Tag: bill gates

  • کورونا ویکسین کی تیاری : بل گیٹس نے اہم اعلان کردیا

    کورونا ویکسین کی تیاری : بل گیٹس نے اہم اعلان کردیا

    واشنگٹن : مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کو مالی امداد فراہم کریں گے تاکہ جلد از جلد اسے دوسروں تک پہنچاسکیں۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے سد باب کیلئے دنیا بھر کے سائنسدان ویکسین کی تیاری کیلیے کوشاں ہیں، وائرس سے متاثرہ لاکھوں لوگوں تک یہ ویکسینپہچانے کیلیے بل گیٹس نے اب تک کا سب سے بڑااعلان کردیا۔

    بل گیٹس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے انتہائی بڑے پیمانے پر کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہ اس کی ہر سطح پر امداد کرنے کیلئے تیار ہیں۔

    انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ منظوری سے قبل بھی ویکسین تیار کرنے والی کئی کمپنیوں کو مالی امداد فراہم کریں گے تاکہ جتنا جلدی ہو سکے وہ اسے دوسروں تک پہنچانے کے لیے تیار ہوں۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے مائیکروسافٹ کے بانی گیٹس نے بتایا کہ ان کے نام پر عالمی ادارہ صحت خیراتی فیکٹریاں بنانے کے لیے فنڈز کا بندوبست کرے گا تاکہ ایسی مختلف ویکسینز کی اربوں خوراکیں تیار کی جاسکیں جو ممکنہ علاج ہو سکتی ہیں اور وہ پوری دنیا کے اربوں انسانوں کو فراہم کرنے کے لیے تیار ہوں۔

  • خطرناک وبائیں دنیا کو اپنا نشانہ بنانے کے لیے تیار، کیا ہم اس کے لیے تیار ہیں؟

    خطرناک وبائیں دنیا کو اپنا نشانہ بنانے کے لیے تیار، کیا ہم اس کے لیے تیار ہیں؟

    واشنگٹن: مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس جیسی وبا اب ہر 20 سال بعد دنیا کو متاثر کرسکتی ہے چنانچہ دنیا کو اس کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

    برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو بذریعہ اسکائپ انٹرویو دیتے ہوئے بل گیٹس نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ اب تک دنیا کھربوں ڈالرز خرچ کر چکی ہے تاہم ابھی تک کرونا وائرس پر قابو نہیں پایا جاسکا، اور ایسا صرف اس لیے ہوا کیونکہ دنیا کا طبی نظام اس کے لیے تیار نہیں تھا۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ اب ایسی وبائیں ہر 20 سال بعد پھوٹ سکتی ہیں لہٰذا دنیا کو اس کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہوگی۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اگر دنیا اس طرح کی وباؤں سے نمٹنے کے لیے تیار ہوتی تو آج کھربوں ڈالرز خرچ نہ ہوتے اور بہت کم خرچ میں ہم اس پر قابو پاسکتے تھے۔ مستقبل میں حکومتوں کو اپنے طبی نظام کو جدید ترین اور فوری ردعمل دینے کی صلاحیت کی بنیاد پر تیار رکھنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہماری مدد کے لیے سائنس موجود ہے، اگر ہم پہلے سے تیار ہوتے تو بہت کم وقت میں اس پر قابو پاسکتے تھے۔ بل گیٹس نے امید ظاہر کی کہ دنیا موجودہ صورتحال سے سبق سیکھے گی اور آئندہ پہلے سے تیاری کر کے رکھے گی۔

    خیال رہے کہ بل گیٹس نے سنہ 2015 میں خبردار کیا تھا کہ بہت جلد دنیا کو ایک خطرناک وبا اپنا نشانہ بنا سکتی ہے جو ایک سال کے اندر اندر 3 کروڑ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دے گی۔

    انہوں نے اسی وقت خبردار کردیا تھا کہ تمام تر ترقی کے باوجود دنیا کسی بھی قسم کی وبا سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں ہے۔

