Tag: BJP

  • بلدیاتی انتخابات : بی جے پی کو بڑا دھچکہ، کانگریس کی تاریخی فتح

    بلدیاتی انتخابات : بی جے پی کو بڑا دھچکہ، کانگریس کی تاریخی فتح

    گورداس پور : بھارتی پنجاب میں سات میونسپل کارپوریشنوں میں سے کانگریس نے چار پر کامیابی حاصل کر لی ہے، سنی دیول کے حلقہ گورداس پور لوک سبھا میں بی جے پی کو تمام 29 نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان تمام سیٹوں پر کانگریس کامیاب ہوئی ہے۔

    پنجاب میں شہری بلدیات کے نتیجے میں تینوں زرعی قوانین کی مخالفت صاف طور پر واضح ہو رہی ہے۔ پنجاب میں آج شہری بلدیات انتخابات کے تحت ووٹوں کی گنتی کی جا رہی ہے، جس میں بی جے پی کا صفایا ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

    نتیجے میں بی جے پی کے خلاف عوام کی ناراضگی ظاہر ہو رہی ہے۔ ایسے میں کانگریس نے پوری ریاست میں اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ہیں۔

    کانگریس نے7 میں سے 4 میونسپل کارپوریشنوں میں کامیابی حاصل کر لی ہے، فی الحال ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور جلد ہی نتیجہ سامنے آئے گا۔

    سنی دیول کے حلقہ گورداس پور لوک سبھا میں بی جے پی کو تمام 29 نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ان تمام سیٹوں پر کانگریس کامیاب ہوئی ہے۔

    جہاں تک نگرپالیکا پریشد اور نگر پنچایت انتخابات کے نتائج کا سوال ہے، کانگریس نے یہاں بھی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کر لی ہے۔ ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور بی جے پی و شرومنی اکالی دل کی حالت کافی خراب ہے۔

    کانگریس کے امیدواروں نے بیشتر مقامات پر ووٹوں کی بڑی سبقت حاصل کی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آج رات تک حتمی نتیجہ سامنے آ جائے گا۔

  • "آپ لوگ اپنی آنکھ کان کھول کر رکھیے بی جے پی جیسا خطرناک وائرس گھوم رہا ہے”

    "آپ لوگ اپنی آنکھ کان کھول کر رکھیے بی جے پی جیسا خطرناک وائرس گھوم رہا ہے”

    نئی دہلی : بھارتی سیاسی جماعت ترنمول کانگریس کی رکن اسمبلی نصرت جہاں نے کہا ہے کہ بی جے پی کورونا سے بڑا وائرس ہے، اگر یہ اقتدار میں آئی تو مسلمانوں کی الٹی گنتی شروع ہوجائے گی۔

    بھارتی ریاست مغربی بنگال میں انتخاب کے پیش نظر تمام جماعتوں نے ایک دوسرے پر الزام تراشی کا سلسلہ تیز کردیا ہے، اس سلسلے میں بھارتی کانگریس کی رہنما نے بی جے پی کو کورونا سے زیادہ خطرناک قرار دے دیا۔

    ترنمول کانگریس رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں نے انتخابی مہم کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ آپ لوگ اپنی آنکھ کان کھول کر رکھیے۔ بی جے پی جیسا خطرناک وائرس گھوم رہا ہے۔

    رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں نے ایک جلسہ کے دوران بی جے پی کوکورونا وائرس سے بھی زیادہ خطرناک وائرس ٹھہرایا اور کہا کہ اگر بی جے پی مغربی بنگال میں برسراقتدار آتی ہے تو مسلمانوں کی الٹی گنتی شروع ہو جائے گی۔

    اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ پارٹی مذاہب کے درمیان تفریق پیدا کرتی ہے اور لوگوں کے درمیان فساد کراتی ہے۔

