Tag: board of directors

  • یو بی ایل کا ایکسچینج کمپنی قائم کرنے کا اعلان

    یو بی ایل کا ایکسچینج کمپنی قائم کرنے کا اعلان

    کراچی : یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے ایکسچینج کمپنی قائم کرنے کا اعلان کردیا، بورڈ آف ڈائریکٹرز  نے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔

    ایکسچینج کمپنی کے ذریعے عوام غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت باآسانی کرسکیں گے، ملک میں بی کیٹیگری کی ایکسچینج کمپنیوں پر پابندی کے بعد بینکوں نے ایکسچینج کمپنیاں بنانا شروع کردیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ یوبی ایل کی منی ایکسچینج کمپنی کا ادا شدہ سرمایہ1 ارب روپے ہوگا، اسٹیٹ بینک نے حال ہی میں بینکوں کو ایکسچینج کمپنیز قائم کرنے کی اجازت دی ہے۔

    یو بی ایل

    یو بی ایل نے برطانیہ میں رجسٹرڈ بینک میں اپنا شیئر بھی فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یونائیٹڈ نیشنل بینک یوکے میں55فیصد شیئرز بیسٹ وے گروپ خریدے گا۔

    یوبی ایل بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں دونوں اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی ہے، یو بی ایل نے لندن اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اہم فیصلوں سے متعلق خط جاری کردیا۔

  • پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، نام وفاق کو ارسال

    پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کی تقرری کا فیصلہ نہ ہوسکا، نام وفاق کو ارسال

    کراچی : پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار پانے کے بعد ادارے کا بورڈ آف ڈائریکٹرز قائم مقام سی ای او کا فیصلہ نہ کرسکا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول اپنی ذمہ داریوں سے الگ ہوگئے ہیں۔

    ادارے میں سی ای او کی تعیناتی سے متعلق پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری ثاقب عزیز ذاتی طور پر چیف کمرشل افسر کی تعیناتی کے حق میں ہیں، سیکریٹری ایوی ایشن کی سربراہی میں قائم کمیٹی سی ای او کا فیصلہ نہ کرسکی۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں قائم مقام چیف ایگزیکٹو افسر کا معاملہ وفاق کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق کو قائم مقام سی ای او کے لئے3سے 4نام بھجوائیں گے۔

    مزید پڑھیں: پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول کی تعیناتی کالعدم قرار

    مجوزہ طور پر نیئرحیات، اعجاز مظہر ،عامر علی کے نام بھیجے جائیں گے، اس کے علاوہ ان ناموں میں سابق ایم ڈی اور بورڈ رکن طارق کرمانی اور چیف ایچ آر کا نام بھی شامل ہیں۔

  • پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس، ریونیو میں کمی پر اظہار برہمی

    کراچی : پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیئرمین عرفان الہٰی کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں پی آئی اے کے جنوری تا مارچ کی سہ ماہی کارکردگی اور مالی حسابات کا جائزہ لیا گیا۔

    اس موقع پر بورڈ اراکین نے ماضی کی صورتحال اور ریونیو میں مجموعی کمی پر برہمی کا اظہار کیا، اراکین نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ سے بزنس پلان پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے سے متعلق باز پرس کی جائے۔

    بورڈ اراکین کی جانب سے پی آئی اے کے چار جہاز کی دم اور کلر اسکیم تبدیل کئے جانے کی منظوری دی گئی، اجلاس میں جہازوں کی کلر اسکیم کی تبدیلی کو جہازوں کے سی چیک سے مشروط کردیا گیا۔

    مذکورہ جہاز مرحلہ وار انجنئیرنگ میں آمد پر کلر تبدیلی کی کارروائی مکمل کی جائے گیاس کے علاوہ بورڈ کی جانب سے ائیرکرافٹ انجنئیرز کے مطالبات کی منظوری بھی دی گئی۔

  • پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کے قائم مقام سی ای او کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

    کراچی : پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قائم مقام سی ای او ہلڈن برنڈ اور دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، ائیر بس 310 طیارے کی جرمن میوزیم کو مبینہ فروخت کی انکوائری رپورٹ اجلاس میں پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی اندرونی کہانی اے آر وائی نیوز کے سامنے آگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پی آئی اے کے ائیر بس 310 طیارے کی جرمن میوزیم کو مبینہ فروخت کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔

    رپورٹ میں مبینہ ذمہ دار قرار دیئے گئے قائم مقام سی ای او ہلڈن برنڈ اور دیگر کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مبینہ ذمہ داروں میں ہلڈن برنڈ کے سابق چیف کو آرڈینیٹر ہلمٹ بیچوفنر اور ایک سابق ڈائریکٹر بھی شامل ہے۔

    انکوائری رپورٹ کے مطابق ہلمٹ بیچوفنر طیارہ خریدنے والی کمپنی کا مبینہ ڈائریکٹر بھی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2016 میں ہلمٹ بیچوفنر کی بطور ٹیکنیکل ایڈوائزر تعیناتی مبینہ طور پرہلڈن برنڈ کی خواہش پر کی گئی۔

    اسکینڈل سامنے آنے پر ہلمٹ بیچوفنر کو ہلڈن برنڈ کا چیف کوآرڈینیٹر تعینات کر دیا گیا، شو کاز اورضابطے کی کارروائی تک قائم مقام سی ای او ہلڈن برنڈ بدستور رخصت پر رہیں گے۔

    یاد رہے کہ ہلڈن برنڈ کو اس ماہ کے اوائل میں 20 اپریل تک جبری رخصت پر روانہ کیا گیا تھا۔

  • پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    پی آئی اے کی جدید خطوط پرتنظیم نوکی جا رہی ہے، سردارمہتاب خان

    کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کرکے ائرلائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبرعارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھتی تھی اب اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام کرنا ہوگا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔

    سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کے لئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پرآسکے۔

    انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔

    پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے لئے اس کے انفراسٹرکچر، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

    اس موقع پر عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کےلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔

  • پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کا نوٹیفیکشن جاری

    پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کا نوٹیفیکشن جاری

    کراچی : پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کو خسارے سے نکال کر اسے ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے قومی ائرلائن کی ری اسٹرکچرنگ کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے۔

    دنیا کی کامیاب ائرلائنز کے ماڈلز کی پیروی کرتے ہوئے پی آئی ائی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ائرلائن کو جدید پیشہ ورانہ خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس امر کی منظوری دی ہے کہ پی آئی اے میں مختلف شعبوں کی سربراہی کے لئے ڈائریکٹرز کی جگہ چیف آفیسرز کی تقرری عمل میں لائی جائے۔

    ری اسٹرکچرنگ کے ان انتظامی اصلاحات کے تحت اب چیف آپریٹنگ آفیسر, چیف کمرشل آفیسر, چیف ٹیکنیکل آفیسر, چیف فنانشل آفیسر, چیف ہیومن ریسورس آفیسر, چیف کارپوریٹ ڈویلپمنٹ آفیسر, جنرل منیجر پروکیورمنٹ اینڈ لاجسٹکس, چیف انفارمیشن آفیسر, چیف آفیسر/جنرل منیجر سیفٹی اینڈ کوالٹی ایشورنس اپنے متعلقہ شعبوں کے سربراہان ہوں گے۔

    ceo-order

    یہ تمام افسران پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر کو رپورٹ کریں گے۔جس کے لئے پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

    دریں اثنا بدھ کی شام عشائیہ کے دوران وزیراعظم کے مشیر ہوابازی سردار مہتاب احمدخان نے پی آئی اے کے تمام شعبوں کے ڈائریکٹرز, جنرل منیجرز, چیف انجنیئرز, پالپا و دیگر پیشہ ورانہ یونینز کے اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے بورڈ کے فیصلوں پر عملدرآمد کو خوش آئند قرار دیا۔

    اس ضمن میں انہوں نے پی آئی اے حکام اور کارکنان کے تعاون کا خیرمقدم کیا انہوں نے کہا کہ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے فیصلوں پر عمل درآمد کے نتیجہ میں ان انتظامی اصلاحات اقدام کا مقصد وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق پی آئی اے کو ایک مستعد, فعال اور ذمہ دار انتظامیہ کے ذریعہ پی آئی اے کو ایک کامیاب کمرشل ادارہ میں ڈھالنا ہے۔

    اس طرح پی آئی اے کو خسارے, زبوں حالی اور بحرانوں سے نکال کر ایک بار پھر قابل فخر قومی اثاثہ بنایا جائے گا جس میں فلائٹ سیفٹی کے ساتھ دوران پرواز اعلیٰ ترین معیار کی خدمات کی فراہمی کو اولیت دی جاٰے گی۔

    انہوں نے کہا کہ شاندار ماضی کا حامل یہ ادارہ ایک بار پھر قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے اور خطہ میں رونما ہونے والی اقتصادی و معاشی ترقی کے نئے مواقع میں حصہ دار بن سکتا ہے۔

  • پی آئی اے کے ڈائریکٹرزنے انتظامیہ سے حساب مانگ لیا

    پی آئی اے کے ڈائریکٹرزنے انتظامیہ سے حساب مانگ لیا

    لاہور: پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئر لائن انتظامیہ کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے چار اعشاریہ چھ ارب کاحساب طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادارے کا خسارہ کم کیوں نہیں ہوا؟

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس قائم مقام چیئرمین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں ممبران نے قومی ایئر لائن کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

    اجلاس میں ممبران برس پڑے کہ حکومت کی جانب سے ڈیڑھ سال پہلے چار اعشاریہ چھ ارب روپے دیئے جانے کے باوجود خسارہ کم کیوں نہیں ہوا؟ حساب دیا جائے رقم کہاں اور کیسے خرچ کی گئی ؟

    بورڈ ممبران نے سوال کیا کہ اب تک بو ئنگ ٹرپل سیون طیاروں کی اپ گریڈیشن کیوں نہیں ہوئی۔ بورڈ ممبران نے ہدایت کی کہ غفلت اورلاپروائی برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    بورڈ کے ممبران نے فیصلہ کیا کہ مختلف محکموں سے آئے 6 افسران 22 فروری تک معاملات نمٹا کر واپس اپنے محکموں میں جائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہورمیں ہوگا

    پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہورمیں ہوگا

    کراچی : پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا گیا، نئے بورڈ ممبران کی شمولیت، ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے افسران کو واپس بھیجنے کی منظوری اور دیگراہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس کل لاہور میں طلب کرلیا گیا ہے، اجلاس میں تین نئے بورڈ ممبران کی شمولیت کی منظوری دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر پی آئی اے کے مالی بحران ، کارکردگی اور بزنس پلان سے متعلق بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

    کل ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے چھ سے زائد افسران کو واپس ان کے محکموں میں بھیجنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ پی آئی اے میں ڈپوٹیشن پر آئے ہوئے پاک فضائیہ اور پی آئی ڈی کے افسران بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اجلاس میں پریمیئر سروس کے ہونے والے نقصانا ت اوراس کو بند کرنے کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے جائیں گے۔