Tag: black

  • بھارت: کرونا مریضوں کو ریمڈیسیور کی جگہ پانی والے انجیکشنز دیے جانے لگے

    بھارت: کرونا مریضوں کو ریمڈیسیور کی جگہ پانی والے انجیکشنز دیے جانے لگے

    نئی دہلی: بھارت میں ریمڈیسیور انجیکشن کی جگہ پانی والے انجیکشن دینے والے اسپتال کے 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا، پانی کے انجیکشن کی وجہ سے کووڈ 19 کے 2 مریضوں کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش کے شہر میرٹھ میں کرونا انفیکشن کے مریضوں کی زندگی بچانے والے ریمڈیسیور انجیکشن کی جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاع پر رات ڈھائی بجے سرویلنس ٹیم نے مریض کے تیمار دار کے بھیس میں چھاپہ مارا اور میرٹھ کے سبھارتی میڈیکل کالج اسپتال کے 2 ملازمین انکت اور عابد کو گرفتار کرلیا۔

    تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ اسپتال میں آنے والے ریمڈیسیور کی جگہ مریضوں کو پانی کا انجیکشن دیا کرتے تھے اور بچائے گئے انجیکشن کو 25 سے 30 ہزار روپے تک میں بلیک کیا کرتے تھے۔

    اس کے نتیجے میں غازی آباد کے رہائشی ایک مریض کی موت بھی واقع ہوچکی ہے۔ اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک اور مریض کی پانی کے انجیکشن کی وجہ سے موت واقع ہوگئی۔

    پولیس نے گرفتار شدہ ملزمان سے کی گئی تفتیش کی بنیاد پر کئی مقامات پر چھاپے مار کر وہاں سے انجیکشن برآمد کرلیے ہیں، پولیس نے اسپتال کے ٹرسٹی سمیت 10 افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔

  • امریکا میں پولیس گردی، سفید فام اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام خاتون قتل

    امریکا میں پولیس گردی، سفید فام اہلکار کے ہاتھوں سیاہ فام خاتون قتل

    واشنگٹن: امریکا میں سفید فام پولیس آفیسر نے گھر میں گھس کر سیاہ فام خاتون کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ایرن ڈین نامی پولیس آفیسر نے سیاہ فام خاتون کو گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیکساس کے شہر فوٹ ورتھ میں اٹاٹیانا نامی خاتون اپنے بھتیجے کے ساتھ ویڈیو گیم کھیل رہی تھیں کہ اچانک پولیس اہلکار نے گھر  میں گھس کر کمرے کی کھڑکی  سے فائرنگ کرکے خاتون کو ہلاک کردیا۔

    پولیس اہلکار کو ٹیلی فون کے ذریعے پڑوسی کی جانب سے اطلاع دی گئی تھی کہ اٹاٹیانا کے گھر کا دروازہ کافی دیر سے کھلا ہے، جس کا جائزہ لیا جائے۔

    اطلاع ملتے ہی اہکار گھر پہنچا اور کمرے کی کھڑکی سے سیاہ فام خاتون کو دیکھتے ہی گولی مار دی، جہاں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں، بعد ازاں سیاہ فام افراد کی جانب سے شدید احتجاج بھی کیا گیا۔

    امریکا میں پولیس کا سیاہ فام خاتون پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو منظرعام پر

    پولیس چیف ایڈکراس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد پولیس افیسر سے استعفیٰ لے کر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ملزم کے خلاف شفاف کارروائی ہوگی۔

    امریکا میں سیاہ فام افراد کے ساتھ پولیس گردی کا واقعہ کوئی نئی بات نہیں، جولائی 2016 میں بھی ٹیکساس کے شہرآسٹن میں ایک سفید فام پولیس اہلکار کی سیاہ فام خاتون ٹیچر کو زدو کوب اور تعصب پر مبنی جملے کہنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔

