Tag: Boarding Bridge

  • لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب، مسافر خوفزدہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر طیارے سے منسلک بورڈنگ برج خراب ہوگیا، مسافروں کے سوار ہونے کے بعد بورڈنگ برج طیارے سے الگ نہیں ہوا۔

    اس موقع پر بورڈنگ برج میں خرابی کو مسافر، طیارےمیں خرابی سمجھ بیٹھے اور ان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ کچھ مسافر خوف کے باعث طیارے سے اتر گئے۔

    بورڈنگ برج میں خرابی کے باعث کراچی جانے والی پرواز ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔

    خیال رہے کہ بورڈنگ برج سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ملکیت ہوتا ہے، برج کے ذریعے مسافر ایئرپورٹ کی عمارت سے جہاز میں داخل ہوتے ہیں۔

    گزشتہ روز قومی ایئر لائن کے طیارے کے خوفناک حادثے نے پورے ملک کو سوگوار کردیا ہے، پی آئی اے کا طیارہ گزشتہ روز لاہور سے کراچی پہنچنے کے بعد لینڈنگ سے صرف چند لمحے قبل آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

    المناک حادثے میں اب تک 97 افراد کی موت کی تصدیق کی جاچکی ہے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

  • نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے گئے

    نیواسلام آباد ایئرپورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے گئے

    اسلام آباد : نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پسنجر برج گرنے کے بعد تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے، رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پسنجر بورڈنگ برج گرنے کے بعد ڈائریکٹر انجینئرنگ نے ایئر پورٹ کے تمام بورڈنگ برج خطرناک قرار دے دیئے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر انجینئرنگ کی رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی، پسنجر بورڈنگ برجز آپریشن اسلام آباد کے نام سے رپورٹ ڈپٹی ڈی جی کو ارسال کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایئرپورٹ کے تمام پسنجر بورڈنگ برج پہلے دن سے ہی خراب اور نقائص کا شکار ہیں، برجز بنانے والی کمپنی سمیت کنٹریکٹر نے برجز کے نقائص کی جانب کبھی توجہ نہیں دی، نقائص ٹھیک نہ کئے جانے کے باعث تمام برجز مسافروں کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر قائم تمام برجز کو خطرناک ہونے کے باعث ان کا استعمال فوری روک دیا جائے، پسنجر بورڈنگ برجز کو تمام نقائص ٹھیک ہونے کے بعد استعمال کیا جائے۔

    رپورٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حقائق جاننے کے لئے غیرجانبدار بورڈ آف انکوائری کا قیام اور برجز تیار کرنے والی غیر ملکی کمپنی سے اعلی سطح پر رابطہ کیا جائے۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد ایئرپورٹ پرغیرملکی پرواز سے لگا پسنجربرج گرگیا

    اس کے علاوہ کمپنی سمیت برجز کی تنصیب کے ذمہ دار کنٹریکٹر کو بلیک لسٹ کیا جائے اور اسلام آباد سمیت دیگر ائرپورٹس پر حالیہ نصب برجز میں نقائص کی نشاندہی کے لئے ٹاسک فورس قائم کی جائے۔