  • بی جے پی سے نکالے جانے والے بھارتی رہنما جسونت سنگھ انتقال کرگئے

    بی جے پی سے نکالے جانے والے بھارتی رہنما جسونت سنگھ انتقال کرگئے

    قائد اعظم محمد علی جناح کی تعريف کرنے پر بی جے پی سے نکال ديے جانے والے رہنما جسونت سنگھ انتقال کر گئے، انہیں بانی پاکستان پر کتاب لکھنے کی وجہ سے بھارت اور پاکستان دونوں ہی ملکوں ميں جانا جاتا ہے۔

    سابق بھارتی سياست دان جسونت سنگھ بياسی برس کی عمر ميں انتقال کر گئے ہيں، وہ دارالحکومت نئی دہلی کے ايک فوجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

    اسدپتال انتظامیہ نے بھی ان کی موت کی تصديق کر دی ہے، جسونت سنگھ مختلف عارضوں کے باعث پچيس جون سے ہسپتال ميں زیر علاج تھے۔ اتوار ستائيس ستمبر کی صبح انہيں دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

    نئی دہلی کے آرمی اسپتال کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ جسونت سنگھ 25 جون سے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ جہاں اُنہیں عارضہ قلب اور سر میں لگنے والی چوٹ کے باعث داخل کیا گیا تھا۔

    وزير اعظم نريندر مودی نے مختلف ٹويٹس ميں جسونت سنگھ کے انتقال پر اظہار افسوس کيا اور انہيں خراج تحسين بھی پيش کيا۔ مودی کے مطابق سنگھ کو سياسی اور معاشرتی امور پر اپنے منفرد نقطہ نظر کی وجہ سے ياد رکھا جائے گا۔

    نریندر مودی نے ايک ٹويٹ ميں لکھا کہ جسونت سنگھ نے بڑی لگن کے ساتھ ہماری قوم کے ليے خدمات سر انجام ديں، پہلے ايک فوجی کے طور پر اور پھر سياست ميں۔

    واضح رہے کہ بھارتی سیستدان جسونت سنگھ کو سال 2009 ميں بھارتيہ جنتا پارٹی سے نکال ديا گيا تھا اس کی وجہ روايتی حريف ملک پاکستان کے بانی محمد علی جناح کی تعريف بنی تھی۔

    جسونت سنگھ نے "جناح، انڈيا، پارٹيشن اور انڈيپينڈنس” نامی اپنی کتاب ميں محمد علی جناح کی تعريف کی تھی، جو ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کے قدامت پسند حلقوں کو پسند نہیں آئی۔

    بعد ازاں کچھ وقفے کے بعد سنگھ کو پارٹی ميں واپس لے ليا گيا تھا مگر پھر انہوں نے 2014ء ميں بی جے پی سے خود ہی عليحدگی اختيار کر لی تھی، اس کے بعد وہ انتخابات ميں ايک آزاد اميدوار کے طور پر کھڑے ہوئے اور کامياب بھی رہے۔

  • متنازعہ شہریت قانون مودی کے گلے پڑگیا، دہلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست

    متنازعہ شہریت قانون مودی کے گلے پڑگیا، دہلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست

    نئی دہلی: بھارت میں ریاستی انتخابات میں مودی اور ان کی انتہا پسندی کو منہ کی کھانی پڑگئی، نئی دہلی کے عوام نے سیکولر جماعت عام آدمی پارٹی کو منتخب کرلیا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دیے اور متنازعہ شہریت قانون بھی منظور کیا لیکن عوام نے انہیں اور ان کی انتہا پسندی کو مسترد کر کے عام آدمی پارٹی کو چن لیا۔

    نئی دہلی کی اسمبلی کے انتخابات میں وزیر اعلیٰ اروند کیجروال کی جماعت عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 63 سیٹیں حاصل کرلیں، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صرف 7 سیٹیں حاصل کرسکی۔

    فتح کے بعد عام آدمی پارٹی مسلسل تیسری بار دہلی میں حکومت بنانے جارہی ہے۔

    گزشتہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 67 سیٹیں ملی تھیں جبکہ انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی صرف 3 سیٹیں حاصل کرسکی تھی۔ اس سے قبل کانگریس دہلی پر مسلسل 15 سال حکومت کرتی رہی تھی۔

