Tag: birthday

  • بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت راولپنڈی ایکسپریس 44 برس کے ہوگئے

    بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت راولپنڈی ایکسپریس 44 برس کے ہوگئے

    لاہور: راولپنڈی ایکسپریس آج اپنی سالگرہ منا رہے ہیں، انھوں‌ نے زندگی کی 44 بہاریں دیکھ لیں.

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے تیز ترین فاسٹ بولر تصور کیے جانے والے شعیب اختر آج 13 اگست کو اپنی 44 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

    سو میل فی گھنٹہ کی حیران کن رفتار سے گیند کرانے والے راولپنڈی ایکسپریس اپنے کیریر میں بلے بازوں کے لیے دہشت کی علامت تصور کیے جاتے تھے.

    شہرت کے ساتھ ساتھ تنازعات بھی ان کے حصے میں آئے، اپنے کیریر میں انھیں ڈوپنگ اسکینڈل، ساتھی کھلاڑیوں سے جھگڑے اور ڈسپلن کی پاس داری نہ کرنے وجہ سے تنقید کا سامنا رہا.

    کرکٹ سے ریٹائرمینٹ کے بعد وہ تجزیہ کار کے روپ میں دکھائی دیے، اس میدان میں‌ بھی ان کے کاٹ دار تبصرے مخالفین کے لیے پریشانیوں کا باعث بنے رہے. شعیب اختر نے یوٹیوب پر اپنا چینل بھی شروع کیا، جسے بہت پذیرائی ملی.

    انھوں نے 2003 کے عالمی کپ کے پول میچ میں انگلینڈ کے خلاف میچ میں 161.3 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینک کر اپنا نام تاریخ میں درج کروا.

    مزید پڑھیں: گھٹنوں کے درد میں مبتلا شعیب اختر کو بیماری سے چھٹکارا ملنے کی امید

    انھوں نے 46 ٹیسٹ میچز میں 178 وکٹیں لیں، 12 مرتبہ اننگ میں5 وکٹیں اپنے نام کیں، انھوں نےاپنا اولین ٹیسٹ 1997 میں ویسٹ انڈیز اور آخری ٹیسٹ 2007 میں بھارت کے خلاف کھیلا.

    اس بے بدل بولر نے 163 ون ڈے میچز میں 247وکٹیں اپنے نام کیں۔ 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی رہی۔

  • ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم نے زندگی کی 93 ویں بہاریں‌ دیکھ لیں

    ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم نے زندگی کی 93 ویں بہاریں‌ دیکھ لیں

    لندن : برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوئم کی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر لندن میں دن کا آغاز اکتالیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر برطانیہ میں دن کا آغاز 41 توپوں کی سلامی سے کیا گیا تھا، ملکہ برطانیہ نے دن کے آغاز پر گرے سے رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔

    ملکہ الزبتھ کی 93 ویں سالگرہ پر رائل ایئر فورس کے ہوائی جہازوں نے لندن کی فضا میں قوس قزاح کے رنگ بکھیرے، فلائی پاسٹ میں بیس سے زائد طیاروں نے شرکت کی جن میں جدید جنگی اور تاریخی طیارے بھی طیارے بھی شامل تھے۔

    ملکہ ایلزبتھ شاہی بگھی میں سوار ہوکر میدان میں آئیں تو بینڈ باجوں سے آؤ بگھت کی گئی، شاہی دستے نے ملکہ کو سلامی دی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملکپ برطانیہ کو سلامی دینے کےلیے کی جانے والی پریڈ میں چودہ سو فوجیوں نے حصّہ لیا جبکہ کنگ بٹالین رائل ہارس آٹلری نے گرین پارک میں 41 توپوں کی سلامی دی۔

    ملکہ برطانیہ کی 93 ویں سالگرہ کے موقع پر ریاست ویلز کے شہزادے چارلس، کارنوال کی شہزادی کامیلا، کیمبرج کے شہزادے پرنس اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اور سُسکس کے شہزادی میگھن مرکل و شہزادے ہیری نے شرکت کی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل چار ہفتے قبل دنیا میں آنکھ کھولنے والے بیٹے آرچی کی پیدائش کے بعد پہلی مرتبہ عوام کے سامنے آئے ہیں۔