  • امریکا: سفید اور سیاہ فام افراد کی ریلیاں، پولیس سے جھڑپیں، متعدد افراد زخمی

    امریکا: سفید اور سیاہ فام افراد کی ریلیاں، پولیس سے جھڑپیں، متعدد افراد زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں قوم پرست سفید اور سیاہ فام افراد نے ریلیاں نکالیں اس دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر شارلٹ ول میں نسلی فسادات کا ایک سال مکمل ہونے پر واشنگٹن میں قوم پرست سفید فام اور سیاہ فام افراد نے ریلیاں نکالیں، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپوں سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

    امریکی میڈٰیا کے مطابق واشنگٹن میں قوم پرست سفید فام اور سیاہ فام شہریوں کی ریلیاں آمنے سامنے آگئیں، جس کے نتیجے میں سڑکوں پر مظاہرین آپس میں ہی الجھ پڑے۔

    مظاہرے کے دوران پولیس اور مظاہرین میں بھی جھڑپیں ہوئیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مرچوں کا اسپرے کیا اور آنسو گیس کا بھی استعمال کیا۔


    امریکا : سیاہ فام شخص کی سفید فام افراد پر فائرنگ، 3ہلاک


    مظاہرے میں سفید اور سیاہ فام مظاہرین کی ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی لگاتے رہے، پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔

    امریکی ریاست ورجینیا کے شہر شارلٹ ول میں گزشتہ سال پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام افراد کی بڑھتی ہلاکتوں کے خلاف ریلی پر سفید فام شخص نے گاڑی چڑھا دی تھی جس سے ایک خاتون ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال کیلی فورنیا میں سیاہ فام شخص نے فائرنگ کرکے تین سفید فام امریکیوں کی جان لے لی تھی، ملزم اس سے قبل بھی ایک سیکورٹی گارڈ کے قتل میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔

  • سان فرانسسکو کی پہلی سیاہ فام خاتون میئر سے ملیے

    سان فرانسسکو کی پہلی سیاہ فام خاتون میئر سے ملیے

    کیلیفورنیا : امریکا کے شہر سان فرانسسکو کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 43 سالہ افریقی خاتون لندن بریڈ 50 فیصد ووٹ حاصل کرکے شہر کی میئر بن گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فارم امریکی خاتون نے میئر کا حلف اٹھایا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افریقی نژاد لندن بریڈ لمبے عرصے سے اپنی کمیونٹی میں سرگرم تھی، میئر کے انتخابات کے ایک ہفتے بعد لندن بریڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 43 سالہ لندن بریڈ نے کل 50 فیصد ووٹ حاصل کرکے میئر کے انتخابات میں کامیاب ہوئی ہیں۔

    لندن بریڈ واحد خاتون میئر ہیں جو امریکا کے پندرہ بڑے شہروں میں ایک سان فرانسسکو میں اپنی خدمات انجام دیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سان فرانسسکو میں تیزی سے بے گھر افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، شہر کی گلیوں میں بڑی تعداد میں جھگی بستیاں آباد ہیں کیوں کہ زمینوں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں ہیں۔

    سان فرانسسکو کی نو منتخب میئر مسز بریڈ شہری حکومت میں قانون ساز بورڈ کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں اور گذشتہ برس دسمبر میں میئر کے انتقال کے بعد نگراں میئر کے فرائض کی انجام دہی بھی کرچکی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سان فرانسسکو کے انتخابات رواں ماہ 5 جون کو ہوئے تھے، لیکن الیکشن کے نتائج تاخیر کا شکار ہوگئے تھے کیوں کہ الیکشن کمیشن کے اہلکاروں نے ہزاروں ووٹ غلط شمار کیے تھے۔

    خیال رہے کہ لندن بریڈ شہر کی پہلی خاتون میئر نہیں ہیں، ان سے قبل ڈیانے فین سٹین 1978 میں سان فرانسسکو کی میئر رہ چکی ہیں جو تاحال کیلیفورنیا کی سینیٹر ہیں۔

    یاد رہے کہ لندن بریڈ کی بہن سنہ 2006 میں بہت زیادہ منشیات استعمال کرنے کے باعث ہلاک ہوگئی تھیں جبکہ ان کا بھائی کئی دنوں میں جیل میں قید ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