    اروند کیجروال اور ان کی پارٹی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگے تھے جبکہ بی جے پی دہلی کے مسائل سے زیادہ ملکی سطح کے مسائل اور اپنی کارکردگی کو دہراتی رہی۔

    بی جے پی کو امید تھی کہ انہیں شہریت کے متنازعہ قانون کا فائدہ پہنچے گا لیکن الٹا یہ قانون ان کے گلے پڑ گیا ہے۔ سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ قانون عام انتخابات میں بھی مودی اور ان کی جماعت کو لے ڈوبے گا۔

  • بی جے پی کی انتخابات میں پاکستان مخالف تقاریر مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    بی جے پی کی انتخابات میں پاکستان مخالف تقاریر مسترد کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ریاستوں ہریانہ اور مہاراشٹر کی انتخابی ریلیوں میں بی جے پی کا پاکستان مخالف پروپیگنڈہ جاری ہے، پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگائے جارہے ہیں جسے سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بی جے پی کے انتخابی جلسوں اور ریلیوں میں پاکستان مخالف تقاریر مسترد کردیں۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ ہریانہ اور مہاراشٹر میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ جاری ہے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں انتخابی ریلیوں میں پاکستان کا بار بار نام لیا جارہا ہے، بیانات میں پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگائے جارہے ہیں اور پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

    ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کرتار پور راہداری کھولنے کے تاریخی فیصلے کا کریڈٹ بھی خود لینے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان اس قسم کے الزامات، دھمکیوں اور تاریخی حقائق مسخ کرنے کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

    ڈاکٹرمحمد فیصل نے کہا کہ سوال اٹھایا جارہا ہے کہ کیا بی جے پی کے پاس پاکستان دشمنی کے علاوہ بھی کچھ ہے؟ محض سیاسی فوائد کیلئے پاکستان کا نام استعمال کرنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

  • مسلم خواتین کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے والی بی جے پی رہنما برطرف

    مسلم خواتین کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے والی بی جے پی رہنما برطرف

    دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسلم خواتین کے خلاف اشتعال انگیز بیان دینے والی رہنما کو عہدے سے ہٹا دیا.

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکمران جماعت بی جے پی نے اپنی پارٹی لیڈر سنیتا سنگھ کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے اسے برطرف کر دیا.

    مذکورہ خواتین نے اپنے اشتعال انگیز بیان میں انتہا پسند ہندوؤں کو مسلم خواتین کے خلاف تشدد اور جنسی زیادتی پر اکسایا تھا.

    سنیتا سنگھ نے اپنے شرم ناک بیان میں انتہا پسندوں کو ترغیب دی تھی کہ وہ دس افراد پر مشتمل گروہ بنا کر سرعام مسلمان خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنائیں۔

    ملعونہ سنیتا سنگھ گور نے انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اپنا پیغام شیئر کیا، جس میں انھوں نے یہ افسوس ناک تجویز پیش کی۔

    مزید پڑھیں: بھارت میں انتہاپسندوں نے ایک اور مسلمان نوجوان کو قتل کردیا

    سوشل میڈیا پر بھارت کے روشن خیال طبقات کی جانب سے اس پیغام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد بی جے پی نے الیکشن لیتے ہوئے سنیتا سنگھ کو عہدے سے برطرف کر دیا. ساتھ ہی یہ نفرت انگیز پیغام بھی ہٹا دیا گیا.

