Tag: bilawal bhutto

  • حادثاتی چیئرمین دکھڑا والد کا سناتے ہیں، دھمکیاں ہمیں دیتے ہیں، مراد سعید

    حادثاتی چیئرمین دکھڑا والد کا سناتے ہیں، دھمکیاں ہمیں دیتے ہیں، مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حادثاتی چیئرمین دکھڑا والد کا سناتے ہیں اور دھمکیاں ہمیں دیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹو کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ والد کو گاجریں کھاتے ہوئے سوچنا چاہئے تھا کبھی نہ کبھی پیٹ میں درد ہوگا۔

    مراد سعید نے کہا کہ بلاول کے والد کو سوچنا چاہئے تھا جرم میں ان کے شراکت دار نواز کو تاحیات اقتدار میں نہیں رہنا، باپ بیٹا لوٹ مار کا حساب نہیں دے پارہے ہیں تو اس میں حکومت کا کیا قصور ہے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کو عوام نے ووٹ ہی ان سے جواب مانگنے کے لیے دیا تھا، باپ بیٹا چوری سے باز نہیں آئے تو ہم حساب مانگنے سے کیوں باز آئیں۔

    انہوں نے کہا کہ حادثای چیئرمین جان لیں جب عوام میں شعور آتا ہے تو لاڑکانہ ہاتھ سے جاتا ہے، جب زیادہ شعور آتا ہے تو سندھ بھی خطرے میں پڑ جاتا ہے۔

    مراد سعید نے کہا کہ مولانا کی شرارتیں کام آئیں گی نہ آپ کے واویلوں سے کچھ ہوگا، قومی خزانے سے چرائی دولت واپس کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جھوٹی تنقید یا الزام تراشی کے کسی حربے سے مرعوب ہوئے نہ ہوں گے، اگلی باری انشا اللہ سندھ سے بھی اس کرپٹ ٹولے کو الوداع کہیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

  • بھٹو کو زندہ رکھتے رکھتے سندھ کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

    بھٹو کو زندہ رکھتے رکھتے سندھ کے بچے بھوک سے مر رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھٹو کو زندہ رکھتے رکھتے سندھ کے بچے بھوک سے مررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ رہبر کمیٹی میں بیٹھے لوگوں کی ڈوریاں جیل سے ہلائی جارہی ہیں، اپنے بچے پاکستان آنا نہیں چاہتے ہیں دوسروں کے بچوں کو آزادی مارچ میں استعمال کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورت حال بدترین ہے، بلاول بھٹو کو عمران خان سے ذاتی عناد ہے، سندھ کے عوام بھوک اور افلاس سے دم توڑ رہے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا نے اپنی بس میں پیپلزپارٹی کو پچھلی سیٹ پر بٹھایا ہے، قومی جماعت پیپلزپارٹی اب مولانا کے تانگے سے لٹکی ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کراچی کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، فردوس عاشق اعوان

    انہوں نے کہا کہ بلاول کو یقین نہیں آرہا ہے کہ لاڑکانہ میں بھٹو کا خاتمہ ہوگیا ہے، پی پی کے پاس اپنے بچوں کے لیے ثبوت ہیں تو عدالتوں میں پیش کریں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ پوری قوم 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منائے گی، حکومت مولانا کے سیاسی ہتھکنڈوں سے غافل نہیں ہے، مولانا اپنے ذاتی مقاصد کے لیے مدرسے کے بچوں کو استعمال کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ذاتی مقاصد کے لیے مدرسے کے بچوں کو اپنی سیاست کا ایندھن نہیں بنانا چاہئے، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو خود رہبری کی ضرورت ہے۔

  • آج تک بینظیر کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا: بلاول بھٹو

    آج تک بینظیر کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں آج تک بینظیر کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا، پیپلز پارٹی کو معاشی، انسانی اور جمہوریت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 1973 کے آئین اور 18 ویں ترمیم کے لیے کارکنان نے قربانی دی، ہمیں آج تک بینظیر کیس میں بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسے منصوبے لائی جو غریب کے لیے ہیں، صوبے کے حقوق اور وسائل سلب کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ یہ لوگ سندھ کے دارالحکومت پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو معاشی، انسانی اور جمہوریت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہم آواز نہیں بنیں گے تو ملک دشمن آپ کے حقوق سلب کرتے رہیں گے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسی ہمیشہ غریب دوست ہوتی ہے، عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہے۔ یہ حکومت کسی کو نہیں چھوڑ رہی، پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ ہر ادارے سے نوجوانوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں جلسہ کریں گے، کراچی کے بعد تھر پارکر میں جلسہ کریں گے۔ تھر پارکر سے پنجاب اور پھر پختونخواہ میں بھی جلسہ کریں گے۔ ہم نے مل کر عام آدمی کی حکومت بنانی ہے جو عوام کا خیال رکھے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کو الیکشن ہے آپ سب نکلیں گے اور ہم جیتیں گے، 18 اکتوبر سے عوامی جدوجہد کا سفر شروع ہوگا۔ پورے پاکستان میں آپ کا پیغام لے کر جائیں گے۔ عوام اپنے معاشی اور جمہوری حقوق پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ میں یقین سے کہتا ہوں ہم عوامی مسائل حل کر سکتے ہیں۔

