Tag: bill board

  • سپریم کورٹ نے کراچی سے تمام بل بورڈز فوری ہٹانے کا حکم دے دیا

    سپریم کورٹ نے کراچی سے تمام بل بورڈز فوری ہٹانے کا حکم دے دیا

    کراچی : سپریم کورٹ نے کراچی سے فوری طور پر تمام بل بورڈز فوری ہٹانے کا حکم دے دیا، ملزمان ڈھونڈ کر لاؤ، چیف جسٹس نے ایس ایس پی ساؤتھ کو آدھے گھنٹے کی مہلت دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت ہوئی، چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے مقدمات کی سماعت کی۔

    اس موقع پر غیر قانونی بل بورڈز سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کمشنر کراچی کو طلب کیا گیا، ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین بھی موجود تھے۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی افتخار شلوانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر صاحب آپ کے شہر میں جگہ جگہ بل بورڈ لگے ہوئے ہیں، شارع فیصل پر عمارتیں دیکھیں اشتہار  ہی اشتہار لگے ہوئے ہیں، کھڑکیوں کی بھی جگہ نہیں چھوڑی،  وہاں رہنے والے لوگ کیسے جیتے ہوں گے؟

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ آپ نے ان کے خلاف کیا کیا جو واقعہ سوشل میڈیا پر چل رہا ہے، جس پر کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑی مافیا ہے بہت سارے ادارے ہیں یہ لوگ پبلک پراپرٹی کا ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے کہا کہ آپ سب کو فارغ کریں ،آپ کے پاس اختیار ہے، گورنمنٹ کا کام ہےبلڈنگ پلان پرعمل کرائے یہاں حکومت نام کی کوئی چیز ہی نہیں، کسی کے پاس پیسے ہیں تو وہ سب کر لیتا ہے، سندھ میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں۔

    ایڈووکیٹ جنرل سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کی ایف آئی آر درج اور محکمہ جاتی کارروائی شروع ہوگئی ہے،
    چیف جسٹس نے کہا کہ ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ وزیرعلی کہاں ہیں؟

    خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کے دوران ایک بل بورڈ موٹرسائیکل سوار شخص پر آگرا تھا جس سے وہ زخمی ہوگیا تھا۔

    آج ہونے والی سماعت کے دوران کمشنر کراچی کی جانب سے ایک رپورٹ پیش کی گئی جبکہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے بتایا کہ اس معاملے پر ہم نے مقدمہ درج کیا ہے۔

    چیف جسٹس نے پوچھا کہ بل بورڈ کس نے لگایا تھا، جس پر سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) جنوبی شیراز نذیر نے بتایا کہ دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور انہیں تلاش کر رہے ہیں۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہاں گئے وہ ملزمان کیا سمندر کے نیچے گئے ہیں؟ ،آدھے گھنٹے میں ملزمان کو ڈھونڈ کر لاؤ۔

    سپریم کورٹ نے کراچی سے تمام بل بورڈز فوری طور پر ہٹانے کاحکم دے دیا، چیف جسٹس سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کے پاس پیسہ ہے تو وہ سب کر لیتا ہے، کون ذمہ دار ہے اس صورتحال کا؟

    کون ذمہ دار ہے ٹوٹی سڑکوں ، کچرے اور اس تعفن کا؟ ایڈوکیٹ جنرل صاحب! بچے گٹرکے پانی میں روز ڈوب رہے ہیں، میری اپنی گاڑی کا پہیہ بھی گٹر میں پھنس گیا۔

    لگتا ہے صوبائی اور لوکل گورنمنٹ کی شہر سے دشمنی ہے، میئر  کراچی کہتے ہیں کہ ان کے پاس اختیار نہیں، ایسا ہے تو گھر بیٹھو، کراچی کو بنانے والا اب تک کوئی نہیں آیا، چیف جسٹس نے میئر کراچی وسیم اختر کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا حال کیا ہے آپ نے میئر صاحب اس شہر کراچی کا؟

    چیف جسٹس نے سی ای او کے الیکٹرک کو فوری طلب کرلیا

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے موقع پر کراچی میں لوڈشیڈنگ پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ بجلی والوں کو مزے لگے ہیں، یہ سب مافیا ہیں، سب ایک دوسرے کو مارنے پر تلے ہیں،10،8لوگ روز مر رہے ہیں نیپرا کچھ نہیں کر رہی؟

    انہوں نے کہا کہ جو کراچی کی بجلی بند کرتا ہے اس کو بند نہیں کرنے دیں، چوڑیاں پہنی ہیں سب نے کیوں کہ یہ ان کا پیسہ کھاتے ہیں، ہر وہ شخص جو کرنٹ لگنے سےجاں بحق ہوتا ہے اس کا مقدمہ درج ہونا چاہیے، واقعے کے ذمہ داران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے سی ای او کے الیکٹرک کو عدالت میں فوری طلب کرلیا۔  انہوں نے کہا کہ وزرا بڑی بڑی گاڑیوں میں گھومتے ہیں، وزیراعلیٰ صرف ہیلی کاپٹر پرچکر لگاتے ہیں کرتے کچھ نہیں۔

