Tag: biryani

  • مکلی میں باہر سے منگوائی بریانی کھانے سے ماں اور بچوں کی حالت غیر

    مکلی میں باہر سے منگوائی بریانی کھانے سے ماں اور بچوں کی حالت غیر

    کراچی (24 اگست 2025): صوبہ سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں مضر صحت بریانی کھانے سے ماں اور بچوں کی حالت غیر ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ شہر میں مکلی کے قریب مضر صحت بریانی کھانے سے خاتون اور بچوں کی حالت غیر ہو گئی، اہل خانہ نے بتایا کہ بریانی باہر سے خرید کر کھائی تھی۔

    متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، خاتون اور 3 بچوں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بریانی باہر سے منگوائی گئی تھی جس کے کھانے کے بعد بچوں کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی۔

    شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے شہر حافظ آباد میں مبینہ طور پر شوارما کھانے سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی تھی، فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مضر صحت شوارما کھانے سے 3 فیمیلیوں کے 9 افراد متاثر ہوئے ہیں، جو سول اسپتال میں داخل کر دیے گئے ہیں، اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ترجمان کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے تفصیلی چیکنگ کے بعد شوارما پوائنٹ کو سیل کر دیا، 40 کلو گوشت، 16 لٹر آئل، 15 کلو مایونیز، بھاری مقدار میں فرائز اور سلاد کو تلف کر دیا گیا۔

  • بھارت: بریانی کھانے پر تیسری جماعت کا مسلم طالب علم اسکول سے فارغ

    بھارت: بریانی کھانے پر تیسری جماعت کا مسلم طالب علم اسکول سے فارغ

    امروہہ: بھارت کے اتر پردیش کے امروہہ ضلع کے ایک نجی اسکول کے کلاس 3 کے طالب علم کو بدھ کے روز مبینہ طور پر اس وقت اسکول سے نکال دیا گیا جب اس کے لنچ باکس میں نان ویجیٹیرین بریانی دیکھی گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 7سالہ بچے کی ماں اور اسکول کے پرنسپل کے درمیان بات چیت کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا۔

    لڑکے کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ اسے پرنسپل نے مارا پیٹا اور بریانی کھانے پر ایک خالی روم میں بند کر دیا، جبکہ پرنسپل نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔

    ڈسٹرکٹ انسپکٹر آف اسکولز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لڑکے کی ماں نے شکایت درج کرائی ہے کہ اس کے بیٹے کو اسکول کے پرنسپل نے مارا پیٹا ہے، اس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پرنسپل نے اسے بتایا کہ اس نے اسکول کے رجسٹر سے لڑکے کا نام نکال دیا ہے، میں نے وقتی انکوائری کا حکم دیا ہے اور رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی کروں گا۔

    وی پی سنگھ، جو ضلع میں تمام سرکاری رجسٹرڈ اسکولوں کے ذمہ دار ہیں، نے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے اور اسے پیر تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کمیٹی میں امروہہ ضلع کے تین سرکاری اسکولوں کے پرنسپل شامل ہیں۔

    اسکول کے پرنسپل نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے لڑکے کو نہیں مارا اور وہ ایک استاد کی نگرانی میں کمپیوٹر روم میں موجود تھا۔

    پرنسپل اور والدہ کے درمیان ہونے والی بات چیت کی مبینہ ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اسکول کے رجسٹر سے لڑکے کا نام نکال دیا گیا ہے۔ گھر لے جاؤ اسے۔ ایسے بچو کی یہاں ضرورت نہیں ہے۔

    مقامی مسلم کمیٹی کے ارکان نے جمعرات کو امروہہ تحصیل ہیڈکوارٹر پر اس واقعہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    جعلی واٹس ایپ گروپ سے فراڈ، ریٹائرڈ بینک ملازم 1.57 کروڑ سے محروم

    مسلم کمیٹی کے صدر حاجی خورشید انور نے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول کی شناخت منسوخ کی جائے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔“

  • ایمی ورک بھی بریانی کے دیوانے نکلے

    ایمی ورک بھی بریانی کے دیوانے نکلے

    پنجابی گلوکار و اداکارہ ایمی ورک نے بریانی سے اپنی محبت کا انکشاف کیا۔

    پنجابی گلوکار ایمی ورک اس وقت اپنی حالیہ ریلیز ہونے والی ’بیڈ نیوز ‘ کی باکس آفس میں کامیابیاں سمیٹنے میں مصروف ہیں، اداکار کو نہ صرف بیڈ نیوز میں اپنی اداکاری کے لیے پسند کیا جارہا ہے بلکہ ان کی دوسری ہٹ فلم ’کڑی ہریانے ویل دی‘ بھی دھوم مچا رہی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ammy virk (@ammyvirk)

