Tag: black day

  • بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں

    بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں یوم سیاہ، سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں

    اسلام آباد : بھارت کے یوم آزادی پر پاکستان بھر میں آج یوم سیاہ منایاجارہاہے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں ہیں جبکہ شاہرادستور پر سیاہ جھنڈے لہرادیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آج یوم سیاہ منا یا جارہا ہے ، یوم سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے اسلام آباد میں سرکاری عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں کردیئے گئے۔

    ایوان صدر، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ کی عمارتوں پرقومی پرچم سرنگوں ہیں پارلیمنٹ ہاؤس پربھی قومی پرچم سرنگوں ہے جبکہ شاہرادستور پر سیاہ جھنڈے لہرا دیے گئے ہیں، صوبائی حکومتوں نے بھی آج یوم سیاہ منانے کا اعلان ہے۔

    آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے شہروں، دیہاتوں اور گلی محلوں میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور ہر طرف کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں کی گونج ہے۔

    یوم سیاہ کے موقع پر وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، فواد چوہدری سمیت دیگر رہنماؤں نے احتجاجاً اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ڈسپلے سیاہ کر دیئے ہیں۔

    دوسری جانب دنیا بھر میں پاکستانی آج کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف آوازاٹھائیں گے اور کشمیرکی آزادی سلب کرنے والے بھارت کو پیغام دیا جائے گا۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی ذلفی بخاری اور وزیر ریلوے شیخ رشید کشمیر لندن میں ریلی میں شرکت کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

    یاد رہے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا تھا کہ 15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔

  • لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے آج احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، زلفی بخاری

    لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے آج احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، زلفی بخاری

    لندن : وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ برطانیہ میں بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر بحیثیت پاکستانی یوم سیاہ منایا جائے گا، برطانیہ میں مقیم کمیونٹی بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے پہنچے، مظاہرے میں کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں ہونا چاہیے۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کردار آنے والے سالوں میں بہت اہم ہو گا، نریندرمودی ہمارے دورہ امریکا سے گھبرا گیا تھا، آج دنیا بھرمیں بھارت کے خلاف مظاہرے ہوں گے۔

    ہم سب کی آواز ایک ہونی چاہئے، کل سب کو خوش آمدید کہیں گے، کل کے مظاہرے میں کسی سیاسی جماعت کا جھنڈا نہیں ہونا چاہیے، زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہمودی کا نظریہ ہٹلر کا نظریہ ہے، مہاتما گاندھی کا قتل بھی آر ایس ایس نے کروایا۔

    تمام پاکستانی اور کشمیری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ آج یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کریں اور مظاہرین کی مہمان نوازی کریں، معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ مظاہرے میں انسانی حقوق پر یقین رکھنے والے بھارتی شہری اور دیگر مذاہب کے لوگ بھی شریک ہونگے۔

    انڈین ہائی کمیشن کے سامنے یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے اکٹھے ہورہے ہیں، آج صرف کشمیر کےجھنڈے اور مودی کےخلاف بینرز نظر آئیں گے،آج کا دن صرف کشمیر کے لیے ہے، اس میں کوئی سیاسی پارٹی نہیں ، آج یوم سیاہ میں سب لوگ شرکت کریں۔

  • کل بھارت کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منائیں گے، سردار عثمان بزدار کا ویڈیو پیغام

    کل بھارت کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منائیں گے، سردار عثمان بزدار کا ویڈیو پیغام

    لاہور : وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آج پوری قوم متحد ہوکر یوم آزادی منا رہی ہے، کل بھارت کا یوم آزادی بطور یوم سیاہ منائیں گے، پاکستانی کشمیریوں کے جائز حقوق کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں کیا، وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ دنیا کا ہر صاحب ضمیر شخص بھارت کے متنازعہ اور غیر قانونی اقدام کو مسترد کر چکا ہے۔

    کشمیری عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کئے ہوئے ہیں، بھارت نہیں جانتا کہ اس کا سامنا کس قوم سے ہے، ہم سینے میں گولی کھاتے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آج پوری قوم یوم آزادی کو یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے اور کل بھارت کا ہوم آزادی ہم یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، اس سلسلے میں کل بروز جمعرات کی شام یوم سیاہ پر ریلی منعقد کی جارہی ہے۔

