Tag: body

  • مردہ سمجھ کر دفنایا جانے والا شخص گھر واپس لوٹ آیا

    مردہ سمجھ کر دفنایا جانے والا شخص گھر واپس لوٹ آیا

    چیچہ وطنی: صوبہ پنجاب میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ سامنے آیا جہاں اہل خانہ نے مردہ سمجھ کر جسے دفنایا وہ اگلے ہی دن گھر واپس لوٹ آیا۔

    تفصیلات کے مطاق یہ واقعہ پنجاب کے شہر چیچہ وطنی میں پیش آیا۔ جس شخص کو محمد اسلم سمجھ کر دفنایا گیا وہ دراصل کوئی اور شہری تھا جس کی شناخت محمد خالد کے نام سے ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ محمد اسلم منشیات کا عادی ہے اور اکثر و بیشتر گھر سے غائب رہتا ہے۔ گھر والوں نے اسے بہت روکنے کی کوشش کی لیکن ناکام ہونے کے بعد اسے روکنا ٹوکنا ہی چھوڑ دیا۔

    گھر والوں کو اطلاع ملی تھی کہ محمد اسلم نامی شخص کی لاش میاں چنوں کے مقامی بس اسٹینڈ پر موجود ہے بعد ازاں گھر والوں نے شناخت کیے بغیر آخری رسومات کی ادائیگی کے بعد گھرچلے گئے لیکن اگلے ہی دن محمد اسلم زندہ واپس گھر جا پہنچا جسے دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا، دراصل مذکورہ لاش محمد خالد کی تھی۔

  • اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد

    اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد

    میکسیکو سٹی: میکسیکو جرائم اور اجتماعی قبروں کا گڑھ بننے لگا، تین ماہ کے دوران ایک اور اجتماعی قبر سے 50 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق میکسیکو کے مغربی شہر گیوڈیلجرا میں کھدائی کے دوران اجتماعی قبر ملی جس سے 50 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، تین ماہ کے دوران اجتماعی قبر ملنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق پچاس میں سے 13 افراد کی شناخت کے بعد ان کی باقیات اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جبکہ دیگر افراد کی شناخت اور موت کی وجہ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    میکسیکو کی ریاست جالیسکو جرائم کا گڑھ ہے جبکہ گیوڈیلجرا بھی اسی ریاست کا شہر ہے، جہاں منشیات فروش گروہ اور گینگ کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے، اور لاشیں ملنا بھی عام ہوتی جارہی ہیں۔

    رواں سال ستمبر میں گیوڈیلجرا میں اجتماعی قبر سے 34 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جبکہ مئی میں بھی 30 افراد ایک ہی گھڑے میں مدفن ملے تھے۔

    واضح رہے کہ میکسیکو میں 2006 کے آخر میں فوج کی جانب سے منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا گیا تھا جس کے دوران 40 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہوئے اور تب سے اب تک مختلف جھڑپوں اور واقعات میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

  • بھارت کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں چوہے لاش کی آنکھیں کتر گئے

    بھارت کے سرکاری اسپتال کے مردہ خانے میں چوہے لاش کی آنکھیں کتر گئے

    نئی دہلی : بھارت کے شہر کلکتہ کے سرکاری اسپتال آرجےکھر کے مردہ خانے میں ہلاک ہونے والے شخص کی آنکھوں مبینہ طور پر چوہے کُتر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کلکتہ کے سرکاری ہسپتال آر جے کھر میڈیکل کالج کے مردہ خانے میں حادثے کے باعث ہلاک ہونے والے 69 سالہ سموناتھ داس کی لاش رکھی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق جب سموناتھ داس کی لاش ان کے بیٹے کے حوالے کی گئی تو آنکھیں غائب تھیں،اس حوالے سے بتایا گیا کہ رواں ماہ 18 اگست کو ٹریفک حادثے میں سموناتھ کی موت واقع ہوئی، جس کے بعد آر جے کھر میڈیکل کالج میں ان کا پوسٹ مارٹم ہوا اور پھر لاش کو مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔

    سموناتھ کے بیٹے سشانت نے ہسپتال حکام کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ مردہ خانے کے ملازمین نے بتایا کہ ان کے والد کی آنکھیں چوہے کتر گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی لاش کو پلاسٹک کی بڑی شیٹ اور ایک کپڑے میں اچھی طرح لپیٹ کر دیا گیا،ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پلاسٹک ہٹائی تو دیکھا کہ والد کی آنکھیں غائب تھیں۔