  • برطانیہ کے قومی مفادات پاکستان کی ترقی سے جڑے ہیں: تھامس ڈریو

    برطانیہ کے قومی مفادات پاکستان کی ترقی سے جڑے ہیں: تھامس ڈریو

    کراچی: برطانوی ہائی کشمنر تھامس ڈریو کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے قومی مفادات پاکستان کی ترقی سے جڑے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشن میں ملکہ برطانیہ کی 93ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر تھامس ڈریو نے پاک برطانیہ دوستی کو عظیم قرار دیا۔

    برطانوی ہائی کشمنر کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے لیے پاکستان اہم ملک ہے، ہمارے قومی مفادات پاکستان کی ترقی اور خوش حالی سے جڑے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دوسری بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ برطانیہ ہے۔

    ملکہ برطانیہ کی 93ویں سالگرہ حوالے سے منعقد کی گئی تقریب میں گورنرسندھ، برطانوی ہائی کمشنرتھامس ڈریو اور ڈپٹی ہائی کمشنر سمیت پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں برطانوی ہائی کشمنر نے پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ روابط کو سراہا تھا۔

    تھامس ڈریو پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرتعینات

    پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہر طرح کے براہ راست رابطے کو سراہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ سماجی رابطے کی ویٹ سائٹ ٹوئٹر پر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل کے ایک ٹویٹ پر اظہار خیال کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے براہ راست رابطے خوش آئند ہیں۔

  • آج محسنِ پاکستان عبدالقدیرخان اپنی 83ویں سالگرہ منارہے ہیں

    آج محسنِ پاکستان عبدالقدیرخان اپنی 83ویں سالگرہ منارہے ہیں

    آج پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی 83ویں سال گرہ منائی جارہی ہے۔

    ملک بھر میں آج محسن پاکستان عبدالقدیر خان کے مداح خصوصی تقاریب منعقد کریں گے، سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور ان کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

    ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل 1936 ءکو بھوپال میں پیدا ہوئے۔ 1952ءمیں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آگئے جہاں انہوں نے ڈی جے کالج کراچی سے بی ایس سی کیا۔ 1961ءمیں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے وہ یورپ چلے گئے جہاں انہوں نے جرمنی اور ہالینڈ کی یونیورسٹیوں سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور پی ایچ ڈی کیا۔

    1974ءمیں انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو سے رابطہ قائم کیا اور انہیں بتایا کہ وہ یورینیم کی افزودگی جیسے پیچیدہ اور مشکل ترین کام میں مہارت رکھتے ہیں اور ملک کی خدمت کے لیے وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔

    ذوالفقار علی بھٹو نے ڈاکٹر قدیر خان کو فوراً وطن واپس آنے کی ہدایت کی اوران پراعتماد کرتے ہوئے انہیں اپنا پروجیکٹ شروع کرنے کی تمام سہولیات فراہم کردیں جس کے نتیجے میں 31 جولائی 1976ءکو راولپنڈی میں انجینئرنگ ریسرچ لیبارٹریز کا قیام عمل میں آگیا جو اب ڈاکٹر عبدالقدیر خان ریسرچ لیبارٹری کہلاتا ہے۔

    دو سال کی ریاضت کے بعدڈاکٹر عبدالقدیر خان اس لیبارٹری میں یورینیم کو افزودہ کرنے کے تجربے میں کامیاب ہوگئے۔ تقریباً اسی زمانے میں کہوٹہ کے مقام پرایٹمی پلانٹ کی تنصیب مکمل ہوگئی جہاں پاکستان نے اپناسب سے بڑا ہتھیار ایٹم بم تیارکیا۔

    28مئی 1998ءکو پاکستان نے پہلا ایٹمی دھماکا کیا اور یوں ایٹمی طاقت رکھنے والے ملکوں کی صف میں شامل ہوگیا۔

  • قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کا 119ویں یوم پیدائش

    قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کا 119ویں یوم پیدائش

    لاہور: اردو زبان کے شہرہ آفاق شاعر اور قومی ترانے کے خالق حفیظ جالندھری کی ایک سو انیسویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔

    قومی ترانے کے خالق کی حیثیت سے حفیظ جالندھری نے شہرت دوام پائی، ملکہ پکھراج نے ان کی نظم ابھی تو میں جوان ہوں کو گا کر امر کردیا، آپ 82 سال کی عمر میں اس جہانِ فانی سے رخصت ہوگئے تھے۔

    حفیظ جالندھری ایک نامور شاعر اور نثرنگار ہیں آپ 14 جنوری 1900 کو ہندوستان کے شہر جالندھر میں پیدا ہوئے اور آزادی کے وقت آپ لاہور منتقل ہوگئے، آپ کا قلمی نام ’ابولاثر‘ تھا۔

