Tag: Blind murder case

  • دبئی پولیس کا شاندار کارنامہ : دہرے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا

    دبئی پولیس کا شاندار کارنامہ : دہرے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا

    یواے ای : دبئی پولیس نے انتہائی مہارت سے میاں بیوی کے اندھے دہرے قتل کا خون کے نشانات سے سراغ لگا لیا، آلہ قتل برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی پولیس انتہائی پیچیدہ قتل کیس کو زمین پر خون کے نشانات کا تین کلو میٹر تک تعاقب کرتے ہوئے حل کر دیا ہے۔

    مقامی میڈیا ذرائع کے مطابق دبئی پولیس کے تحت کام کرنے والی سراغ رساں ٹیم نے خون کے نشانات کا تعاقب کرنے کے بعد آلہ قتل برآمد کرلیا۔

    جائے واردات کی تفتیش کرنے والے ادارے کے سربراہ کرنل مکی سلمان نے کہا ہے کہ دبئی میں مقیم ایک ایشیائی تاجر اور اس کی بیوی کا ایک کمپاؤنڈ میں قتل ہوا تھا۔

    جائے وقوعہ میں خون کے نشانات ملے تو تفتیش کاروں کو شک ہوا کہ یہ قاتل کا خون ہوسکتا ہے، تفتیشی ٹیم نے زمین پر خون کے نشانات کا تعاقب کیا یہاں تک کہ کمپاؤنڈ کے باہر نشانات بالکل غائب ہوگئے۔

    تفتیش کاروں نے ہر طرف تلاش شروع کی جس کے بعد انہیں ایک جگہ بہت ہی دھندلے اور غیر واضح نشانات ملے۔ مذکورہ نشانات کا تعاقب کیا گیا تو وہ نشانات ٹیم کو شارع شیخ محمد بن زاید تک لے گئے جہاں ایک پٹرول پمپ قائم تھا۔

    وہاں تلاشی شروع کی گئی تو پمپ کے قریب ایک جگہ پر وہ چھرا ملا جو آلہ قتل ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی ٹیم نے قاتل کا سراغ اس دکان سے لگایا جہاں سے وہ چھرا خریدا گیا تھا۔

    نگراں کیمروں کی مدد سے معلوم کرلیا گیا کہ چھرا خریدنے والا کون ہے اور اس طرح قاتل کو گرفتار کرلیا گیا
    پولیس نے بتایا کہ جرم میں ملوث ایک کارکن ہے جو کمپاؤنڈ میں کام کرنے آتا تھا پھر ایک دن اس نے چوری کا ارادہ کیا، جب وہ گھر میں چوری کرنے داخل ہوا تو اچانک تاجر بیدار ہوگیا۔

    چور نے تاجر اور اس کی بیوی دونوں کو قتل کردیا اور اس کی بیٹی کو زخمی کرکے جائے واردات سے فرار ہوگیا تھا۔

  • اندھے قتل کا ڈراپ سین : پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا

    اندھے قتل کا ڈراپ سین : پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا

    لاہور : انویسٹی گیشن پولیس نے لاہور میں اندھے قتل کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزم نے ذاتی رنجش پر اپنے سالے کے ہمراہ واردات کی اور فرار ہوگیا۔

    تفصییلات کے مطابق لاہور کے علاقے سندر میں پولیس نے اندھے قتل کی واردات کا ڈراپ سین کر دیا، انویسٹی گیشن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول نے ملزم مجید کی بیوی کے ذہن میں غلط فہمیاں پیدا کرکے اسے اپنی جانب راغب کر رکھا تھا جس کے باعث اس کی اپنے شوہر سے آئے دن تلخ کلامی ہوتی رہتی تھی۔

    گزشتہ دنوں لڑائی جھگڑے کے بعد ملزم مجید کی بیوی ناراض ہوکر میکے چلی گئی تھی، جس کا ملزم کو شدید رنج تھا۔

    بعد ازاں میاں بیوی میں صلح ہونے کے بعد جب اصل حقائق واضح ہوئے تو ملزم نے مقتول کے قتل کا منصوبہ بنایا، ملزم نے اپنے سالے کے ساتھ مل کر اے جان سے مارنے کا منصوبہ بنایا اور موقع پا کر مقتول کو چھریاں مار کر قتل کرکے فرار ہوگئے۔

    گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم مجید اور اس کا سالہ صابر شامل ہیں، پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