    دو سپر ہٹ فلموں کے بعد ایمی اب اپنے اگلے بڑے بجٹ والی فلم ’کھیل کھیل میں‘ کی تیاری کر رہے ہیں، اسی دوران ایمی نے بریانی سے اپنی محبت کا انکشاف کیا۔

    ایمی نے حالیہ انٹرویو میں سیٹ پر ہونے والے دلچسپ قصے شیئر کیے، کہا کہ سیٹ پر ایک پر سکون اور پر لطف ماحول ہوتا ہے، کاسٹ اکثر لنچ ایک ساتھ کرتے ہیں، تاپسی صحت مند کھانا کھاتی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مجھے گرلڈ فش اور دیگر ڈائیٹ فوڈز کی سمجھ نہیں آتی، میں ایک حقیقی پنجابی ہوں اور بریانی سے محبت کرتا ہوں، اور سیٹ پر موجود دیگر کاسٹ بھی میرے ساتھ کبھی بریانی کھاتے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Ammy virk (@ammyvirk)

    واضح رہے کہ ایمی کی آنے والی فیملی انٹرٹینر فلم ’کھیل کھیل میں ‘ میں اکشے کمار، وانی کپور، تاپسی پنو، پرگیہ جیسوال، اور آدتیہ سیل سمیت ستاروں سے جڑی کاسٹ شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ فلم ’بیڈ نیوز ‘19 جولائی 2024 کو ریلیز ہوئی تھی،  فلم نے ریلیز کے 8 دنوں کے بعد بھارت میں 44.21 کروڑ روپے کما لیے ہیں، اس فلم مین ایمی ورک کے علاوہ ترپتی ڈمری اور وکی کوشل نے مرکزی کردار ادا کیا۔

  • بریانی کھانی ہے : ہمایوں سعید نے ثروت گیلانی کو کیا کہا؟

    بریانی کھانی ہے : ہمایوں سعید نے ثروت گیلانی کو کیا کہا؟

    کراچی : پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور و معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے بتایا کہ ایک بار شوٹنگ کے دوران اداکار ہمایوں سعید نے کھانے پر ٹوکا۔

    مقامی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بحیثیت مہمان گفتگو کرتے ہوئے ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ میں اور ہمایوں سعید ڈرامے کی شوٹنگ کررہے تھے کہ کھانے کا ٹائم ہوگیا تو ہمایوں نے پوچھا کہ آپ کھانے میں کیا پسند کریں گی؟

    جس کے جواب میں میں نے کہا کہ بریانی منگوالیں، جب ایک دو دن گزر گئے تو ہمایوں نے ازراہ مذاق کہا کہ اب ثروت سے کوئی نہ پوچھے یہ سستے کھانے کھاتی ہے یہ ہم کو بھی ایسا ہی سمجھتی ہے اور اس کی پہنچ بھی یہیں تک ہے۔

    ثروت گیلانی نے بتایا کہ جب میں کہیں بیرون ملک ہوتی ہوں تو کھانے کیلئے پاکستانی یا انڈین ریسٹورنٹس ڈھونڈتی ہوں کیونکہ جو ذائقہ اور لذت ہمارے کھانوں میں ہے وہ کہیں نہیں۔

  • سیلاب میں تیرتی بریانی سوشل میڈیا پر وائرل

    سیلاب میں تیرتی بریانی سوشل میڈیا پر وائرل

    رواں برس مون سون کی بارشوں نے جہاں سیلابی صورت اختیار کر کے بے تحاشہ نقصان کیا، وہیں اس دوران کچھ دلچسپ مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک دلچسپ ویڈیو میں بریانی کی دیگ کو سیلابی پانی میں تیرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    بظاہر یہ ویڈیو بھارتی ریاست حیدر آباد کی لگ رہی ہے، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارش کے پانی میں تیرتی دیگ کی ویڈیو کو فلمانے اور اسے دیکھنے والے لوگ ہنس رہے ہیں اور اس پر تبصرے بھی کر رہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ جس شخص کو اپنا یہ بریانی کا آرڈر نہیں ملے گا وہ بہت ناخوش ہوگا۔

    کچھ صارفین نے کہا کہ بارشوں کے دوران کھانے کی ڈیلیوری پہنچانے کا یہی مؤثر ترین ذریعہ ہے۔