  • سپریم کورٹ نے کراچی میں نئے بل بورڈز پر پابندی عائد کردی

    سپریم کورٹ نے کراچی میں نئے بل بورڈز پر پابندی عائد کردی

    کراچی : سپریم کورٹ نے کراچی میں نئے بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے پر پابندی عائد کردی۔ گھروں کی چھتوں اورعمارتوں پر لٹکے بورڈز ہٹانے کا حکم دے دیا، عدالت نےاٹارنی جنرل پربرہم ہوتے ہوئےکہا کہ زمزمہ اسٹریٹ پربل بورڈ لگے ہیں جائیں جاکر دیکھ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سڑکوں پر لٹکتے، جھولتے دیو قامت بل بورڈز خطرے کا نشان بن چکے ہیں ، اس حوالے سے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بل بورڈز اور ہورڈنگز کیس کی سماعت ہوئی۔

    سپریم کورٹ نے بل بورڈز ہٹانے سے متعلق رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہارکردیا۔ عدالت نےاٹارنی جنرل پر برہم ہوتے ہوئے کہا کہ زم زمہ اسٹریٹ کے فٹ پاتھ پربل بورڈ لگے ہوئے ہیں جائیں جاکر دیکھ لیں،سیشن جج سے رپورٹ منگواتے ہیں، غلط بیانی ہوئی تو کارروائی ہوگی، اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا تھا کہ عوامی مقامات سےغیرقانونی بورڈزہٹا دیے گئے ہیں۔

    اس موقع پر کمشنر کراچی نے بیان میں کہا کہ صرف یوم آزادی کے لیے پینٹنگ کا ٹھیکا دیاگیا ہے، عدالت نے کہا کہ قومی پرچم لہرانے سے منع نہیں کرسکتے۔

    عدالت نے شہرمیں نجی عمارتوں پر بل بورڈ لگانے پر پابندی عائد کرتے ہوئے سیشن ججز کو ہدایت کی کہ ایک ماہ میں سروے کرکے بتائیں کہ کہاں کہاں غیرقانونی بل بورڈز لگے ہوئے ہیں۔

  • کراچی میں بل بورڈز ہٹانے کی سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم

    کراچی میں بل بورڈز ہٹانے کی سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن ختم

    کراچی : سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں بل بورڈز ہٹانے کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے، شہر سے بڑی تعداد میں بل بورڈز ہٹادیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی برہمی پر کراچی انتظامیہ جاگ گئی، شہر کی شاہراہوں سے بل بورڈزاتارنے شروع کردیا گیا۔

    انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ عدالتی حکم پر شہر بھر سے بل بورڈز اتاردیئے گئے ہیں، گزشتہ رات سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی میں بل بورڈ سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کی مہلت ختم ہوگئی ہے۔

    شہر ی انتظامیہ رات گئے تک بل بورڈز اور ہوڈنگز اتارنے میں مصروف رہی۔ سپریم کورٹ نے اپنی گزشتہ سماعت میں حکم دیا تھا کہ کراچی میں لگے تمام بل بورڈز اتار کر انتیس جولائی تک رپورٹ جمع کرائی جائے۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کی کراچی سے بل بورڈزہٹانے کیلئے 3 دن کی حتمی مہلت

    اس سے قبل سپریم کورٹ نےتیس جون کی ڈیڈلائن دی تھی جس پر عمل درآمد نہ ہوسکاتھا جس کے بعد عدالت نےحتمی وارننگ دیتےہوئے ڈیڈلائن میں توسیع کی تھی۔

     

  • سپریم کورٹ کی کراچی سے بل بورڈزہٹانے کیلئے 3 دن کی حتمی مہلت

    سپریم کورٹ کی کراچی سے بل بورڈزہٹانے کیلئے 3 دن کی حتمی مہلت

    کراچی : سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بل بورڈز سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت نے بل بورڈ ہٹانے کیلئے تین دن کی حتمی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے شہر سے بل بورڈز ہٹانے سے متعلق ڈی ایم سیز کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے 29 جولائی تک تمام غیر قانونی بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیا ہے۔

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بل بورڈز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ڈی ایم سیز اور کنٹونمنٹ بورڈ نے بل بورڈز سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

    عدالت نے بل بورڈز سے متعلق رپورٹ مسترد کردی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ شہر میں اٹھانوے فیصد بل بورڈزہٹا دیئے گئے ہیں۔