    بل گیٹس کی فاؤنڈیشن نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اربوں ڈالرز عطیہ بھی کیے ہیں۔ ان کی عطیہ کردہ رقم کرونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔

  • کورونا ویکسین کی تیاری : بل گیٹس کا اہم اعلان

    کورونا ویکسین کی تیاری : بل گیٹس کا اہم اعلان

    نیویارک : مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص بل گیٹس نئے نوول کورونا وائرس کی عالمی وبا کو روکنے کے لیے اربوں ڈالرز خرچ کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپوٹس کے مطابق بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کیلئے فیکٹریوں کی تعمیر پر اربوں ڈالرز خرچ کریں گے۔

    یہ امداد کرونا وائرس کے خلاف تیار کی جانے والی 7 بہترین ویکسینز کے لیے فیکٹریوں کی تعمیر پر خرچ کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ کیونکہ ہمارا ادارہ وبائی امراض کے حوالے سے مہارت رکھتا ہے، ہم نے وبا کے بارے میں سوچ رکھا تھا، ہم کچھ امور جیسے ویکسین کی تیاری کے حوالے سے زیادہ تیار ہیں، ہماری سرمایہ کاری تیاری کے عمل کی رفتار کو تیز کرسکتی ہے ۔

    بل گیٹس نے کہا کہ تیاری کے مراحل سے گزرنے والی متعدد ویکسینز میں سے 7 بہترین کا انتخاب اور ان کی تیاری کے لیے فیکٹریاں تعمیر کی جائیں گی۔

    ان کا کہنا تھا اگرچہ ہم آخر میں ان میں سے 2 کا ہی انتخاب کریں گے، مگر ہم تمام ویکسینز کے لیے الگ الگ فیکٹریوں کی تعمیر پر سرمایہ لگائیں گے، ہوسکتا ہے کہ اربوں ڈالرز ضائع ہوجائیں مگر آخر میں مؤثر ترین ویکسین کی فیکٹری کے لیے وقت ضرور بچ جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اینٹی کرونا وائرس  ویکسین کی تیاری اور  فیکٹری کی بیک وقت تعمیر کرنا، ویکسین کو تیزی سے تیار کرنے کے لیے ضروری ہے۔

    علاوہ ازیں گزشتہ دنوں واشنگٹن پوسٹ کے لیے ایک مضمون میں انہوں نے کہا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں 18 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اور اس وقت بہتر نظر آنے والی کچھ ویکسینز کے لیے منفرد آلات درکار ہیں۔

    بل گیٹس نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ کچھ ارب ڈالرز ہم فیکٹریوں کی تعمیر پر ضائع کردیں اور آخر میں کسی اور بہتر ویکسین کا انتخاب کرلیا جائے مگر موجودہ صورتحال میں چند ارب ڈالرز ان کھربوں ڈالرز سے بہتر ہیں جو معاشی نقصان کی نذر ہوگئے۔

  • کورونا سے کیسے بچنا ہے ؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    کورونا سے کیسے بچنا ہے ؟ بل گیٹس نے بتا دیا

    نیو یارک : دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ درست  تشخیص اور سماجی فاصلہ رکھ کر کورونا وائرس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ایک جاری بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا سامنا کرنے کے لئے لوگوں کو پرسکون رہنا چاہئے، موجودہ صورتحال سے انتہائی امیر ممالک بھی دوچار ہیں۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومتیں بہترین طریقے سے مریضوں کا ٹیسٹ کریں اور ملک بند کردیں تو 6 سے 10 ہفتوں میں بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا کہ جو ملک کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن ہیں، وہ چند ہفتوں میں اس وبا پر قابو پاکر  اپنے عوام کو اس سے نجات دلاسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے سال2018 میں کورونا وائرس سے متعلق پیش گوئی کردی تھی، ان کا کہنا تھا کہ آنے والی دہائی میں ایک ایسا وائرس آئے گا جو خطرناک وبا کی صورت اختیار کرلے گا۔

