Tag: BISP

  • بی آئی ایس پی کے ساڑھے 14 ہزار روپے حاصل کرنے کا طریقہ

    بی آئی ایس پی کے ساڑھے 14 ہزار روپے حاصل کرنے کا طریقہ

    اسلام آباد (28 اگست 2025) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت ملک بھر کی مستحق خواتین اور خاندانوں کے لیے اگست 2025 کی قسط جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں مستحق خاندانوں کو باقاعدگی کے ساتھ ماہانہ مالی امداد فراہم کی جاتی ہے۔

    اگست 2025 کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق اس بار بی آئی ایس پی کیلیے اہل خواتین کو ساڑھے 14 ہزار روپے کی قسط فراہم کی جائے گی۔

    موصول رقم کیسے چیک کی جائے؟

    حکومت نے مستحقین کیلیے ادائیگی کی جانچ پڑتال کا عمل نہایت آسان بنا دیا ہے، جس کے مطابق درج ذیل طریقہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    اپنے موبائل فون میں ایس ایم ایس ایپ کھولیں۔ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی ) نمبر بغیر ڈیش کے ٹائپ کریں اور اسے 8171 پر بھیج دیں۔

    کچھ ہی دیر بعد بی آئی ایس پی کیلیے آپ کے اہل یا نااہل ہونے کا پیغام اور ادائیگی کی تفصیل موصول ہوجائے گی۔

    یہ طریقہ کار شفافیت کو یقینی بناتا ہے اور خاندانوں کو ادائیگی کیلیے مراکز جانے سے پہلے اپنی اہلیت جانچنے میں سہولت کبھی فراہم کرتا ہے۔

    اعلان شدہ رقم: 14,500 روپے

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت اہل خاندانوں کو اعلان شدہ ساڑھے 14 ہزار روپے کی ادائیگی مرحلہ وار کی جا رہی ہے۔

    ساتھ ہی یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ پہلے سے رجسٹرڈ افراد اپنی بائیومیٹرک تصدیق ضرور کرائیں تاکہ کسی تاخیر سے بچا جاسکے۔

    قسطوں کی وصولی

    حکام کے مطابق تین قسطوں کی فوری وصولی کے لیے اہل افراد اپنی بائیو میٹرک تصدیق کروائیں جس کے بعد یہ رقوم انہیں فراہم کردی جائیں گی۔

    اس تمام اقدام کا مقصد مالی امداد کو بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے مستحق خاندانوں تک پہنچانا ہے۔

    نااہلی کی وجوہات

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کئی درخواست گزاروں کو نااہل قرار دیا جا چکا ہے جس کی بنیادی وجوہات درج ذیل ہیں۔

    رجسٹریشن کے دوران غلط شناختی کارڈ کی تفصیلات دینا۔ آمدنی کا پروگرام کے معیار سے زیادہ ہونا۔ بائیومیٹرک تصدیق مکمل نہ کرنا۔ رجسٹریشن اپ ڈیٹ نہ کرنا یا نظام میں ڈپلیکیٹ درخواستیں ہونا شامل ہیں

    ان افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دوبارہ 8171 کے ذریعے اپنی تفصیلات چیک کریں یا قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے رجوع کریں۔

    BISP

  • ‏بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: ڈائنامک سروے میں اندراج کا طریقہ

    ‏بینظیر انکم سپورٹ پروگرام: ڈائنامک سروے میں اندراج کا طریقہ

    اسلام آباد (6 اگست 2025): جو شہری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائنامک سروے میں اندراج کروانا چاہتے ہیں لیکن طریقہ کار سے ناواقف ہیں تو یہ تحریر ان کیلیے مددگار ثابت ہوگی۔

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائنامک سروے میں اندراج کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے۔ سب سے پہلے بی آئی ایس پی آفس میں ڈائنامک رجسٹریشن ڈیسک پر تشریف لے جائیں اور وہاں موجود عملے کو اپنا شناختی کارڈ اور بچوں کا ب فارم مہیا کریں۔

    عملہ آپ کو نئے سروے یا اپڈیٹ سروے کا ٹوکن جاری کرے گا، اس کے بعد ٹوکن نمبر کے مطابق رجسٹریشن روم میں سروے کیلیے تشریف لے جائیں جہاں ڈیٹا انٹری آپریٹر آپ سے سماجی و معاشی معلومات پر مشتمل سوالات پوچھے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظائف میں کٹوتی کی شکایت کیسے درج کروائیں؟

