Tag: blast

  • کراچی: سلنڈر دھماکے سے خاتون اور بچہ جاں بحق، تین افراد زخمی

    کراچی: سلنڈر دھماکے سے خاتون اور بچہ جاں بحق، تین افراد زخمی

    کراچی: شہرقائد میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں خاتون اور بچہ جاں بحق ہوگیا اور تین افراد زخمی بھی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن میں دھماکا غبارے بھرنے والے گیس سلنڈر میں ہوا، جس کے باعث خاتون اور ایک بچہ جاں بحق ہوا۔

    دھماکے کے نتیجے میں گیارہ سالہ حسنین اور تیس سالہ عاصمہ جان سے گئی، جبکہ جاں بحق خاتون کا شوہر نعمان، تین سالہ عمر اور ایک راہگیر بچہ زخمی ہوا۔

    دو روز قبل ہی کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سلنڈر دھماکے کے باعث دو افراد زخمی ہوگئے تھے، جبکہ قریبی عمارتیں بھی متاثر ہوئی تھیں۔

    اٹک: اسپتال میں‌ سلنڈر دھماکا، چھ افراد جاں بحق

    نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب دھماکا دکان میں دھماکا ہوا تھا، دھماکے سے 2 افراد معمولی زخمی، جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے تھے۔

    واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں سلنڈر دھماکوں کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں، جس کے باعث اب تک متعدد افراد کی اموات ہوچکی ہیں جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔

    یاد رہے کہ ستمبر 2014 میں نارتھ ناظم آباد میں قائم فاروق اعظم مسجد کے قریب پولیس موبائل پر دستی بم حملہ ہوا تھا، تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

  • انقرہ: ترک فورسز پر کرد باغیوں کا بم حملہ، 7 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

    انقرہ: ترک فورسز پر کرد باغیوں کا بم حملہ، 7 اہلکار ہلاک، 3 زخمی

    انقرہ : ترکی کے کرد اکثریتی صوبے میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے سات فوجی ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے کرد اکثریتی جنوب مشرقی صوبے میں سڑک کنارے نصب بم اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 7 ترک فوج کے اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے بم دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیےاسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے ترک فورسز پر گرکس ٹاؤن میں حملہ ہوا تھا جو کرد اکثریتی صوبے بطمان کا علاقہ ہے۔

    حکمران پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین نعمان کرتولمس کا کہنا ہے کہ متاثرہ فوجی ملٹری گاڑی کے اندر موجود کو علاقے کے تعمیراتی حصّے کی حفاظت کے لیے جارہے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ ترک فورسز باغی کرد گروپ کے خلاف آپریشن کرنے کے لیے جارہی تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ تین اہلکار اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تین زخمی ہیں، ترک حکام حالیہ حملے کو کرد باغیوں کی کارروائی قرار دے رہے ہیں۔

    غیر ملکی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز ترک فضائیہ کے ہمراہ بم دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر بڑے پہمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کالعدم ’کردستان ورکر پارٹی‘ گذشتہ تین دہائیوں سے ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، سنہ 1984 سے شروع ہونے والے تنازعے میں اب تک دسیوں ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    ترک حکام کا کہنا ہے کہ دو روز قبل فورسز کی جانب سے کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر کارروائی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 13 کرد باغی ہلاک ہوئے ہیں۔

  • کراچی: نارتھ ناظم آباد میں دھماکا، 2 افراد زخمی

    کراچی: نارتھ ناظم آباد میں دھماکا، 2 افراد زخمی

    کراچی: شہرقائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں دھماکے کے باعث دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ قریبی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد میٹرک بورڈ آفس کے قریب دکان میں دھماکا ہوا، دھماکے سے 2 افراد معمولی زخمی ہوگئے، جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بند دکان میں ہونے والے دھماکے کے باعث اطراف کی دو دکانیں تباہ ہوئیں، دھماکے کی نوعیت کا تعین نہ ہوسکا، تاہم جائے وقوعہ پر گیس کے 2 سلنڈر موجود دکھائی دیے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر تباہ شدہ دکانوں کا سامان بکھر گیا۔

    ذرائع بی ڈی ایس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا، دھماکے کے مقام سے 2 گیس سلنڈر ملے ہیں، بند دکان کے باعث دھماکے کی شدت میں اضافہ ہوا۔