    مرنے والے شخص کے بیٹے نے بتایا کہ مردہ خانے کے ملازمین نے چوہوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے،علاوہ ازیں اس بارے میں بتایا گیا کہ کلکتہ حکام نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    میڈیکل کالج کے پرنسپل سدھابان بٹیال نے بتایا کہ یہ انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے، تشکیل دی گئی کمیٹی 72 گھنٹے میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

    دوسری جانب صوبائی وزیر برائے صحت چندریما بھتاچاریہ نے واقعہ سے متعلق گفتگو کرنے سے گریز کیا۔

  • ٹھنڈی یخ شے کھانے پر دماغ چند لمحوں کے لیے سن کیوں ہوجاتا ہے؟

    ٹھنڈی یخ شے کھانے پر دماغ چند لمحوں کے لیے سن کیوں ہوجاتا ہے؟

    اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم کوئی ٹھنڈی یخ شے کھاتے ہیں تو چند لمحوں کے لیے ہمارا دماغ سن سا ہوجاتا ہے اور کچھ سیکنڈز کے لیے ہم کچھ کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔ اس موقع پر سر میں ہلکا سا درد بھی محسوس ہوتا ہے۔

    یہ حالت برین فریز کہلاتی ہے یعنی دماغ کا جم جانا۔ یہ اس وقت ہوتا ہے جب کوئی یخ شے ہمارے منہ کی چھت سے ٹکراتی ہے۔ آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ اس کیفیت کا سامنا تمام افراد کو نہیں ہوتا۔

    امریکا میں صرف 37 فیصد افراد کو اس کیفیت کا سامنا ہوتا ہے، تائیوان میں 4 فیصد بچے اور ڈنمارک میں صرف 15 فیصد بالغ افراد اسے محسوس کرتے ہیں۔

    سنہ 1800 سے یہ کیفیت سائنسدانوں کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے اور وہ اس کی وجہ اور اس کا علاج جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اب کسی حد تک وہ اس کی وجہ جاننے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    دراصل جب کوئی ٹھنڈی شے ہمارے منہ کی چھت سے ٹکراتی ہے تو یہ ٹرائی جیمینل نامی عصبیے (نرو) کو فعال کرتی ہے، اس عصبیے کی بدولت ہم سر کے سامنے والے حصے پر سردی یا گرماہٹ محسوس کرسکتے ہیں۔ جب اس عصبیے سے ٹھنڈی چیز ٹکراتی ہے تو سر کے سامنے والے حصے میں درد سا محسوس ہونے لگتا ہے۔

    درحقیقت ہمارے سر میں موجود مختلف اعصاب ہمارے سر کے مختلف حصوں کو متاثر کرتے ہیں اور ان میں تکلیف کا احساس پیدا کرتے ہیں۔ دانت کا درد جس عصبیے کو متاثر کرتا ہے وہ دماغ کے مرکزی حصے میں تکلیف پیدا کرتا ہے۔

    برین فریز کے وقت سر میں درد کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ اس موقع پر دماغ کی رگیں تیزی سے منہ کی چھت کی طرف خون بھیجتی ہیں جس سے رگیں عارضی طور پر چوڑی ہوجاتی ہیں، اس لیے بھی سر میں تکلیف پیدا ہوتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق برین فریز کا شکار ہونے والے افراد سر درد کی ایک اور پر اسرار قسم میگرین کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔ یہ عصبیہ میگرین پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ میگرین کو پراسرار اس لیے سمجھا جاتا ہے کیونکہ تاحال اس کی کوئی وجہ اور علاج دریافت نہیں کیا جاسکا۔

    اگر آپ بھی اکثر و بیشتر برین فریز کا شکار ہوتے رہتے ہیں تو پریشانی کی بات نہیں، یہ کیفیت صرف 20 سے 30 سیکنڈ تک رہتی ہے اس کے بعد ختم ہوجاتی ہے۔