  • اربوں کے فنڈز کے باوجود لاڑکانہ میں مسائل کا انبار، بلاول نے نوٹس لے لیا

    اربوں کے فنڈز کے باوجود لاڑکانہ میں مسائل کا انبار، بلاول نے نوٹس لے لیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں جگہ جگہ مسائل کے انبار کے باعث پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جگہ جگہ کارکنان کے رد عمل کا سامنا کرنا پڑگیا، بلاول بھٹو نے لاڑکانہ کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنے آبائی حلقے لاڑکانہ کی ابتر صورتحال کا نوٹس لے لیا۔ لاڑکانہ میں اربوں کے ترقیاتی فنڈز اور پیپلز پارٹی کے 11 سالہ اقتدار کے بعد مسائل کے انبار دکھائی دے رہے ہیں۔

    لاڑکانہ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی امیدوار کو جگہ جگہ کارکنان کے رد عمل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ لاڑکانہ کے عمائدین اور سینئر کارکنان نے پارٹی رہنماؤں کی شکایات کیں تھیں جس کے بعد بلاول بھٹو نے 11 سال میں لاڑکانہ کے لیے جاری فنڈز کی تحقیقات کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے لاڑکانہ کے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ خرد برد پر بھی شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اینٹی کرپشن سہیل سیال کو بے ضابطگیوں کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

    بالول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ کو مسائل کا شکار کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا، لاڑکانہ کے مسائل کے حل کی براہ راست نگرانی کروں گا۔

    پارٹی چیئرمین پی ایس 11 ضمنی الیکشن کے لیے بذات خود 12 اکتوبر کو لاڑکانہ پہنچیں گے اور عمائدین سے ملاقاتیں کریں گے۔

  • پیپلز پارٹی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو: بلاول بھٹو

    پیپلز پارٹی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو، ہم ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے والد آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک سال گزر گیا ہے صرف ایک ریفرنس فائل ہوا، اس ریفرنس میں بھی صرف ڈیڑھ کروڑ کا الزام ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ابھی تک ریفرنس میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، جھوٹے الزام لگا کر دباؤ میں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ آصف زرداری نے پہلے بھی بغیر کسی جرم کے ساڑھے 11 سال جیل کاٹی۔ آصف زرداری اب بھی جیلیں کاٹنے کو تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 1973 کے آئین اور 18 ویں ترمیم پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پیپلز پارٹی کو صوبے کے عوام کی خدمت نہیں کرنے دی جارہی۔ حکومت نے نوجوانوں کو بے روزگار کردیا مگر ایک نوکری نہیں دی۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ ہم ان کا ظلم برداشت کرنے کو تیار ہیں مگر سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر ادارے کو اپنا کام کرنا پڑے گا۔ ہر ادارہ اپنا کام کرے گا تو ہم عوام کے مسائل حل کر پائیں گے۔ پارلیمان میں عوامی مسائل پر بات نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمٰن کی کس حد تک مدد کر سکتے ہیں پارٹی اجلاس بلایا ہے۔ اکتوبر کے بعد ہم جنوبی پنجاب میں عوام سے رابطے کریں گے ۔ معاشی بحران کا مقابلہ کرنا ہے تو پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوریت کو نقصان ہو، اپوزیشن جماعتوں کے پاس سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔

  • وزیر اعظم نے اچھا خطاب کیا، مگر کشمیرپر زیادہ زوردینا چاہیے تھا: بلاول بھٹو زرداری

    وزیر اعظم نے اچھا خطاب کیا، مگر کشمیرپر زیادہ زوردینا چاہیے تھا: بلاول بھٹو زرداری

    جاتلاں: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا اقوام متحدہ میں خطاب شاید اچھا تھا، البتہ انھیں کشمیرپراقوام متحدہ میں زیادہ زوردینا چاہیے تھا.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ جاتلاں کے علاقے موراں ککری کے دورے کے موقع پر کیا. انھوں نے ڈی ایچ کیواسپتال میں زلزلے سے متاثرہ افراد کی عیادت کی.

    انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیرحکومت زلزلہ متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے کام کر رہی ہے، البتہ درخواست کرتا ہوں کہ زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی رقم کو بڑھایا جائے، پیپلزپارٹی بھی زلزلہ متاثرین کوریلیف کے لئے کام کرے گی.

    انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کا بنیادی حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، کشمیری رہنماؤں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں.

    پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیرپرتوجہ دے، زلزلہ متاثرین کا دکھ بانٹنے کے لئے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں آئے ہیں، مقبوضہ کشمیرپربھارت کی جانب سے تاریخی حملہ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیری 50 دن سے زائد کرفیو کا شکاراورجیل میں ہیں، دنیا کو معلوم ہی نہیں کشمیرمیں کتنے افراد کو شہید کیا گیا، معلومات ہی نہیں مل رہی کتنے کشمیریوں کو گرفتارکیا گیا ہے، پیپلزپارٹی ہمیشہ کشمیریوں کےساتھ کھڑی ہوتی ہے.

    ہم چاہتے تھے کہ کشمیرسےمتعلق ایک اتحاد کا مظاہرہ کیاجائے، ذوالفقاربھٹونے اقتدارمیں آتے ہی کشمیرسے متعلق 10 غیر ملکی دورے کیے، وزیراعظم کشمیرسےمتعلق صرف اقوام متحدہ گئے.قدرتی آفات کے بعدعوام کا خیال رکھنا وفاق کی ذمہ داری ہے.

    مولانا فضل الرحمان کے دھرنےکی سیاسی اور اخلاقی حمایت کا اعلان کیا تھا، حکومت کی معاشی کارکردگی کی وجہ سے عوام پریشان ہیں.

  • بلاول اور شہباز  ملاقات ، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

    بلاول اور شہباز ملاقات ، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق

    اسلام آباد : قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائشگاہ پہنچے ، جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی ، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آزادی مارچ پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف،شیری رحمان ، نیئر بخاری،نویدقمر،فرحت اللہ بابر،مصطفی نواز شریک تھے جبکہ ن لیگ کی جانب سے راجہ ظفر الحق، رانا تنویر حسین، امیر مقام نے شرکت کی۔

    دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

    یاد رہے گذشتہ قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں مولانا فضل الرحمن کے اکتوبر میں اعلان کردہ آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اجلاس مین نواز شریف سمیت دیگر اسیر رہنماؤں کی رہائی کیلئے مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

  • کراچی کی طرف آنکھیں دکھائیں گےتوآنکھیں نکال لیں گے، بلاول بھٹو

    کراچی کی طرف آنکھیں دکھائیں گےتوآنکھیں نکال لیں گے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجنے کیلئےعوام ہر قدم اٹھانے کوتیار ہیں، کراچی کی طرف آنکھیں دکھائیں گےتوآنکھیں نکال لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدالتی نظام ویساہی ہےجیسامشرف دورمیں تھا، بغیرثبوت اور شواہد کسی کو بھی حراست میں لیاجاسکتاہے، سابق صدر کیساتھ ایسا سلوک ہوسکتاہے تو سوچیں عام شہری کیساتھ کیاہوگا، کیا عام شہریوں کو انصاف مل سکتا ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عدالت نے ذوالفقارعلی بھٹو کاجوڈیشل قتل قراردیاتھا، پیپلزپارٹی کی جمہوری جدوجہد جاری رہے گی، ہم اصولوں اور اپنے نظریے  پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا آصف زرداری ساڑھے11 سال جیل میں رہ چکےہیں، جیلیں پیپلزپارٹی اورآصف زرداری کیلئے نئی نہیں، سیاسی مخالفین کو صرف الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بیمار ضرور ہیں لیکن ان کا حوصلہ بلندہے،ب پیپلزپارٹی اقتدارمیں آتی ہے تو امیروں کو خوش نہیں کرتی، غریبوں کو خوش کرتی ہے ، عوام تنگ آچکے ہیں اور سڑکوں پر نکلنے کو تیار ہیں، کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجنے کے لئے عوام ہر قدم اٹھانے کو تیار ہیں۔

