Tag: bilawal bhutto

  • کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور کا درس ہے ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیئے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، جبر کرنے والے انتہا پسند غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیئے، جب ظلم کسی بھی شکل میں سر اٹھائے تو اسے جذبے سے مٹانا چاہیئے۔ آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھے، خود ہی حقیقت سامنے آجائے گی۔ میں گجرات کے قسائی سے کہتا ہوں، اگر تم جہموری لیڈر ہو تو سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے۔ تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔

  • مودی، سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو، حقیقت سامنے آجائے گی: بلاول بھٹو زرداری

    مودی، سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو، حقیقت سامنے آجائے گی: بلاول بھٹو زرداری

    گانچھے: پاکستان پیپلز  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری نے کہا ہے کہ مودی سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھے، خود ہی حقیقت سامنے آجائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے شہر خپلو کے شاہی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں گجرات کے قسائی سے کہتا ہوں، اگر تم جہموری لیڈر ہو تو سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو۔

    انھوں نے پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا کہ جتنے قرض پاکستان پیپلز پارٹی نے پانچ سال میں نہیں لیے، اتنےحکومت نے ایک سال میں لے لیے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بلاول بھٹو سیاچن بارڈر پر مودی کو للکار رہا ہے

    ان کا کہنا تھا کہ بے نظیربھٹو پہلی وزیراعظم تھیں، جو سیاچن پہنچیں، ذوالفقارعلی بھٹونے گانچھے کو ضلع کا درج دیا، میں آج یہاں آکربےحدخوشی محسوس کررہا ہوں۔

    انھوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے بعد کسی وزیراعظم نے یہاں کا دورہ نہیں کیا، صرف شہید بھٹو نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا تھا۔ بھٹونےآپ کے لئےغربت ختم کرنے کے لئے سبسڈی کا اعلان کیا۔

  • حادثاتی چیئرمین کشمیر پرگفتگو کی بجائےسندھ کےمسائل پرتوجہ دیں: افتخار درانی

    حادثاتی چیئرمین کشمیر پرگفتگو کی بجائےسندھ کےمسائل پرتوجہ دیں: افتخار درانی

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا ہے کہ حادثاتی چیئرمین کی پھوپھو کرپشن میں ملوث ہیں.

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی افتخاردرانی نے پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی حالیہ تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے مائیکرو بلاکنگ کے ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کیا.

    ان کا کہنا تھا کہ کرپشن میں ملوث ہونےکی وجہ سے فریال تالپورجیل میں ہیں، قوم کا کشمیر اورکشمیری عوام کے ساتھ جذباتی لگاؤ ہے، اسے سیاست کی نذر مت کریں.

    افتخاردرانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہر فورم پرکشمیریوں کےحق خودارادیت کے لئے آواز اٹھائیں گے، سینیٹ الیکشن میں عشایئے، ظہرانے کرنے والےکراچی کی صورتحال کاجائزہ لیں.

    مزید پڑھیں: ہمیں وہ سب کچھ کرنا ہوگا، جس سے کشمیریوں کوسپورٹ ملے، بلاول بھٹو

    کراچی بارش کی وجہ سے مسائل کا شکار ہے، سندھ کو بےدردی سے لوٹاگیا ہے، حادثاتی چیئرمین کشمیر پرگفتگوکی بجائےسندھ کےمسائل پرتوجہ دیں.

    خیال رہے کہ آج پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا، جس کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے مطالبہ کیا تھا کہ بلاول بھٹو کمشیر کو سیاست کی نذر کرنے کے بجائے سندھ پر توجہ دیں.

