Tag: blast

  • افغانستان میں دھماکا، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی

    افغانستان میں دھماکا، 6 افراد ہلاک، کئی زخمی

    کابل: افغانستان میں بم دھماکے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں ایک بار پھر دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، صوبہ لغمان میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ بم سڑک کنارے نصب تھا جو ایک گاڑی سے ٹکرایا اور دھماکا ہوگیا، سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے کی ذمہ داری کسی عسکریت پسند گروہ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی البتہ اس قسم کے حملے طالبان کی جانب سے کیے جاتے رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق گذشتہ سال جنوری سے ستمبر کے دوران افغانستان میں دہشت گرد حملوں میں 2 ہزار 8 سو عام شہری مارے گئے جبکہ پانچ ہزار کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے۔

    خیال رے کہ رواں سال جنوربی میں افغانستان کے صوبے وردک میں فوجی اڈے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے تھے۔

    افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    جنوری میں ہی افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر اور این ڈی ایف کے صوبائی چیف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں گورنر کی حفاظت پر تعینات 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ دوسری جانب طالبان اور امریکا کے درمیان مذاکراتی دور کا سلسلہ بھی جاری ہے، جبکہ طالبان کا وفد افغان اپوزیشن رہنماؤں سے بھی ملاقات کرچکا ہے۔

  • مصر: مسجدالازہر کے قریب خودکش حملہ، دو پولیس اہلکار جاں بحق

    مصر: مسجدالازہر کے قریب خودکش حملہ، دو پولیس اہلکار جاں بحق

    قاہرہ: مصر کی مشہور مسجد الازہر کے قریب خودکش حملہ ہوا جس کے باعث دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی دارالحکومت قاہرہ میں جامعہ الازہر کے قریب خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے باعث دو پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑایا کہ جب وہ پولیس کے گھیرے میں آچکا تھا اور بچ نکلنا ناممکن تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق جاعے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں، حملہ کس عسکریت پسند تنظیم کی جانب سے کیا گیا یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    ریسکیو عملے نے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو مقامی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، مسجد کو وقتی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

    دو روز قبل ہی مصر کے جزیرہ نما علاقے سینائی میں بم ناکارہ بناتے ہوئے پھٹ گیا تھا جس کے باعث تین سیکیورٹی اہلکاروں سمیت دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

    مصر: صدارتی انتخابات سے قبل بم دھماکا، دو افراد جان بحق

    خیال رہے کہ گذشتہ سال مارچ میں مصر کے شہر اسکندریہ میں ایک بم دھماکے میں دو پولیس اہل کار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے، مذکورہ واقعہ صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ سے دو روز قبل پیش آیا تھا۔

    واضح رہے کہ مصر میں داعش سمیت دیگر عسکریت پسندوں کی جانب سے دہشت گرد حملوں کے خطرات ہیں جس کے باعث دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

  • بھارتی فوجیوں پر حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں: شاہد خاقان عباسی

    بھارتی فوجیوں پر حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں: شاہد خاقان عباسی

    آکسفورڈ: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں پر حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

    برطانوی شہر آکسفورڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کو مذاکرات سے مسائل حل کرنے چاہئیں، پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کا کوئی وجود نہیں رہا۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پوری دنیا دہشت گردی کو شکست دینے میں ناکام رہی، پاکستان نے تنہا اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مستحکم پاکستان کے لیے مضبوط جمہوریت ضروری ہے، ملک کے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

    دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا میونخ میں غیرملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان پربلا جواز الزامات سے اجتناب کرنا چاہیے، پہلے دن سے بھارت سمیت ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر حملہ پاکستان کا اظہار تشویش، بھارتی الزامات مسترد

    خیال رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں بھارتی فوجیوں کی بس کو کاربم سے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں بیالیس کے قریب فوجی مارے گئے تھے، جبکہ بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور ساتھ موجود پانچ مزید گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکا، 42 بھارتی فوجی ہلاک

    مقبوضہ کشمیر میں کار بم دھماکا، 42 بھارتی فوجی ہلاک

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں ایک بڑے بم دھماکے میں 42 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق سری نگر جموں ہائی وے پر ہونے والے اس دھماکے میں بھارتی فوجیوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا.