  • پولیو سے پاک پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے، بل گیٹس

    پولیو سے پاک پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے، بل گیٹس

    ابو ظہبی : مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیئرمین اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس نے کہا ہے کہ پاکستان سے پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہماری اوّلین ترجیح ہے، پاکستان سے تعاون جاری رہے گا۔

    یہ بات انہوں نے وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ابو ظہبی میں انسداد پولیو کے حوالے سے اجلاس کے بعد مائیکرو سافٹ کمپنی کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔

    اس موقع پر ڈاکٹر ظفر مرزا نے انہیں پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی مہم اور ٹیکہ جات پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں بل گیٹس نے حکومت پاکستان کی بیماریوں کے خاتمے کی کوششو ں کو سراہا،انہوں نے کہا کہ بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون جاری رکھے گی، پولیو سے پاک پاکستان ہماری اولین ترجیح ہے۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کی کوششیں قابل ستائش ہیں، پاکستان بہتر مستقبل کے لئے پرعزم ہے۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل ہی ملک میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے تھے، پولیو کے 3 کیسز خیبر پختونخوا کے علاقے لکی مروت اور ایک کراچی سے سامنے آیا تھا۔

    رواں برس ملک میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 82 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 61 ہوگئی ہے۔ 9 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

  • بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کی غربت کیخلاف نئی حکمت  کا خیرمقدم

    بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کی غربت کیخلاف نئی حکمت کا خیرمقدم

    نیویارک : مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس نے غربت کے خاتمے کیلئے حکومتی طریقہ کار کی موجودگی ضروری قرار دیتے ہوئے کہا وزیراعظم عمران خان نےغربت کیخلاف نئی حکمت عملی بنالی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا غربت کے خاتمے کیلئے مکمل حکومتی طریقہ کار کا ہونا ضروری ہے، مستحکم ترقیاتی اہداف مکمل حکومتی طریقہ کار کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتے، وزیراعظم عمران خان نے غربت کیخلاف نئی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں :  وزیراعظم سے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی اہم ملاقات

    پاکستان اور بل گیٹس کی فاؤنڈیشن کےدرمیان مفاہمتی یاداشت پردستخط ہوئے تھے ، جس کے تحت بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کو آئندہ برس احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احساس غربت کے خاتمے کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، خوشی ہے بل اینڈمیلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن احساس پروگرام میں معاونت کرے گی۔

  • وزیر اعظم عمران خان  آج مہاتیر محمد اور  بل گیٹس سے ملاقات کریں گے

    وزیر اعظم عمران خان آج مہاتیر محمد اور بل گیٹس سے ملاقات کریں گے

    نیویارک : وزیر اعظم عمران خان آج ملائیشیا کے ہم منصب مہاتیر محمد اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات کریں گے اور پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے درمیان سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی آج اقوام متحدہ میں مصروفیات کا شیڈول جاری کردیا گیا ، شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے اور نفرت انگیز مواد کی روک تھام سے متعلق کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

    نیو یارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ سے ملاقات بھی وزیراعظم کے شیڈول میں شامل ہیں ، عمران خان پاکستان، ترکی اور ملائیشیا کے درمیان سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کریں گے اور ملائیشیا کے ہم منصب مہاتیر محمد سے بھی ملاقات کریں گے۔

    وزیراعظم کی آج سب سے اہم ملاقات مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ہوگی جبکہ ناروے کے ہم منصب اور پاکستانی ٹیکنالوجی گروپ کے وفد سے ملاقات  بھی وزیراعظم کے شیڈول کا حصہ ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ایرانی صدر حسن روحانی ،  ترک صدر رجب طیب اردوان اور  نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جاسنڈا آرڈن سے ملاقاتیں کیں تھیں ۔

    مزید پڑھیں :  وزیر اعظم عمران خان سے طیب اردوان اور حسن روحانی کی ملاقات

    ترک صدر اردوان اور عمران خان ملاقات میں تزویراتی معاشی لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعظم نے ترک صدر کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال سے  آگاہ کیا جبکہ  ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