    آپ کا سب سے اہم فنی کارنامہ اسلام کی منظوم تاریخ ہے جس کا نام ’شاہ نامۂ اسلام‘ ہے لیکن آپ کی وجۂ شہرت پاکستان کا قومی ترانہ ہے۔ آپ کی خدمات کے صلے میں آپ کو شاعرِاسلام اور شاعرِپاکستان کے خطابات سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ دیگر اعزازات میں انہیں ہلال امتیاز اور تمغۂ حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

    ارادے باندھتا ہوں سوچتا ہوں تو ڑ دیتا ہوں

    کہیں ایسا نہ ہو جائے کہیں ویسا نہ ہو جائے

    آپ کا موضوع سخن فلسفہ اورحب الوطنی ہے آپ کی بچوں کے لیے لکھی تحریریں بھی بے حد مقبول ہیں۔

    آپ غزلیہ شاعری میں کامل ویکتا تھے، 1925 میں ’نغمہ زار‘ کے نام سے حفیظ کا پہلا مجموعہ کلام شائع ہوا۔ ملکہ پکھراج کا گایا ہوا شہرہ آفاق گیت ابھی ’تو میں جوان ہوں‘ بھی اسی مجموعے میں شامل تھا۔

    آخر کوئی صورت تو بنے خانہٴ دل کی

    کعبہ نہیں بنتا ہے تو بت خانہ بنا دے

    اس کے بعد سوزوساز، تلخابہ شیریں، چراغ سحر اور بزم نہیں رزم کے عنوانات سے ان کے مجموعہ ہائے کلام سامنے آئے۔

    دیکھا جو تیرکھا کہ کمیں گاہ کی طرف

    اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی

    حفیظ جالندھری 21 دسمبر 1982 کو انتقال فرماگئے تھے ‘ اس وقت آپ کی عمر 82 سال تھی۔

    شعر وادب کی خدمت میں جو بھی حفیظ کا حصہ ہے

    یہ نصف صدی کا قصہ ہے دو چار برس کی باتیں نہیں

  • شہید بھٹو اور بی بی کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے: بلاول بھٹو

    شہید بھٹو اور بی بی کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو غیر معمولی زرخیز ذہن کے مالک تھے، ان کے اور بی بی کے مشن کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذوالفقارعلی بھٹو کی 91ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا، بلاول بھٹو نے بانی پیپلزپارٹی ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کی۔

    چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہید بھٹو کے نظریے پر سختی سے کاربند رہنا میرا نصب العین ہے، وہ غیر معمولی زرخیز ذہن کے مالک تھے۔

    سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا 91 واں یوم پیدائش

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ شہیدبھٹو نے 90ہزار جنگی قیدیوں کو بھارت سے آزاد کرایا، بھٹو نے ہزاروں میلوں پر محیط پاکستانی زمین بھارتی قبضے سے واگزار کرائی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کی بنیاد بھی ذولفقارعلی بھٹو نے رکھی، عدالتی قتل سے عوام عظیم لیڈر سے محروم ہوگئی۔

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اورپاکستان کے نویں وزیرِاعظم ذوالفقارعلی بھٹو کا 91 واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔

    ذوالفقارعلی بھٹو5جنوری 1928کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، کون جانتا تھا کہ وہ بین الاقوامی قد آورسیاسی شخصیت کے روپ میں اُبھرکرسامنے آئیں گے، ان کے والد سر شاہ نواز بھٹو بھی سیاست کے میدان سے وابستہ رہے تھے۔

  • اداکاراحسن خان نے اپنی سالگرہ خصوصی بچوں کے ساتھ منائی

    اداکاراحسن خان نے اپنی سالگرہ خصوصی بچوں کے ساتھ منائی

    کراچی: معروف ٹی وی اور فلم اداکار احسن خان نے اپنی سالگرہ مخصوص صلاحیتوں کے حامل خصوصی بچوں کے ساتھ منائی،یہ ان کی 37 ویں سالگرہ ہے۔

    معروف اداکاراحسن خان 9 اکتوبر 1981 کو لندن میں پیدا ہوئے تھے ، بعد ازاں ان کا خاندان پاکستان کے ثقافتی دارالحکومت لاہور منتقل ہوگیا تھا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا زیادہ تر وقت گزارا ، ساتھ ہی ساتھ کیرئر کا آغاز بھی کیا۔