    تمام پاکستانی کشمیریوں کے جائز حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ وہ قوم ہے شہادت جس کا مطلوب و مقصود ہے، آزادی کی نعمت کا اندازہ وہی کر سکتے ہیں جو اس سے محروم ہیں، کل پوری قوم بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔

    آزادی کے لیے ہمارے بزر گوں نے لازوال قربانیاں دیں، قیام پاکستان کے بعد یہ قوم پھر ایک انقلاب آفرین دور سے گز رہی ہے، آج سب سے بڑی ضرورت اتحاد کی ہے۔

  • 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

    14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے قومی سطح پر 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے قومی سطح پر 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا، 15 اگست کو یوم سیاہ کے باعث پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

    گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 71سال مکمل ، سیاسی رہنماؤں کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

    مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 71سال مکمل ، سیاسی رہنماؤں کی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

    اسلام آباد :  مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو آج 71 سال مکمل ہوگئے، پاکستانی قیادت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرتی رہی ہے، اس موقع پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے کشمیری عوام سے  اظہار یکجہتی کرتے ہوئے  ظلم و تشدد کی مذمت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کےغاصبانہ قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم سیاہ منا رہے ہیں، یوم سیاہ منانے کا مقصد کشمیریوں پر بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم سے دنیا کو آگاہ کرنا اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔

    یوم سیاہ زیادہ عرصےنہیں منایاجائےگا،جلدیوم آزادی منایاجائےگا، فواد چوہدری

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تسلط کے 71 سال پورے ہونے پر وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پیغام میں کہا کہ یوم سیاہ زیادہ عرصےنہیں منایاجائےگا،جلدیوم آزادی منایاجائےگا، کشمیر کی جدوجہد پر پاکستان خراج تحسین پیش کرتا ہے، پاکستان کے لوگ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے دن بھارت نےاہل کشمیرکوغلام بنانےکی کوشش کی، بھارت ریاستی عوام کی مرضی کےبغیرکشمیرمیں فوج داخل کی۔


    بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان

    یوم سیاہ کشمیر پروزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے پیغام میں کہا بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی داستان رقم کی ہے، کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

    محمود خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں، اقوام عالم مقبوضہ کشمیرکےمظلوم عوام کی آواز بنیں۔


    مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بدترین ظلم کا نشانہ بنایاجارہا ہے، امین علی گنڈا پور

    وفاقی وزیرامورکشمیر علی امین گنڈاپور نے یوم سیاہ کشمیر پر اپنے بیان میں کہا 27اکتوبرکوبھارت نےعالمی قوانین کی خلاف ورزی کی، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بدترین ظلم کا نشانہ بنایاجارہا ہے، اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی تصدیق کی۔


    بھارتی فوج کشمیریوں کو بے رحمی سے قتل کررہی ہے، وزیراعلی بلوچستان 

    مقبوضہ کشمیر  میں یوم سیاہ پر  وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنے پیغام میں کہا  حق خود ارادیت دینے سے ہی مسئلہ کشمیر حل کیا جاسکتا ہے، بھارتی فوج کشمیریوں کو بے رحمی سے قتل کررہی ہے، کشمیر کی جدوجہد آزادی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔


    لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، عبدالعلیم خان 

    مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ پر سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا کشمیر پر بھارتی جبر و استبداد ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے، لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارت ہوش کےناخن لے،انسانی حقوق کی پاسداری کرنی ہوگی۔


     یقین ہے کہ ایک دن کشمیر بھارت کےقبضے سے آزاد ہوگا، آصف زرداری 

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے 71سال پورے ہونے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت سےآزادی کشمیریوں کا حق ہے، یقین ہے کہ ایک دن کشمیر بھارت کےقبضے سے آزاد ہوگا، بھارت کے قبضے سے کشمیر کی آزادی بھٹو شہید کا مشن ہے۔