    دوسری جانب دھماکے میں تباہ ہونے والی دکان کے مالک کا اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری دکان کے دونوں سلنڈر صحیح سلامت موجود ہیں، ایک سلنڈر میں گیس کم تھی، آج کاریگر دکان چلا رہا تھا، میں موجود نہیں تھا، دھماکے کے نتیجے میں میری زندگی کی تمام جمع پونجی ختم ہوگئی۔

    کراچی: مدرسے میں دستی بم دھماکا، ایک شخص زخمی

    خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں واقع مدرسے میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

    یاد رہے کہ ستمبر 2014 میں نارتھ ناظم آباد میں قائم فاروق اعظم مسجد کے قریب پولیس موبائل پر دستی بم حملہ ہوا تھا، تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں سلنڈر دھماکوں کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں، جس کے باعث اب تک متعدد افراد کی اموات ہوچکی ہیں جبکہ کئی زخمی بھی ہوئے۔

  • تربت: گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ، 19 افراد زخمی

    تربت: گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ، 19 افراد زخمی

    تربت: بلوچستان میں پیش آیا افسوس ناک واقعہ جہاں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں 19 افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث 19 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    تربت کے علاقے شاہ بوک گوٹھ کے قریب ایک تقریب جاری تھی کہ اچانک سلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا، حادثے کے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

    اٹک: اسپتال میں‌ سلنڈر دھماکا، چھ افراد جاں بحق

    اس سے قبل کراچی میں گیس سلنڈر پھٹنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے شیر شاہ میں جناح روڈ پر دکان میں سلنڈر پھٹنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں اٹک کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں‌ ہونے والے سلنڈر دھماکے میں‌ چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں متعدد بار سلنڈر پھٹنے کے واقعات پیش آچکے ہیں جس کے باعث درجنوں جانیں ضایع ہوچکی ہیں۔

  • امریکا: رہائشی علاقوں میں متعدد دھماکے، درجنوں مکانات میں آگ لگ گئی

    امریکا: رہائشی علاقوں میں متعدد دھماکے، درجنوں مکانات میں آگ لگ گئی

    واشنگٹن: امریکی شہر بوسٹن کے مضافات میں متعدد دھماکے ہوئے جس کے باعث درجنوں مکانات میں آگ لگ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شہر بوسٹن کے مضافات میں رہائشی علاقے دھماکوں کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات اور عمارتوں میں آگ لگ گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق دھماکے ممکنہ طور پر گیس لائنوں میں خرابی کے باعث ہوئے، جبکہ دھماکوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقے میں عملہ پہنچ چکا ہے اور لوگوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ حکام نے بھی شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے فوری انخلا کی ہدایت کی ہے۔

    امریکا میں بم دھماکوں میں ملوث ملزم نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا

    خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی اصل وجوہات اب تک واضح نہیں ہوسکیں، جبکہ امریکی ریاست میساچوسٹس میں قائم ایک گیس کمپنی نے پہلے ہی آگاہ کیا تھا کہ وہ گیس لائنوں کی مرمت کا کام کررہی ہے، دھماکوں کی یہ وجہ ممکن ہے۔

    مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ گیس کے باعث ہونے والے دھماکوں سے ہرطرف دھواں پھیل چکا ہے، اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے میں دشواریاں بھی پیش آرہی ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال مارچ میں امریکی ریاست ٹیکساس میں بم دھماکوں میں ملوث 24 سالہ مشتبہ ملزم نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا تھا۔

    بعد ازاں امریکی پولیس واضح کیا تھا کہ مشتبہ ملزم نے مارچ میں ہی شہر کے مختلف مقامات پر 6 دھماکے کیے تھے، ملزم پارسل بیگ میں دھماکہ خیز مواد رکھ کر دھماکے کرتا تھا، بم دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔

  • صومالیہ کی سرکاری عمارت پر خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق

    صومالیہ کی سرکاری عمارت پر خودکش دھماکا، 6 افراد جاں بحق

    موگاڈیسو : صومالی دارالحکومت کے ہوڈان ڈسٹرکٹ میں خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی سرکاری عمارت سے ٹکرا دی، جس کے باعث 6 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم افریقہ کے ملک صومالیہ کے دارالحکومت موگاڈیسو میں پیر کے روز ڈسٹرکٹ ہوڈان کے سرکاری دفتر کی عمارت میں خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ زور دار دھماکے کے باعث شہر بھر میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