  • ہمیں وہ سب کچھ کرنا ہوگا،  جس سے کشمیریوں کوسپورٹ ملے، بلاول بھٹو

    ہمیں وہ سب کچھ کرنا ہوگا، جس سے کشمیریوں کوسپورٹ ملے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہمیں وہ سب کچھ کرنا ہوگا، جس سے کشمیریوں کوسپورٹ ملے، کوشش ہونی چاہیے ہم مل کرمودی کو بے نقاب کریں، مودی کوکشمیریوں کےحقوق چھیننےنہیں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمیں وہ سب کچھ کرنا ہوگا، جس سے کشمیریوں کوسپورٹ ملے، ہم سب کوملک کردنیاکوایک واضح اورٹھوس پیغام دیناچاہیے۔

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرسےمتعلق پاکستان کاواضح مؤقف ہے، تمام صورتحال کے باوجود مظفرآباد گیا، کشمیریوں سے ملاقات کی، وزیراعظم عمران خان کو آزاد کشمیر کا دورہ کرنا چاہیے تھا۔

    مقبوضہ کشمیرسےمتعلق پاکستان کاواضح مؤقف ہے

    بلاول بھٹو نے کہا کشمیری حکومت پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان صرف ٹوئٹ پرٹوئٹ کر رہےہیں، عمران خان کو ثابت کرنا ہوگا اور جواب دینا ہوگا وہ کشمیریوں کے لئے کیا کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہونی چاہیے ہم مل کرمودی کو بے نقاب کریں، مودی کشمیر پر پابندیاں لگا رہا ہے، تاریکی پر کشمیریوں پر حملہ کیا، ہم 3 نسلوں سے لڑائی لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے۔

    ہم 3 نسلوں سے لڑائی لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کو ان کا حق ملنا چاہیے

    پی پی چیئرمین نے کہا عید کے بعد عوامی رابطہ مہم میں انسانی حقوق کی بات کروں گا، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے، کشمیریوں کا پیغام ہے ہمیں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت ذمہ دارانہ فیصلے کرے، حکومت کشمیر کے مسئلےکو سنجیدگی سے لے، کشمیر کیلئے نہیں لڑے تو قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی، اس وقت ہمیں کشمیر سے قومی یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مودی نے کشمیریوں کےحقوق چھینےہیں، مودی کوکشمیریوں کےحقوق چھیننےنہیں دیں گے ، ہم چاہتے ہیں کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں۔

    ہم چاہتے ہیں کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں

    چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے لئے انسانی حقوق کی تنظیموں کے وفود ، حریت رہنماؤں اور یورپین فیکٹ فائنڈنگ کمیشن کے نمائندے سے ملاقات کی اور کشمیریوں کے مسائل سے آگاہ کیا، پاکستان کا مؤقف پیش کیا، ہمیں چاہیے اپنی فارن پالیسی کو دوبارہ دیکھیں۔

    کراچی میں بارش کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کراچی سے متعلق باقاعدہ پروپیگنڈا مہم چلائی گئی ، تاریخی بارشیں ہوئی، کراچی کی سطح نیچے ہیں پانی جمع ہوا اور بارش کےبعدتیزی سے پانی کی نکاسی کی گئی۔

    کراچی سے متعلق باقاعدہ پروپیگنڈا مہم چلائی گئی

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بارش کےدوران عوام کےدرمیان تھی، سندھ حکومت کوسلام پیش کرتاہوں دن رات کام کیا، تاریخی بارشوں کےباوجودعوامی نمائندوں نے بھرپور مدد کی۔

  • بھارت کی حرکت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا: بلاول بھٹو زرداری

    بھارت کی حرکت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا: بلاول بھٹو زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نےکشمیر میں عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا کر کلسٹر بم استعمال کیا.

    ان خیالات انھوں‌ نےکشمیر کے ایشو  پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انھوں نے مشترکہ اجلاس بلانے پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔

    انھوں نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیر میں تعلیمی ادارے، موبائل فون سروسز  بند کر دیں، کشمیر میں بی جے پی کے اتحادی سابق وزرائے اعلیٰ کو بھی گرفتار کیا، مودی کا یہ عمل بھارت کے بنیادی خیال کے خلاف ہے، مودی کا عمل کشمیریوں کو اپنی ہی زمین پر اقلیتوں میں تبدیل کرنے کی سازش ہے.