  • اسامہ بن لادن کی لاش سمندر برد کی تاکہ لوگ مزار نہ بنالیں، شہزادہ ترکی الفیصل

    اسامہ بن لادن کی لاش سمندر برد کی تاکہ لوگ مزار نہ بنالیں، شہزادہ ترکی الفیصل

    ریاض : ترکی الفیصل نے اسامہ بن لادن سے متعلق انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ آپریشن کے وقت اسامہ نے اسلحہ اٹھا رکھا تھا،تدفین سے خدشہ تھا لوگ مزارنہ بنالیں اس لئے لاش سمندر برد کی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس سربراہ شہزادہ ترکی الفیصل نے القاعدہ کے بانی سربراہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے اہم انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے طالبان کے سابق امیر مُلا محمد عمر سے متعدد بار بن لادن کو ریاض کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا مگر انہوں نے سعودی عرب کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔

    سعودی عرب نے ملا عمر کو خبردار کیا تھا کہ بن لادن کی حوالگی سے انکار پر افغانستان کو غیر معمولی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ طالبان کی طرف سے انکار کے بعد ریاض نے طالبان حکومت سے تعلقات ختم کر دیے گئے۔

    عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے اس راز سے بھی پردہ اٹھایا کہ اسامہ بن لادن کی نعش دفنانے کے بجائے سمندر بُرد کیوں کی؟ ان کا کہنا تھا کہ اسامہ کی لاش سمندر برد کرنے کا فیصلہ اس بنا پر کیا گیا کہ تدفین کی صورت میں لوگ ان کا مزار نہ بنا لیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک سوال کے جواب میں شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا کہ بن لادن حیران کن انداز میں اپنے ٹھکانے بدلتے رہتے تھے تاکہ ان کے ٹھکانے کی نشاندہی نہ ہو۔ سعودی حکام اسامہ کے اہل خانہ کو صرف اور صرف انسانی بنیادوں پر ان سے ملنے کی اجازت دیتے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کا بن لادن کے قتل کا کوئی منصوبہ نہیں تھا، امریکی فوجیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کارروائی کے وقت بن لادن نے اسلحہ اٹھا رکھا تھا جس کے باعث انہیں قتل کیا گیا۔

  • نیند کی حالت میں ہمارے جسم کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟

    نیند کی حالت میں ہمارے جسم کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟

    نیند کو عارضی موت بھی کہا جاتا ہے۔ ہم میں سے بہت سے افراد نیند میں باتیں کرتے ہیں اور چلتے پھرتے ہیں، لیکن جب وہ جاگتے ہیں تو انہیں ہرگز یاد نہیں رہتا کہ انہوں نے نیند کے دوران کیا کیا۔

    آج ہم آپ کو بتا رہے ہیں کہ نیند کی حالت میں ہمارے جسم کے ساتھ کیا کیا غیر معمولی عوامل پیش آتے ہیں جنہیں جان کر آپ یقیناً حیران ہوجائیں گے۔

    مفلوج ہوجانا

    جب ہم گہری نیند میں ہوتے ہیں تو ہم تقریباً مفلوج ہوجاتے ہیں اور چلنے پھرنے کے قابل نہیں رہتے۔ گو کہ نیند کے دوران ہمیں چلنے پھرنے کی ضروت نہیں ہوتی، لیکن اس کا تلخ تجربہ ان افراد کو ہوتا ہے جو نیند میں چلنے کی بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔

    ایسے افراد جب گہری نیند میں اٹھ کر چلنا شروع کرتے ہیں تو چند منٹ تک حرکت کرنے سے معذور ہوتے ہیں اور اس دوران ان کے گرنے اور چوٹ لگنے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے۔

    آنکھوں کی تیز حرکت

    گہری نیند کے دوران بند پپوٹوں کے نیچے ہماری آنکھیں نہایت تیزی سے حرکت کرتی ہیں۔ یہ حرکت دراصل اس خواب پر توجہ مرکوز رکھنے کے لیے ہوتی ہے جو ہم نیند کے دوران دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

    جسم کی نشونما

    سونے کے دوران ہمارے جسم کی نشونما اور افزائش ہوتی ہے۔ اس دوران ہماری ہڈیاں، پٹھے، بال اور خلیات وغیرہ بڑھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق سوتے ہوئے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے چاہئیں تاکہ جسم کو بڑھنے اور نشونما پانے میں کوئی دقت نہ ہو۔

    حلق بند ہونا

    ہمارے جاگنے کے دوران حلق کو کھلا رکھنے والے اعصاب دوران نیند سست پڑجاتے ہیں جس سے حلق سے ہوا کی آمد و رفت کا راستہ تنگ ہوجاتا ہے۔ یہ عمل خراٹوں سمیت دیگر ناخوشگوار آوازوں کا سبب بنتا ہے۔

