Tag: Bisma Maroof

  • ماں بننے کے بعد ٹیم میں کم بیک کیسے کیا؟ بسمہ معروف نے بتادیا

    ماں بننے کے بعد ٹیم میں کم بیک کیسے کیا؟ بسمہ معروف نے بتادیا

    قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ماں بننے کے بعد بھی آپ کھیل جاری رکھ سکتی ہیں اور ٹیم میں اپنی جگہ بنا سکتی ہیں۔

    ان دنوں ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف سابق کپتان بسمہ معروف سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں ساتھ ہی وہ اپنی بیٹی فاطمہ کی بھی دیکھ بھال کر رہی ہیں۔

    سابق کپتان کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ شادی اور پھر ماں بننے کے بعد پی سی بی اور والدین نے بہت سپورٹ کیا جس کی وجہ سے ٹیم میں واپسی ممکن ہوئی۔

    بسمہ معروف نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ان کی بیٹی فاطمہ اور والدہ کو ایکریڈیشن نہیں دیا جارہا تھا، جس کی وجہ سے انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں نہ جانے کا فیصلہ کیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس وقت انہیں بہت سپورٹ کیا اور پیرنٹل سپورٹ پالیسی تخلیق کردی، جب یہ پالیسی بن گئی تو میں نے واپسی کا ارادہ کیا، پی سی بی کی اتنی اچھی سپورٹ ملنے پر میں ان کی شکر گزار ہوں۔

    بسمہ معروف کے مطابق جب والدہ اور بیٹی کی ایکریڈیشن مل گئی تو انہوں نے ماں بن کر کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔

    پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا T20 آج کھیلا جائے گا

    انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ جب میری شادی ہوئی تو ذہن میں کئی سوالات تھے۔ انہو ں نے کہا کہ ماں بننے کے بعد بھی کھیل جاری رکھا جاسکتا ہے اور کم بیک کیا جاسکتا ہے۔

  • خواتین کرکٹرز کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، بسمہ معروف کپتان برقرار

    خواتین کرکٹرز کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، بسمہ معروف کپتان برقرار

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کرکٹرز کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا، جس کے مطابق 19کرکٹرز کو 4 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، کپتان بسمہ معروف، جویریہ خان کیٹگری اے میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے سیزن 2020-21ء کیلئے  خواتین کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا ہے، جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔

    پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 2020-21 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔

    کنٹریکٹ میں19 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کی 4 کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس کے مطابق بسمہ معروف، جویریہ خان کیٹگری اے میں عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، سدرہ نواز کیٹگری بی میں جبکہ انعم امین، ناہیدہ خان، ندا ڈار ،عمائمہ سہیل کیٹگری سی میں شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی ایمرجنگ کیٹگری تشکیل دی ہے۔

    عائشہ نسیم، فاطمہ ثنا، کائنات حفیظ، منیبہ صدیقی، نجیہا علوی، رامین شامین، صبا نذیر ایمرجنگ کیٹگری میں شامل ہیں جبکہ سعدیہ اقبال ،سیدہ اروب بھی امرجنگ کیٹگری کاحصہ ہیں۔

    سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق کیٹگری اے میں33 فیصد، بی میں30فیصد ،سی میں25فیصد معاوضے میں اضافہ کیا گیا ہے،
    پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک میچ فیس دگنی کردی گئی ہے۔

    ڈومیسٹک ایونٹس کی انعامی رقم میں بھی 100فیصد اضافہ کیا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈومیسٹک یومیہ الاؤنس میں50فیصد اضافہ کیا گیا ہے، 5گھنٹے سے زائد بین الاقوامی فلائٹ پر بزنس کلاس میں سفر ہوگا۔

  • بسمہ معروف نے بھارتی کھلاڑی کو رول ماڈل قرار دے دیا

    بسمہ معروف نے بھارتی کھلاڑی کو رول ماڈل قرار دے دیا

    کراچی : پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے کہا ہے کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی بھارت کے ویرات کوہلی ہیں وہ نوجوان کرکٹرز کے لیے رول ماڈل ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مقابلے کا سبھی کو انتظار رہتا ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پوائنٹس کو یکساں طور پر تقسیم کا فیصلہ مایوس کن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف ہمارا مقابلہ ہمیشہ اچھا رہا ہے، بغیر میچز کھیلے بھارت کو پوائنٹس ملے ہیں مقابلے کے بعد اگر پوائنٹس مس کرتے تو مایوس نہیں ہوتے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیگل ٹیم اس معاملہ کو دیکھ رہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں کپتان ویمنز ٹیم کا کہنا تھا کہ ثنا میر کی پاکستان کیلئے خدمات قابل تحسین ہیں، ثنا میر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیئر ویل دینا چاہیئے، اگر میں انٹرنینشل پلینگ الیون بناؤں تو  ثنامیر اس ٹیم کی کپتان ہوں گی اور  بھارت کی میتھالی راج اور ہرمن پریت کور کو بھی ٹیم میں شامل کروں گی۔

    انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا سے ایلس پیری، میگ لیننگ اور ایلسا ہیلی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گی اپنے پسندیدہ کرکٹرز  سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میرے پسندیدہ کھلاڑی بھارت کے ویرات کوہلی ہیں، ویرات کوہلی نوجوان کرکٹرز کے رول ماڈل ہیں۔

    بسمعہ معروف نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن میں رہتے ہوئے ہمیں ذہنی طور پر مضبوط ہونا پڑے گا، مردوں کے برعکس ہمیں گھر میں رہ کر والدہ کا ہاتھ بٹانا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی ویمنز کرکٹ کا گراس روٹ پاکستان سے زیادہ مضبوط ہے پاکستان میں اس پر کام دیر سے شروع کیا گیا، ویمنز کرکٹرز کو موقع دیا جائے تو وہ بھی اسٹارز بن سکتی ہیں۔

  • ہم جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بسمہ معروف

    ہم جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، بسمہ معروف

    کراچی : پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا ہے کہ ہم جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سب سے یہی کہنا ہے کہ وہ پاکستان آکر کھیلیں کیونکہ پاکستان میں عالمی کرکٹ پہلے ہی واپس آچکی ہے۔

    قومی ویمنز ٹیم کی کپتان نے کہا کہ اب کسی بھی ٹیم کو پاکستان آنے سے انکار نہیں کرنا چاہیے، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں۔

    بسمہ معروف نے مزید کہا کہ انگلینڈ ویمنز ٹیم کی کھلاڑی پاکستان آنے کی خواہشمند تھیں، ہمارے لیے ویمنز ورلڈ ٹی20 کا گروپ زیادہ مشکل نہیں، ہم جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کو ہرانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمن ٹیم کے لیے آسٹریلیا کی کنڈیشنز بڑا چیلنج ہیں، کھلاڑی اگر کنڈیشنز سمجھ لیں تو مشکلات نہیں ہوں گی۔

  • ویسٹ انڈیز کیخلاف کرکٹ سیریز : پاکستان ویمنز اسکواڈ کی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

    ویسٹ انڈیز کیخلاف کرکٹ سیریز : پاکستان ویمنز اسکواڈ کی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان

    کراچی : ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے اور ٹی20سیریز کیلئے14رکنی پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا، بسمہ معروف ون ڈے اور ٹی20فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پاکستان اور ویسٹ نڈیز کی ویمن ٹیمیوں کے درمیان کھیلی جانے والی ون ڈے اور ٹی20سیریز کیلئے14رکنی ٹیم کی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔

    پاکستان ویمنز ٹیم کے اسکواڈ میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین ،ڈیانابیگ، ارم جاوید، جویریہ خان، نشرح سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار،ثنا میر، سدرہ امین، سدرہ نواز اور عمیمہ سہیل شامل ہیں۔

    ویسٹ انڈیز کےخلاف ٹی20 میچز31جنوری سے3فروری تک کراچی میں ہوں گے جبکہ ون ڈے سیریز کے میچز7سے11فروری تک دبئی میں شیڈول ہیں۔

    اس حوالے سے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کی طویل عرصے بعد پاکستان آمد خوش آئند ہے، 5سال پہلے بنگلادیش کو ہوم سیریز میں ہرا چکےہیں۔

    کپتان پاکستان ویمنز ٹیم کا مزید کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم سابق ٹی20چیمپئن رہ چکی ہے، ہوم گراؤنڈ پرسیریز کیلئے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں، ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی پرفارمنس مانیٹر کرچکے ہیں،8ماہ سے فٹنس پر خاص محنت کررہے ہیں، ہماری کوشش یہی ہے کہ ہوم گراؤنڈ پر اچھا کھیلیں اور سیریز جیتیں۔

  • بسمہ معروف ویمنزکرکٹ ٹیم کی نئی کپتان مقرر

    بسمہ معروف ویمنزکرکٹ ٹیم کی نئی کپتان مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثنا میر کو ویمنز ون ڈے ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر ان کی جگہ بسمہ معروف کو کپتان مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ثنا میر کی چھٹی کردی ان کی جگہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کی کپتان بسمہ معروف کو ون ڈے کرکٹ ٹیم کا کپتان بنا دیا۔

    ثنا میر کوویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹا دیا گیا تاہم انہیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی سلیکشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔


    ورلڈ کپ میں شکست: ویمن ٹیم کی کھلاڑی موٹربائیک پرگھرگئیں


    خیال رہے کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم 17 جولائی کو ویمنز ورلڈ کپ میں مایوس ترین کارکردگی کے بعد وطن واپس پہنچی تو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے کے لیے کوئی آفیشل موجود تھا اور نہ ہی پی سی بی کی جانب سے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

    ویمنز ورلڈ کپ میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ساتوں میچز میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    بعدازاں 1 اگست 2017 کو ویمنزورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ صبیح اظہر نے اپنی تفصیلی رپورٹ پی سی بی حکام کو بھیجی تھی جس میں کپتان ثنامیر، منیجرعائشہ اشعر اور چند سینئر کھلاڑیوں کو ٹیم کی خراب کارکردگی کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔


    بسمہ معروف ویمن ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر


    واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 جون 2016 کو بسمہ معروف کو پاکستان ویمن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا کپتان مقررکیا گیا تھا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