    احسن خان نے پہلی فلم ’نکاح‘ سنہ 1998 میں کی تھی جس کے فوراً بعد وہ پی ٹی وی کے ایک ڈرامے میں دکھائی دیئے ، وہ اب تک دس فلموں میں کام کرچکے ہیں ، جن میں سے ایک اینیمٹڈ ہے اور اس میں ان کا صوتی کردار ہے۔

    احسن خان کا ٹیلی ویژن کا کیرئر گزشتہ 13 سال پر محیط ہے اور وہ اب تک 35 سے زائد ڈراموں میں کام کرچکے ہیں ، جن میں اے آروائی ڈیجیٹل کے ڈرامے کبھی کبھی،میری لاڈلی، نیت، عمر ، دادی اور گھر والے، اور مقدس شامل ہیں۔

    احسن خان نے اپنی سالگرہ کراچی کے ایک فلاحی ادارے ’دارالسکون‘ کے خصوصی بچوں کے ساتھ منائی ، اس موقع پر انہوں نے کیک کاٹا اور ادارے میں مقیم بچوں کو کھانے پینے کی اشیا بطور تحفہ دیں۔

    اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ سالگرہ ان بچوں کے ساتھ منانےکا مقصد معاشرے کو یہ پیغام دینا ہے کہ خصوصی بچے ہوں یا بزرگ، ہر وہ شخص جسے ہمارے پیار اور توجہ کی ضرورت ہے اس پرتوجہ دینا اور اس کی مدد کرنا ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے جسے ادا کرنا ہم پر فرض ہے۔

  • بوم بوم 38 برس کے ہوگئے، کراچی کنگز کے ساتھ سالگرہ منائی

    بوم بوم 38 برس کے ہوگئے، کراچی کنگز کے ساتھ سالگرہ منائی

    کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی 38 برس کے ہو گئے۔ کراچی کنگز کے صدر نے اپنی سالگرہ کراچی کنگز کے شیروں کے ساتھ منائی۔

    تفصیلات کے مطابق 38 سالہ سپراسٹار بوم بوم آفریدی نے شارجہ میں ٹیم ارکان کے ساتھ سالگرہ منائی۔ ٹیم نے کیک کاٹا اور لالہ کا منہ میٹھا کیا۔ آفریدی نے اے آر وائی اور کراچی کنگز کا شکریہ ادا کیا۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ شاہد آفریدی کی سالگرہ منانا ہمیشہ یاد رہے گا۔

    واضح رہے کہ ان دنوں شاہد آفریدی متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں جاری پاکستان سپر لیگ سیزن تھری میں کراچی کنگز کے لیے کھیلتے ہوئے مداحوں کو اپنی کارکردگی سے لبھا رہے ہیں‘ حال ہی میں انہوں نے پی ایس ایل کا مشکل ترین  کیچ پکڑ کر شائقین کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا تھا۔

    شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1980 کو خیبرایجنسی میں پیدا ہوئے، 1996 میں سری لنکا کے خلاف اپنے دوسرے انٹرنیشنل میچ میں 37 گیندوں پردنیا کی تیزترین سنچری بنا کرراتوں رات شہرت کی بلندیوں پرپہنچ گئے۔

    ان کا یہ ریکارڈ تقریباً 17سال تک قائم رہا جسے نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن اورپھرجنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز نے اپنے نام کر لیا۔

    1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی بوم بوم آفریدی کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔ ان کو یہ نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر راوی شاستری نے دیا۔

    آفریدی اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت پوری دنیا میں پہچانے جاتے ہیں اوراسی بدولت کئی ریکارڈ مثلا سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اورسب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔

    حال ہی میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق وہ پاکستان کے سب سے مشہور کھلاڑی ہیں۔ آج شاہد آفریدی کے مداح شہر شہر ان کی سالگرہ کا جشن منائیں گے اور کیک کاٹیں گے۔


    شاہد آفریدی کی شاندارکارکردگی کے ناقابلِ فراموش مناظر


    شاہد آفریدی ایشیا کپ میں بنگلہ دیشی باؤلرزکی دھلائی کرتے ہوئے

    شاہد آفریدی کا چارسوواں شاندارچھکا

    شاہد آفریدی کے پاکستان کے روایتی حریف بھارت کے خلاف نودھواں دھارچھکے

    انگلینڈ کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرانا آفریدی کا ہی کمال ہے

