پاکستانیوں نے آن لائن ووٹ کاسٹ کیا۔

    قومی اسمبلی کی نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

    صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

    قومی اسمبلی کے حلقے

    قومی اسمبلی کی 11نشستوں کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے 4،  تحریک انصاف کے 4،  مسلم لیگ ق 2 اور ایک نشست پر ایم ایم اے امیدوار کامیاب ہوئے۔

    این اے124لاہور 2سے مسلم لیگ ن کے شاہدخاقان عباسی، این اے56 سےمسلم لیگ ن کےسہیل خان، این اے 103 فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کےعلی گوہر بلوچ، این اے65 چکوال سے ق لیگ کےچوہدری سالک کامیاب اور این اے 69گجرات2 سے مسلم لیگ ق  کے مونس الہٰی نے میدان مارلیا۔ اسی طرح این اے53 پرپی ٹی آئی کے امیدوار علی نواز اعوان نےمیدان مارا اور این اے 243 پر پی ٹی آئی کےعالمگیر خان کامیاب قرار پائے۔

    این اے 65  ق لیگ کی کامیابی 

    این اے 65چکوال 2سے مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین نے 98ہزار 364 ووٹ لے میدان مار ا جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد یعقوب 34ہزار 811 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 124 شاہد خاقان عباسی کامیاب

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے این اے 124لاہور سے مسلم لیگ ن کے شاہدخاقان عباسی 75 ہزار 102 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے غلام محی الدین 30ہزار 115 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 153 پی ٹی آئی کامیاب 

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 سے پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان 56ہزار 664 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار وقار احمد نے 32ہزار 171 ووٹ حاصل کیے۔

    این اے 56 ن لیگ کو برتری

    این اے 56 اٹک سے مسلم لیگ ن کے امیدوارسہیل خان 25 ہزار 665 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ تحریک انصاف کے خرم علی خان 89 ہزار 709 ووٹز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 69 مونس الہٰی کامیاب 

    این اے 69گجرات2سے مسلم لیگ ق کے امیدوار مونس الہٰی 61 ہزار 763 ووٹ لے کر فاتح قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے عمران ظفر 19 ہزار 867 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    این اے 243 پی ٹی آئی کامیاب 

    کراچی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 کے 216 پولنگ اسٹیشنز سے عالمگیر خان محسود 35727 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ایم کیو ایم کے عامر چشتی 15ہزار 113 ووٹ حاصل کرسکے۔

     این اے  60پی ٹی آئی کو برتری

    این اے 60سے پی ٹی آئی کے راشد شفیق کامیاب قرار پائے، غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق راشد شفیق نے 44283ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل ن لیگ کے سجاد خان نے43839ووٹ حاصل کئے۔

    این اے 131 خواجہ سعد رفیق کامیاب 

    این اے 131کا معرکہ مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق نے اپنے نام کرلیا، غیرسرکاری اور غیرحتمی نتیجہ کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے60476ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کے ہمایوں اختر 50245ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے۔

    صوبائی نشستیں

     پنجاب اسمبلی : 

    پنجاب اسمبلی کی 11میں سے9 نشستوں کے موصول ہونے والے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے 3، مسلم لیگ ن کے 4جبکہ دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

    پی پی 261 رحیم یار خان سے تحریک انصاف کے فوازاحمد ، پی پی201سےپی ٹی آئی کےصمصام بخاری، پی پی272مظفرگڑھ سے پی ٹی آئی کی زہرہ بتول کامیاب قرار پائے، 

    جبکہ پی پی165لاہور سےمسلم لیگ ن کے سیف الملوک کھوکھر، پی پی 27 جہلم سے ن لیگ کے ناصر محمود،پی پی 164 سے ن لیگ کے سہیل شوکت بٹ،  پی پی 292 ڈیرہ غازی خان سے مسلم لیگ ن کے اویس لغاری نے کامیابی حاصل کی۔

    جبکہ آزاد امیدواروں میں سے پی پی 118 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آواز امیدوار بلال چوہدری فاتح قرار پائے اور پی پی222ملتان سے آزاد امیدوار قاسم عباس خان کامیاب ہوئے۔

    پی پی 118ٹوبہ ٹیک سنگھ سے آزادامیدوار چوہدری بلال اصغر 35 ہزار 230 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار اسد زمان 31ہزار 254 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پی پی201 ساہیوال سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے امیدوار صمصام بخاری 58280 ووٹ لیکرکامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے محمدطفیل نے 51662 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

