Tag: Bollywood

  • ایسا کیا ہوا کہ سوارا بھاسکر سوشل میڈیا پر برس پڑیں؟

    ایسا کیا ہوا کہ سوارا بھاسکر سوشل میڈیا پر برس پڑیں؟

    معروف بھارتی اداکارہ کورونا میں مبتلا ہونے کی بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مرنے کی بددعائیں ملنے پر برہم ہوگئیں۔

    کوئی بیمار ہوجائے تو اپنے  ہوں یا بیگانے سب ہی اسے جلد صحت یابی کی دعائیں دیتے ہیں لیکن بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر کو کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد اس حوالے سے شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے انہیں مرنے کی بددعائیں دیں جس پر وہ طیش میں آ گئیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوارا بھاسکر نے بتایا کہ رواں ماہ کے آغاز پر انہیں بخار اور سر میں درد کی شکایت ہوئی، ساتھ ہی ان کی ذائقے کی حس بھی متاثر ہوئی تو انہوں نے  5 جنوری کو کورونا ٹیسٹ کرایا جس میں ان کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔

    اداکارہ کا ٹوئٹ کرنا تھا کہ بھارت میں ٹوئٹر پینل پر سوارا بھاسکر کے نام کا ہیش ٹیگ بن گیا،اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے جہاں صارفین نے ان کی جلد صحت یابی کی دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا وہیں کئی ایسے صارفین بھی سامنے آئے جنہوں نے اداکارہ کو مرنے کی بدعائیں دیں۔

    دل جلے صارفین نے سوارا بھاسکر کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر کو سال نو کی بہترین خبر قرار دیتے ہوئے ان کے مرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

    موت کی بددعائیں ملنے پر اداکارہ بھی خاموش نہیں رہیں، انہوں نے بھی ناقدین کو ان کی بددعاؤں کا ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘‘میری موت کی بددعائیں کرنے والوں، اپنے جذبات کو قابو میں رکھو، اگر مجھے کچھ ہوا تو تم لوگوں سے تمہاری روزی روٹی چھن جائے گی’’۔

    ساتھ ہی سوارا نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے حالیہ دنوں میں ان سے ملاقات کی ہے وہ بھی لازمی اپنا کورونا ٹیسٹ کروائیں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • جیکولین فرنینڈز اور نورا فتیحی کے لیے ایک اور بری خبر

    جیکولین فرنینڈز اور نورا فتیحی کے لیے ایک اور بری خبر

    ممبئی: بالی ووڈ اداکاراؤں جیکولین فرنینڈز اور نورا فتیحی کو ملنے والے کروڑوں کے تحائف اب ضبط ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نورا فتیحی اور جیکولین فرنینڈز کو ایک اوربری خبر کا سامنا ہے، بھتہ خوری کے ملزم سکیش چندر شیکھر سے ملے کروڑوں کے تحائف ضبط کیے جائیں گے۔

    جیکولین فرنینڈز کو منی لانڈرنگ، بھتہ خوری اورفراڈ کیس میں تفتیش کا سامنا ہے، انھیں بھتہ خوری کے ملزم سکیش چندر شیکھر کی جانب سے کروڑوں روپے کے تحائف ملے تھے، جو اب اداکارہ کے لیے مصیبت بن گئے ہیں۔

    گزشتہ روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے جیکولین فرنینڈز  اور نورا کے تحائف ضبط کرنے کا اعلان کیا ہے، ادارہ 200 کروڑ بھارتی روپے کی منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔

    نورا فتیحی اور ملزم سکیش چندر شیکھر کی چیٹ لیک

    انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ نورا فتیحی کو دیے جانے والے کروڑوں کے تحائف بھی ضبط کیے جائیں گے، منی لانڈرنگ اور بھتہ خوری کے مرکزی کردار سکیش چندرشیکھرنے جیکولین فرنینڈز کو 10 کروڑ روپے کے تحائف دیے تھے۔

    واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں جیکلین فرنینڈز کے علاوہ نورا فتیحی سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • ملکہ جذبات "مینا کماری” کو ہم سے بچھڑے 49 برس بیت گئے

    ملکہ جذبات "مینا کماری” کو ہم سے بچھڑے 49 برس بیت گئے

    ماضی کی نامور اداکارہ مینا کماری کی آج 49ویں برسی ہے، پاکیزہ، صاحب بیوی اور غلام اور کاجل جیسی بہترین فلمیں دینے والی اداکارہ مینا کماری کو اس دنیا سے بچھڑے ہوئے 49 برس بیت گئے۔

    بہترین اداکاری کے لیے انہیں چار بار فلم فیئر کے بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان میں’’بیجو باورا، پرینیتا، صاحب بیوی اور غلام اور ’’کاجل‘‘ شامل ہیں۔

    اداکارہ مینا کماری کا اصل نام مہ جبیں تھا اوروہ یکم اگست انیس سو بتیس کو پیدا ہوئیں۔ مینا کماری نے چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے فلموں میں کام کرنا شروع کیا تھا۔ وہ پہلی اداکارہ تھیں جنہوں نے فلم فیئر ایوارڈ حاصل کیا، یہ ایوارڈ انہیں فلم ’بیجو باوارا‘ پرملا تھا اوراس فلم نے مینا کو شہرت اور پہچان عطا کی۔

    مینا کماری کی مشہور فلموں میں بیجو باورا، کوہ نور، آزاد، فٹ پاتھ، دو بیگھہ زمین، آزاد، شاردا، شرارت، زندگی اور خواب، پیار کا ساگر، بے نظیر، چتر لیکھا، بھیگی رات، غزل، نور جہاں، بہو بیگم، پھول اور پتھر، پورنیما، میں چپ رہوں گی ، پاکیزہ، دل اپنا اور پریت پرائی، سانجھ اور سویرا، چراغ کہاں روشنی کہاں،مس میری، ایک ہی راستہ، دل اک مندر، اور منجھلی دیدی کے نام سر فہرست ہیں۔

    ان کی خوب صورت ادکاری کے اعتراف میں انھیں ملکہ جذبات کا خطاب بھی عطا کیا گیا تھا، مینا کماری ادب سے گہرا لگاؤ رکھتی تھیں، انہوں نے مشہور ہدایت کار کمال امروہی سے شادی کی تھی۔

    وہ خود بھی شاعری کرتی تھیں اور ان کا تخلص "ناز” تھا۔ ان کا شعری مجموعہ تنہا چاند کے نام سے شائع ہوا تھا۔ مینا کماری نے اپنی وصیت میں اپنی نظمیں چھپوانے کا ذمہ گلزار کو دیا تھا جسے انہوں نے ’’ناز‘‘ تخلص سے چھپوايا۔ ہمیشہ تنہا رہنے والی مینا کماری نے اپنی مشتمل ایک غزل کے ذریعے اپنی زندگی کا نظریہ پیش کیا۔

    مینا کماری کو جگر کے بڑھنے کی بیماری درپیش تھی اوراکتیس مارچ انیس سو بہتر کو اس وقت بمبئی کہلائے جانے والے ممبئی میں انتقال کرگئی تھیں، ان کی تدفین ممبئی کے رحمت آباد قبرستان میں کی گئی۔

  • بھارت کی معروف اداکارہ پر کروڑوں روپے فراڈ کا الزام

    بھارت کی معروف اداکارہ پر کروڑوں روپے فراڈ کا الزام

    جھاڑکھنڈ : بھارت کی معروف اداکارہ امیشا پاٹل کو کروڑوں روپے مالیت کی دھوکہ دہی کے الزام میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ فلم "کہو نہ پیار ہے” سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ امیشا پاٹل کیخلاف چیک باؤنس ہونے اور فراڈ کیس کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے شکایت کنندہ نے جھاڑکھنڈ کی عدالت میں ان پر الزام عائد کیا ہے کہ امیشا پاٹل نے اس کے ساتھ ڈھائی کروڑ روپے کی دھوکا دہی کی ہے۔