    عمران خان اور جاسنڈا آرڈن کے مطابق اسلاموفوبیا اور مسلمان مخالف جذبات سےمتعلق چیلنجز پر تبادلہ خیال ہوا تھا ، اس موقع پر وزیراعظم نےمقبوضہ وادی میں کشمیریوں کی نسل کشی سےبھی آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیرسےکرفیو اٹھنے کے بعد شدید بحران جنم لے گا۔

    خیال رہے وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے  اور 27 ستمبر کوہی نیویارک میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

  • بل گیٹس کا عمران خان  کو خط ، ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر شکریہ

    بل گیٹس کا عمران خان کو خط ، ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر شکریہ

    اسلام آباد : مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کے پی میں بڑھتے پولیوکیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ستمبرمیں اقوام متحدہ اجلاس میں عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کومائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خط لکھا ، جس میں کےپی میں بڑھتےپولیوکیسز پراجلاس طلب کرنےپروزیراعظم کاشکریہ اداکیا اور پولیو کےخاتمے کی کوششوں پر حکومت پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو ختم کرنے کےلیے ذہنوں سے شکوک نکالنا انتہائی ضروری ہے، حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکار ہے۔

    مائیکروسافٹ کے بانی نے انسدادپولیو ،ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور احساس پروگرام کی بھی تعریف کی اور ستمبرمیں اقوام متحدہ اجلاس میں وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔

    خیال رہے کےپی میں پولیوکیسز پر وزیراعظم عمران خان نے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا ، وزیراعظم عمران خان کو پولیوکیسز سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی ، جس میں بتایا گیا گزشتہ سال خیبرپختونخوا میں پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا، 10 اضلاع میں رواں سال پولیو کے 41 کیس سامنے آئے۔

    مزید پڑھیں : خیبرپختونخوا میں پولیو وائرس بے قابو، وزیراعظم عمران خان کو رپورٹ پیش

    رپورٹ کے مطابق بنوں ڈویژن میں 30 پولیو کیس رپورٹ ہوچکے ہیں ، مختلف اضلاع میں 76 پولیو ورکرز اور اہلکار شہید کیےگئے، ایمرجنسی آپریشن سینٹرکےسینئر افسران کومختلف ڈویژن میں متحرک کیاگیا۔

    نکات میں بتایا گیا انکاری والدین کو راضی کرنے کے لیےبااثرافراد سے رابطے کیے ، ویکسی نیشن پرمنفی پروپیگنڈا ختم کرنے کے اقدامات کیے ہیں۔

    یاد رہے کہ 27 جون کو نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہا تھا کہ خیبر پختون خوا میں 5 نئے پولیو کیسز سامنے آئے ہیں، اِنڈ پولیو پروگرام کے مطابق رواں سال کے پی کے میں اب تک 32 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    واضح رہے  ملک بھر میں پولیو کا مرض سنگین صورت حال اختیار کر گیا ہے، پاکستان میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 53 ہو چکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز خیبر پختون خواہ میں سامنے آئے۔

  • بل گیٹس نے اپنی شریک حیات ملنڈا کی کس ادا پر فدا ہوکر شادی پیشکش کی؟

    بل گیٹس نے اپنی شریک حیات ملنڈا کی کس ادا پر فدا ہوکر شادی پیشکش کی؟

    نیویارک : مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی شریک حیات ملنڈا گیٹس کا کہنا ہے کہ ہمیں پزل حل کرنے کا بہت شوق تھا، ایک مرتبہ میں نے میتھ پزل میں گیٹس کو ہرا دیا جس پر وہ مجھ پر دل ہار بیٹھے اور شادی کی پیشکش کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق بل گیٹس اور ان کی اہلیہ ملنڈا گیٹس عالمی شہرت یافتہ شخصیات ہیں لیکن بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ بل گیٹس اور ملنڈا کب ملے اور بل گیٹس ان کی کس ادا پر فدا ہوئے اور انہیں دل دے بیٹھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اب ملنڈا گیٹس نے اپنی نئی کتاب میں اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ملنڈا نے اپنی کتاب ’دی مومنٹ آف لائف: ہو امپاورنگ وومن چینجز دی ورلڈ“ میں لکھا ہے کہ ”میں اور بل گیٹس ملازمت کے دوران ملے تھے۔