    جسٹس امیر ہانی نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی جانب سے پیش کردہ ڈی ایم سیز کی رپورٹ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ عدالت کے ساتھ غلط بیانی نہ کریں۔ شہر میں اب بھی بل بورڈز لگے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ شارع فیصل سے کالا پل تک بل بورڈز کی بھرمار ہے، اگر29 جولائی تک شہر سے بل بورڈ نہ ہٹائے گئے تو جہاں بل بورڈز پائے گئے وہاں کے تمام ذمہ داران اور متعلقہ ایڈمنسٹریٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    جسٹس امیر ہانی کا کہنا تھا کہ سب پرتوہین عدالت کا فرد جرم لگائیں گے۔ ہمارے پاس سیشن جج کی رپورٹ موجود ہے۔ جس کے بعد سپریم کورٹ نے بل بورڈز ہٹانے کیلئے تین دن کی حتمی مہلت دے دی۔

     

  • دیوہیکل بل بورڈز کراچی کے شہریوں کے سروں پر منڈلاتا خطرہ

    دیوہیکل بل بورڈز کراچی کے شہریوں کے سروں پر منڈلاتا خطرہ

    کراچی : شہر قائد میں لگے سر پر بھاری بھرکم سائن بورڈز لٹکتی تلوارکی صورت اختیار کرگئے، اداروں نےعدالتی احکامات پر عملدرآمد کے بجائے بال پاس کا گیم شروع کردیا۔

    کراچی میں جاری مون سون کی بارشوں میں سائن بورڈ اب بھی بڑا خطرہ ہیں، سپریم کی کورٹ کی ڈیڈ لائن آج ختم ہورہی ہے مگر کراچی میں غیرقانونی طور پر نصب اشتہاری بورڈز جہاں تھے وہیں ہیں۔

    سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ کراچی میں 30 جون 2016ء تک تمام غیر قانونی بل بورڈز اور ہورڈنگز ہٹادیئے جائیں مگر بھاری بھرکم بل بورڈزسے متعلق سپریم کورٹ کا حکم ہلکا پڑ گیا، ہوا میں لٹکے بڑے بڑے سائن بورڈز شہریوں کے سرپرلٹکتی تلوار بنے ہوئے ہیں۔

    بدھ کو کالا پل کے قریب کورنگی روڈ پر سائن بورڈ گھر کی چھت پر گرنے سے ایک بچی لہولہان ہوگئی، بارش کے موسم میں انتظامیہ کی روایتی بےحسی ٹس سے مس نہیں ہو رہی، بورڈر اتارنے کاکام سست روی سے جاری ہے۔

    وزیر بلدیات اور کمشنر کراچی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ نوے فیصد سائن بورڈ اتار لئے گئے ہیں تاہم کنٹونمنٹ کے علاقوں میں سائن بورڈ موجود ہیں جنہیں ہٹانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، کمشنر کراچی کہتے ہیں اپنی ذمہ داری پوری کردی، اب جواب کنٹونمنٹ اوردیگر اداروں سے مانگا جائے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا تھا کہ 25 جون تک شہر سے تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز ختم کردیئے جائیں گے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

  • کراچی سے تمام غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز ختم کردیں گے، گورنرسندھ

    کراچی سے تمام غیر قانونی ہورڈنگز اوربل بورڈز ختم کردیں گے، گورنرسندھ

    کراچی : گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ 25 جون تک شہر سے تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز ختم کردیئے جائیں گے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے، غیر قانونی ہائیڈرینٹس کے خلاف کاروائی جاری رہے گی اور اس سلسلہ میں کوئی دباؤ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ زمینوں پر قبضہ کرنے والے افراد اور مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کی جارہی ہے۔

    Governor1

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کی تفصیلی دورہ کے بعد شہید بے نظیر بھٹو پارک کلفٹن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

    گورنر سندھ  لکی اسٹار صدر، شاہراہ قائدین، شاہراہ فیصل، کارساز ، ناتھا خان پل ، کورنگی روڈ ، بوٹ بیسن گئے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں میں سپریم کورٹ کے احکامات پر بل بورڈز اور ہورڈنگز لگانے کے کام کا جائزہ لیا۔

    Governor4

    اسٹیشن کمانڈر کراچی، کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر کراچی اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز بھی گورنر سندھ کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام خطرناک اور غیر قانونی ہورڈنگز اور بل بورڈز کو ہر صورت میں ہٹادیا جائے گا اور اس تاریخ کے بعد جن اداروں کے بورڈز لگے ہوئے پائے گئے ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

    شہر میں پانی کی کمی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ شہر میں پینے کے پانی کی طلب کے مطابق پانی دستیاب نہیں ہے ، یہی وجہ ہے کہ کراچی میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کے فور منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