    ایمبولینس سروس کے ڈائریکٹر عبد القادر کا کہنا ہے کہ ’ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیموں نے 6 افراد کی لاشیں اٹھائی ہیں جبکہ افسوس ناک حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    موگاڈیسو سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور  نے بارود سے بھری ہوئی گاڑی ہوڈان ڈسٹرکٹ کی سرکاری عمارت کے مرکزی دروازے سے ٹکرا دی جس کے باعث زور دار دھماکا ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں اداورں کی جانب سے لی جانے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہوڈان ڈسٹرکٹ آفس کی عمارت دھماکے کے نتیجے میں مکمل طور ہر تباہ ہوچکی ہے۔

    واقعے کے عینی شاہد حسین عثمان نے میڈیا کو بتایا کہ میں ایک تیز رفتار گاڑی کو سرکاری دفتر میں مرکزی دروازے سے ٹکراتے دیکھا جس کے بعد روز دار دھماکے کی آواز سنائی دی اور عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    صومالی حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے خودکش دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے صومالی دارالحکومت میں ایک اور سرکاری عمارت کو خودکش دھماکا اور اندھا دھند فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کی تھی۔

  • پاکستان دہشت گردوں کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کرتا، دفتر خارجہ

    پاکستان دہشت گردوں کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کرتا، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : دفتر خارجہ نے افغان حکام کے غزنی دھماکے سے متعلق الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردوں کو معالجے کی سہولت فراہم نہیں کی، ایسے بیانات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ کے جاری بیان میں افغانستان کے حکام کی جانب سے دہشت گردوں کو پاکستان میں علاج کی سہولیات فراہم کرنے کے الزامات کی تردید کردی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شدت پسندی میں ملوث دہشت گردوں کے پاکستان میں علاج کے الزامات مسترد کرتے ہوئے، زخمی جنگجوؤں کو پاکستان میں علاج معالجے کی سہولیات نہیں دی گئیں۔

    ترجمان دفتر نے بتایا کہ افغانستان نے دہشت گردوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی معلومات یا شواہد پاکستان کو فراہم نہیں کیے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سرکاری سطح پر منقطع رابطوں کے باعث اطلاعات کو اہمیت نہیں دی جا سکتی، افغانستان کی جانب سے ایسے بیانات محض من گھڑت اور پروپیگنڈا ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے افغان حکام کو متبنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کی جانب سے ایسے الزامات و بیانات کے باعث دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔


    مزید پڑھیں : افغانستان میں دہشت گردوں کو پاکستان سے کوئی مدد نہیں مل رہی، آرمی چیف قمرباجوہ


    یاد رہے کہ گذشتہ روز جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردوں کو پاکستان سے کوئی مدد نہیں مل رہی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ غزنی سے زخمی اور ہلاک دہشت گردوں کی واپسی کے الزامات بےبنیاد ہیں، افغانستان میں کئی پاکستانی روزگار کیلئے کام کررہے ہیں، افغانستان میں کام کرنے والے پاکستانی بھی دہشت گردی کا شکار ہوتے ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے شکار کسی پاکستانی کو دہشت گرد کہنا افسوسناک ہے، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کے دھڑوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔

  • کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، چار مزدور جاں بحق

    کوئٹہ: کوئلے کی کان میں دھماکا، چار مزدور جاں بحق

    کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کان دھماکا ہو ا جس کے نتیجے میں چار مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ 14 مزدور اب بھی کان میں پھنسے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوئلے کی کان میں گیس بھرنے سے دھماکا ہوا، دھماکے کے بعد چار مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جبکہ 14 مزدور اب بھی کان میں پھنسے ہیں۔

    ریسکیو اہکاروں کی جانب سے امدادی آپریشن جاری ہے، اور کان میں پھنسے دیگر افراد کو باحفاظت نکالنے کے لیے بھی بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاء الدین مری کا واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔


    مارواڑ میں کوئلے کی کانوں میں گیس دھماکا، اٹھارہ کان کن جاں بحق، آصف زرداری کا اظہار افسوس


