Tag: Black Sea

  • روسی جہازوں کو روکنے کی اپیل پر ترکی کا یوکرین کو جواب

    روسی جہازوں کو روکنے کی اپیل پر ترکی کا یوکرین کو جواب

    انقرہ: ترکی نے یوکرین کی اپیل پر کہا ہے کہ وہ روسی جنگی جہازوں کو بحیرۂ اسود تک رسائی نہیں روک سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی جہازوں کو روکنے کی اپیل پر ترکی نے یوکرین کو جواب دے دیا، ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی معاہدے کی وجہ سے ترکی روسی جنگی جہازوں کو بحیرۂ اسود تک رسائی نہیں روک سکتا۔

    ترکی کے وزیر خارجہ نے جمعہ کو کہا کہ بین الاقوامی معاہدے کی ایک شق جہازوں کو اپنے ہوم بَیس پر واپس جانے کی اجازت دیتا ہے، اس لیے ترکی روسی جنگی جہازوں کو اپنی آبنائے کے ذریعے بحیرۂ اسود تک پہنچنے سے نہیں روک سکتا۔

    یوکرین نے ماسکو کی جانب سے جمعرات کو زمینی، فضائی اور سمندر سے بھرپور حملے کے بعد گزشتہ روز ترکی سے روسی جہازوں کو آبنائے ڈارڈینیلس اور باسفورس پر روکنے کی اپیل کی تھی، کیوں کہ روسی جنگی جہاز آبنائے ڈارڈینیلس اور باسفورس کے ذریعے بحیرۂ اسود جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترکی کے پاس 1936 کے مونٹریکس کنونشن کے تحت آبنائے پر کنٹرول حاصل ہے، اور وہ جنگ کے وقت یا خطرہ ہونے پر جنگی جہازوں کے گزرنے کو محدود کر سکتا ہے۔ تاہم، یوکرین کی درخواست نے نیٹو کے رکن (ترکی) کو مشکل میں ڈال دیا ہے، کیوں کہ وہ اپنے مغربی وعدوں اور روس کے ساتھ قریبی تعلقات کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    خیال رہے کہ جمعرات کو قازقستان میں بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ میولوت چاوش اوغلو نے کہا تھا کہ ترکی کیف کی درخواست کا مطالعہ کر رہا ہے لیکن ساتھ میں یہ بھی کہا تھا کہ روس کو کنونشن کے تحت یہ حق حاصل ہے کہ وہ بحری جہاز اپنے ہوم بَیس واپس بھیجے، یعنی اس صورت میں بحیرہ اسود کے ذریعے۔

  • ترکی نے بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے

    ترکی نے بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے

    انقرہ: ترکی نے بحیرہ اسود میں قدرتی گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان نے بحیرہ اسود میں تاریخ کی سب سے بڑی گیس دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔

    ترک صدر نے کہا کہ بحیرہ اسود سے 320 بلین مکعب میٹر قدرتی گیس دریافت ہوئی ہے، 2023 میں قدرتی گیس کے ان ذخائر سے قوم کو فراہمی شروع کریں گے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل ترک صدر نے قوم کو خوش خبری دینے کی بات کی تھی اور کہا تھا کہ یہ توانائی پر انحصار کرنے والے ملک کو نئے دور میں داخل کر دے گی۔

    یہ ذرایع قابل استعمال ہونے کی تصدیق ہوئی تو ترکی، جسے توانائی کی مہنگی درآمدات پر انحصار کرنا پڑتا ہے، کو بڑی سہولت مل جائے گی، اور معیشت بھی مستحکم ہو جائے گی۔

    ترکی کا ڈرلنگ کرنے والا بحری جہاز فاتح گزشتہ ایک ماہ سے مغربی بحیرہ اسود میں ٹونا وَن سیکٹر میں گیس تلاش کرنے کے لیے آپریشن کر رہا تھا، یہ سیکٹر اس جگہ سے قریب ہے جہاں رومانیہ کو بھی گیس کے ذخائر ملے تھے۔

    یہ دریافت ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب مشرقی بحیرہ روم میں متنازع پانیوں میں ترکی اور یونان کے مابین تیل اور گیس کی تلاش کے معاملے پر تناؤ بڑھ رہا ہے۔

    ترکی کی طرف سے سمندر کی نیچے تیل اور گیس کے امکانی ذخائر کی تلاش کے لیے ایک ریسرچ جہاز بھیجنے کے بعد یونانی اور ترکی جنگی بحری جہاز ایک دوسرے کا سایہ بن کر رہنے لگے ہیں۔

    واضح رہے کہ ترکی کو توانائی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ایران، عراق اور روس پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