    Governor5

    انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ پانی کی چوری روکنے اور لائنوں سے ہونے والے رساؤ پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ایک سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ کوئی فرد خواہ کتنا بااثر کیوں نہ ہو قانون سے بالا تر نہیں اور کراچی آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف بلا تفریق کاروانی کی جارہی ہے۔

  • کلفٹن میں غیرقانونی بل بورڈزکےخلاف بلدیہ عظمیٰ کرا چی کا آپریشن

    کلفٹن میں غیرقانونی بل بورڈزکےخلاف بلدیہ عظمیٰ کرا چی کا آپریشن

    کراچی : بلدیہ عظمی کرا چی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی کی ہدایت پر کلفٹن کے علاقے میں غیرقانونی بل بورڈزکےخلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد بل بورڈز ہٹا دیئے۔ جبکہ بل بورڈ اور ہورڈنگزکیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    بلدیہ عظمی کراچی کےمطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی میں غیر قانونی سائن بورڈ زاتارنےکیلئےآپریشن کیاجارہا ہے۔

    کلفٹن میں بوٹ بیسن اور اطراف کے علاقوں میں بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی سائن بورڈز اتارتے ہوئے پچاس سے زائد بورڈ زکو ہٹادیا ہے۔

    غیرقانونی بل بورڈز کے خلاف بلدیہ عظمی کا گرینڈ آپریشن رات بھر جاری رہا۔ نادہندہ اور غیرقانونی اشتہاری بل بورڈز کے خلاف اس کارروائی کا مقصد شہر میں لگائے جانے والے اشتہاری ہورڈنگز ،بینرز اور بل بورڈز کو ایڈورٹائزمنٹ بائی لاز کے تحت لانا ہے۔

  • ساڑھے 3ہزارسے زائد غیرقانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتاردیئے گئے

    ساڑھے 3ہزارسے زائد غیرقانونی اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتاردیئے گئے

    کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی سجاد عباسی کی ہدایت پر محکمہ لوکل ٹیکسز نے شہر کے مختلف علاقوں میں 3700 سے زیادہ نادہندہ یا قواعد کے برخلاف لگائے گئے اشتہاری ہورڈنگز اور بل بورڈ اتارلئے ہیں جبکہ بل بورڈ اور ہورڈنگزکیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    قائدآباد ملیر سے شارع فیصل پر بل بورڈ اور ہورڈنگز ہٹانے کی مہم شروع کی گئی جو شارع فیصل سے تمام غیرقانونی ہورڈنگز ہٹانے تک جاری رہے گی۔

    شہر کے تمام ادارے خطرناک اور خلاف قانون بل بورڈ کو ہٹالیں ،انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ہورڈنگز کے حوالے سے کے ایم سی کونسل کے منظور شدہ بائی لاز پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔

    اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر لگے ہوئے 149 ہورڈنگز 2095بینرز /اسٹیمرز،181 ڈائریکشن بورڈز، 156پائیلون سائن،50پول سائن اور شہر میں بنائے گئے بس اسٹاپس پر نصب 150 اشتہاری بینرزسمیت بڑی تعداد میں غیرقانونی اور قواعد کے خلاف لگائی گئیں اشتہاری ڈیوائسز اتار لیں۔

    نادہندہ اور غیرقانونی اشتہاری ڈیوائسز کے خلاف اس کارروائی کا مقصد شہر میں لگائے جانے والے اشتہاری ہورڈنگز ،بینرز اور بل بورڈز کو ایڈورٹائزمنٹ بائی لاز کے تحت لانا ہے جبکہ ایسے ہورڈنگز کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے جن کے لئے متعلقہ اشتہاری ادارے نے ادائیگی نہیں کی۔

  • باربرا اسٹرائسنڈ نے نئی تاریخ رقم کردی

    باربرا اسٹرائسنڈ نے نئی تاریخ رقم کردی

    گلوکارہ باربرا اسٹرائسنڈ نے امریکی میوزک چارٹ مٰیں نیا ریکارڈ قا ئم کردیا،چھ دہائیوں سے ہر دھائی میں نمبر ون البم جاری کرکے مو سیقی کی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

    باربرا کے نئے میوزک البم دی پارٹنر نےایک لاکھ چھیانوے ہزار کاپیاں فروخت کرکے بل بورڈ چارٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی،72 سالہ امریکی گلوکارہ کا پہلا نمبر ون البم پیپل پچاس سال قبل پہلی پوزیشن پر پہنچا تھا،اسٹرائسنڈ کے حالیہ ہٹ البم کے بعد وہ امریکہ میں پہلی خاتون گلوکارہ ہیں جن کے دس البم نمبر ون پوزیشن پر پہنچے ہیں،اس وقت وہ امریکہ میں تاریخ کے مقبول ترین البم دینے والے گلو کاروں میں ایلوس پریسلے کے ساتھ مشترکہ طور پر چھوتےنمبر پرہیں۔