Tag: blast

  • پارا چنار : اکبر خان چوک پر دھماکہ : 15 افراد زخمی

    پارا چنار : اکبر خان چوک پر دھماکہ : 15 افراد زخمی

    کرم ایجنسی : خیبر پختونخوا کے علاقے اکبر خان چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں موقع پر موجود 8افراد زخمی ہوگئے، پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق  پاکستان کے قبائلی ضلع کرم ایجنسی کے مرکزی شہر پاراچنار کے علاقے اکبر خان چوک کے قریب دھماکہ ہوا ہے ، دھماکے سے 15 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، پولیس کے مطابق ابھی دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہواہے۔

    دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ہیڈ کوارٹر اسپتال پہنچا دیا۔

    پولیس نے جائے حادثہ کو سیل کر دیا ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور مشکوک افراد کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    تفصیلات جاری ہیں

  • تھائی لینڈ میں 2 زوردار بم دھماکے

    تھائی لینڈ میں 2 زوردار بم دھماکے

    منیلا: تھائی لینڈ میں 2 زوردار بم دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکے تھائی لینڈ کے جنوبی صوبے یالا میں ہوئے، زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر شہری مسلمان ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب مسلم اسکالرز کروناوائرس سے متعلق گفتگو کے لیے ایک جگہ جمع ہوئے تھے۔ اس حملے میں تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے دستی بم سے حملہ ہوا جس کے تھوڑی ہی دیر بعد کار بم دھماکے نے کئی افراد کو اپنی زد میں لے لیا۔ واقعے میں صحافیوں سمیت پولیس اہکار بھی زخمی ہوئے۔

    حملے کی ذمے داری تاحال کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی۔

    خیال رہے کہ تھائی لینڈ کے صوبے یالا میں مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد مقیم ہے۔

  • پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں دھماکا کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں دھماکا کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ پارکنگ میں دھماکے سے متعلق تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، دھماکا کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ کی پارکنگ میں دھماکا کرنے والا ملزم افغانستان کا رہائشی ہے، گرفتار ملزم 12 دسمبر2019 کو براستہ چمن پاکستان میں داخل ہوا۔

    پولیس نے کہا ہے کہ ملزم اکرام اللہ حاجی کیمپ اڈا پشاور کے قریب ہوٹل میں قیام پذیر تھا، ملزم نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر کے کہنے پر رقم کے عوض جرم کیا، ملزم سے 29100 پاکستانی روپے اور 100امریکی ڈالر اور افغان دستاویزات برآمد ہوئیں۔

    پشاورہائی کورٹ کے باہر دھماکا، تحقیقات میں پیش رفت

    خیال رہے کہ دو روز قبل پشاور ہائی کورٹ کے باہر رکشے میں دھماکے کے باعث متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا اور 11 افراد زخمی ہوئے تھے، پولیس کا ابتدائی طور پر کہنا تھا کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔

    گزشتہ روز رکشا ڈرائیور کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایک شخص سامان سمیت ہشت نگری سے ہائی کورٹ تک آیا، رکشے میں سوار شخص نے بتایا کہ کچھ کاغذات ہائی کورٹ تک پہنچانے ہیں، پارکنگ پہنچتے ہی اس نے مجھے رکنے اور کچھ دیر میں آنے کا کہا، مشکوک شخص کے جانے کے چند لمحے بعد ہی دھماکا ہو گیا۔

    گرفتار ملزم سے تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

  • بھارت میں دھماکے سے عمارت منہدم، 10 افراد ہلاک

    بھارت میں دھماکے سے عمارت منہدم، 10 افراد ہلاک

    نئی دہلی: بھارتی ریاست اترپردیش میں سلنڈر دھماکے کے باعث عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور متعدد ملبے تلے دب گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپریش کے ضلع ماؤ میں دو منزلہ عمارت سلنڈر دھماکے سے منہدم ہوگئی جس کے باعث دس افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد تاحال ملبے تلے دبے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عمارت کے ملبے سے 14 افراد کو زخمی حالت میں نکالا جاچکا ہے، جنہیں مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، جبکہ دیگر افراد کو بھی باحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

    ضلع ماؤ کے علاقے ولید پور میں عمارت گرنے کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا، کئی افراد سوررہے تھے کہ اچانک عمارت زمین بوس ہوگئی، ریسکیو آپریشن کے لیے بھاری مشینری پہنچادی گئی ہے۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے، مقامی شہری اپنی مدد آپ کے تحت بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    وزیراعلیٰ یوگی ادیتیاناتھ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مرنے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دریں اثنا انہوں نے لوکل اداروں کو عملی اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت گر گئی، 10 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں بھارت کے شہر اندور میں 4 منزلہ عمارت زمیں بوس ہوئی تھی جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

  • چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    چمن دھماکا، جے یو آئی کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں‌ بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے پر دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چمن میں تاج روڈ پر جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ۔

    پولیس اور ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پہنچ گئیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، دھماکے سے قریب عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

    اس سے قبل مئی میں ضلع قلعہ عبداللہ میں سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں قبائلی رہنما ولی اچکزئی جاں بحق ہوگئے تھے۔

    سپینہ غنڈی میں ہونے والے دھماکے میں مقامی قبائلی رہنما حاجی ولی اچکزئی اپنے 2 محافظوں سمیت جاں بحق ہوئے تھے، دھماکے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی تھی جس کے باعث متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • صدر اشرف غنی کی ریلی سمیت افغانستان میں 2 دھماکے، 30 افراد جاں بحق

    صدر اشرف غنی کی ریلی سمیت افغانستان میں 2 دھماکے، 30 افراد جاں بحق

    کابل: افغانستان میں مختلف مقامات پر ہونے والے 2 دھماکوں میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پہلا دھماکہ افغان صدر اشرف غنی کی انتخابی ریلی کے قریب ہوا، افغان صدر محفوظ رہے۔

    تفصیلات کے مطابق پہلا دھماکہ افغانستان کے وسطی صوبے پروان میں صدر اشرف غنی کی ریلی کے قریب ہوا۔ دھماکہ ریلی کی طرف جانے والے راستے میں ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک ہوا جب ایک موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

    دھماکے کے وقت صدر اشرف غنی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جو اس ہولناک دھماکے میں محفوظ رہے۔

    پروان کے اسپتال ڈائریکٹر کے مطابق حملے میں 24 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی ہے۔

    مذکورہ دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد دارالحکومت کابل میں امریکی سفارتخانے کے نزدیک ایک اور دھماکہ ہوا۔ افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔

    دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، ہلاک اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے بعد علاقے کو سیل کردیا گیا۔

    دونوں دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔

    افغانستان میں رواں ماہ کے آخر میں صدارتی انتخابات منعقد ہونے جارہے ہیں۔ طالبان نے انتخابی مہمات اور پولنگ اسٹیشنوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے عوام کو خبردار کیا تھا کہ وہ ووٹ نہ ڈالیں۔

    خیال رہے کہ 8 ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ جاری امن مذاکرات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یہ اعلان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا تھا۔

    امریکی صدر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ طالبان سے مذاکرات کابل حملے کے بعد منسوخ کیے گئے ہیں جس میں ایک امریکی فوجی سمیت 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

    ٹرمپ کا کہنا تھا کہ طالبان دوران مذاکرات غیر ضروری بالا دستی چاہتے ہیں، طالبان جنگ بندی نہیں کر سکتے تو انہیں مذاکرات کا بھی کوئی اختیار نہیں ہے۔

  • بھارتی ریاست مہاراشٹر میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، بیس افراد ہلاک، متعدد زخمی

    بھارتی ریاست مہاراشٹر میں کیمیکل فیکٹری میں دھماکا، بیس افراد ہلاک، متعدد زخمی

    دہلی: بھارتی ریاست مہاراشٹر میں کیمیکل فیکٹری میں ایک ہولناک دھماکا ہوا ہے، جو کئی افراد کی جان لے گیا.

    تفصیلات کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع دھولیہ کی ایک کیمیکل فیکٹری میں کئی سلنڈر پھٹ گئے.

    اس خوف ناک حادثے میں بیس افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی ہے. بچوں سمیت پچاس سے زاید افراد زخمی ہوئے.

    بھارتی میڈیا کے مطابق زخمی ہونے والے بچے فیکٹری میں ہی رہائش پذیر تھے، رپورٹس کے مطابق یہ ممکنہ طور پر چائلڈ لیبر کا معاملہ ہوسکتا ہے.

    دھماکے سے علاقے میں سراسیمگی پھیل گئی، فیکٹری پہاڑی علاقے پر واقع تھی، ریسیکیو ٹیموں کو پہنچنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا۔

    مزید پڑھیں: بھارت تیزی سے اپنی سیکیولر شناخت کھو رہا ہے، امریکی رکن کانگریس

    پولیس کے مطابق پہلے ایک دھماکے سے آگ بھڑکی، جس کے بعد سلنڈر کے مزید دھماکے ہوئے.