    کرکٹ کی دنیا کا مشکل ترین کیچ جسے صرف شاہد آفریدی ہی پکڑسکتے تھے

  • اسٹار کرکٹر مصباح الحق آج 43 ویں سالگرہ منار ہے ہیں

    اسٹار کرکٹر مصباح الحق آج 43 ویں سالگرہ منار ہے ہیں

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے زندگی کے 43 بہاریں دیکھ لیں‘ مصباح الحق 28 مئی 1974 کو میانوالی میں پیدا ہوئے‘ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی سے تعلیم حاصل کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق آج اپنی 43 ویں سالگرہ منارہے ہیں، مصباح الحق نے سالگرہ فیملی اور دوستوں کے ہمراہ منائی۔


    سابق کپتان نے سالگرہ کے موقع پر اپنی پسند کا کافی کیک منگوا کر سالگرہ منائی۔ چیمپئن کپتان کو سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے بھی سالگرہ کی مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔

    مصباح الحق نے نیوزی لینڈ کے خلاف سنہ دو ہزار ایک میں کھیلے گئے میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ 2010ء میں اس وقت ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالی جب قومی ٹیم کے تین کرکٹر اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے، ٹیسٹ ٹیم کو نمبر ون پوزیشن پر لے جانے کا سہرا مصباح الحق کو ہی جاتا ہے۔


    مصباح الحق کا وطن واپسی پر شاندار استقبال


     واضح رہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر دو ایک سے شکست دیکر پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔

    قومی ٹیم ٹیسٹ کو ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹیسٹ سیریز میں کامیابی دلوانے والے سابقہ کپتان مصباح الحق جب وطن واپس آئے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا، مداحوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

    سنہ 2017ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت کر قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ سابق کپتان نے ٹیسٹ کیریئر میں 10 سنچریوں اور 39 نصف سنچریوں کی مدد سے 5222 رنز بنارکھے ہیں۔

  • کرکٹرمحمد عامر آج 25ویں سالگرہ منارہے ہیں

    کرکٹرمحمد عامر آج 25ویں سالگرہ منارہے ہیں

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرمحمد عامر آج اپنی 25ویں سالگرہ منارہے ہیں‘ چھوٹی سی عمر میں عامر بڑے بڑے کارنامے انجام دے چکے ہیں اور امید ہے کہ ان کا باؤلنگ کیرئیر شاندار رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے لیفٹ آرم فاست باولر محمد عامر آج اپنی 25 ویں سالگرہ منارہے ہیں، محمد عامر 13 اپریل 1992ء کو گوجر خان میں پیدا ہوئے۔

    محمد عامر سات بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر ہیں، فاسٹ باؤلر نے کرکٹ کا اسٹارٹ وسیم اکرم سے متاثر ہوکر کیا۔گیارہ سال کی عمر میں محمد عامر نے راولپنڈی میں باجوہ اسپورٹس اکیڈمی سے اپنے کیریئر کا آغاز 2003ء سے کیا۔


    محمد عامر سے متعلق دلچسپ حقائق


     مایہ ناز فاست باولر نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے کے بعد گوجر خان چھوڑ کر لاہور میں قیام کا فیصلہ کیا، برطانوی نژاد پاکستانی خاتون نرجس خان سے ستمبر 2016ء میں شادی کی۔

    عامر کا ٹیسٹ ڈیبیو سری لنکا کے خلاف 2009، میں جبکہ ون ڈے ڈیبیو سری لنکا ہی کے خلاف 30 جولائی 2009ء کو ہوا۔

    عامر نے اس وقت بہت ہی برا وقت دیکھا جب ان پر انگلینڈ میں 2010ء میں تیسٹ سیریز کے دوران اسپات فکسنگ کا الزام لگا اور عامر نے سب سے پہلے اپنا گناہ مانا اور سزا بھگتنے کے بعد دوبارہ قومی ٹیم میں اپنی جگہ بنائی۔

    ان دنوں فاسٹ باؤلر ویسٹ انڈیز میں ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ وہ اپنی سالگرہ بھی ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ ہی منائیں گے۔

    اس خوشی کے دن پر ان کی شریکِ حیات نرجس عامر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں محمد عامر کا دنیا کا سب سے بہترین شوہر قرار دیتے ہوئے اللہ سے ان کی حفاظت اور ان کو بھرپور خوشیوں سے نوازنے کی دعا کی ہے۔