Tag: blizzard

  • کیلیفورنیا میں 8 فٹ کی برفباری، سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئیں

    کیلیفورنیا میں 8 فٹ کی برفباری، سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئیں

    کیلیفورنیا: امریکی ریاستوں کیلیفورنیا اور نیواڈا میں برفانی طوفان اور شدید برفباری کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے، کیلیفورنیا کے کچھ علاقوں میں 8 فٹ تک برفباری ہوئی ہے، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتے کے آخر میں آنے والے برفانی طوفان نے کیلیفورنیا اور نیواڈا کے کچھ حصوں کو شدید متاثر کیا ہے، یہ طوفان کم از کم منگل تک جاری رہنے کی توقع ہے، جب کہ مزید برفباری کی بھی پیشگوئی ہے۔

    امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید برف باری سے ہر شے پر سفیدی چھا گئی ہے، 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، اور کہیں کہیں آٹھ فٹ تک برف گری، جس کی وجہ سے دونوں ریاستوں میں بڑی سڑکیں بند ہیں، ڈونر پاس پر ٹریفک جام ہو گیا، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔

    برفباری کی وجہ سے لوگ بھی گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، ریاست بھر میں خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، اور ہزاروں افراد کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو چار ریاستوں میں موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جن میں کیلیفورنیا، اوریگون، آئیڈاہو اور کولوراڈو شامل تھیں۔

    اسکائی نیوز کے مطابق برفانی طوفان نے مغربی امریکا میں بڑے پیمانے پر مشکلات پیدا کی ہیں، کئی ریاستیں موسلا دھار بارش اور 100 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے متاثر ہوئی ہیں، کیلیفورنیا کی میڈیرا کاؤنٹی میں برفانی طوفان کے ایک خوف ناک بگولے نے ایک پرائمری اسکول پر بھی ملبہ گرایا جس سے اسکول کو کافی نقصان پہنچا۔

    برفباری اور برفانی طوفان سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے رینو اور سیکرامنٹو کے درمیان انٹراسٹیٹ 80 ہائی وے پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس کی وجہ سے حکام کو 100 میل تک یہ مصروف سڑک بند کرنی پڑی، حکام کے مطابق کئی حادثات کی اطلاعات ہیں۔

  • امریکا میں برفانی طوفان کی شدت میں کمی آنے لگی، 70 افراد ہلاک

    واشنگٹن: امریکا بھر میں برفانی طوفان اور بم سائیکلون نے تباہی مچا دی ہے، جس سے اب تک 70 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں، تاہم دوسری طرف برفانی طوفان کی شدت میں کمی بھی آنے لگی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طاقت ور طوفانی سسٹم نے گزشتہ ہفتے پورے امریکا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس نے مغرب، میدانی علاقوں اور مڈویسٹ میں خطرناک حالات پیدا کیے، اس کے بعد برفانی طوفان تیزی سے ایک بم سائیکلون میں تبدیل ہو گیا، اور اس نے کینیڈا اور امریکا کی پانچ بڑی جھیلوں والے پورے علاقے کو شدید نقصان دہ یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ گھیر لیا۔

    طوفان کے مرکزی دباؤ میں 24 گھنٹوں میں 30 ملی بار کی کمی واقع ہوئی، جو باضابطہ طور پر بمبوجنیسز (شدید برفانی طوفان) کے معیار سے آگے نکل گئی، جو 24 گھنٹوں میں 24 ملی بار کی کمی ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست نیویارک کی اری اور نیاگرا کاؤنٹیز میں برفانی طوفان نے مزید جانیں لی ہیں، اری کاؤنٹی کے ایگزیکٹو مارک پولون کارز نے بدھ کے روز بتایا کہ یہاں مزید 37 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جس میں بفیلو شہر بھی شامل ہے، بفیلو شہر میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے نیویارک اسٹیٹ پولیس کی اضافی نفری طلب کی گئی ہے۔

    امریکا کے سوا لاکھ گھر تاحال بجلی سے محروم ہیں، سرد موسم کی وجہ سے امریکا اور کینیڈا کی سرحد پر موجود نیاگرا آبشار کا بڑا حصہ جم چکا ہے۔

  • امریکا میں برفانی طوفان کی شان دار ویڈیوز اور تصاویر

    امریکا میں برفانی طوفان کی شان دار ویڈیوز اور تصاویر

    امریکا اور برطانیہ اس وقت شدید ترین سردی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں، کیوں کہ وہاں نہ صرف برف باری ہو رہی ہے بلکہ ژالہ باری کے ساتھ ساتھ برفانی طوفان نے بھی گھیر رکھا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی شمال مغربی ریاستوں میں اس وقت شدید برف باری ہو رہی ہے، اور برفانی طوفان کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔

    امریکا کی شمال مغربی ریاستوں میں درجنوں پروازیں بھی منسوخ کی جا چکی ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے ویڈیوز اور تصاویر بڑی تعداد میں شیئر کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، برفانی طوفان کی ایسی شان دار ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں جنھیں دیکھ کر آدمی حیران رہ جاتا ہے۔