Tag: biometric sim verification

  • بند ہونے والی سموں کا آڈٹ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے

    بند ہونے والی سموں کا آڈٹ کیا جارہا ہے، چیئرمین پی ٹی اے

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق نہ ہوپانے والی سموں کو بارہ اپریل سے بند کر دیا گیا ہے،بند ہونے والی سموں کا آڈٹ جاری ہے، اعدادو شمار سے جلد قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

    نوکیا کے زیر اہتمام منعقدہ روڈ شو میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی اے کاکہناتھا کہ آڈٹ کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ کہیں غیر تصدیق شدہ سمیں بند ہونے سے رہ تو نہیں گئیں ۔

    انھوں نے بتایاکہ پی ٹی اے کے پاس 850 میگاہرٹز اور 1800 میگاہرٹز میں دو سپیکٹرم موجود جن کو آکش کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔

    وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے بھی میڈیا سے بات چیت کی ان کاکہناتھاکہ سائبر کرائم بل کو نیشنل ایکشن پلان کی روشنی میں تیا ر کیا گیا ہے اور اس میں کوئی بھی ایسی چیز نہیں جو آئین کے منافی ہو ۔

    انھوں نے بتایاکہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی جمعرات کو سائبر کرائم بل پر اپنی سفارشات دے گی ،انھوں نے مزید کہاکہ ٹیلی کام پالیسی بھی آٹھ سال بعد موجودہ حکومت نے تیار کر لی ہے جسے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا ہے۔

  • بند کی گئی سموں کی حتمی فہرست کل تک جاری کی جائے گی، پی ٹی اے

    بند کی گئی سموں کی حتمی فہرست کل تک جاری کی جائے گی، پی ٹی اے

    اسلام آباد: موبائل سمز کی بایئو میٹرک تصدیق کرانے کا وقت ختم ہوگیا، غیر تصدیق شدہ ڈھائی کروڑ سم بند کردی گئیں ہیں۔

    گزشتہ رات بارہ بجے موبائل سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے مہلت ختم ہوگئی، رات بارہ بجے سے غیر تصدیق شدہ سمز کی کال اور ایس ایم ایس سروس معطل کر دی گئی۔

    پی ٹی اے کے مطابق بند کی گئی سمز کی حتمی فہرست کل تک جاری کی جائے گی۔

    غیر تصدیق شدہ سمز رکھنے والے صارفین کو ٹیلی فون کال کرنے اورسننے کی سہولت میسر نہیں رہی جبکہ ایس ایم ایس سروس بھی بند کر دی گئی ہے، غیر تصدیق شدہ سم سے صرف موبائل کمپنی کی ہیلپ لائن پر کال کی جاسکتی ہے۔

    ٹیلی کام ذرائع کے مطابق ایسے موبائل صارفین جنھوں نے گزشتہ رات بارہ بجے سے قبل اپنے زیر استعمال سموں کی بائیو میٹرک تصدیق نہیں کروائی وہ اب اپنی سم سے نہ تو کوئی فون کال کر سکتے ہیں اور نہ کوئی ایس ایم ایس بھیج سکتے ہیں۔

    ٹیلی کام ذرائع کا کہنا ہے کہ بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی صارفین کی فون کال اور ایس ایم ایس کرنے کی سہولت بحال کی جائے گی، ذرائع کا مطابق بند ہونے والی سمز ایک سال تک کسی دوسرے شخص کو جاری نہیں کی جائیں گی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بند ہونے والی سمز کے اعدادو شمار کل تک پی ٹی اے کو دے دیئے جائیں گے، پی ٹی اے کے اعدادو شمار کے مطابق سات کروڑ اسی لاکھ سمز کی بائیو میٹرک تصدیق ہو سکی تھی جبکہ بائیو میٹرک تصدیق کی ڈیڈلائن ختم ہونے سے قبل تک ایک کروڑ ستر لاکھ سمز بند کی گئی تھیں۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی کے مطابق دس کروڑ تیس لاکھ سمز کی تصدیق کی جانا تھی، ذرائع کے مطابق تقریبا سات کروڑ اسی لاکھ سمز کی تصدیق کی گئی اور تقریبا ڈھائی کروڑ سمز کی تصدیق نہیں کرائی گئی۔

  • موبائل سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کا آج آخری دن ہے

    موبائل سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کا آج آخری دن ہے

    اسلام آباد: موبائل سمز کی بائیو میٹرک تصدیق کا آج آخری دن ہے۔ پی ٹی اے کے مطابق آج کی ڈیڈ لائن کے بعد تصدیق کی مدت میں کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔

    پی ٹی کی جانب سے تمام غیر تصدیق شدہ سمز رات بارہ بجے تک بند کر دی جائیں گی۔بلاک کی گئی سمز متعلقہ کمپنی سے بائیو میٹرک تصدیق کے بعد کھولی جاسکیں گی۔

    اب تک سات کروڑسے زائد سمز کی بائیو میٹرک تصدیق ہوچکی ہے۔ ایک کروڑ سڑسٹھ لاکھ سمز عدم تصدیق کے باعث پہلے ہی بند کی جا چکی ہیں۔

    ملک بھر میں تقریبا ساڑھے تیرہ کروڑ کے قریب سمز کام کر رہی تھیں، جن میں سے ساڑھے تین کروڑ سمز گزشتہ ایک سال میں بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے جاری کی گئیں۔

  • بارہ اپریل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کا آخری دن ہوگا

    بارہ اپریل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کا آخری دن ہوگا

    اسلام آباد: بارہ اپریل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کا آخری دن ہوگا، بارہ اپریل رات بارہ بجے سے تصدیق نہ ہو پانے والی سمز بند کر دی جائیں گی۔

    چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ کا موبائل کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ سات کروڑ پانچ لاکھ سموں کی بائیو میٹرک تصدیق مکمل ہوچکی ہے جبکہ ایک کروڑ دس لاکھ سمیں بلاک کر دی گئی ہیں، سموں کی تصدیق کا تیسرا اور آخری مرحلہ بارہ اپریل کو ختم ہو جائے گا ۔

    چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ بند ہونے والی سمز بھی چھ ماہ تک کسی کو نہیں دی جاسکیں گی اور اگر اس دوران کوئی بائیومیٹرک تصدیق کروا کر سم حاصل کرناچاہیئے تو کر سکتا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ثبوت فراہم کرکے اپنی سم اپنے کسی رشتہ دار کے نام منتقل کر سکتے ہیں یا سم بند ہونے کے بعد ایک سال کے عرصہ کے دوران بائیو میٹرک تصدیق کروا کر دوبارہ سم حاصل کر سکتے ہیں۔

    ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے بتایا کہ پاکستان میں افغان سمز کی انٹرنیشنل رومنگ ختم کر دی گئی ہے۔

    موبائل کمپنیوں کے سی ای اوز کا کہنا تھا کہ کمپنیاں اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے سموں کی بائیومیٹرک تصدیق کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس مقصد کیلئے اب تک مارکیٹ میں اسی ہزار بائیومیٹرک مشینیں دی جاچکی ہیں ۔

    انھوں نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ پریشانی سے بچنے کیلئے آخری تاریخ سے پہلے اپنی سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کروالیں۔