    دانت پیسنا

    بعض افراد جب نیند سے سو کر اٹھتے ہیں تو ان کے جبڑوں میں شدید درد ہوتا ہے او وہ سوجے ہوئے بھی ہوتے ہیں۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ وہ نیند کی حالت میں دانت پیسنے کی عادت کا شکار ہوتے ہیں جسے برکسزم کہا جاتا ہے۔ تاہم یہ عمل ہر شخص کے ساتھ رونما نہیں ہوتا۔

    دماغ کی کہانیاں

    سائنس کی تمام تر ترقی کے باوجود نیند کے دوران آنے والے خواب تاحال ایک اسرار ہیں۔ تاہم ماہرین اس کی ایک سادہ سی توجیہہ پیش کرتے ہیں کہ نیند کی حالت میں جب ہمارا دماغ پرسکون ہوتا ہے تب وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتا ہے۔

    ہمارا دماغ ہمارے اندر موجود مختلف معلومات، ماضی کی یادیں، حال میں گزرے ہوئے واقعات، مستقبل کے خوف اور لاشعور میں بیٹھی ہوئی باتیں، ان سب کو ملا کر ایک نئی کہانی تخلیق دے ڈالتا ہے جو خواب کی صورت ہمیں نظر آتی ہیں۔

    زور دار دھماکے کی آواز

    بعض افراد نیند کے دوران محسوس کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک زوردار دھماکے کیی آواز سنی ہے۔ اس آواز سے ان کی آنکھ کھل جاتی ہے اور جاگنے کے بعد وہ بے حد خوفزدہ اور گھبرائے ہوئے ہوتے ہیں۔

    لیکن حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہوتا، ایسے موقعے پر حقیقی زندگی بالکل معمول کے مطابق ہوتی ہے۔ یہ ایک قسم کا سنڈروم ہے جو جسمانی طور پر تو نقصان نہیں پہنچاتا البتہ نفسیاتی و دماغی طور پر بہت سی الجھنوں میں مبتلا کرسکتا ہے۔

    دماغی آرام

    نیویارک کی روچسٹر یونیورسٹی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق جب ہم سوتے ہیں تو اس دوران ہمارا دماغ دن بھر میں جمع کی گئی معلومات کا جائزہ لیتا ہے۔ دماغ ان تمام معلومات میں سے بے مقصد معلومات کو ضائع کردیتا ہے۔

    اس طرح دراصل دماغ اپنے آپ کو چارج کرتا ہے تاکہ اگلے دن تازہ دم ہو کر آپ کے اندر کی تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرسکے۔

  • آدم خورباپ بیٹے  ’مہمان ‘کا سوپ بنا کر پی گئے، گوشت فرج میں رکھ دیا

    آدم خورباپ بیٹے ’مہمان ‘کا سوپ بنا کر پی گئے، گوشت فرج میں رکھ دیا

    کیف : یوکرائن میں آدم خور باپ بیٹے نے مہمان کو قتل کرکے اس کا سوپ بناکر پی لیا اور باقی گوشت فرج میں رکھ دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے ساتھی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرنے اور اس کا سوپ بناکر پینے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ملزمان اور مقتول کے درمیان کوئی تنازعہ تو نہیں تھا تاہم 41 سالہ ماکسم کوسٹیوکو کو دعوت پر مدعو کیا تھا۔

    بیس سالہ ملزم یاروسلف نے پولیس کو بتایا کہ میں نے مقتول کو پست سے مضبوطی سے پکڑا اور والد جلدی سے اس کا گلا کاٹ دیا جس کے بعد تیز دھار آلے سے سابق پولیس افسر کے ٹکڑے کیے اور سوپ بناکر پیا اور باقی گوشت فرج میں محفوظ کردیا۔

    گواہوں کا کہنا ہے کہ آدم خور باپ بیٹے سابق پولیس افسر کی گمشدگی کے روز مقتول کے ساتھ تھے، پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مقتول پیٹروو کا سر ایک باکس سے برآمد ہوا جو بالکونی میں رکھا ہوا تھا۔