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی حرکت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، نریندر مودی آگ سے کھیل رہا ہے، کشمیریوں کے ساتھ خون اور روح کا رشتہ ہے، بھارت نے یک طرفہ طور  پر غیر آئینی غیرقانونی طورپر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کی۔

    کشمیری مدد کے لئے پکار رہے ہیں، ہم خاموش نہیں رہ سکتے، کشمیر کی صورت حال پر  پاکستان کے وزیراعظم کو کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، مودی شدت پسند اور انتہا پسند ہے، اس کے ہاتھ خون میں رنگے ہوئے ہیں.

    مزید پڑھیں: کشمیر کی صورت میں ایک اور فلسطین دینے کی اجازت نہیں دیں گے، شہباز شریف

    ان کا کہنا تھا کہ گجرات کا قصائی آج بھارت کا وزیراعظم بنا بیٹھا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر مسئلہ کشمیر کے حل کی امید رکھی جائے، پاکستان یو این میں آواز اٹھاتا رہے، او آئی سی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے، اقوام متحدہ کی قرارداد کےتحت کشمیر متنازع علاقہ ہے، پاکستان وزرائے خارجہ کی سطح پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے، حکومت انکوائری کمیشن کے لئے سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھائے.

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری کو وزیرخارجہ بنائیں، تو شاید وہ معاملہ بہترطریقےسے چلا سکے، ہماری حکومت ہوتی تو صرف ٹوئٹ کرتے تو خان صاحب ہمارے ساتھ کیا کرتے، عمران خان سے گزارش ہے بھرپورجذبے سے کشمیر کاز پر کام کریں.

  • آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیر پر حملہ ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو جگانا ہوگا: بلاول بھٹو

    آرٹیکل 370 کا خاتمہ کشمیر پر حملہ ہے، اقوام متحدہ اور او آئی سی کو جگانا ہوگا: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر بھارت نے تاریخی حملہ کیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہر پاکستانی کو کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرنی پڑے گی، پاکستان پیپلزپارٹی بنی ہی مقبوضہ کشمیرکی وجہ سے تھی.

    انھوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیانات سے کام نہیں چلے گا، یہ پوری امت مسلمہ پر فرض ہے کہ کشمیریوں کے لئے آواز اٹھائے.

    کل ہمارا مشترکہ سیشن ہوگا پاکستان ایک آوازمیں بولے گا، کچھ سیاست دانوں کو مودی سے امید تھی، مگر ہم نے پہلے دن سے کہا تھا کہ مودی سے خیرکی امید نہ رکھیں.

    مزید پڑھیں: بھارت کشمیر کی حیثیت تبدیل نہیں کرسکتا: شاہ محمود قریشی

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کا متحد ہو کر کام کرنا بہت ضروری ہے، عمران خان کے دورہ امریکا سے توقعات پوری نہیں ہوئیں.

    او آئی سی جیسے فورم کو استعمال ہونا چاہیے، ہمیں اقوم متحدہ اوراو آئی سی کو جگانا ہوگا، اقوام متحدہ کو دونوں ممالک نے صحیح طرح استعمال نہیں کیا، یہ کشمیری عوام پربہت بڑاحملہ ہے، اس کو نہیں چھوڑ سکتے.

  • کہیں مقبوضہ کشمیر میں‌ بھی فلسطین والی صورت حال نہ ہوجائے: بلاول بھٹو زرداری

    کہیں مقبوضہ کشمیر میں‌ بھی فلسطین والی صورت حال نہ ہوجائے: بلاول بھٹو زرداری

    لاہور: پاکستان پیپلز  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زراری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں مقبوضہ کشمیر میں‌ بھی فلسطین والی صورت حال نہ ہوجائے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارت کی بڑھی جارحیت اور قوانین کی خلاف ورزی پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. ان کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ریاستی دہشت گردی، ایل او سی پرجارحیت قابل مذمت ہے.