    فارم مکمل ہونے کے بعد تصدیق کیلیے اقرار نامہ پر انگوٹھا لگوایا جائے گا، اس کے بعد 8171 سے سروے کا تصدیقی میسج موصول ہوگا۔ جانچ پڑتال کے بعد مستحق گھرانوں کو 8171 سے اہلیت کا پیغام موصول ہوگا۔

    رجسٹریشن کے عمل سے پہلے ضروری ہدایات:

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے 8171 سے میسج ملنے کے بعد بتائی گئی تاریخ کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحصیل دفتر میں رجسٹریشن سنٹر پر تشریف لے جائیں۔

    اس کے علاوہ وہ گھرانے جو ابھی تک سروے کا حصہ نہیں بنے وہ بھی تشریف لا سکتے ہیں۔ سنٹر پر آتے ہوئے اپنے ساتھ بچوں کا نادرا ب فارم ضرور ساتھ لائیں۔

    اہم نوٹ:

    رجسٹریشن کرواتے وقت بجلی کا حالیہ بل ہمراہ لائیں اور اپنا زیر استعمال موبائل نمبر ہی درج کروائیں۔

  • بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 14 کروڑ غلط تقسیم ہونے کا انکشاف

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 14 کروڑ غلط تقسیم ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 14 کروڑ روپے غلط تقسیم ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سیدال خان کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 8 ہزار 747 بے ضابطگیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔

    وزیر قانون کے مطابق بی آئی ایس پی میں بے ضابطگیوں میں پیسے ضائع نہیں ہوئے بلکہ اس کی ریکوری کر لی گئی ہے، انھوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 14 کروڑ روپے غلط تقسیم ہوئے لیکن واپس لے لیے گئے۔

    اعظم نذیر تارڑ نے کہا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مالی غبن پر ایکشن لیا گیا ہے، پچھلے 5 سال میں بی آئی ایس پی میں 14 کروڑ سے زائد کا غبن ہوا، اور تقریباً 7 کروڑ سے زائد رقم واپس کروا لی گئی۔

    نادرا سے ملنے والی حساس معلومات کا غلط استعمال ، چونکا دینے والا انکشاف سامنے آگیا

    ان کا اجلاس میں کہنا تھا کہ 12 یا 14 سو ارب روپے تقسیم کیے جانے کے دوران 14 کروڑ روپے کا غبن اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے، اس میں کاہلی یا سستی بھی ہوئی ہے، اتنی بڑی رقم کے مقابلے میں 14 کروڑ کی رقم کا تناسب انتہائی کم ہے۔

  • بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے حوالے سے عوام کے لیے خوشخبری

    اسلام آباد: حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں بی آئی ایس پی ہولڈرز کی تعداد ایک کروڑ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    ذرائع بی آئی ایس پی کے مطابق بی آئی ایس پی کارڈ ہولڈرز کی موجودہ تعداد 92 لاکھ کے قریب ہے، اب مزید 8 لاکھ افراد کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں چاروں صوبوں کے مخصوص اضلاع میں ڈائنامک سروے جاری ہے، دور دراز علاقوں میں دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں، اس ڈائنامک سروے میں بلوچستان کے لوگوں کو خصوصی رعایت مل رہی ہے۔

    ڈائنامک سروے کے ذریعے مزید لوگ بی آئی ایس پی میں شامل کیے جائیں گے، سروے میں مستحق خواتین اور ان کے بچوں کی رجسٹریشن جاری ہے، سندھ، بلوچستان کے دور دراز ایریاز میں موبائل رجسٹریشن وہیکلز بھجوائی گئی ہیں۔

  • بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا افسر ظاہر کرنے والا نوسرباز گرفتار

    بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا افسر ظاہر کرنے والا نوسرباز گرفتار

    پشاور: ایف آئی اے سائبر کرائم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا افسر ظاہر کرنے والے نوسرباز کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے فراڈ میں ملوث نوسرباز کو گرفتار کرلیا، ملزم جبار علی شاہ خود کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا افسر ظاہر کرکے لوگوں کو لوٹتا تھا۔

    ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم نے متاثرین کو جعلی اسکیم کے تحت گھر، 60 لاکھ روپے، 10 تولے سونے کا جھانسہ دیا تھا، ملزم متاثرین سے اصل شناختی کارڈ لے کر جعلی دستاویزات تیار کرتا تھا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم نے شہریوں کو ایک کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے، ملزم دھوکہ دہی کے بعد متاثرین کی غیر اخلاقی ویڈیوز ریکارڈ کر کے بلیک میل بھی کرتا تھا۔

  • امدادی چیک لینے آنے والی خاتون نوزائیدہ بچہ گنوا بیٹھی

    امدادی چیک لینے آنے والی خاتون نوزائیدہ بچہ گنوا بیٹھی

    جام پور : پنجاب میں اپنے حصے کا امدادی چیک لینے کیلئے آنے والی خاتون نوزائیدہ بچے کو گنوا بیٹھی۔

    پنجاب کے شہر جام پور میں ایک غریب خاتون بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے توسط سے ملنے والے امدادی چیک لینے کیلئے متعلقہ دفتر پہنچی۔

    دفتر پر ہونے والے رش کے باعث اپنے دوماہ کے بچے کو ایک درخت کے سائے میں لٹا کر پیسے لینے چلی گئی، اس دوران ایک گاڑی نے ریورس ہوتے ہوئے دو ماہ کے بچے کو کچل ڈالا۔

  • پنجاب اور کے پی میں بی آئی ایس پی قسط کی ادائیگی شروع، شدید گرمی میں خواتین بے ہوش، لاٹھی چارج

    پنجاب اور کے پی میں بی آئی ایس پی قسط کی ادائیگی شروع، شدید گرمی میں خواتین بے ہوش، لاٹھی چارج

    چارسدہ/جھنگ: پنجاب اور خیبر پختون خوا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی قسط کی ادائیگی شروع ہو گئی، تاہم شدید گرمی میں عدم سہولیات کی وجہ سے خواتین رُل گئی ہیں، چارسدہ میں مصیبت زدہ خواتین پر پولیس نے لاٹھی چارج بھی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر چارسدہ میں بینک کا سسٹم بند ہونے سے بی آئی ایس پی کی امدادی رقوم وصولی کے لیے آنے والی خواتین رُل گئیں، شدید گرمی اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے خواتین مشکلات کا شکار رہیں۔

    بابڑہ ہائی اسکول پر خواتین کو منتشر کرنے کے لیے بے رحم اور بے حس پولیس اہل کاروں نے لاٹھی چارج بھی کیا، جس پر ڈی پی او چارسدہ نے نوٹس لیتے ہوئے 2 پولیس اہل کاروں کو معطل کر دیا ہے۔

    ادھر پنجاب کے شہر جھنگ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ایک لاکھ 90 ہزار سے زائد خواتین کو قسط کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم خواتین کے لیے قائم کیمپوں میں شدید گرمی اور بنیادی سہولیات نہ ہونے سے خواتین شدید مشکلات کا شکار ہیں، اور پہلے ہی روز 3 خواتین بے ہوش ہو گئیں۔

    خواتین کا کہنا ہے کہ کیمپوں میں پینے کا پانی تک نہیں ہے اور انھیں سارا سارا دن شدید گرمی میں دھکے کھانے پڑتے ہیں، خواتین نے مطالبہ کیا ہے کہ شاپس کا پرانا سسٹم بحال کیا جائے تاکہ وہ با عزت طریقے سے بینظیر انکم سپورٹ کی قسط وصول کر سکیں۔

  • نئے سال سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر صرف بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ صارفین کو سستی اشیا ملیں گی

    نئے سال سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر صرف بی آئی ایس پی کے رجسٹرڈ صارفین کو سستی اشیا ملیں گی

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے نئے سال سے مہنگائی کا نیا تحفہ مل گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز پر اب صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ صارفین کو سستی اشیا ملیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر سب کو یکساں سبسڈی کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یکم جنوری 2023 سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر صرف ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔

    ذرائع یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق وفاقی کابینہ نے ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی منظوری دے دی، سبسڈائزڈ اشیا صرف بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملیں گی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر عام افراد کے لیے گھی، آٹا، چینی کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہوگا۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز کے حکام کے مطابق بی آئی ایس پی کے تحت رجسٹرڈ افراد کے لیے چینی 70 روپے فی کلو دستیاب ہوگی، 10 کلو آٹے کا تھیلا 400 روپے، گھی 300 روپے فی کلو ہوگا۔

    عام شہریوں کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی 75 روپے مہنگا ہوگا اور 375 روپے فی کلو دستیاب ہوگا، چینی 19 روپے مہنگی ہوگی اور 89 روپے فی کلو دستیاب ہوگی، 10 کلو آٹے کا تھیلا 248 روپے مہنگا ہوگا، اور 648 روپے کا ہوگا۔

    یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کر کے 3 کلو مقرر کر دیا گیا، گھی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کر کے 3 کلو مقرر کیا گیا ہے، اسی طرح آٹے کی ماہانہ خریداری کی حد بھی 40 سے کم کر کے 20 کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔

    بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ صارفین کے لیے سامان خریداری کی موجودہ حد برقرار رہے گی، اور ماہانہ 40 کلو تک آٹا خرید سکیں گے، جب کہ چینی اور گھی ماہانہ 5،5 کلو تک خرید سکیں گے۔

  • پہلی بار خواجہ سراؤں کو بھی بے نظیر انکم پروگرام سے رقم ملے گی

    پہلی بار خواجہ سراؤں کو بھی بے نظیر انکم پروگرام سے رقم ملے گی

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنایا جارہا ہے، رقم کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حکومت نے پہلی بار خواجہ سراؤں کو بے نظیر کفالت پروگرام کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ بے نظیر کفالت کے تحت خواجہ سراؤں کو ہر 3 ماہ میں 7 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام خواجہ سرا بی آئی ایس پی کے لوکل تحصیل دفتر میں اپنی رجسٹریشن کروائیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پہلے سے رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کو اگر رقم نہیں مل رہی تو اپیل درج کر سکتے ہیں، اپیل پر خواجہ سراؤں کو یہ رقم دی جا سکے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سہ ماہی قسط کی ادائیگی ڈیٹا کی تصدیق کے بعد بذریعہ بینک کی جائے گی۔

  • بے نظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے سر پر برطرفی کی تلوار لٹکنے لگی

    بے نظیر انکم سپورٹ سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے سر پر برطرفی کی تلوار لٹکنے لگی

    اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے سر پر نوکری سے برطرفی کی تلوار لٹکنے لگی، مذکورہ افسران کو اظہار وجوہ  کے نوٹس جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے سرکاری افسران کے فراڈ کے معاملے پر حکومت نے ملوث سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ملوث سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرفی کے لیے اظہار وجوہ کے (شوکاز) نوٹسز جاری کردیے گئے۔

    مذکورہ افسران کی جانب سے پروگرام میں اپنی بیگمات کو انرول کروانے پر جواب طلب کرلیا گیا ہے اور انہیں 10 روز کی مہلت دی گئی ہے۔ تسلی بخش جواب نہ دینے پر ملازمتوں سے بر طرفی عمل میں لائی جائے گی۔

    نوٹسز وصولنے والے ملازمین کی اکثریت اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہے۔

    خیال رہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں اعلیٰ سرکاری افسران کے شامل ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق گریڈ 17 سے 21 کے 2 ہزار 543 سرکاری افسران میں سے متعدد نے بیویوں کے نام پر پیسے وصول کیے، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران پروگرام سے مستفید ہوئے۔

    سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے پروگرام سے فائدہ اٹھایا جبکہ سندھ سے گریڈ 21 کے 3 افسران بھی شامل تھے۔

    بعد ازاں پروگرام میں کرپشن کی تحقیقات کے لیے نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جوڈیشل ایکٹو ازم پینل نے چیئرمین نیب، ڈی جی، صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن منظرعام پر آچکی ہے، غریب اور مستحق لوگوں کی رقم کرپٹ اور منظور نظر افراد کو دی گئی۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ نادرا کی حالیہ رپورٹ کے بعد معاملے میں ملوث افراد کی نشاندہی ضروری ہے اور استدعا کی گئی کہ چیئرمین نیب کرپٹ افراد کی نشاندہی کے لیے انکوائری کا حکم دیں۔