    انہوں نے کتاب میں بتایا کہ ہم دونوں کو پزل حل کرنے کا بہت شوق تھا جو ہماری قربت کا باعث بنا۔ ایک بار میں نے بل گیٹس کو ایک’ ’میتھ پزل“ میں ہرا دیا، جس کے بعد وہ مجھے دل دے بیھٹے اور شادی کی پیشکش کردی۔

    ملنڈا گیٹس نے اپنے سابق شوہر سے تعلقات کے بارے میں ہی کتاب میب سطریں تحریر کی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ’بل گیٹس کے ساتھ شادی سے قبل بھی میں ایک شخص کے ساتھ تعلق میں رہ چکی تھی۔ تاہم یہ تعلق انتہائی ناخوشگوار اور انتہائی برے طریقے سے انجام کو پہنچا‘۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملنڈا نے اپنے بچوں کو سکول میں صرف ان کے پہلے نام سے رجسٹرڈ کروایا تھا اور ان کے نام کے ساتھ فیملی نام ’گیٹس‘ نہیں لکھوایا تھا۔

    بچوں کو صرف پہلے نام سے رجسٹرڈ کروانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ”بچوں کو سکول میں ان کے پہلے نام سے رجسٹرڈ کروانے کا مقصد یہ تھا کہ لوگوں کو یہ معلوم نہ ہو سکے کہ وہ ارب پتی ماں باپ کے بچے ہیں اور ہمارے بچے بھی دیگر بچوں کی طرح نارمل طریقے سے تعلیم حاصل کر سکیں۔

  • ’ ٹرمپ کو بل گیٹس سے تربیت لینی چاہیے ‘

    ’ ٹرمپ کو بل گیٹس سے تربیت لینی چاہیے ‘

    واشنگٹن: مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص کی انٹرنیٹ پر ایسی تصویر وائرل ہوئی جسے دیکھ کر صارفین حیران رہ گئے اور انہوں نے ٹرمپ کو تربیت لینے کا مشورہ دے دیا۔

    کمپیوٹرکی دنیا کو مائیکروسافٹ جیسی انقلابی ایجاد دینے والے بل گیٹس کا شمار  امیر ترین شخصیات میں ہوتا ہے، فوربز کی حالیہ فہرست میں بھی  اُن کا نام شامل تھا۔

    بل گیٹس فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، وہ پولیو کے خاتمے کے لیے مہم میں عطیات دیتے ہیں اس کے علاوہ دیگر اداروں اور تعلیمی فروغ کے لیے بھی وہ کاوشیں کرتے نظر آتے ہیں۔

    حال ہی میں مائیکروسافٹ کے سابق ملازم نے اپنی فیس بک پر بل گیٹس کی ایک تصویر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ عام لوگوں کی طرح قطار میں لگ کر اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: بل گیٹس کا وزیر اعظم کو خط، پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

    رپورٹ کے مطابق بل گیٹس کی مذکورہ تصویر امریکا کے ایک اسٹور کی ہے جہاں وہ خریداری کے لیے پہنچے اور رش دیکھ کر قطار میں لگ گئے۔

    دنیا کی امیر ترین شخصیت اور 65 سالہ بزرگ امریکی شہری کو قطار میں لگا دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں سراہا۔

    https://www.facebook.com/photo.php?fbid=10161428070235341&set=a.10151919638300341&type=3

    سوشل میڈیا صارفین نے بل گیٹس کی سادگی کو پسند کرتے ہوئے دیگر امیر ترین شخصیات پر تنقید بھی کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ وائٹ ہاؤس میں سونے کا باتھ روم بنوانے والے شخص کو مائیکروسافٹ کے بانی سے تربیت لینا چاہیے۔ سوشل میڈیا صارف کا اشارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف تھا۔