    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امدادی سرگرمیاں مزید تیز کی جائیں، دریں اثنا نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے تعزیت بھی کی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی بلوچستان کے نواحی علاقے مارواڑ میں کوئلے کی کانوں میں گیس دھماکے کے نتیجے میں دو حادثات میں اٹھارہ کان کن جاں بحق اور سولہ زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ مارواڑ کی کانوں میں آئے روز اس طرح کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ بلوچستان میں دیگر صنعتیں نہ ہونے کی وجہ سے کوئلہ کی کان کنی یہاں کی ایک بڑی صنعت ہے۔ یہاں کے متعدد اضلاع لورالائی، کچھی، ہرنائی اور کوئٹہ کے پہاڑی علاقوں میں بڑی تعداد میں کوئلہ کی کانیں ہیں جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد کام کرتی ہے۔

  • بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ

    بیجنگ میں امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ

    بیجنگ : چین کے دارالحکومت میں واقع امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ ہوا ہے، دھماکے کے نتیجے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع امریکی سفارت خانے کے باہر کریکر حملہ ہوا ہے، کریکر دھماکے کے نتیجے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چین کے قلب بیجنگ میں واقع امریکی سفارت خانے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو اور تصاویر سفارت خانے کے اردگرد دھواں اٹھتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ پولیس کی بھی متعدد گاڑیاں بھی نظر آرہی ہیں۔

    چین میں واقع امریکی سفارت خانے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے کے قریب جنوب مشرقی کمپاؤنڈ میں ہوا ہے۔

    بیجنگ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے امریکی سفارت خانے پر کریکر حملہ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے، دھماکے کے باعث حملہ کا بازو زخمی ہوا ہے جسے فوری اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    چینی پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کی شناخت جیانگ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق چین کے صوبے انّر مونگولیا صوبے کا شہری ہے۔

    واقعے کے عینی شاہد کا کہنا تھا کہ سفارت خانے میں معمول کے مطابق امور کی انجام دہی جاری تھی جبکہ امریکا کا ویزہ حاصل کرنے والے مقامی افراد قطار بنائے کھڑے کہ اچانک زور دار دھماکا ہوا جس کے باعث ارد گرد دھواں پھیل گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چینی پولیس نے مقامی وقت کے مطابق 11 بجے سفارت خانے کے باہر سے ایک خاتون کو گرفتار کیا تھا جو خود کو آگ لگانا چاہتی تھی تاہم دونوں واقعات کا آپس میں جڑے ہوئے ہیں یا نہیں، اس حوالے سے ابھی واضح نہیں ہوسکا ہے۔

    تاہم جب پولیس سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس حوالے سے اپنا ردِ عمل دینے سے انکار کردیا۔

    خیال رہے کہ سفر، تعلیم اور نقل مکانی کے لیے چینی شہریوں کے لیے امریکا ایک معروف جگہ ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 3 مئی کو چین کی حکومت نے واضح کیا تھا کہ وہ امریکا کے ساتھ تجارتی امور  پر مذاکرات کا خیر مقدم کرتی ہے تاہم چین کے مفادات سے متضادم نکات پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    رواں برس امریکا اور چین کے اعلیٰ اقتصادی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی کشیدگی کے حوالے سے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • عوام اب کام چاہتے ہیں جھوٹے نعرے اور دعوے نہیں: سراج الحق

    عوام اب کام چاہتے ہیں جھوٹے نعرے اور دعوے نہیں: سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کے عوام اب کام چاہتے ہیں، جھوٹے نعرے اور وعدے نہیں، ماضی میں بھی قوم سے جھوٹ بولا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ہمیشہ ملک کو لوٹا ہے، آج بے روزگاری ہے کرپشن عروج پر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر حقیقی اسلامی ریاست قائم کریں گے، عوام کو نعروں کے بجائے کام کر کے دکھائیں گے، ملک میں تعلیمی نظام بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

    سربراہ جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں کل ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہیں، پشاور دھماکا قومی سلامتی پر حملہ ہے۔


    امریکا کی پشاور خودکش دھماکے کی شدید مذمت


    یاد رہے گذشتہ روز خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور کے علاقہ یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 21 افراد شہید اور 75 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

    ہارون بلور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 سے الیکشن میں حصہ لے رہے تھے، ان کی شہادت کے باعث پی کے 78 پر الیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 22 دسمبر 2012 اے این پی کے رہنما بشیر احمد بلور کو شہید کیا گیا تھا، اس سانحے میں عوامی نیشنل پارٹی رہنما سمیت 9 افراد شہید ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