Tag: Boat Basin

  • کراچی: بوٹ بیسن واقعے کا مرکزی ملزم شاہ زین مری بلوچستان فرار، گارڈز گرفتار

    کراچی: بوٹ بیسن واقعے کا مرکزی ملزم شاہ زین مری بلوچستان فرار، گارڈز گرفتار

    کراچی: بوٹ بیسن پر جھگڑے کے دوران شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے 4 گارڈز کو پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ مرکزی ملزم شاہ زین مری بلوچستان فرار ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پر شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی، گارڈز کے ہمراہ شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملزم کی شناخت بلوچستان کے رہائشی شاہ زین ماری کے نام سے ہوئی ہے۔

    فوٹیج میں شاہ زین مری کو اپنے سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ شہری پر تشدد کرتے دیکھا گیا تھا، گاڑی میں سوار مسلح افراد نے پہلے ریورس کرکے دوسری گاڑی کو ٹکر ماری پھر چھ سے سات مسلح افراد نے دو لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    واقعے کے بعد متاثرہ شخص نے بوٹ بیسن پولیس اسٹیشن میں کیس درج کروایا جس کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش میں ڈیفنس کے علاقے میں رات بھر چھاپے مارے۔

    پولیس کا کہنا ہے اس واقعے میں بلوچستان کا شہری شاہ زین مری تشدد میں ملوث ہے، شاہ زین مری کے چار سیکیورٹی گارڈز کو کارروائی کے بعد گرفتار کرلیا گیا اور ان سے چار کلاشنکوف برآمد کرلی گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم شاہ زین مری شہری پر تشدد کے بعد بلوچستان فرار ہو گیا، شاہ زین مری کی گرفتاری کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطہ کیا ہے۔

    کراچی : بوٹ بیسن میں مسلح افراد کا شہریوں پر تشدد، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

    دوسری جانب متاثرہ شہری برکت علی سومرو کا کہنا ہے معاملہ میڈیا پر آیا تو پولیس حرکت میں آئی ہے، مقدمہ درج کرانے میں بھی دو دن لگے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ واقعہ 19 فروری کو بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے، اس واقعے پر اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے ترجمان سندھ سعدیہ جاوید نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی : ماں بیٹا سمندر میں ڈوب کر جاں بحق

    کراچی : ماں بیٹا سمندر میں ڈوب کر جاں بحق

    کراچی : مائی کلاچی پھاٹک کے قریب سمندر میں ماں بیٹا ڈوب کر جاں بحق ہوگئے، امدادی ٹیموں کے مطابق ٹرین سے بچنے کیلئے سمندر میں چھلانگ لگادی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب ایک خاتون نے اپنے بچے سمیت سمندر میں چھلانگ لگادی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ڈوبنے والوں کی تلاش شروع کردی۔

    ایدھی سینٹر کی بحری خدمات کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر جاکر امدادی کام کا آغاز کیا، جنہوں نے بتایا کہ مائی کلاچی پھاٹک کے قریب سمندر میں ڈوبنے والے دونوں ماں بیٹا اور شیریں جناح کالونی کے رہائشی تھے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں ماں بیٹا پھاٹک کے راستے پیدل شیریں جناح کالونی جارہے تھے کہ سامنے سے آنے والی مال گاڑی کی آواز سن کر ایک طرف ہوئے اور بد حواسی میں سمندر میں چھلانگ لگا دی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آپریشن میں سمندر میں ڈوبنے والی ماں اور بچے کی لاشیں نکال لیں گئیں ہیں، ریسکیو کے مطابق ڈوب کر جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