    موصولہ اطلاعات کے مطابق دھماکے میں بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی، ساتھ موجود پانچ مزید گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا.

    دھماکے میں 42 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے، جب کہ باقی زخمیوں کو اسپتال پہنچ دیا گیا، واقعے کے بعد سیکیورٹی اہل کار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کو حصار میں لے لیا.

    مزید پڑھیں: پاکستان کے دوٹوک موقف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کر دیا: سلطان محمود

    مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم، مزید 2 کشمیری شہید

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد کار میں‌ نصب کیا گیا تھا، کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، البتہ دھماکے کی حتمی نوعیت کے بارے میں‌ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے.

    یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ظلم و ستم کا بازار گر م کر رکھا ہے۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کی آزادی سلب کرنے کے درپے اور ان کے جدوجہد کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔

  • امریکا میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا، عمارتوں میں آگ لگ گئی

    امریکا میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا، عمارتوں میں آگ لگ گئی

    واشنگٹن: امریکا میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے  سے آگ لگ گئی، جس نے پانچ عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر سان فرانسسکو میں گیس لیکیج سے دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، آگ نے پانچ عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث لگنے والی آگ سے سان فرانسسکو کا مشہور ریستوران کا بڑا حصہ بھی جل کر خاک ہوگیا۔

    فائر فائٹرز نے دو گھنٹے کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی اب تک معطل ہے، بجلی بحال کردی گئی۔

    واقعے کے حوالے سے تحقیقات کے لیے 8 رکنی ٹیم واشنگٹن سے سان فرانسسکو پہنچ رہی ہے جو دھماکے سے متعلق باریکی سے تحقیقات کرے گی۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گیس لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے تاہم سنگین صورت حال کے باعث کام مکمل ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا۔

    علاوہ ازیں گذشتہ روز امریکی شہراٹلینٹا میں زیرزمین مین ہول میں یکے بعد دیگرے دس دھماکے ہوئے تھے، جس کے باعث چاروں طرف دھوئیں کے بادل چھاگئے اور شہری سہم گئے تھے۔

    امریکا میں زیرزمین دھماکے، شہریوں میں شدید خوف وہراس

    قبل ازیں گذشتہ سال جون میں امریکی ریاست ٹیکساس کے اسپتال میں زیر تعمیر حصّے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ جون میں ہی میکسیکو میں آتش بازی کا سامان بنانے والی کمپنی میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کے نتیجے میں 49 شہری زخمی جبکہ 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

  • امریکا میں زیرزمین دھماکے، شہریوں میں شدید خوف وہراس

    امریکا میں زیرزمین دھماکے، شہریوں میں شدید خوف وہراس

    واشنگٹن: امریکا میں زیرزمین دھماکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، علاقہ دھوؤں کے بادلوں کی لپیٹ میں آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق دھماکے امریکی شہراٹلینٹا میں زیرزمین مین ہول میں ہوئے، جس کے باعث چاروں طرف دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کے مطابق مین ہول میں ہونے والے دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادلوں نے پوری اسٹریٹ کو اپنی لپٹ میں لے لیا، جس سے ٹریفک کی روانی معطل اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    ابتدائی تفتیش میں دھماکوں کی وجہ زیرزمین برقی سسٹم کی خرابی بتائی جارہی ہے، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت وقفے وقفے سے 10 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد ہم شدید خوف میں مبتلا ہوگئے۔

