Tag: Billion Tree Tsunami Project

  • وزیر اعظم کی بلین ٹری سونامی منصوبے میں شفافیت کیلئے اسپارکو سے تعاون لینے کی ہدایت

    وزیر اعظم کی بلین ٹری سونامی منصوبے میں شفافیت کیلئے اسپارکو سے تعاون لینے کی ہدایت

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی پروگرام میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے میں شفافیت کیلئے اسپارکو سے تعاون لینے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی برائےموسمیاتی تبدیلی کااجلاس ہوا، جس میں پنجاب، خیبر پختونخوااور بلوچستان کے وزرائےاعلیٰ نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزرا شاہ محمودقریشی،اسدعمر،عمر ایوب ،فیصل واوڈا ، معاون خصوصی ملک امین اسلم ،وزیرمملکت زرتاج گل مشیر قومی سلامتی معید یوسف اور اعلیٰ عہدیدار بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں گرین ہاؤس کےجدیدانوینٹری ذخائر،بلین ٹری سونامی پروگرام کا جائزہ لیا گیا ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ بلین ٹری سونامی منصوبہ سےجنگلات کے رقبے میں اضافہ ہوا ، درختوں کے باعث ماحول دوست تبدیلیاں بھی ممکن ہوئیں، ملک بھر میں جنگلات کی کٹائی کی شرح میں نمایاں کمی واقع آئی۔

    اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا زہریلی گیسز کے اخراج میں پاکستان کا ایک فیصدسےبھی کم حصہ ہے، پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بھی بہتری ہوئی ہے، مجموعی درجہ بندی2015 کے135سے بڑھ کر 2018 میں133 ہوگئی۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ پاکستان نے 1990 سے 2020 کے دوران مینگروز میں 300 فیصد اضافہ کیا ، یہ دنیا میں مینگروز کور کا سب سے بڑا اضافہ ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان 2021 کے وسط تک پہلا بلین ٹری ہدف حاصل کرنےکیلئےتیار ہے، ہدف مکمل ہونے پر ملک بھر میں تقریبات ہوں گے، پاکستان 2023 تک 3 ارب سے زائد درخت لگا لے گا۔

    وزیراعظم نے ماحولیات میں بہتری کیلئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا آب و ہوا کے دباؤکےاثرات کم کرنے کیلئےارلی وارننگ سسٹم کو حتمی شکل دی جائے جبکہ ندیوں کے آلودہ پانی کوصاف کرنے کیلئےواٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

    وزیر اعظم نے بلین ٹری سونامی پروگرام میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے میں شفافیت کیلئے اسپارکو سے تعاون لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا منصوبے کی سیٹلائیٹ تصاویر کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے۔

  • بلین ٹری سونامی: منصوبہ 83 فیصد تک کامیاب

    بلین ٹری سونامی: منصوبہ 83 فیصد تک کامیاب

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں ایک ارب درخت لگانے کے منصوبے کا عالمی تنظیم نے آڈٹ کروایا اور اسے 83 فیصد تک کامیاب قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ماحولیاتی تبدیلیوں اور خیبر پختونخواہ میں بلین ٹری منصوبے کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا بلین ٹری سونامی منصوبے کا عالمی تنظیم ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیو ڈبلیو ایف) نے آڈٹ کروایا اور کہا کہ یہ منصوبہ 83 فیصد تک کامیاب ہے۔

    مزید پڑھیں: ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ تکمیل کے قریب

    عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر بلین ٹری اور ماحولیاتی بہتری کے لیے صوبے کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ خیبر پختونخواہ نے درخت لگا کر دیگر صوبوں کے لیے مثال قائم کی ہے۔

    tree-2

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے 5 سال میں 1 ارب درخت لگانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم اس وقت کامیاب ہوگی جب لوگ آپ کے ساتھ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں 80 کروڑ درخت لگائے جا چکے ہیں جن کی کسی بھی طرح تصدیق کی جاسکتی ہے۔ سال کے آخر تک ایک ارب درختوں کا ہدف پورا کرلیں گے۔

    عمران خان نے بتایا کہ صوبے میں 22 ارب روپے کی 60 ہزار کنال زمین ٹمبر مافیا سے واپس لی گئی۔ زمینیں وا گزار کروانے کے دوران گولیاں بھی چلیں لیکن اہلکار کھڑے رہے۔

    پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ملک

    چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی درجہ حرات میں اضافے یعنی گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ملک ہے۔ جیسے جیسے گرمی برھے گی، بارش کم ہوتی جائے گی۔ ایسے میں مجھےخوشی ہے خیبر پختونخواہ حکومت نے ماحولیات سے متعلق اقدامات کیے۔

    ان کے مطابق اس مہم کا پورے ملک میں بہت اچھا اثر پڑے گا، اور مستقبل کی نسلیں اس سے فائدہ اٹھاسکیں گی۔

    یاد رہے کہ سنہ 2015 میں صوبہ خیبر پختونخواہ میں ماحولیاتی آلودگی اور کلائمٹ چینج جیسے بین الاقوامی خطرات سے نمٹنے کے لیے بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا جس کے تحت صوبے بھر میں ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ تھا۔

    tree-3

    یہ دنیا کا تیز رفتار ترین منصوبہ ہے اور پوری دنیا میں 3 سال کے عرصے میں کسی بھی ملک نے شجر کاری کا اتنا بڑا ہدف حاصل نہیں کیا۔