Tag: bloodshed

  • الیکشن کا اعلان نہ ہونے پر شیخ رشید نے خوں ریزی سے خبردار کر دیا

    الیکشن کا اعلان نہ ہونے پر شیخ رشید نے خوں ریزی سے خبردار کر دیا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے نئے انتخابات کا اعلان نہ کیے جانے پر ملک میں خانہ جنگی اور خوں ریزی سے خبردار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو خانہ جنگی سے بچانا ہے تو 30 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان کر دیں، الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو عمران خان کال دے گا۔

    شیخ رشید نے کہا یہ الیکشن کا مطالبہ کرتے تھے آج یہ بھاگ گئے ہیں، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں مگر چوروں کو نہیں چھوڑیں گے، عمران خان نے کال دی تو پورا پاکستان جمع ہو جائے گا۔

    سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو خون ریزی اور تشدد کا ذمہ دار یہ لوگ ہوں گے، مئی کا مہینہ بہت اہم ہے کسی کے بس میں کچھ نہیں، قوم بند گلی میں داخل ہوچکی ہے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا قوم کی آنکھوں میں اب بارود ہے سمجھنےوالے سمجھ لیں، لوگ اب الیکشن چاہتے ہیں اور فیئر حکومت چاہتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو جیسی چابی ملنی ہے ویسا ہونا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاج کے موقع پر انھوں نے کہا بچے بچے کو پتا ہے ان جماعتوں کو کس نے اکٹھا کیا، آج ہر حلقے کے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں۔

  • ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    کولمبو : سری لنکن صدر کا کہنا ہے کہ نقاب پر پابندی کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا، کسی کو اپنا چہرہ چھپا کر شناخت کو مشکل نہیں بنانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے ایسٹر کی تقریبات کے دوران ہونے والے خود کش حملوں کے ایک ہفتے کے بعد ہنگامی قانون کے تحت ملک میں نقاب پہننے اور چہرہ چھپانے پر پابندی عائد کر دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی کا اطلاق پیر سے ہوگیا ہے، صدر سری سینا کا کہناتھا کہ وہ ہنگامی قانون کے تحت عوامی مقامات پر کسی بھی طرح کے نقاب یا منہ چھپانے پر پابندی لگا رہے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ اس پابندی کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے اور کسی کو بھی اپنا چہرہ چھپا کر اپنی شناخت کو مشکل نہیں بنانا چاہیے۔یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب مسلم مذہبی رہنماؤں نے بھی مسلمان خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی ردعمل سے پچنے کے لیے نقاب نہ پہنیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل بدھ مت مذہب کے پیروکاروں کی اکثریت والے سری لنکا میں لگ بھگ 10 فیصد مسلمان بستے ہیں۔ سری لنکا کے مسلمان مذہب کے معتدل پیروکار ہیں اور بہت ہی کم تعداد میں خواتین نقاب کرتی ہیں۔

    سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد برقع پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں برقع پر پابندی لگنے کا امکان

    واضح رہے کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں سوئٹزرلینڈ میں عوام کی بڑی تعداد نے خواتین کے برقع پہننے پر پابندی کے حق میں رائے دی جس کے بعد برقع پہننے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ حجاب، نقاب یا برقع جیسی مختلف شکلوں میں ایسا زیادہ تر مذہبی سوچ کی حامل مسلم خواتین کی طرف سے کیا جاتا ہے، عرف عام میں سینٹ گالن میں اس ریفرنڈم کو برقعے پر پابندی یا ’برقعہ بین‘ کا نام دیا جا رہا تھا۔