    مزید پڑھیں : پیسوں کا تنازعہ، ملزم نے دوست کے ٹکڑے کرکے فلش میں بہادئیے

    مزید پڑھیں : درندہ صفت بیٹے نے ماں کو قتل کرکے خون پی لیا

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پرایسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے مقتول کی سربریدہ لاش کا اتنا برا حال کردیا تھا کہ اسے پہنچانا مشکل تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عدالت نے آدم خور باپ بیٹے پر قتل کا الزام ثابت ہونے پر فرد جرم عائد کردی ہے تاہم ابھی دونوں ملزمان کا ٹرائل جاری ہے۔

  • جمال خاشقجی کی لاش، تندور میں جلا کر راکھ کی گئی

    جمال خاشقجی کی لاش، تندور میں جلا کر راکھ کی گئی

    انقرہ : تفیتشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو قتل کرنے کے بعد سعودی کونسل جنرل کی رہائش گاہ پر تندوری اوون میں ڈال کر جلا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں معروف صحافی جمال خاشقجی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے جمال خاشقجی سے متعلق اپنی تحقیقات رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ مقتول صحافی کی لاش کے ٹکڑے تندوری اوون میں ڈال کر نذر آتش کردیے گئے تھے۔

    الجزیرہ کی تحقیقات ڈاکیومنٹری میں بتایا گیا ہے کہ جمال خاشقجی کے مقتل (سعودی قونصلیٹ) سے 100 گز کے فاصلے پر واقعے سعودی قونصل جنرل کے گھر میں 1 ہزار ڈگری سینٹی گریٹ سے زائد درجہ حرارت کے حامل تندور کو ایک ہفتہ قبل خصوصی طور پر بنایا گیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اوون کے اندر خاشقجی کے جسم کا بیشتر حصّہ جل کر خاکستر ہوگیا تھا، ترک حکام کے مطابق صحافی کی لاش کو تلف کرنے کےلیے تین دن لگے تھے۔

    ترک حکام کو یقین ہے کہ سعودی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے صحافی کو قتل کرنے کے اس کی لاش کے ٹکڑے کردئیے تھے اور ان ٹکڑوں کو بھی نذر آتش کردیا تھا تاکہ قتل کا کوئی ثبوت باقی نہ رہے۔

    تندوری اوون تیار کرنے والے ملازم نے بتایا کہ سعودی قونصل کی جانب سے خصوصی ہدایت تھی اوون کو گہرا اور ایسا بنانا جو لوہے کو بھی پگلا دے۔

    مزید پڑھیں : جمال خاشقجی کے قتل میں حکومت ملوث نہیں‘ سعودی وزیرخارجہ

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر برائے خارجہ امورعادل الجبیر کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی کے قتل کا ولی عہد نے حکم دیا، نہ ہی حکومت جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث ہے، جمال خاشقجی کے قتل کے الزام میں گیارہ افراد پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

    خیال رہے کہ واشنگٹن پوسٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ سال 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی سفارت خانے میں اپنی منگیتر کے کاغذات لینے کے لیے گئے تھے، جہاں انھیں قتل کر دیا گیا۔

    بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے با ضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔

    واضح رہے کہ جمال خاشقجی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں باالخصوص وژن 2030 کے شدید ناقد تھے اور سعودی عرب میں سعودی شاہی خاندان کے خلاف قلم کی طاقت دکھانے والے صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہوتے ہی امریکا جلاوطن ہوگئے تھے۔

  • جہاز کے ملبے سے لاپتہ فٹبالر ایمیلیانو صلا کی لاش برآمد

    جہاز کے ملبے سے لاپتہ فٹبالر ایمیلیانو صلا کی لاش برآمد

    لندن : پولیس نے کارڈف فٹبال کلب کے کھلاڑی ایمیلیانو صلا کی لاش حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کے ملبے سے برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق 21 جنوری کو فٹبالر ایمیلیانو صلاح کے نجی طیارے نے فرانس سے اڑان بھری تو کچھ دیر کے بعد وہ جزیرے کے قریب لاپتہ ہوگیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صلا کارڈف سٹی کلب پریمیئر لیگ کے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے فٹبالر کی لاش بدھ کے روز برآمد ہوئی تھی جبکہ پولیس نے لاش برآمد ہونے کی تصدیق جمعرات کو کی۔

    پولیس ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے فٹبالر اور پائلٹ کے اہل خانہ کو تحقیقات کی پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ تفتیش کاروں نے پیر کے روز جہاز کے ملبے میں فٹبالر کی لاش کو دیکھا تھا لیکن اسے دو دن بعد برآمد کیا گیا پولیس کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل مرحلہ تھا۔