  • پچاس لاکھ روپے کی بریانی کے گھپلے کا انکشاف

    پچاس لاکھ روپے کی بریانی کے گھپلے کا انکشاف

    جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے سینئرعہدیدار بریانی کے نام پر پچاس لاکھ روپے کے غبن میں ملوث پائے گئے ہیں، یہ دعویٰ محکمہ برائے انسداد رشوت خوری (اے سی بی) نے اپنے بیان میں کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر ٹھاکر اور دیگر عہدیداروں پر بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے اور تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہے۔

    ای سی بی کے مطابق فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر ٹھاکر، خزانچی ایس ایس بنٹی، چیف ایکزیکٹو ایس اے حمید، ضلع صدر فیاض احمد اور دیگر عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    ای سی بی کا کہنا ہے کہ ان عہدیداروں نے فٹبال سرگرمیوں کے لئےجموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کی جانب سے پچاس لاکھ روپے کا غبن کیا ہے۔

    غبن کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ای سی بی حکام نے بتایا کہ ان عہدیداروں نے فنڈز کو ہوٹل سے بریانی خریدنے، کاغذات کی فوٹوا سٹیٹ کرانے اور ہارڈویئر سے سامان خریدنے میں خرچ کیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران یہ اس بات کا انکشاف ہوا کہ یہ تمام بلز فرضی ہیں اور ان فنڈز کو منظم طریقے سے غبن کیا گیا ہے۔

    ای سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ عہدیداروں کے خلاف بریانی اسیکنڈل میں فنڈز خورد برد کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے،

    واضح رہے کہ فٹ بال ایسوسی ایشن گزشتہ دہائیوں سے کشمیر میں فٹبال کو فروغ دینے کے نام پر کافی سرکاری فنڈز خرچ کرتے آئے ہیں، تاہم وادی میں سرینگر کے علاوہ دیگر اضلاع میں فٹ بال کی سرگرمیاں نہ کے برابر ہے۔

  • عید الفطر: کچے گوشت کی مزیدار حیدرآبادی بریانی بنانے کی ترکیب

    عید الفطر: کچے گوشت کی مزیدار حیدرآبادی بریانی بنانے کی ترکیب

    عید الفطر کے موقع پر مہمانوں اور گھر والوں کی تواضع کے لیے بہترین پکوان بنائے جاتے ہیں، اسی لیے آج ہم آپ کو کچے گوشت کی حیدر آبادی بریانی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن: 1 کلو

    چاول: 1 کلو

    دہی: 1 کلو

    دار چینی: 2 عدد

    لونگ: 8 عدد

    چھوٹی الائچی: 4 عدد

    کالی مرچ: 5 عدد

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    چھوٹی الائچی: 2 چائے کے چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمچ

    پیاز: چار عدد، فرائی، سلائس اور چورا کرلیں

    ہرا دھنیا باریک کٹا ہوا: آدھی گڈی

    دودھ: تھوڑا سا

    زردے کا رنگ: تھوڑا سا

    ترکیب

    پہلے چاولوں میں دار چینی، لونگ، چھوٹی الائچی اور کالی مرچ ڈال کر ابال لیں۔

    ایک پیالے میں چکن، دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی اور پسی چھوٹی الائچی کو اچھی طرح مکس کر کے میری نیشن کے لیے چھوڑ دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کر کے اس میں پیاز کو فرائی کر کے نکال لیں اور ایک طرف رکھ لیں۔

    میری نیٹ کیے ہوئے گوشت کو فرائی پین میں ڈال دیں۔

    پھر اس میں فرائی کی ہوئی پیاز اور ہرا دھنیہ ڈال دیں۔

    اب گوشت کے اوپر فرائی کی ہوئی پیاز کا آدھا تیل ڈال دیں۔

    ابلے ہوئے چاولوں کو ڈال کر پکالیں۔

    دودھ اور زردے کے رنگ کو مکس کرلیں اور چاولوں پر ڈال دیں۔

    بچے ہوئے تیل کو گرم کر کے اس میں تھوڑا سا زردہ رنگ ڈال کر چاولوں پر ڈال دیں۔

    اس کو دم پر رکھ دیں اور جب پک جائیں تو ڈش میں ڈال کر سرو کریں۔

  • مزیدار دیگی بریانی گھر میں بنانے کی آسان ترکیب

    مزیدار دیگی بریانی گھر میں بنانے کی آسان ترکیب

    بریانی ایک ایسی ڈش ہے جو چاہے کوئی دعوت ہو یا روزمرہ کا کوئی عام دن، ہر موقع پر اچھی لگتی ہے، بریانی بہت سے افراد کی پسندیدہ ڈش بھی ہوتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں باہر کی دیگی بریانی گھر میں بنانے کا نہایت آسان طریقہ بتایا گیا، اس کے لیے آپ کو مندرجہ ذیل اشیا کی ضرورت ہوگی۔

