لاہور: فوڈ اتھارٹی نے ایک فیکٹری پر چھاپہ مار کر ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے 11 لاکھ گندے انڈے برآمد کرلیے جن سے پاؤڈر بنا کر معروف بسکٹ کمپنیوں کو سپلائی کیا جانا تھا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گندے انڈوں کی بھرمار ہوگئی، فوڈ اتھارٹی نے مانگا منڈی لاہور کے قریب انڈوں سے پاؤڈر بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے 11 لاکھ گندے انڈے برآمد ہوئے۔


فیکٹری میں تیار کیا جانے والے پاؤڈر بسکٹ بنانے والے معروف کمپنیوں کے لیے تیار کیا جارہا تھا۔ ٹیم نے موقع پر ہی عملی تجربہ کرکے دکھایا اور انڈوں کو پانی میں ڈالا تو خراب انڈے پانی میں تیرنے لگے، حد تو یہ ہے کہ کئی انڈوں سے چوزے تک نکل چکے تھے۔

فیکٹری کے پراسیسنگ یونٹ میں جگہ جگہ غلاظت کے ڈھیر تھے، فوڈ اتھارٹی کے حکام نے شہریوں کو ناقص غذا کھلانے کے جرم میں فیکٹری سیل کردی۔