    مزید پڑھیں : ریسکیو حکام نے لاپتہ برطانوی فٹبالر کی تلاش دوبارہ شروع کردی

    یاد رہے کہ برطانوی شہر کارڈف سٹی کے ارجنٹائن فٹبال کھلاڑی ایمیلیانو صلا اور پائلٹ ڈیوڈ کا نجی طیارے میں پرواز کرتے ہوئے سوموار کے روز ریڈار سے اچانک غائب ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فٹبالر کا جب کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تو برٹش ایئر انویسٹی گیشن برانچ نے اس کی تلاش کا عمل شروع کیا تھا، اسی دوران حکام نے اس بات کی تصدیق کی کہ فٹبالر اور پائلٹ جاں بحق ہوچکے کیونکہ اُن کا کوئی سراغ نہیں ملا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایمیلیانو صلا کا سنگل انجن والا طیاری سوموار کے روز شام 7 بج کر 15 منٹ پر شمال مغرب فرانس ے اڑا تھا اور جس وقت طیارہ ریڈار سے لاپتہ ہوا اس وقت طیارہ چینل آئی لینڈ پر 5 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کررہا تھا۔

  • جسم کے ان حصوں کو چھونے سے گریز کریں

    جسم کے ان حصوں کو چھونے سے گریز کریں

    دن بھر مختلف سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے ہمارے ہاتھ جراثیموں اور دھول مٹی کے ذرات سے اٹ جاتے ہیں جس کا ہمیں احساس بھی نہیں ہوپاتا۔ اگر ان ہاتھوں سے ہم اپنے جسم کے کچھ حصوں خصوصاً چہرے کو چھوئیں تو یہ ہماری جلد کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو جسم کے ان حساس حصوں کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہیں بغیر ہاتھ دھوئے چھونا سخت نقصان دہ ہوسکتا ہے۔


    آنکھیں

    اگر آنکھ میں کچھ چلا جائے تو فوری طور پر آنکھ کو مسلنے سے گریز کریں۔ آنکھ میں گیا کچرا اور آپ کے ہاتھوں پر لگے دھول مٹی کے ذرات آنکھ کی تکلیف میں کئی گنا اضافہ کر سکتے ہیں۔

    آنکھ کی صفائی کے لیے اسے اچھی طرح دھوئیں اور اگر ہاتھوں سے صفائی کرنا مقصود ہو تو ہاتھوں کو بھی پہلے اچھی طرح صابن سے دھوئیں۔


    کان

    کان کے اندرونی پردے بے حد حساس ہوتے ہیں چنانچہ انہیں اندر گہرائی تک چھونے یا کھجانے سے پرہیز کرنا چاہیئے۔ یہ عمل آپ کی لاعلمی میں آپ کو سماعت سے محروم کر سکتا ہے۔


    ناک

    اسی طرح ناک کو چھونا بھی خطرے سے خالی نہیں۔ ناک کے اندر موجود جراثیم ناک کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں جو اسے باہر کے گرد و غبار سے محفوظ رکھتے ہیں۔

    ہاتھوں سے ناک صاف کرنا مضر صحت جراثیم کو جسم میں داخلے کی دعوت دینے کے مترادف ہے۔


    ہونٹ

    ہاتھوں سے ہونٹ چھونا بھی ہونٹوں اور منہ کے اندر موجود فائدہ مند جراثیم کو نقصان پہنچانا اور نئے جراثیم اندر داخل کرنا ہے۔ یہ عمل نہ صرف آپ کے ہونٹوں، بلکہ دانتوں اور گلے کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔


    چہرہ

    دراصل اپنے ہاتھوں سے پورے چہرے کو ہی چھونے سے گریز کیا جائے۔ آپ کے ہاتھوں پر موجود چکنائی، گرد وغبار اور جراثیم آپ کی جلد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور آپ کے چہرے پر کیل مہاسے پید کرنے کا سبب بن سکتے ہیں۔


    ناخن

    ہاتھ اور پاؤں کو اگر اچھی طرح سے دھو لیا جائے تب بھی ناخنوں کے اندر میل، گرد و غبار اور جراثیم موجود ہوتے ہیں لہٰذا بلاو جہ ناخن کو چھونے سے بھی پرہیز کرنا چاہیئے۔