    پی پی 3اٹک کے  پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی اورغیرسرکاری نتیجہ کے مطابق ن لیگ کے افتخاراحمد خان 43ہزار259ووٹ لے کرآگے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے محمد اکبرخان 43ہزار32ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

    خیبرپختونخواہ اسمبلی : 

    کے پی کے اسمبلی کی 9میں سے7نشستوں کےغیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 4، عوامی نیشنل پارٹی 2 اور مسلم لیگ ن 1 نشست پر کامیاب قرار پائی۔

    پی کے44صوابی 2 سے پی ٹی آئی کےعاقب اللہ، پی کے61 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے ابراہیم خٹک، پی کے 64 نوشہرہ سے پی ٹی آئی کے لیاقت خان، پی کے97 ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریک انصاف کے فیصل امین گنڈاپورکامیاب قرار پائے۔

    اسی طرح پی کے3سوات سے مسلم لیگ ن کے سردارخان، پی کے78 پشاور سے اےاین پی کی ثمربلور ، پی کے7 سوات سے عوامی نیشنل پارٹی کے وقار احمد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج میں کامیاب قرار پائے۔

    سندھ اسمبلی: 

    ضمنی انتخابات میں سندھ اسمبلی کی دونوں نشستیں پیپلز پارٹی نے جیت لیں ، ایک نشست پی ایس 30 خیر پور سے پرپیپلزپارٹی کے سید احمد رضا شاہ جیلانی فاتح قرار پائے جبکہ ان کے مدمقابل جی ڈی اے کے سید محرم علی شاہ دوسرے نمبر پر رہے۔

    دوسرے حلقے پی ایس 87 ملیر سے پیپلز پارٹی کے محمد ساجد فاتح قرار پائے ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے قادر بخش گبول دوسرے نمبر پررہے۔

    بلوچستان اسمبلی : 

    ضمنی انتخابات میں بلوچستان اسمبلی کی 2میں سے ایک پی بی 40 خصدار نشست پر غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے  امیدوار محمد اکبر کامیاب قرار پائے۔ محمد اکبر 23722ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ آزادامیدوار میرشفیق الرحمان 14312ووٹ لیکردوسرے نمبرپررہے۔

     دوسرے حلقے پی بی 35 مستونگ میں آزاد امیدوار اسلم خان رئیسانی قرار پائے جبکہ بی این پی کے سردار نور احمد دوسرے نمبر پر رہے۔

    ابتدائی نتائج

    اے آر وائی کو نتائج موصول ہونا شروع ہوگئے۔ پہلا نتیجہ خیبرپختونخواہ کے صوبائی حلقے پی کے 3کے ایک پولنگ اسٹیشن کا غیرسرکاری نتیجہ موصول ہوا ہے۔ پی کے3 پولنگ اسٹیشن لنگر میں 2 ووٹ کاسٹ ہوئے،  پی ٹی آئی کےساجدعلی اورن لیگ کے سردارخان کوایک ایک ووٹ ملا۔


    پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی، الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کے دوران پنجاب سے 19، خیبرپختونخواہ سے 2 اور سمندرپار پاکستانیوں کی ووٹنگ کے حوالے سے 3 شکایات موصول ہوئیں جبکہ بلوچستان اور سندھ سے کوئی شکایات نہیں ملی۔

    الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ کل 5 ہزار 881 سمندر پار پاکستانیوں نے ووٹ کاسٹ کیا، جن میں سے 4 ہزار864 اوورسیز پاکستانیوں نےقومی اسمبلی جبکہ 1071 نے صوبائی نشستوں کےلیےووٹ کاسٹ کیا، مجموعی طور پر 80 فیصد لوگوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    ضمنی انتخابات میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوجی جوان جبکہ ایک لاکھ سے زائد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسیٹیشن کے اندر و باہر تعینات رہے، پولنگ کے دوران کسی قسم کاکوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیکیورٹی اسٹاف کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا ہے جس کے مطابق سیکیورٹی اسٹاف، پریذائیڈنگ افسرآراوز کے ماتحت ہوں گے۔

     

  • ملک جادو سے نہیں چلتا، دھرنے اورحکومت کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے، بلاول بھٹو