    پارٹی نے موقف دیا ہے کہ کسی کو بھی نفرت انگیزی پھیلانے والے پیغاما ت بھیجنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • بھارتی انتخابات: بی جے پی نے کامیابی کا دعویٰ کر دیا

    بھارتی انتخابات: بی جے پی نے کامیابی کا دعویٰ کر دیا

    دہلی: بھارتی انتخابات کا آخری مرحلہ طے ہوتے ہی بی جے پی نے کامیابی کا دعویٰ کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق نریندر  مودی کی قیادت میں الیکشن میں اترنے والی بی جے پی نے بھاری اکثریت سے جیت کا دعویٰ کیا ہے، پارٹی نے یہ اعلان 7 مراحل پر مشتمل پارلیمانی الیکشن کی 19 مئی کو تکمیل کے بعد کیا۔

    بی جے پی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اُن کی پارٹی آسانی کے ساتھ آیندہ حکومت قائم کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔

    ترجمان کے مطابق انتخابات میں ووٹروں کی حمایت سے مثبت اشارے ملے ہیں، اپوزیشن جماعتوں کی انتخابی مہم بظاہر ناکام رہی۔

    ادھر ذرائع ابلاغ نے اپنے ایگزٹ پولز جاری کر دیے، جن کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں اتحاد این ڈی اے دوبارہ اقتدار میں واپس آ سکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: ’’اندرا گاندھی کی طرح قتل کردیا جاؤں گا‘‘ : مودی کے مخالف کی زندگی کو خطرات لاحق

    خیال رہے کہ انڈیا میں حکومت سازی کے لیے 273 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے، پولز اشارے کرتے ہیں کہ  این ڈی اے 300 نشستیں حاصل کر سکتا ہے.

    البتہ چند تجزیہ کاروں کے مطابق پولز میں بی جے پی کو زیادہ نشستیں دی گئی ہیں، دیگر جماعتوں بھی مضبوط پوزیشن میں ہیں اور شاید بے جی پی ماضی جیسی واضح کامیابی حاصل نہ کرسکے.

  • میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ نامعلوم شخص نے بی جے پی رہنما پر جوتا دے مارا

    میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ نامعلوم شخص نے بی جے پی رہنما پر جوتا دے مارا

    نئی دہلی : بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنما نرسہما راؤ پر دوران پریس کانفرنس نامعلوم شخص نے جوتا دے مارا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ان دنوں لوک سبھا کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، اس دوران ہندوستان کی شدت پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے الیکشن میں کارکنان و عوام کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ایک مہم ’میرا بوتھ، سب سے مضبوط‘ شروع کررکھی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے رہنماؤں کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ اس مہم پر عوام شدید و عجیب احتجاج کریں گے، آج صبح ایک نامعلوم شخص نے یہ کہتے ہوئے ’میرا بوٹ، سب سے مضبوط‘ بھارتی رکن پارلیمنٹ و رہنما بھارتیہ جنتا پارٹی نرسہما راؤ کو جوتا دے مارا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ نرسمہا راؤ کو جوتا اس وقت پڑا جب وہ مالےگاؤں دھماکے کے ملزم سدھوی پراگیا کی بی جے پی میں شمولیت پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

    مزید پڑھیں : بھارت میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ووٹنگ جاری

    یاد رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے لیے پولنگ کے دوسرے مرحلے میں (آج) ووٹنگ کا عمل جاری ہے، ملک کی 13 ریاستوں کی 97 نشستوں پر عوام اپنے ووٹ کا حق استعمال کررہے ہیں۔ انتخابات میں 90 کروڑ ووٹر حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، یہ تعداد امریکا اور یورپی یونین کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے مرحلہ وار انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے، اب تک ایک مرحلہ ہوا جس میں دورانِ ووٹنگ پرتشدد واقعات میں 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

  • رافیل ڈیل کی تحقیقات کا حکم، مودی کی مشکلات بڑھ گئیں

    رافیل ڈیل کی تحقیقات کا حکم، مودی کی مشکلات بڑھ گئیں

    نئی دہلی: بھارت کی سپریم کورٹ نے رافیل ڈیل کی خفیہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کا حکم جاری کردیا، مودی حکومت کو طیاروں کی خریداری میں کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات سے ایک روز قبل بھارتی سپریم کورٹ نے رافیل طیاروں کی خریداری کے حوالے سے ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا حکم جاری کیا۔

