Tag: Blaochistan

  • بچوں کا مستقبل داؤ پر، اسکولوں میں مستقل اساتذہ نے اپنے متبادل اساتذہ رکھ لیے

    بچوں کا مستقبل داؤ پر، اسکولوں میں مستقل اساتذہ نے اپنے متبادل اساتذہ رکھ لیے

    کوئٹہ: بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا، بلوچستان کے اسکولوں میں مستقل اساتذہ نے اپنے متبادل اساتذہ رکھ لیے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع کے اسکولوں میں مستقل اساتذہ کی جانب سے اپنے متبادل اساتذہ رکھنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر سیکریٹری اسکول ایجوکیشن بلوچستان نے سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کے حکام کے مطابق سیکریٹری تعلیم صالح ناصر ان دنوں مختلف اضلاع میں اسکولوں کا دورہ کر رہے ہیں، ضلع قلعہ سیف اللہ کے اسکولوں کے دورے کا دوران یہ انکشاف ہوا کہ اسکولوں میں مستقل اساتذہ اپنی جگہ کسی اور شخص کو پیسے دے کر اسکول میں بچوں کو پڑھانے کے لیے بھیجتے ہیں۔

    سیکریٹری محکمہ اسکول ایجوکیشن نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام اساتذہ کو ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی تنبیہ جاری کر دی، اور کہا کہ اساتذہ دو دن کے اندر اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہو جائیں، انھوں نے وارننگ دی کہ اگر اساتذہ کی جگہ کسی اور کو اسکول میں پڑھاتے ہوئے دیکھا گیا تو اصل ٹیچر کو برخاست کر دیا جائے گا، اور ہیڈ ماسٹر کے خلاف سخت کارروائی کے علاوہ متبادل ٹیچر پر بھی مقدمہ درج ہوگا۔

    سیکریٹری تعلیم بلوچستان صوبے کے ڈویژنل ایجوکیشن ڈائریکٹرز اور ضلعی آفیسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ متبادل ٹیچرز کی نشان دہی کی جائے اور ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • بلوچستان، کے پی اور گلگت میں کروناٹیلی میڈیسن سینٹرز کے قیام کا اعلان

    بلوچستان، کے پی اور گلگت میں کروناٹیلی میڈیسن سینٹرز کے قیام کا اعلان

    لاہور: صوبائی حکومتوں نے خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کروناٹیلی میڈیسن سینٹرز کے قیام کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنرپنجاب نے بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے گورنرز سے رابطہ کیا۔ دریں اثنا صدرآزاد کشمیرمسعود احمد خان سے بھی رابطہ کیا گیا۔

    اس دوران کےپی، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کروناٹیلی میڈیسن سینٹرز کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں بھی ٹیلی میڈیسن سینٹرز بنائے جائیں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا ٹیلی میڈیسن سینٹرز کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    حکومت کا کروناوائرس لیباٹریز کی تعداد 32 تک لے جانے کا فیصلہ

    دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ہفتے میں کروناوائرس لیبارٹریز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، آنے والوں میں دنوں لیباٹریز کی تعداد 32 تک لے جائیں گے۔

    اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ نئی لیباٹریز وہاں ہوں گی جہاں لوگوں کو آسان رسائی ہو، ممکنہ طور پر آنے والے دنوں میں کروناوائرس لیباٹریز کی تعداد 32 ہوجائے گی۔

  • بلوچستان کے ساحل پر 30 فٹ لمبی بروڈز وہیل مردہ حالت میں برآمد

    بلوچستان کے ساحل پر 30 فٹ لمبی بروڈز وہیل مردہ حالت میں برآمد

    کراچی : بلوچستان کے ساحل پر30فٹ لمبی بروڈز وہیل مردہ حالت میں ملی ہے، یہ مچھلی پاکستان میں3نایاب وہیلز میں سے ایک تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ٹیم نے بلوچستان کی ساحلی پٹی پر آپریشن کے بعد ایک بروڈز وہیل کو ڈھونڈ نکالا، 30 فٹ لمبی وہیل مردہ حالت میں ملی۔

    مقامی ماہی گیروں کے مطابق وہیل جال میں پھنسی ہوئی تھی، ہم نے اپنے دستیاب محدود وسائل سے وہیل کو جال سے نکالنے کی کوشش کی گئی مگر ناکام ہوگئے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ایف کی ٹیم اس جگہ پہنچی مگر وہ بھی وہیل کو تلاش نہ کرسکی، بعد ازاں گوادر اور ایران کی سرحد کے ساحل پر آپریشن کیا گیا، آپریشن کے چار دن بعد وہیل کو مردہ حالت میں پایا گیا۔

    ڈبلیو ڈبلیو ایف کے عہدیدار معظم خان نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں پائی جانے والی 3 نایاب ویلز میں سے یہ ایک تھی۔

    مزید پڑھیں : کراچی کے قریب چرنا آئی لینڈ پر پہلی بار بلیووہیل دیکھی گئی

    واضح رہے کہ بلیو وہیل دنیا میں پائے جانے والے بڑے جانوروں میں سے سب سے بڑا ہے، بلیو وہیل شرمپ نامی ایک چھوٹی مخلوق کو اپنی خوراک بناتی ہے، جسے کرِل کہتے ہیں۔

    اس سے قبل نایاب نسل کی اسپرم وہیلز کراچی سے 22 کلومیٹر دور دیکھی گئی تھیں بعد ازاں یہ وہیل بلوچستان کے ساحلوں سنارا بیچ اور جیوانی میں بھی دیکھی گئیں، کراچی سے لے کر بلوچستان تک جن ماہی گیروں نے اسے دیکھا اور ان وہیلوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائیں۔

  • کوئٹہ میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور گرد ونواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، شہری خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 3.0ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، مرکز سبی سے 75 کلومیٹر شمال مشرق تھا۔

    قبل ازیں گذشتہ ہفتے ہی کوئٹہ کے علاقے خاران اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلے کی شدت 3 ریکارڈکی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

    کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے

    واضح رہے کہ 17 دسمبر 2018 کو بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور اس کے گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.2 ریکارڈ کی گئی تھی۔

    ماہرین ارضیات کی جانب سے زلزلوں کی دو بنیادی وجوہات بیان کی جاتی ہیں، ایک وجہ زیر زمیں پلیٹوں (فالٹس) میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل ہے اوردوسری آتش فشاں کا پھٹنا ہے۔

  • ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    ہرنائی سیلابی ریلے سے 7 افراد ہلاک، 11 افراد لاپتہ

    زیارت : دو روز سے مسلسل بارشوں کے باعث بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں سیلابی ریلا داخل ہونے سے متعدد مکانات تباہ جبکہ پانی کے تیز بہاؤ میں کئی گاڑیاں بہہ گئی، سیلابی ریلا گزشتہ رات ہرنائی میں داخل ہوا جس کے باعث گھروں میں سوئے ہوئے کئی افراد ریلے میں بہہ گئے، ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 7 افراد جاں بحق اور 11 افراد لاپتہ ہوئے ہیں جبکہ 3 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

    صوبائی اور ضلعی انتظامیہ نے ہرنائی میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور ڈاکٹرز کی ٹیم سمیت ریسکیو اداروں نے کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ کوئٹہ کے سول اسپتال کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے اب تک 4 لاشیں لائیں گئی ہیں جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

    اسپتال منتقل کی گئی لاشوں کی شناخت 2 مقامی صحافیوں سمیت مزید دو افراد کی ہیں جنہیں ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان بھی کیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضے دینے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