    ملک جادو سے نہیں چلتا، دھرنے اورحکومت کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملکی معیشت چندے، سیاست، گالی اور نہ ہی ملک جادو سے چل سکتا ہے، دھرنا دینے اور حکومت کرنے میں بہت فرق ہوتاہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سو دن کا پلان دیا تھا مگر بجٹ میں کہیں نظر نہیں آیا۔

    ضمنی بجٹ میں حکومت کا سو روزہ ترقیاتی پلان کہاں ہے؟ نئے پاکستان کے خواب دکھا کر پرانا بجٹ پیش کیا گیا، نئے پاکستان کے نئے بجٹ سے بہت سی امیدیں تھی، بجٹ پیش کرنا کسی بھی حکومت کے لیے آسان نہیں۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ غریب کسان پس رہا ہے مگر بجٹ میں کچھ نہیں رکھا گیا، گیس اور بجلی کی قیمتوں کو بڑھا دیا گیا صرف غریب متاثر ہوا، بجٹ میں حکومت کے اپنوں وعدوں سے متعلق ایک لائن بھی نہیں، ملکی معیشت چندے، سیاست گالی اورملک جادو سےنہیں چل سکتا۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ دھرنا دینے اور حکومت کرنے میں بہت فرق ہوتاہے، یہ پارلیمان ہے کنٹینر نہیں، آپ نے سنجیدہ سیاست کرنی ہے، سنجیدہ پالیسی میکنگ کرنی ہے، مشکل فیصلے لینے اور ان پر قائم بھی رہنا ہے۔

    ہم ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب سے وزارت ملی ہے جنوبی پنجاب والے نے نئے صوبے کا نام تک نہ لیا۔

  • غیر ذمہ دارانہ بیان، بلاول بھٹو کی سہیل انور سیال کو سخت وارننگ

    غیر ذمہ دارانہ بیان، بلاول بھٹو کی سہیل انور سیال کو سخت وارننگ

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سہیل انور سیال کے غیر ذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں سخت وارننگ دے دی۔

    ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے غیر ذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے سہیل انور سیال کی سخت سرزنش کی اور ناراضی کا اظہار بھی کیا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے رکن سندھ اسمبلی کو سخت وارننگ بھی دی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہندوستان سے آنے والوں کو ہم پال رہے ہیں، ان لوگوں کو ہم نے گھر، زمینیں اور اناج دے کر پناہ فراہم کی‘۔

    مزید پڑھیں: سہیل انورسیال کی مہاجروں سے متعلق اشتعال انگیز تقریر

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں جن کو پناہ دی گئی ، آج وہ ہی اس کے خلاف باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے ایم کیو ایم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے بھگوڑے لیڈر نے بھارت جاکر پاکستان کے خلاف تقریریں کیں اور ملک کے قیام کو سازش قرار دیا، ایسے تمام لوگ پہلے خود کو پاکستانی اورسندھی تسلیم کریں پھر ہم پر تنقید کریں۔

    پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ جو یہاں رہ کر کھاتا ہے وہ مہاجر نہیں بلکہ سندھی ہے، اگر کوئی صوبے کو توڑنے یا کالا باغ ڈیم کی بات کرتے گا تو ہم مرنا مرانا اچھی طرح جانتے ہیں۔

    بعد ازاں ایم کیو ایم ، پاک سرزمین پارٹی اور تحریک انصاف کے اراکین نے سہیل انور سیال کی تقریر پر مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا تھا جبکہ متحدہ کے سابق کنونیئر ڈاکٹر فاروق ستار نے معافی کا مطالبہ بھی رکھا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: اردوبولنے والوں کےخلاف نہیں، کل جوبیان دیا تھا آج بھی اس پر قائم ہوں،سہیل انورسیال

    سابق وزیرداخلہ سندھ کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی احتجاج کیا اور بلاول بھٹو سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    آج سندھ اسمبلی میں ہونے والے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دیے گئے اپنے بیان پر قائم ہوں، میں کسی اردو بولنے والے کے خلاف نہیں البتہ جو سندھ توڑنے کی بات کرے گا ہم ہمیشہ سے اُس کے خلاف رہے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کل اُس سوچ کیخلاف بیان دیا تھا جو 12مئی کے پیچھے کھڑی ہے، میری تقریر ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی محمد حسین کے بعد کی انہوں نے جو باتیں کیں اُس کا جواب دینا ضروری سمجھتا تھا۔