    بھارتی سپریم کورٹ نے رافیل طیاروں کے خفیہ معاہدے اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔

    بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کا مرحلہ کل سے شروع ہورہا ہے، بھارتی تجزیہ نگاروں کے مطابق سپریم کورٹ کا حکم بی جے پی کے لیے مشکلات کھڑی کرسکتا ہے کیونکہ مودی حکومت پر طیاروں کی ڈیل کے حوالے سے کرپشن کا الزام ہے۔

    مزید پڑھیں: رافیل طیاروں کی ڈیل: مودی نے 30 ہزارکروڑامبانی کی جیب میں ڈالے

    یاد رہے کہ بھارت کی دوسری بڑی سیاسی جماعت کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی نے گزشتہ ماہ دعویٰ کیا تھا کہ رافیل طیاروں کی ڈیل میں براہ راست نریندرمودی کا نام آرہا ہے، بھارتی وزیر اعظم نے 30 ہزار کروڑ روپے امبانی کی جیب میں ڈالے۔

    راہول گاندھی نے دعویٰ کیا تھا کہ نریندر مودی امبانی کو معاہدے دینا چاہتے تھے اس لیے رافیل وقت پرنہ آئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مودی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    ایک روز قبل بھارتی سپریم کورٹ میں رافیل طیاروں کے معاہدے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کے کے وینوگوپال نے حکومت کی نمائندگی کی تھی۔ بھارتی اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ رافیل طیاروں کے معاہدے سے متعلق دستاویزات چوری ہوچکی ہیں۔

    سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت سے ایک روز قبل صدر راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ رافیل طیاروں کے دھوکے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر مقدمہ چلانے کے لیے کافی ثبوت ہیں۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ جرم ثابت کرنے والی رافیل طیاروں کی فائلیں چوری کروا کرمودی نے کرپشن چھپانے کی کوشش کی۔

    یہ بھی پڑھیں: راہول گاندھی نے مودی کو کرپٹ انسان قرار دے دیا

    واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے حکومت سنبھالنے کے ایک برس بعد فرانس سے36 جیٹ طیارے خریدنے کا معاہدہ طے کیا تھا جس پر کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی تھی۔

  • بھارت: بی جے پی کے جلسے میں اسٹیج گر گیا، رہنماؤں سمیت متعدد زخمی ۔۔۔ ویڈیو سامنے آگئی

    بھارت: بی جے پی کے جلسے میں اسٹیج گر گیا، رہنماؤں سمیت متعدد زخمی ۔۔۔ ویڈیو سامنے آگئی

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے جلسے میں اسٹیج گر گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش میں بی جے پی نے 22 مارچ کو ہولی کی تقریب کا انعقاد کیا جس کے دوران اسٹیج گرنے کا واقعہ پیش آیا، اسٹیج گرنے سے حکمراں جماعت کے رہنما سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق واقعے کے نتیجے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مقامی رہنما کسان مورچا، اودیش یادوؤ بھی زخمی ہوئے جبکہ اگلی نشستوں میں بیٹھے متعدد شرکاء کو بھی چوٹیں آئیں۔

    بھارتی میڈیا نے اسٹیج گرنے کی ویڈیو جاری کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریر کے دوران اچانک اسٹیج نیچے گر پڑا۔ متاثرہ افراد کو ریسکیو کر کے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بھارت کی حکمراں جماعت نے ہولی کی تقریب کا انعقاد لوک سبھا کے انتخابات کی وجہ سے کیا تھا تاکہ وہ ہندو انتہاء پسندوں کی ایک بار پھر حمایت حاصل کرسکے۔ بھارتی تجزیہ نگاروں کے مطابق کانگریس کی جانب سے پریانکا گاندھی کو سیاسی میدان میں لانے کے بعد اترپردیش میں بی جے پی مسلسل کمزور پڑتی جارہی ہے۔