Tag: BlackBerry

  • پاکستان میں ایک اور نایاب پھل کی کاشت کا آغاز

    پاکستان میں ایک اور نایاب پھل کی کاشت کا آغاز

    پاکستان میں نایاب قسم کے پھل بلیک بیری کو کاشت کرنے کا پہلا کامیاب تجربہ کرکے اسے کمرشل بنیادوں پر کاشت کاروں تک پہنچانے کا آغاز کردیا گیا ہے، اس سے قبل سرخ و جامنی رنگ کے جاپانی آم کی کاشت بھی کی جاچکی ہے۔

    اس حوالے سے زرعی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بلیک بیری جیسے نایاب پھل کی کاشت ممکن بنانے کیلئے 6 سال قبل کیلی فورنیا سے چند پودے پاکستان لاکر ان پر تجربات کیے گئے۔

    بارانی ایگریکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ (باری) چکوال نے پہلا کامیاب تجربہ کرنے کے بعد اسے کمرشل بنیادوں پر کاشت کاروں تک پہنچانا شروع کردیا ہے۔

    زرعی ماہرین کے مطابق بلیک بیری کا پودا ایک سال میں چار سے پانچ کلو پھل دینا شروع کر دیتا ہے، عام مارکیٹ میں اس کی قیمت توقع سے بڑھ کر ہے جبکہ خوش ذائقہ بلیک بیری کینسر سمیت کئی بیماریوں سے بچاؤ کا باعث بھی ہے۔

    بلیک بیری

    یاد رہے کہ سرخ و جامنی رنگ کے جاپانی اور مہنگے ترین آم ‘میازاکی’ کی کاشت کا آغاز اب کراچی میں بھی کر دیا گیا ہے جو اس سے قبل صرف جاپان میں اگایا جاتا تھا۔ یہاں اس کی قیمت 3 لاکھ روپے فی کلو تک ہے۔

    ویسے عام طور پر تو آم کا رنگ پیلا ہوتا ہے لیکن یہ منفرد آم ذائقے کے علاوہ رنگت میں بھی مختلف ہوتے ہیں۔ یہ اپنی منفرد رنگت، ذائقے اور قیمت کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔

  • بلیک بیری فون ختم کردیے گئے

    بلیک بیری فون ختم کردیے گئے

    کینیڈین موبائل فون کمپنی بلیک بیری بالآخر ختم ہوگیا، بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نئی کمپنی کو بلیک بیری کی تیاری کے لیے ملنے والا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے۔

    جنوری 2022 میں بلیک بیری نے باضابطہ طور پر فونز کے لیے سپورٹ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    کینیڈین کمپنی کی جانب سے 4 جنوری 2022 سے بلیک بیری کے سافٹ ویئر بلیک بیری 7.1، بلیک بیری 10 یا دیگر پر کام کرنے والے فونز یا ٹیبلیٹس کے لیے سپورٹ ختم کردی گئی تھی۔

    یعنی بلیک بیری ڈیوائسز پر وائی فائی کا استعمال، فون کالز، ٹیکسٹ میسجز اور دیگر فنکشنز اب کام نہیں کرتے، یعنی یہ فون صارفین کے لیے بیکار ہی ہوگئے ہیں۔

    مگر بلیک بیری فونز پسند کرنے والوں کو توقع تھی کہ کینیڈین کمپنی کے مزید نئے فونز مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے اور امریکی کمپنی آن ورڈ موبیلیٹی انہیں متعارف کروائے گی۔

    خیال رہے کہ اگست 2020 میں کینیڈین کمپنی نے آن ورڈ موبیلٹی اور فوکس کون کی ذیلی کمپنی ایف آئی ایچ موبائل لمیٹڈ سے اشتراک کیا تھا تاکہ نئے بلیک بیری فونز متعارف کروائے جاسکیں۔

    اس کے بعد اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں مگر آن ورڈ موبیلٹی نے بتایا تھا کہ وہ اینڈرائیڈ پر کام کرنے والے بلیک بیری فون کو تیار کرنا چاہتی ہے۔

    مگر 2021 کے اختتام پر آن ورڈ موبیلٹی نے کہا تھا کہ وہ 5 جی بلیک بیری فون کو پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

    مگر اب یقینی طور پر بلیک بیری برانڈ کے عہد کا خاتمہ ہورہا ہے کیونکہ رپورٹس کے مطابق آن ورڈ موبیلٹی کو بلیک بیری کی تیاری کے لیے ملنے والا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے۔

  • برطانوی وزیر اعظم نے اپنے بلیک بیری سے جان چھڑالی

    برطانوی وزیر اعظم نے اپنے بلیک بیری سے جان چھڑالی

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے اپنے پرانے فون بلیک بیری سے جان چھڑالی، اب تھریسامے آئی فون استعمال کررہی ہیں۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم تھریسامے ان دس سربراہان کے گروپ کی آخری رکن تھیں جو ابھی تک بلیک بیری کا استعمال کررہے تھے۔

    بلیک بیری بنانے والی کینیڈا کی کمپنی نے فروخت میں شدید مندی کے سبب 2016 میں بلیک بیری کی تیاری روک دی تھی اور اس نام سے موبائل تیار کرنے کے لیے دیگر کمپنیوں کو لائسنس دے دیا تھا۔

    واضح رہے کہ امریکی سابق صدر بارک اوباما نے 2013 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر آئی فون کے استعمال کی اجازت نہیں ہے تاہم وہ اپنے لیے ذاتی بلیک بیری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔

    جنوری 2017 میں موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قومی سلامتی کی ایجنسی کی ہدایت پر اپنے ذاتی موبائل فون سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگئے جو اینڈرائیڈ سسٹم کا حامل تھا۔

    جرمن چانسلر انجیلا مرکل ان دنوں نوکیا کا فون استعمال کرتی ہیں جس کا ماڈل نوکیا 6260 ہے، روسی صدر ولادی میر پیوٹن ان دنوں آئی فون 4 استعمال کرتے ہیں، فرانس کے صدر نے اپنے ذاتی استعمال کے لیے آئی فون فائیو کا انتخاب کیا ہے۔

    نارتھ کوریا کے سربراہ کم جانگ ان 2013 سے تائیوان کی کمپنی ایچ ٹی سی کا موبائل فون استعمال کررہے ہیں، اٹلی کے وزیر اعظم میتھیو رینزی کے زیر استعمال ان دنوں آئی فون ہے۔

    پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کے زیر استعمال ایپل کمپنی کا آئی فون اور سام سانگ کا اسمارٹ فون ہے جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی بلیک بیری فون استعمال کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی اٹارنی اور ایف بی آئی نے یہ انکشاف کیا تھا کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے فینٹم سکیور نامی ادارہ معروف کمپنی بلیک بیری کے موبائل فون ڈیوائس میں تبدیلی کرکے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ کے لیے فروخت کررہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