    اجزا

    چاول: آدھا کلو

    گوشت: آدھا کلو

    دہی: 1 پاؤ

    لال مرچ کٹی ہوئی: 2 چائے کے چمچ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی: 1 چائے کا چمچ

    نمک: 2 چائے کے چمچ

    تیل: 1 کپ

    مکس گرم مصالحہ: 1 کھانے کا چمچ

    ادرک لہسن کا پیسٹ: 1 کھانے کا چمہ

    آلو: 3 عدد

    زردے کا رنگ: آدھا چائے کا چمچ

    پیاز: 1 چائے کا چمچ

    ٹماٹر: 1 پاؤ

    آلو بخارے: 50 گرام

    ہرا دھنیا: آدھی گٹھی

    پودینہ: آدھی گٹھی

    چاٹ مصالحہ: 2 چائے کے چمچ

    کڑی پتے: 6 عدد

    ترکیب

    سب سے پہلے دہی میں زردہ رنگ ملا کر ایک طرف رکھ دیں۔

    ایک پین میں ایک کپ پانی، باقی دہی، کٹی لال مرچ، ہلدی، پسی لال مرچ، نمک، ایک کپ تیل، مکس گرم مصالحہ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور بادیان کے پھول ڈال کر مکس کریں۔

    پھر گوشت شامل کر کے دس منٹ پکائیں۔

    اب آلو ڈال کر بھونیں، جب آلو آدھے گل جائیں تو اوپر سے زردے رنگ والا دہی پھیلائیں۔

    پھر فرائی پیاز، ٹماٹر، آلو بخارے، ہرا دھنیا، پودینہ، چاٹ مصالحہ، کڑی پتے اور ادرک ڈال کر ابلے چاول ڈالیں۔

    اب چاولوں پر آدھا کپ تیل ڈال کر آدھے گھنٹے کے لیے دم پر رکھ دیں اور چولہا بند کر دیں۔

    مزیدار گرما گرم دیگی بریانی تیار ہے، رائتے اور سلاد کے ساتھ سرو کریں۔

  • مزیدار تندوری چکن بریانی کھانا چاہیں گے؟

    مزیدار تندوری چکن بریانی کھانا چاہیں گے؟

    بریانی پاکستان کی مشہور ترین ڈش ہے جو تقریباً ہر شخص کو پسند ہوتی ہے۔ آج ہم آپ کو تندوری چکن بریانی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن: آدھا کلو

    دہی: 1 پاؤ

    پیاز: 1 عدد

    ٹماٹر: 2 عدد

    ہری مرچ: 4 عدد

    ہرا دھنیہ، پودینہ: چوتھائی گٹھی

    گھی: آدھا کپ

    آلو بخارہ: 100 گرام

    چاول: 300 گرام

    لال مرچ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    گرم مصالحہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ادرک، لہسن پیسٹ: 2 کھانے کے چمچ

    زردہ رنگ: آدھا چائے کا چمچ

    جائفل جاوتری پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    چھوٹی بڑی الائچی کا پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    ثابت گرم مصالحہ: حسب ضرورت

    کیوڑہ: 2 کھانے کے چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    سب سے پہلے چکن کو کٹ لگائیں اور اسے ایک کھانے کا چمچ ادرک، لہسن پیسٹ، لال مرچ پاؤڈر، ہلدی پاؤڈر، گرم مصالحہ پاؤڈر، نمک اور آدھا پاؤ دہی کے ساتھ میری نیٹ کریں۔

    اوون کو 180 ڈگری پر پری ہیٹ کرلیں۔

    چاولوں کو آدھے گھنٹے کے لیے پانی میں بھگو دیںِ۔

    بیکنگ ٹرے کو چکنا کرلیں اور اس پر چکن رکھ کے اوون میں دس سے پندرہ منٹ رکھ دیں۔

    کیوڑہ میں زردہ رنگ مکس کرلیں۔

    گریوی بنانے کے لیے

    پین میں گھی گرم کر کے اس میں پیاز اور ثابت گرم مصالحہ ہلکی آنچ پر پکائیں، جب پیاز گولڈن ہو جائے تو ایک کھانے کا چمچ ادرک، لہسن پیسٹ شامل کر کے مکس کریں کہ کچا پن دور ہوجائے۔