    امریکا: وسط مدتی انتخابات، ٹرمپ مخالفین کو دھماکا خیز مواد سے بھرے پیکٹ موصول

    قبل ازیں جون میں امریکی ریاست ٹیکساس کے اسپتال میں زیر تعمیر حصّے میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 12 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ جون میں ہی میکسیکو میں آتش بازی کا سامان بنانے والی کمپنی میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کے نتیجے میں 49 شہری زخمی جبکہ 24 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    دھماکوں کے نتیجے میں 49 شہری زخمی ہوئے، حادثے میں 2 پولیس اہلکار اور 4 فائر فائٹرز سمیت 24 افراد ہلاک ہوئے تھے، بعد ازاں حکام نے لواحقین سے اظہار تعریت کرتے ہوئے کہا تھا کہ واقعہ افسوس ناک ہے، غم میں برابر کے شریک ہیں۔

  • ترکی: رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی، 2 افراد جاں بحق

    ترکی: رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی، 2 افراد جاں بحق

    انقرہ: ترکی میں آٹھ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ استنبول کے ضلع کارٹل میں پیش آیا، جب آٹھ منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی، دو افراد کو مردہ حالت میں نکالا گیا۔

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں اور ملبے تلے دبے دیگر افراد کو باہر نکال کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تیرہ اپارٹمنٹ پر مشتمل عمارت میں تینتالیس افراد رہائش پذیر تھے، حادثے کے نتیجے میں کئی افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

    اس واقعے میں متعدد گاڑیاں بھی ملبے تلے دب گئیں، ملبے سے ایک خاتون کو زخمی حالت میں ریسکیو کیا گیا جن کی خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے مطابق حادثے کی وجہ اب تک واضح نہیں ہوسکی، آٹھ منزلہ عمارت کی بالائی تینوں منزلیں غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں، عمارت کے گراؤنڈ پر ورک شام بھی تھا جو بغیر لائیسنس کے چلایا جارہا تھا۔

    ترکی: طالبات کے ہاسٹل میں آتشزدگی،12افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ اگست 2008 میں ترکی میں گرلز ہاسٹل کی عمارت گرنے سے گیارہ طالبات جاں بحق اور تئیس سے زائد زخمی ہو گئی تھیں۔

    علاوہ ازیں 2011 میں ترکی میں آنے والے زلزلے سے درجنوں عمارتیں مہنمد ہوگئی تھیں اور کئی افراد بھی مارے گئے تھے۔

  • صومالیہ: کار بم دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    صومالیہ: کار بم دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

    موغادیشو: صومالیہ میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ بم دھماکا ملکی دارالحکومت موغادیشو میں کیا گیا، جس کے باعث گیارہ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملے کی ذمہ داری صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کرلی، دھماکے سے قریبی عمارتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

    پولیس کے مطابق دھماکا موغادیشو کی مشہور اور مصروف ترین شاہراہ پر کیا گیا، شدت پسند نے کار کو ایک دیوار کے ساتھ پارک کی جو 20 منٹ بعد تباہ ہوگئی۔

    دوسری جانب ایک مسلح شخص نے صومالیہ کی ریاست پونٹلینڈ کی بندرگاہ بوصاصو کے مینیجر پال انتھونی فورموسا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا۔

    خیال رہے کہ اس حملے کی بھی ذمہ داری الشباب نے قبول کی۔ بعد ازاں اپنے جاری بیان میں الشباب کا کہنا تھا کہ یہ حملہ منافع خور کمپنیوں کو نشانہ بنانے کے وسیع آپریشن کا حصہ ہے جو صومالیہ کے وسائل کو لوٹتے ہیں۔

    صومالیہ: امریکی فوج کا فضائی حملہ، 60 شدت پسند ہلاک

    امریکی فوج نے گذشتہ سال اکتوبر میں صومالیہ کے مرکز میں واقع علاقہ ہرارڈیر میں موجود عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیے جانے والے فضائی حملے کے باعث ساٹھ جنگجوں ہلاک ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کیے جانے والے امریکی فضائی حملے میں متعدد عام شہری بھی مارے گئے تھے جس کے بعد انسانی حقوق کی تنظیموں نے حملوں کے خلاف آواز بلند کی تھی۔

  • افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    افغانستان میں فوجی اڈے کے قریب خودکش حملہ، 12 افراد ہلاک

    کابل : افغانستان کے صوبے وردک میں فوجی اڈے کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق خودکش دھمکا افغانستان کے صوبے وردک کے دارالحکومت میدان شہر میں واقع افغان اسپیشل فورسز کے بیس کے قریب ہوا جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

    گورنر کے ترجمان رحمان مینگل کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ صبح 7 بجے بیس کے قریب ہوا جہاں افغان فورسز تعینات تھیں۔

    رحمان مینگل نے میڈیا کو بتایا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی فوجی اڈے کے قریب لاکر دھماکے سے اڑا دی۔

    گورنر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم عسکری حکام کی جانب سے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سے متعلق معلومات جمع کی جارہی ہیں۔

    صوبائی وزارت صحت کی جانب سے  12 افراد کے ہلاک جبکہ 27 اہلکاروں کے زخمی ہونےکی تصدیق کی گئی ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق تحریک طالبان افغانستان نے فوجی اڈے پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ’طالبان کے ایک گروپ نے دھماکے کے بعد فوجی اڈے پر حملہ بھی کیا ہے‘ تاہم افغان حکام کی جانب سے فوجی اڈے پر گروپ حملے کی تردید کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : کابل : گورنر کے قافلے پر خودکش حملہ، 8 سیکیورٹی گارڈز ہلاک

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان کے صوبے لوگر کے گورنر اور این ڈی ایف کے صوبائی چیف کے قافلے پر خودکش حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں گورنر کی حفاظت پر تعینات 8 سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

    افغان خبر رساں ادارے کے مطابق حملے میں صوبے کے گورنر سمیت صوبائی این ڈی ایف چیف محفوظ رہے تھے۔

  • میکسیکو: تیل کی پائپ لائن میں ہولناک آتشزدگی، 21 افراد ہلاک

    میکسیکو: تیل کی پائپ لائن میں ہولناک آتشزدگی، 21 افراد ہلاک

    میکسیکو سٹی : وسطی میکسیکو میں واقع آئل ریفائنری سے گزرنے والی تیل کی پائپ لائن میں آتشزدگی کے باعث 21 افراد ہلاک، 71 زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تیل کی پائپ لائن سے بہنے والے تیل مقامی افراد گھریلو اشیاء میں بھر رہے تھے کہ اچانک تیل میں ہولناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں افراد کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔

    ریاست ہلڈاگو کے گورنر عمر فاید کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث 21 افراد جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 71 زخمی ہیں۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث جھلسنے والے درجنوں افراد کو قریبی اسپتال کے برن وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ میکسیکو کی ریاست ہلڈاگو کے علاقے تلاہوی لیلپان میں پیش آیا جس کے قریب سے ایک سرکاری آئل ریفائنری واقع ہے۔

    ریاست ہلڈاگو کے گورنر عمر فاید کا کہنا ہے کہ  ریسکیو ٹیمیں آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف ہیں، آگ لگنے کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکی ہیں۔

    گورنر عمر فاید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو ٹویٹ کی ہے جس میں‌ آئل پائپ لائن میں‌ بھڑکنے والے خوفناک آگ کو دکھا جاسکتا ہے.

    سرکاری آئل ریفائنری پامکس میں آتشزدگی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ ماضی میں بھی ایسے افسوس ناک واقعات رونما ہوتے ہیں۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق سنہ 2013 میں میکسیکو کے دارالحکومت میکسیکو سٹی آئل ریفائنری میں دھماکے کے دوران 37 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ سنہ 2012 میں گیس فراہم کرنے والی کمپنی آتشزدگی کے نتیجے میں 26 افراد جان کی بازی ہارے تھے۔