Tag: Blochistan

  • ملک کا پہلا "اینٹی رائٹس ویمن ونگ” قائم

    ملک کا پہلا "اینٹی رائٹس ویمن ونگ” قائم

    کوئٹہ : بلوچستان میں ملک کا پہلا اینٹی رائٹس ویمن ونگ قائم کردیا گیا ہے جس کا مقصد ہنگاموں، بدامنی کے دوران حالات اور شرپسندوں سے نمٹنا ہے۔

    بلوچستان حکومت نے صوبے میں جدید پولیسنگ کی جانب اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ملک کا پہلا شعبہ انسداد فساد خواتین قائم کردیا مذکورہ ونگ میں 40 تربیت یافتہ لیڈیز کیڈٹس شامل ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام شام رمضان میں ترجمان وزیراعلیٰ بلوچستان بابر یوسف زئی نے اس کے قیام سے متعلق اہم وجوہات تفصیل سے بیان کیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ان کو صرف کوئٹہ مین تعینات کیا جائے گا اس کے اگلے مرحلے میں ان کا دائرہ کار پورے بلوچستان تک پھیلا دیا جائے گا۔

    بابر یوسف زئی نے بتایا کہ ان خواتین پولیس اہلکاروں کو ہنگاموں، بدامنی کے دوران حالات اور شرپسندوں سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی گئی ہے جب کہ خواتین اہلکاروں کو اینٹی رائٹ سازو سامان اور آلات سے بھی لیس کیا گیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں اس طرح کے خصوصی یونٹ کی پہلے کوئی مثال موجود نہیں، کراچی، لاہور اور پشاور پولیس میں بھی یہ یونٹ قائم نہیں ہوا ہے، ویمن اینٹی رائٹ ونگ قائم کرنا جدید دور کے عسکری تقاضوں میں سے ایک ہے۔

  • بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، درجنوں مکانات منہدم

    بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری، درجنوں مکانات منہدم

    کوئٹہ : بلوچستان میں شدید بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچادی، صوبے کا ملک بھر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

    بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں میں مرکزی شاہراہیں اور رابطہ پل بہہ گئے، نواں کلی، جھل مگسی، مستونگ، چمن، ہرنائی سمیت بیشتر اضلاع تباہی کا شکار ہوگئے۔

    بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، کوہلو میں موسلادھار بارشوں سے کئی شہری و دیہی علاقے شدید متاثر ہیں۔ ضلع میں موسلادھار بارشوں سے چار افراد جاں بحق اور درجنوں کچے مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔

    بلوچستان میں شدید بارشوں اورسیلاب نے تباہی مچا دی

    صوبے کے مختلف اضلاع کی طرح ضلع کوہلو میں بھی مون سون بارشیں جم کر ایسی برسیں کے نواحی و نشیبی علاقے زیر آب آگئے بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    BBC

    کوہلو کے شہری و دیہی علاقوں تمبو، ٹاون، گرسنی، شاہجہ آباد ، لاسے زئی ،مری کالونی ، پیپلز کالونی، میر ہزار واڈھ سمیت مختلف علاقوں میں درجنوں کچے مکانات و دیواریں منہدم اور مال مویشی بارشوں اور سیلابی ریلوں میں بہہ کر ہلاک ہوچکے ہیں۔

    BBC

    بارشوں سے کوہلو کے علاقے سنجاڑ ،لاسے زئی ،تمبو اور ماوند میں سینکڑوں ایکڑ پر مشتمل کپاس ،ٹماٹر اور مرچ کی کھڑی فصلیں سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہیں جبکہ کوہلو سبی قومی شاہراہ بھی مختلف مقامات پر شدید متاثر ہوا ہے جہاں قومی شاہراہ کی بحالی متعلقہ اداروں کے لئے امتحان بن گیا ہے۔

    BBC

  • بلوچستان : اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع

    بلوچستان : اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع

    کوئٹہ : حکومت بلوچستان نے صوبہ بھر میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی، کاروباری مراکز ہفتےمیں 6روز صبح 9 سےشام 7 بجےتک کھلے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع کر دی، محکمہ داخلہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز اور دکانیں ہفتے میں6دن صبح9سے شام7بجے تک کھلی رہیں گی، ہفتہ سے جمعرات تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت دکانیں کھولی جائیں گی۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رکھی جائیں گی، دودھ کی دکانیں، تندور، میڈیکل اسٹورز پورا ہفتے اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔

    محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورینٹ24گھنٹے صرف پارسل، ٹیک اوے کی سہولت فراہم کرسکیں گے، انٹرسٹی، انٹر ڈسٹرکٹ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی، مذہبی، سماجی اور دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بھی15جولائی تک بند رہیں گے، سینما، پکنک پوائنٹس، شادی ہال،جم اور کلبز پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں اور مارکیٹیں صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلی رہیں گی جبکہ میڈیکل اسٹورز، کریانہ، گروسری اور پٹرول پمپس ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔

    ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ ایس اوپیز کےساتھ چلتی رہے گی جبکہ ماسک پہننا لازمی ہو گا اس کے علاوہ ملک بھرمیں تفریح گاہیں بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سی پیک صرف لاہور میں نظر آتا ہے بلوچستان میں نہیں: بلاول بھٹو زرداری

    سی پیک صرف لاہور میں نظر آتا ہے بلوچستان میں نہیں: بلاول بھٹو زرداری

    کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک صرف لاہور میں نظر آتا ہے بلوچستان میں نہیں، شریف خاندان صرف تخت رائیونڈ بچانے میں لگے رہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں ہولوگرام کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کی صورت حال بدترین تھی، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے امن آیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے بلوچستان کے لیے کچھ نہیں کیا، سارے منصوبے پنجاب میں لگائے گئے، بلوچستان میں کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، نواز شریف اپنی حکومت بچانے میں لگے رہے۔

    سربراہ پی پی کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو اور بی بی نے روزگار کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے لیکن ن لیگی حکومت نے 5 سال میں بلوچستان کے مسائل حل نہیں کیے۔


    رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو زرداری


    خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے اور وہ سندھ سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔

    قبل ازیں ملتان میں مختلف مقامات پر انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ میرے استقبال کیلئے آنے والے کارکنان کو روکا جارہا ہے، پشاور میں بھی جلسے کی اجازت دی پھر منع کردیا گیا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اوچ شریف کے بعد ملتان میں بھی رکاوٹ ڈالی گئی، پارٹی سربراہ کی حیثیت سےانتخابی مہم چلانا میرا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں کراچی سے شروع ہونے والاسفرخیبر تک جاری رہے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