Tag: Blood Donors

  • سعودی عرب: خون کے عطیات دینے والوں کے لیے سول ایوارڈ کی منظوری

    سعودی عرب: خون کے عطیات دینے والوں کے لیے سول ایوارڈ کی منظوری

    ریاض: سعودی عرب میں 50 بار سے زائد خون کے عطیات دینے والوں کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دے دی گئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایوان شاہی کی جانب سے 13 افراد کو متعدد بار خون کا عطیہ دینے پر تمغہ دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

    ایوان شاہی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 10 سعودیوں اور 3 غیر ملکیوں کو 50 سے زائد بار خون کا عطیہ دینے پر سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ایوان شاہی کی جانب سے متعدد بار خون کا عطیہ دینے والوں کو اعزاز سے نوازا جاتا ہے۔

    اس ضمن میں متعدد بار خون کا عطیہ دینے والوں کا وزارت صحت کے زیر انتظام بلڈ بینک میں باقاعدہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے۔

    مملکت کے مختلف شہروں میں قائم بلڈ بینکوں میں عطیہ کیا گیا خون جدید طریقے استعمال کر کے محفوظ کیا جاتا ہے۔ بعد ازاں انہیں ضرورت پڑنے پر مریضوں کو دیا جاتا ہے۔

    عطیہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی اور دوسروں کو اس امر کی ترغیب دینے کے لیے انہیں سول ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔

  • سعودی عرب میں خون عطیہ کرنے والوں کے لیے ہوم سروس شروع

    سعودی عرب میں خون عطیہ کرنے والوں کے لیے ہوم سروس شروع

    ریاض: سعودی عرب میں خون کا عطیہ دینے والوں کے لیے بلڈ بینک کی جانب سے ہوم سروس شروع کردی گئی، موبائل یونٹ خون کا عطیہ لینے کے لیے لوگوں کے گھروں پر پہنچنا شروع ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حائل میں وزارت صحت کے بلڈ بینک کی جانب سے خون کا عطیہ دینے والوں کو ہوم سروس کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، بلڈ ڈونرز کو سینٹر آنے کی ضرورت نہیں صرف ایک کال یا واٹس ایپ میسج پر موبائل یونٹ ان کی رہائش پر پہنچ جائے گا۔

    وزارت صحت کے بلڈ بینک کی جانب سے خصوصی سروس کا انتظام کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی اقدام کے پیش نظر کیا جارہا ہے، ہوم سروس کے علاوہ اسپتالوں میں قائم بلڈ بینک اپنی جگہ حسب معمول کام کرتے رہیں گے۔

    ہوم سروس بلڈ بینک کے لیے وزارت صحت کی جانب سے موبائل عملہ مخصوص کیا گیا ہے جو ان افراد سے رابطہ کر کے انہیں یہ سہولت مہیا کرے گا جو خون کا عطیہ دینے کے خواہش مند ہوں۔

    گھر پر خون کا عطیہ وصول کرنے کے لیے بلڈ بینک کی جانب سے واٹس ایپ پر بھی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے، موبائل یونٹ صبح 11 سے شام 6 تک کام کریں گے۔

    لوگوں کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کی خاطر موبائل بلڈ بینک سروس کی جانب سے ’گھروں پر رہیں‘ کا سلوگن اختیار کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس پر عمل کریں۔