  • کشمیر میں بھارتی قبضے کے71سال مکمل،آج کشمیری یوم سیاہ منائیں گے

    کشمیر میں بھارتی قبضے کے71سال مکمل،آج کشمیری یوم سیاہ منائیں گے

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ قبضے کے71سال مکمل ہونے پر دنیا بھر میں کشمیری عوام آج یوم سیاہ منائیں گے، وادی میں مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے 71سال مکمل ہونے پر آج کشمیری عوام دنیا بھر میں یوم سیاہ منائیں گے اس موقع پر وادی میں بھرپور احتجاج مظاہرے کیے جائیں گے۔

    یوم سیاہ کا مقصد عالمی برادری پر واضح کرنا ہے کہ بھارت نے ان کی خواہشات کے بر خلاف جموں و کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہ انہیں ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کررہا ہے۔

    آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے جبکہ دیگر آزادی پسند تنظیموں نے اس کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب آزادی کے متوالوں کو روکنے کیلئے بھارتی فوج نے وادی میں کرفیو نافذ کردیا ہے، بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، موبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئیں، وادی میں اب تک تین دن میں شہداء کی تعداد دس ہوگئی ہے۔

    ستائیس اکتوبر1947 کو بھارت نے ریاست جموں و کشمیر میں فوجیں اتار کر ریاست کے ایک حصے پر ناجائز قبضہ کیا، جس کے خلاف لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے، اس دن بھارت نے اپنی افواج کشمیر میں داخل کی اور کشمیریوں کا حق آزادی چھین لیا تھا۔

  • بھارت کا یوم آزادی، کشمیری عوام آج یومِ سیاہ منارہے ہیں

    بھارت کا یوم آزادی، کشمیری عوام آج یومِ سیاہ منارہے ہیں

    سری نگر: بھارت کے یوم آزادی پر کشمیر پر غاصبانہ فوجی تسلط کے خلاف کشمیری عوام دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں ، پاکستانی عوام بھی ان سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے یوم آزادی پر حریت رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال دی گئی، سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے دی جانے والی اس کال پر پوری وادی میں کاروبارِ زندگی معطل ہوگیا۔ تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز، دفاتر اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر بھی سناٹے کا راج رہا۔

    دوسری جانب قابض بھارتی افواج، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر اور جموں سمیت تمام قصبوں میں بھارتی تسلط کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے بھاری نفری تعینات کی اور سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔

    سری نگر کے سوناوار کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی یوم آزادی کی پریڈ منعقد کی گئی تھی ، اسٹیڈیم کی جانب جانے والی سڑکوں پر ہزاروں کی تعداد میں مسلح سپاہی تعینا ت کیے گئے تھے ، جبکہ احتجاج کے لئے جمع ہونے والے مظاہرین کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جارہی تھی ، اس موقع پر وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔

    دریں اثنا بھارتی پولیس نے حریت رہنما محمد یاسین ملک کو گرفتار کرکے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جبکہ دیگر کشمیری رہنما جن میں سید علی گیلانی، محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، غلام احمد گلزار، بلال صدیقی، حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، اور دیگر کو ان کے گھروں پر نظر بند رکھا گیا۔

    مقبوضہ کشمیر کے باسیوں سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں بھی بھارتی تسلط کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس سے احاطہ کچہری تک ریلی نکالی گئی اور مظاہرین نے مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ نہتےکشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیا جائے۔

    دوسری جانب پاکستان میں آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پرمنایا جارہا ہے، اسلام آباد میں حریت رہنما مشال ملک کی قیادت میں چائنا چوک سے نیشنل پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے علامتی دھرنا بھی دیا۔ احتجاج میں شریک بچوں نے اپنے چہروں پر بھارتی فورسز کی جانب سے استعمال کی جانے والی پیلٹ گن کے چھروں کے علامتی نشان بھی بنا رکھے تھے۔

    اس کے ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں رہائش پذیر کشمیریوں نے آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پر منایا اور متعدد ممالک میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے بھی کیے گئے۔

  • جامعہ کراچی کے اساتذہ کا پیر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان

    جامعہ کراچی کے اساتذہ کا پیر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان

    کراچی : جامعہ کراچی کے اساتذہ نے سندھ اسمبلی کے یونیورسٹی ایکٹ میں ترمیم مسترد کرتے ہوئے پیر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی سے وابستہ اساتذہ نے سندھ حکومت کی جانب سے جامعات کی خود مختاری کو تباہ کرنے کی غرض سے کی گئی تعلیم دشمن ترمیم پر شدید مذمت کا اظہار کیا ہے۔

    سن 1973 میں سندھ کی جامعات کی خودمختاری کے لیے پاس کردہ ترمیم کو اب تبدیل کردیا گیا ہے۔ علمی اور جامعاتی خود مختاری کو سلب کرنے کی اس ترمیم میں مرکزی فریقین سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی، جس کے تحت اب سنڈیکیٹ و گورننگ بورڈز کے 10 میں سے 8 بیورکریٹ وزیرِ اعلیٰ سندھ اور گورنر سندھ کی جانب سے نامزد کئے جائیں گے۔

    اس طرح اب جامعاتی سنڈیکیٹ کے 25 اراکین میں سے صرف 6 افراد ہی منتخب شدہ ہوں گے اور یوں ان کی تعداد کو بہت حد تک کم کردیا گیا ہے، یوں اب بیوروکریسی اور افسر شاہی تمام جامعات کو ڈکٹٰیٹ کرائے گی، جس کے بعد سندھ کی جامعات کی بقا اب داوٴ پر لگ چکی ہے۔

    اس ترمیم سے جامعات کی خودمختاری بری طرح مجروح ہوگی۔

    دوسری جانب داخلہ پالیسی کو بھی بیوروکریسی کے مکمل تابع کردیا گیا ہے، اس طرح جناب ذوالفقار علی بھٹو کی جانب سے پیش کردہ 1973 کے جامعاتی ایکٹ کو برباد کردیا گیا ہے۔

    اس ترمیم کے تحت جامعات میں اساتذہ کی لیڈرشپ کو بظاہر ایک امتیازی ترمیم کے تحت دھکیلا گیا ہے، جس کے تحت گروہی اور لسانی امتیاز مزید بڑھے گا، جمہوریت اور عوامی نمایئندگی کی دعوے دار جماعت کی جانب سے شہر میں سیاسی خلا کو موقع پرستی کے تحت استعمال کیا گیا ہے۔

    جامعہ کراچی کے اساتذہ نے سندھ حکومت کے اس اقدام کو تعلیم مخالف عمل قرار دیتے ہوئے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور اسے سندھ حکومت کا غیرجمہوری عمل قرار دیا ہے کیونکہ اس میں اہم فریقین یعنی اساتذہ کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

    اس موقع پر جامعہ کراچی کے اساتذہ نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ سندھ حکومت کی جانب سے جامعاتی خودمختاری سلب کرنے کے اس قدم کی حمایت نہیں کریں گے اور اب اس عمل کے خلاف مہم چلائیں گے، جس کا مقصد تقسیم در تقسیم ہے۔

    اس ضمن میں پیر کے روز جامعہ کراچی میں یومِ سیاہ منایا جائے گا اور صبح گیارہ بجے تمام اساتذہ آرٹس لابی کے باہر جمع ہوکر اس یک طرفہ ترمیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیریوں کا آج یومِ سیاہ

    بھارت کا یوم جمہوریہ، کشمیریوں کا آج یومِ سیاہ

    سری نگر : بھارت کے یوم جمہوریہ کو دنیا بھر میں آباد کشمیری آج یوم سیاہ کے طور پر منارہے ہیں، حریت رہنماؤں کی اپیل پر مقبوضہ کشمیرمیں آج مکمل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بدترین ظلم وستم جاری ہے، بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں رہنے والے کشمیری بھارت کے غاصبانہ قبضے اور ظلم کے خلاف یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

    اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں گھر گھر سیاہ پرچم لہرا دیے گئے، میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور یاسین ملک کی اپیل پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور ٹرانسپورٹ معطل ہے۔

    بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے احتجاج کودبانے کے لئے غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا ہے اور انٹرنیٹ اورموبائل سروس بند کردی گئی جبکہ  میرواعظ عمرفاروق،یاسین ملک اورسید علی گیلانی گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے۔

    بھارتی کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے تمام حربوں کے باوجود کشمیریوں نے نمازجمعہ کے بعداحتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

    مقبوضہ کشمیرکے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز 3نوجوانوں کی شہادت پر احتجاج بھی کیا گیا جبکہ دنیا بھر میں آباد کشمیری آج بھارتی سفارتخانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالیں گے۔

    واضح رہے کہ بھارتی عوام آج 69 واں یومِ جمہوریہ منارہے ہیں تاہم کشمیر جسے بھارتی اپنا اٹوٹ انگ قراردیتا ہے وہاں کے عوام آج بھی اپنے حقِ خود ارادیت سے محروم ہیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تواسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • کشمیر پربھارتی تسلط کے70 سال مکمل،عوام یوم سیاہ منا رہےہیں

    کشمیر پربھارتی تسلط کے70 سال مکمل،عوام یوم سیاہ منا رہےہیں

    آج کے دن کشمیرکےڈوگرہ راجا نےعوامی رائے اورتقسیم ہند کے فارمولے کے برخلاف ایک معاہدے کے تحت بھارت میں شمولیت اختیار کی تھی، کشمیر ی عوام آج یومِ سیاہ مناہ رہے ہیں۔

    تقسیمِ ہند کے وقت کشمیر کی ریاست پر ڈوگرہ نامی ہندو راجہ کی حکومت تھی جبکہ ریاست کی اکثریتی آبادی مسلمان تھی۔ انگریز حکومت کی جانب سے تیار کردہ تقسیم کے فارمولے کے تحت مسلم اکثریتی علاقوں کا الحاق پاکستان کے ساتھ اور غیر مسلم علاقوں کا الحا ق ہندوستان کے ساتھ ہونا تھا۔

    کشمیر کے راجا ڈوگرہ نے تقسیم کےفارمولے اور عوامی امنگوں کو نظر انداز کیا اور بھارت کے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو سے ساز باز کرکے الحاق کا معاہدہ کرلیا۔

    ریاست کشمیر اور جواہر لعل نہر و کے درمیان معاہدہ ہوتے ہی ہندوستانی فوجوں نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر ایئر پورٹ پر اتر کر سب سے پہلے اس کا نظم و نسق اپنے اختیار میں لے لیا اور اس کے بعد ہندوستانی افواج مختلف راستوں سے کشمیر میں داخل ہوگئیں۔


    بھارتی جبرکشمیریوں کوجذبہ آزادی سے پیچھےنہیں ہٹاسکتا‘ صدر، وزیراعظم


    آج اس واقعے کے 70 سال بعد بھی کشمیر ی عوام اس فیصلے کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیتے ہیں اور بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم کے خلاف صف آراء ہیں۔

    بھارتی فوج نے70 سال کے طویل عرصے میں کشمیری عوام پر ظلم و ستم ڈھا کر ان کی رائے اپنے حق میں کرنے کی ناکام کوشش کرنے کی تاریخ رقم کی ہے، بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ کشمیر ی عوام کا جوش و ولولہ اور آزادی کا جذبہ بھی بڑہتا ہی جارہا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں کشمیر کی جنگِ آزادی کے نوجوان رہنما برہان وانی کی شہادت نے کشمیری عوام میں آزادی کی نئی روح پھونک دی تھی‘ کرفیو کے باوجود لاکھوں افراد نے جنازے میں شرکت کی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔

    اس واقعے کے بعد سے وادی میں کشیدگی عروج پر ہے اور اب تک درجنوں شہری شہید ہوچکے ہیں ۔ کشمیریوں کے خلاف بے دریغ ممنوعہ گنوں کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے سینکڑوں کی تعداد میں کشمیر یوں کی آنکھیں ضائع یا متاثر ہوچکی ہیں۔

    کشمیر ی عوام آج 70 سال کا طویل عرصہ ظلم وبربریت اورجبر سہنے کے بعد بھی اپنا حق ِ رائے دہی ترک کرنے پر تیار نہیں ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