Tag: Birthday Party

  • خلا میں پہلی سالگرہ کی تقریب، سعودی خلا بازوں کی عربی مں مبارکباد

    خلا میں پہلی سالگرہ کی تقریب، سعودی خلا بازوں کی عربی مں مبارکباد

    زمین سے دور خلا میں موجود اسپیس اسٹیشن میں پہلی بار سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی، اماراتی خلا باز کی سالگرہ پر سعودی خلا بازوں نے انہیں عربی میں مبارکباد دی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی خلا باز علی القرنی اور ریانہ برناوی نے دیگرخلا نوردوں کے ہمراہ اپنے اماراتی ساتھی سلطان النیادی کی سالگرہ کی تقریب سپیس اسٹیشن پر منعقد کی۔

    اماراتی خلا باز النیادی نے سالگرہ کے حوالے سے منائی جانے والی تقریب کی فوٹو شیئرکرتے ہوئے کہا کہ خلا میں پہلی بار سالگرہ کی تقریب۔

    النیادی کا مزید کہنا تھا کہ اس موقع پر اپنے خوشگوار احساسات کی ترجمانی کرنے سے قاصر ہوں، خلا میں میرے ساتھی ہی میرے دوسرے اہل خانہ کی طرح ہیں جن میں ایک کیک امریکا اوردوسرا روس سے آیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے ریانہ اور علی کی جانب سے عربی میں سالگرہ کی مبارکباد وصول کرتے ہوئے خلا میں غیر معمولی اپنائیت کا احساس ہوا۔

    واضح رہے کہ سعودی خلا باز گذشتہ ہفتے امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے اکسیوم بیس سے خلائی تحقیقاتی سفر پرروانہ ہوئے تھے، خلا بازوں میں اماراتی، روسی اورامریکی شامل ہیں۔

    خلائی اسٹیشن پہنچتے ہی اماراتی خلا باز کی جانب سے خلائی سفر کے مناظر پر مبنی تصاویر ارسال کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • برتھ ڈے پارٹی پر بچی قتل

    برتھ ڈے پارٹی پر بچی قتل

    امریکا میں ایک برتھ ڈے پارٹی اس وقت ایک قیامت خیز موقع میں بدل گئی جب وہاں پر فائرنگ ہوئی اور 6 سالہ بچی سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    امریکی ریاست فلوریڈا میں یہ پارٹی ایک بچے کی سالگرہ کی تھی، تاحال پولیس اس بارے میں اندھیرے میں ہے کہ پارٹی میں ایسا کیا ہوا کہ کچھ دیر بعد فائرنگ شروع ہوگئی، فائرنگ سے 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

    ہلاک افراد میں ایک مرد اور خاتون شامل ہیں جن کی عمریں 20 سال کے قریب تھیں، ایک 6 سالہ بچی بھی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی۔

    واقعے کے بعد ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے، پولیس کو جائے وقوع سے گولیوں کے خول ملے ہیں، واقعے کی تفصیلات اور ملزمان کے بارے میں جاننے میں ناکام رہنے کے بعد پولیس نے معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 5 ہزار ڈالرز انعام کا اعلان کیا ہے۔

    واقعے میں کم عمر بچی کی موت نے لوگوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی۔ بچی کی اسکول انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بچی کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

    بچی کے ایک رشتے دار کا کہنا ہے کہ کچھ سال قبل ان کا کم عمر بیٹا بھی ایک اندھی گولی کا شکار ہو کر ہلاک ہوگیا تھا اور اب ان کا غم پھر سے تازہ ہوگیا ہے۔

    پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے جبکہ مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