باڈی مسلز بنانے کے شوقین بیشتر نوجوان شارٹ کٹ راستہ اختیار کرتے ہوئے مصنوعی ادویات کا استعمال کرتے ہیں جو انتہائی نقصان دہ بلکہ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں جم انسٹرکٹر اور فٹنس ایکسپرٹ سمیع شیخ نے نوجوانوں کو مفید مشورے دیے۔
انہوں نے بتایا کہ جم میں آنے والے زیادہ تر لڑکے یہ کہتے ہیں کہ ہمیں دوچار مہینے کے اندر آپ کے جیسی جسامت اور باڈی مسلز بنانے ہیں۔ ان کی خواہش ہوتی ہے کہ جلدی سے کوئی ایسا فوڈ سپلیمنٹ یا فوری پروٹین حاصل کرنے کا طریقہ بتا دیں۔
انہوں نے بتایا کہ میں ان سے یہی کہتا ہوں کہ میں گزشتہ کئی سال سے ورزش کررہا ہوں اور خود کو چاق و چوبند رکھنے کیلیے تسلسل کے ساتھ ایکسرسائز کرنا ضروی ہے تب کہیں جاکر ایسی جسامت بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے فوڈ سپلیمنٹس یا ادویات خود سے یا بغیر کسی ماہر ڈاکٹر کے مشورے کے لینا بہت خطرناک ہو سکتا ہے، صرف ضرورت اور مکمل میڈیکل چیک اپ کے بعد کسی ماہر کی نگرانی میں استعمال کرنا چاہیے۔