    اب باقی آدھا پاؤ دہی اور ہری مرچیں شامل کر کے پکائیں۔

    جب دہی کا پانی خشک ہو جائے تو آلو بخارہ، ٹماٹر، 2 چائے کے چمچ کیوڑہ مکسچر، آدھا ہرا دھنیہ پودینہ، نمک اور آدھا کپ پانی ڈال کے 2 منٹ پکالیں اور چولہا بند کردیں، گریوی تیار ہے۔

    اس گریوی کے اوپر چوتھائی چائے کا چمچ جائفل جاوتری، چوتھائی چائے کا چمچ چھوٹی اور بڑی الائچی کا پاؤڈر اور باقی ہرا دھنیہ پودینہ ڈال دیں۔

    اب اس کے اوپر اوون کی تندوری چکن رکھ دیں۔

    چاولوں کو نمک ڈال کے پانی میں ابال لیں۔

    جب پانی کو ابال آنے لگے تو چاولوں کا تیسرا حصہ چھلنی سے نکال کر گریوی کے اوپر ڈال دیں۔ (یہ کچے چاول گریوی کے پانی سے دم میں پکیں گے)۔

    جب باقی چاولوں میں چار کنی رہ جائے تو چھلنی سے پانی چھان کے ان کو پہلے والے چاولوں کے اوپر ڈال دیں۔

    اب چاولوں کے اوپر باقی چوتھائی چائے کا چمچ جائفل جاوتری پاؤڈر، چوتھائی چائے کا چمچ چھوٹی بڑی الائچی کا پاؤڈر، ایک سے ڈیڑھ چائے کے چمچ کیوڑہ مکسچر اور 2 کھانے کے چمچ گھی شامل کر کے اسے دس سے بارہ منٹ دم پر رکھ دیں۔

    تیار ہونے پر نکال کے مزے دار تندوری چکن بریانی پیش کریں۔

    نوٹ: نمک تین حصوں میں ڈالنا ہے اس لیے احتیاط سے ڈالیں۔ جب بریانی دم پر رکھیں تب آنچ تیز رکھیں اور دو منٹ بعد دم والی کر دیں۔

  • دبئی کے مینا بازار کا مشہور بریانی والا

    دبئی کے مینا بازار کا مشہور بریانی والا

    متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہزاروں پاکستانی موجود ہیں جو وہاں پر مختلف کاروباری سرگرمیوں میں مصروف ہیں، انہی میں سے ایک لیاری کا علی محمد بھی ہے جس کی بریانی علاقے میں نہایت مشہور ہے۔

    پاک لیاری نام کے اس ریستوران کی خاص شے بریانی ہے۔ اس ریستوران کا باورچی علی محمد ہے جو کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھتا ہے۔

    52 سالہ علی محمد سنہ 1986 سے کھانے پکانے کا کام سرانجام دے رہا ہے، لیاری میں اس کی کچن سروس مختلف تقریبات اور شادیوں میں کھانا فراہم کرتی تھی۔

    بعد ازاں علی محمد دبئی آگیا، یہاں بھی وہ اسی شعبے سے منسلک ہے اور اس کے ہاتھ کی ذائقہ دار بریانی ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوتی ہے۔

    علی اپنے گھر کا واحد کفیل ہے، اپنے والد اور بڑے بھائی کی وفات کے بعد وہی اپنے اور اپنے بھائی کی بیوی بچوں کی ذمہ داری اٹھا رہا ہے۔

    وہ بتاتا ہے کہ اس کے والدین اسے اعلیٰ تعلیم دلوانا چاہتے تھے لیکن اسے پڑھائی کا کوئی شوق نہیں تھا۔ وہ اسکول سے بھاگ کر دوستوں سے ساتھ کھیلنے چلا جاتا تھا، تاہم اب اسے نہایت قلق ہوتا ہے کہ اس نے تعلیم کیوں نہ حاصل کی۔

    اس کا مداوا وہ اس طرح کر رہا ہے کہ اپنی دونوں بیٹیوں اور بیٹے کو اعلیٰ تعلیم دلوا رہا ہے۔

    دبئی میں علی کی بریانی نہایت مقبول ہے اور اسے بہترین بریانی کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔ وہ کہتا ہے، ’دنیا میں ہزاروں لوگ بریانی بناتے ہیں، میں بھی وہی اجزا اور اشیا استعمال کرتا ہوں۔ یہ خدا کی مہربانی ہے کہ اس نے اسے اس قدر ذائقہ دار بنا دیا کہ اس کی وجہ سے میں بے حد خوش اور خوشحال ہوں‘۔