Tag: Billionaire

  • نوجوان ایک ہی جھٹکے میں ارب پتی کیسے بن گیا؟ دلچسپ پوسٹ وائرل

    نوجوان ایک ہی جھٹکے میں ارب پتی کیسے بن گیا؟ دلچسپ پوسٹ وائرل

    برسلز : نجی کمپنی کیلئے معمولی اجرت پر کام کرنے والا نوجوان بیٹھے بٹھائے ارب پتی بن گیا، خبر ملنے پر اس کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بیلجیئم میں کام کرنے والا مصری نوجوان اچانک ارب پتی بن گیا، ایک کمپنی نے اس کے اکاؤنٹ میں7 لاکھ 60 ہزار یورو (14 ملین مصری پونڈ) منتقل کردیئے۔

    مقامی میڈیا نے مصری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ بیلجیم کی ایک کمپنی میں معمولی تنخواہ پر ترجمے کا کام کرنے والے مصری نوجوان کی اس وقت خوشی کی انتہا نہ رہی جب اسے اپنے اکاؤنٹ میں 14 ملین مصری پونڈ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

    مصر سے تعلق رکھنے والے نوجوان جاد الرب نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ وہ بلیجیم کی ایک کمپنی میں بحیثیت ترجمان ملازمت کرتا تھا جہاں وہ مختلف مواد کا ترجمہ کیا کرتا تھا۔

    نوجوان نے بتایا کہ اس نے مذکورہ کمپنی کو اپنے ترجمہ کیے گئے مواد کا بل ارسال کیا تھا جو کہ معمولی سی رقم تھی مگر یہ دیکھ کر میرے اوسان ہی خطا ہوگئے کہ کمپنی نے اس بل کی ادائیگی کے مطالبے پر7 لاکھ 60 ہزار یورو جوکہ 14 ملین مصری پونڈ کے مساوی تھے میرے اکاؤنٹ میں منتقل کردیئے۔

    اپنے اکاؤنٹ میں غیر متوقع طور پر اتنی خطیر رقم دیکھ کر میں نے فوری طور پر کمپنی سے رابطہ کیا جنہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے رقم لوٹانے کی درخواست کردی۔

    نوجوان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے فوری طور پر رقم کمپنی کو لوٹا دی، میرے لیے یہی کافی تھا کہ میں ارب پتی لوگوں میں شامل ہو گیا اگرچہ محض 24 گھنٹے کے لیے ہی ہوا۔

    سوشل میڈیا پر مصری نوجوان نے رقم لوٹائے جانے کی تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ اتنی خطیر رقم کا میں تصور بھی نہیں کرسکتا تھا تاہم میں اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرنا چاہتا۔

    نوجوان کی ایمانداری پر سوشل میڈیا میں اسے زبردست داد و تحسین دی جارہی ہے جس نے خطیر رقم کو ان کے مالکان تک لوٹا دی۔

  • بڑھاپے تک ارب پتی بنانے والی عادات

    بڑھاپے تک ارب پتی بنانے والی عادات

    کچھ لوگ ساری زندگی محنت کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ بہت دولت مند بھی بننا چاہتے ہیں، لیکن ایسے افراد جب بوڑھے ہو کر ریٹائرڈ ہوتے ہیں تو انہیں علم ہوتا ہے کہ انہوں نے ساری زندگی اتنا بھی نہیں کمایا کہ وہ سکون سے اپنا بڑھاپا گزار سکیں۔

    دراصل یہ افراد اپنی ملازمتوں اور کام کے عرصے کے دوران پیسوں کے معاملے میں اس ذہانت کا مظاہرہ نہیں کرتے جو آگے چل کر انہیں معاشی خوشحالی دے سکتا ہو۔

    دنیا کے دولت مند ترین افراد بشمول مارک زکر برگ کچھ ایسی عادات بتاتے ہیں جنہیں ہر اس شخص کو اپنانا چاہیئے جو دولت مند بننا چاہتا ہے۔

    اگر ان عادات کو ابھی سے اپنا معمول بنا لیا جائے تو یقیناً ریٹائرمنٹ تک آپ خود کو اس قابل بنا لیں گے کہ بڑھاپے کی فراغت کے دور میں آپ پیسوں کے لیے کسی کے محتاج نہ رہیں۔

    اخراجات پر نظر رکھیں

    ہمیشہ کسی بھی چیز پر پیسے خرچ کرتے ہوئے پہلے تو یہ سوچیں کہ وہ شے آپ کے لیے کتنی ضروری ہے۔ اگر آپ کسی غیر ضروری اور مہنگی شے پر خرچ کرنے جارہے ہیں تو یقیناً یہ ایک دانش مندانہ اقدام نہیں ہے۔

    ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں

    ہر ماہ کچھ رقم کسی جگہ محفوظ کر دینے کی عادت اس وقت آپ کے کام آئے گی جب اچانک آپ کسی ہنگامی صورتحال سے دو چار ہوں، آپ کی ملازمت چلی جائے یا کاروبار میں گھاٹا ہوجائے۔

    جمع شدہ رقم کو ایک علیحدہ اکاؤنٹ میں محفوظ رکھیں اور اس اکاؤنٹ کو بالکل بھول جائیں۔

    آمدنی میں اضافے کی صورت میں

    اگر آپ کی تنخواہ یا آمدنی میں اضافہ ہوا ہے تو اپنی سیونگ کی مقدار بھی بڑھا دیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اپنی جائز خواہشات کی تکمیل یا تفریحات نہ کریں، بلکہ دونوں میں توازن رکھیں۔

    ایک ہی جگہ سرمایہ کاری سے گریز

    اپنی تمام جمع پونجی کو ایک ہی جگہ محفوظ رکھنے، یا ایک ہی جگہ پر سرمایہ کاری کرنے سے گریز کریں۔ اگر آپ نے کسی ایک ہی کاروبار میں بہت ساری سرمایہ کاری ہے تو نقصان کی صورت میں آپ اپنی تمام جمع پونجی سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔

    ذہانت سے سرمایہ کاری کریں

    پیسے کو محفوظ رکھنے کا آسان طریقہ سرمایہ کاری کرنا ہے۔ اس سے نہ صرف آپ کی اصل رقم محفوظ رہتی ہے بلکہ وقتاً فوقتاً اضافی رقم بھی حاصل ہوتی ہے۔

    لیکن سرمایہ کاری کرتے ہوئے ذہانت سے کام لیں۔ کسی بھی جگہ سرمایہ کاری کرنے سے قبل اس کاروبار کے پھیلاؤ اور مستقبل کے بارے میں تحقیق کریں اور پڑھیں۔ ان افراد سے گفتگو کریں جو پہلے سے اس کاروبار میں سرمایہ کاری کر چکے ہوں۔ اس کے بعد ہی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کریں۔

    آمدنی میں اضافہ کریں

    بعض لوگ جب معاشی بحران کا شکار ہوتے ہیں تو وہ اپنے اخراجات کو کم کر کے غربت میں زندگی گزارنے لگتے ہیں۔ یہ ایک غلط نقطہ نظر ہے۔ اس کے برعکس ان ذرائع پر غور کریں جہاں سے آپ جائز طریقے سے اپنی آمدنی میں اضافہ کرسکیں۔

    اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں، محنت کریں، کام سے ایمانداری اور مخلصی کا مظاہرہ کریں تو یقیناً آپ بھی معاشی طور پر خوشحال ہوجائیں گے۔