    پی پی چیئرمین نے کہا گرفتاریوں سے اپوزیشن کو دبانے کی مذمت کرتے ہیں، چمن دھماکے پر بہت جلد فضل الرحمان صاحب کے پاس تعزیت کے لیے جاؤں گا، ہمارا  پروگرام چل رہاہے ، عوام سے رابطہ کرکے بتا رہے ہیں، رابطہ مہم مضبوط بنانے کیلئے ن لیگ و دیگر جماعتوں سے بھی ملیں گے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کی کوشش تاریخی حملہ ہے، سوال یہ اٹھتا ہے کیا کسی اور وزیراعظم کے دور پر کشمیر پر حملہ ہوا،  تاریخی حملے کے بعد حکو مت نے کیا غیر معمولی قدم اٹھایا ہے، ہمیں امید تھی کہ وزیراعظم کی پوری تقریرمسئلہ کشمیر پر ہوتی۔

    انھوں نے کہا کہ  پیپلزپارٹی جمہوریت اور انسانیت سے پیچھے نہیں ہٹ سکتی، ہم ڈیل نہیں کریں گے ہم لڑنا جانتے ہیں، ایک صوبے کے منتخب وزیراعلیٰ کو گرفتار کرنا ہے تو کرلیں، وزیراعلیٰ سندھ کو گرفتار کیا جاتا ہے تو پیپلزپارٹی بھی جواب دے گی۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ  عالمی طور پر پرامن شہروں میں کراچی کا شمار کیوں ہوتا ہے؟ کراچی کی طرف آنکھیں دکھائیں گے تو آنکھیں نکال لیں گے۔

  • بلاول بھٹو لسانی فسادات کرانے کی کوشش کررہے ہیں: ایم کیوایم پاکستان

    بلاول بھٹو لسانی فسادات کرانے کی کوشش کررہے ہیں: ایم کیوایم پاکستان

    کراچی: حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے بلاول پر لسانی فسادات کروانے کا الزام عاید کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق بلاول کے سندھ دیش سے متعلق متنازع بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ بلاول اپنے پیشرؤں کی طرح سندھ کارڈ استعمال کر رہے ہیں.

    ایم کیوایم پاکستان کے مطابق آرٹیکل 149 کی ذیلی شق 4 آئین سے ماورا نہیں، آرٹیکل 149 اس آئین کا حصہ ہے، جو پاکستان میں نافذ ہے.

    محب وطن سیاسی جماعتیں بلاول کی گفتگو کا نوٹس لیں، جب بھی تبدیلی کی بات آتی ہے، پی پی پریشان ہوجاتی ہے. ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ اختیار جوآئین نے دیا وہ استعمال کیا جائے، اسی میں کراچی کی بہتری ہے.

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو حکومت کی مخالفت میں ملک توڑنے کی باتیں کرنے لگے

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اور پی پی پی 2008 سے 2013 تک سندھ میں اتحادی رہی تھیں، اس عرصے میں صوبے میں بدترین لسانی فسادات ہوئے. آنے والے پانچ برس ایم کیو ایم حکومت سے دور رہی.

    2018 کے انتخابات میں ایم کیو ایم کو اپنے گڑھ میں شدت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا. پی ٹی آئی نے بیش تر سیٹوں پر کامیاب حاصل کی تھی.

  • "اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے”: بلاول بھٹو کے اعلان پر فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

    "اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے”: بلاول بھٹو کے اعلان پر فردوس عاشق اعوان کا ردعمل

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بلاول چاہتے ہیں کہ دھرنامولانا صاحب اور  ان کے مدارس کے بچے دیں اور وہ بلٹ پروف گاڑی سے اتر کر کرسی پر بیٹھ جائیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بلاول بھٹو کی جانب سے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کے اعلان پر اپنے ٹویٹ میں کیا. ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی دن کہہ دیا تھا کہ اپوزیشن آپس میں سیاست کر رہی ہے.

    پہلے بھی کہا تھا، اپوزیشن کوخود اپوزیشن سے خطرہ ہے، مولانا صاحب پارٹیاں آپ کو قربانی کا بکرا بنانے کی سازش کررہی ہیں.

    انھوں نے کہا کہ بلاول ملک کا دورہ کرنے کے بجائے کراچی میں پھیلے کچرےکی صفائی پر توجہ دیں، بدقسمتی ہے کہ وسائل سندھ کےغریب عوام تک نہیں پہنچ رہے، جب تک پی پی سندھ میں مسلط ہے،عوام کا بھلا ممکن نہیں.

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

    انھوں نے پی پی چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کادنیابھرمیں مظلوموں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، جمعہ کےدن کشمیریوں کے حق کی آواز بلند اور بھارتی ظلم کوبے نقاب کریں گے.

    معاون خصوصی برائے اطلاعات کے مطابق یہ وقت قوم کو تقسیم نہیں یک جا کرنے کا ہے.