    [bs-quote quote=”کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانا چاہیے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”بلاول بھٹو زرداری”][/bs-quote]

    بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا کے سامنے بھارت کی ریاستی دہشت گردی ٹھیک انداز میں پیش نہیں کی جا سکی، کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانا چاہیے.

    پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ٹرمپ ثالثی کی بات کر رہے ہیں، یہ خوش آئند ہے.

    ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملازمتوں میں توسیع پر سیاست نہیں کرتی، یہ قابل قبول نہیں.

    خیال رہے کہ بھارت قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایل اوسی پر شہریوں کونشانہ بنانےکے لئے کلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کررہا ہے، بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو آبادی کو نشانہ بنایا.

    بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور  11 زخمی ہوئے تھے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹربم کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی ہتھیار کشمیریوں کے حق خودارادیت کا عزم دبا نہیں سکتا۔

  • وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کرنے پر بلاول کا شکر گزار ہوں: فواد چوہدری

    وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کرنے پر بلاول کا شکر گزار ہوں: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کیا ان کا شکر گزار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہمیں ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا چاہیئے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے وزیر اعظم کے دورے کو سپورٹ کیا ان کا شکر گزار ہوں، انہوں نے وزیر اعظم کے اقدامات کی حمایت کر کے پختگی کا ثبوت دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پلوامہ واقعے پر بھی سیاسی جماعتوں نے شعور کا مظاہرہ کیا تھا، عالمی سطح پر ہماری سیاسی سوچ بھی ایک ہوگی تو پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ایک مستحکم افغانستان چاہیئے تاکہ سرحد پر معاملات ختم ہوں۔

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی مفادات کے لیے حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا۔

    اپنے ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں، ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہوگا۔

  • قومی مفادات کے لیے بلاول بھٹو کا حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

    قومی مفادات کے لیے بلاول بھٹو کا حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی مفادات کے لیے حکومت کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا سے تعلقات بہتر کرنے کی حکومتی کوشش کو سراہنا چاہیئے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا سے تعلقات بڑھانے کی حکومت کی کوشش کی حمایت کرتا ہوں، ضرورت پڑنے پر تعمیری تنقید کرتا رہوں گا تاہم پاکستان کی حمایت کرنا اولین مقصد ہوگا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکا پر ہیں جہاں گزشتہ روز انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

    پاکستان کی جانب سے ملاقات کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم نے امریکی کارپوریٹ سیکٹر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور امریکی صدر کو پاکستان کے سماجی و اقتصادی ترقی پر نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ امریکی صدر نے جنوبی ایشیا میں امن پر وزیر اعظم کے نقطہ نظر کی تعریف کی۔ صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی بھی پیشکش کی اور مذاکرات کے بعد امریکی صدر نے وزیر اعظم اور وفد کو وائٹ ہاؤس کا دورہ بھی کروایا۔

  • گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں، بلاول بھٹو

    گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں، بلاول بھٹو

    کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ گھوٹکی کے بھائی بہنوں سے اپیل کرتا ہوں ووٹ ڈالیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار محمد بخش مہر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشااللہ جیت تیر کی ہوگی۔

    پیپلزپارٹی کے سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ انتخابی مہم نے گھوٹکی کی سیاست کوہمیشہ کے لیے بدل دیا، نتیجہ کچھ بھی ہو مجھے انتخانی مہم پرفخر ہے۔

    گھوٹکی میں این اے 205 پرضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

    واضح رہے کہ این اے دو سو پانچ میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے ، پیپلزپارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار احمد علی مہر مد مقابل ہے ، نشست سردارعلی محمدمہرکےانتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

    این اے 205 میں دوسونوے پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جس میں ایک سو پچیس انتہائی حساس قراردیاگیا ہے، پولنگ اسٹیشنز پرسیکیورٹی سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