    یہ واقعہ صبح‌کے وقت پیش آیا، اس وقت فیکٹری میں 100 ورکز موجود تھے. دھماکوں کے بعد علاقے کے اوپر سیاہ دھویں کا بادل چھا گیا.

  • افغانستان: شادی کی تقریب میں دھماکے سے مرنے والوں کی تعداد 80 ہوگئی

    افغانستان: شادی کی تقریب میں دھماکے سے مرنے والوں کی تعداد 80 ہوگئی

    کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دو روز قبل شادی کی ایک تقریب میں ہونے والے خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ابتدائی طور پر 63 افراد کی ہلاکت ہوئی تھی لیکن اسپتال میں کچھ مزید زخمی دوران علاج دم توڑ گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نصرت رحیمی کا کہنا تھا کہ مزید 17 افراد زخموں کی تاب نہ لاسکے اور دم توڑ گئے جبکہ 160 افراد کا علاج اب بھی اسپتال اور گھروں میں جاری ہے۔

    اس ضمن میں وزارت داخلہ کے ایک اور ترجمان کا کہنا تھا کہ 160 زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے جن میں کچھ کی حالت اس قبل بھی نہیں کہ سرجری کی جاسکے۔

    کابل میں شادی کی تقریب میں دھماکہ، 63 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ شادی کی تقریب میں خودکش حملہ آور نے ہجوم کے درمیان اس مقام پر خود کو دھماکے سے اڑایا تھا جہاں تقریب کے شرکا رقص کررہے تھے۔

    اس دھماکے کی ذمہ داری داعش سے وابستہ ایک مقامی تنظیم نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے اہلِ تشیع برادری کو نشانہ بنایا۔

    تاہم دلہن اور دلہا اس ہولناک دھماکے میں محفوظ رہے تھے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو یہ بھی خوف تھا کہ کہیں جنازوں کو بھی نشانہ نہ بنادیا جائے۔

  • دیربالا : شرینگل گماڈنڈ میں دھماکا،5افرادجاں بحق،14زخمی، پولیس

    دیربالا : شرینگل گماڈنڈ میں دھماکا،5افرادجاں بحق،14زخمی، پولیس

    دیربالا : خیبرپختونخوا کے ضلع دیر بالا میں مسافر گاڑی کے قریب دھماکے میں کم ازکم 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں بچہ بھی شامل ہے، زخمیوں میں چار کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکا دیر بالا کے علاقے شرینگل گماڈنڈ میں ہوا جہاں ایک ڈبل کیبن گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ 14زخمی ہوئے۔

    دھماکے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔پولیس اورسکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے

    اس حوالے سے ڈی پی او نے میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی، ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی جگہ سے امدادی کارروائیاں مکمل کرکے اسے سیل کردیا گیا ہے۔

    تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، حملے میں مسافر بس کونشانہ بنایا گیا ، ابھی تک جاں بحق ہونے والوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔

  • کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، 7 افراد جاں بحق

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا ہے جس میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے قریب ایک قصبے کچلاک میں ایک مدرسے میں نماز جمعہ کے دوران ہوا، جب مسجد میں بے شمار نمازی موجود تھے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 22 زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر پہنچ کر زخمیوں کو مفتی محمود اسپتال منتقل کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ نہایت زوردار تھا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    دھماکے کے بعد مزید دھماکہ خیز مواد کی تلاش کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) کو طلب کرلیا گیا، اس دوران علاقے کو عام افراد سے خالی کروالیا گیا۔ بی ڈی ایس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد محراب کے ساتھ ہی نصب کیا گیا تھا۔

    واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی جس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کردیا۔

    سندھ میں سیکیورٹی سخت

    کوئٹہ دھماکے کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے صوبے میں سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اقدامات انتہائی چوکنا اور مستعد رکھے جائیں۔

    اس سے قبل 6 اگست کو بھی کوئٹہ ٹک ٹک گلی شو مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے سے ایک دکان تباہ ہوئی جبکہ زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل تھے۔

    ڈی آئی جی کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خریدار بن کر آئے اور بارودی مواد دکان میں رکھ گئے، دہشت گردوں نے کوئٹہ کے عوام کو نشانہ بنایا ہے۔

    بعد ازاں وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو ہمسایہ دشمن ملک کی پشت پناہی حاصل ہے، دہشت گردی کی لہر گزشتہ 2 دہائیوں سے چل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہمسایہ دشمن ملک دہشت گرد بلوچستان میں بھیج رہا ہے، ہماری سیکیورٹی فورسز ہر وقت چوکنا ہے، دہشت گردی کی جڑ تک پہنچ چکے ہیں جلد خاتمہ کردیا جائے گا۔