    درخواست دہندہ اجے کمار سنگھ نامی فلم پروڈیوسر و تاجر نے ریاست جھاڑکھنڈ کی ہائی کورٹ میں امیشا کے خلاف کیس داخل کرتے ہوئے کہا کہ امیشا نے اسے سال 2017 میں اس بات پر راضی کیا کہ وہ امیشا کے پروڈکشن ہاؤس میں تیار ہونے والی فلم کے لیے سرمایہ کاری کرے۔

    جس پر اس نے امیشا کے اکاؤنٹ میں ڈھائی کروڑ روپے منتقل کیے لیکن بعد میں امیشا نے نہ صرف فلم بنانے سے انکار کیا بلکہ رقم لوٹانے میں بھی ناکام رہی۔

    مذکورہ مقدمے کی ویڈیو کانفرنسنگ پر مبنی سماعت کے موقع پر جج نے فریقین سے کہا کہ وہ ثالثی کے ذریعے معاملہ حل کرلیں اس کے علاوہ دونوں کو دو ہفتے کے اندر تحریری جواب بھی داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • عرفان خان کی موت پر بالی ووڈ سوگوار

    عرفان خان کی موت پر بالی ووڈ سوگوار

    ممبئی: بالی ووڈ کے ورسٹائل فنکار عرفان خان کی اچانک موت نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو سوگوار کردیا، بالی ووڈ فنکار بھی اس اچانک خبر سے صدمے میں آگئے۔

    بدھ کا دن بالی ووڈ کے لیے کوئی اچھا دن نہیں رہا جب اچانک معروف اداکار عرفان خان کی موت کی خبر سامنے آئی، عرفان خان کی طبیعت گزشتہ روز خراب ہوئی جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں داخل کیا گیا۔

    عرفان کو سنہ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ لندن چلے گئے تھے، وہاں سے وہ ایک برس بعد لوٹے اور واپس آ کر اپنی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی۔

    3 روز قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا جس میں وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے تھے، بعد ازاں ان کی اپنی بھی طبیعت خراب ہوئی اور ایک رات آئی سی یو میں گزارنے کے بعد وہ داغ مفارقت دے گئے۔

    بالی ووڈ فنکار ان کی موت پر نہایت سوگوار ہیں۔

    امیتابھ بچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور کہا کہ عرفان خان کی موت بھارتی سینما کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی ان کی موت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    شبانہ اعظمی، انوپم کھیر، سنجے گپتا، پریانکا چوپڑا اور سونم کپور سمیت دیگر فنکاروں نے بھی ان کی موت پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔

  • مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے: مہوش حیات

    مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت نہیں ہے: مہوش حیات

    کراچی: تمغہ امتیاز یافتہ معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے اپنی خاموشی توڑ دی۔

    ایک ویب شو میں انٹرویو دیتے ہوئے مہوش حیات نے کہا کہ مجھے پاکستان میں پہلے ہی اتنا معیاری کام مل رہا تھا کہ مجھے بالی ووڈ میں کام کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے ملک سے ہی بہت عزت ملتی ہے، میرے لیے سب سے ضروری عزت نفس ہے، جب آپ بالی وڈ میں کام کرتے ہیں تو وہاں کوئی عزت نفس نہیں ہوتی۔

    مہوش حیات کا مزید کہنا تھا کہ بالی وڈ میں کام کرنے کے بعد آپ وہاں اپنی ہی فلموں کے پریمیئرز میں شرکت نہیں کرسکتے تو جہاں عزت نفس نہ ہو، صرف پیسہ اور شہرت ہو تو میرے لیے یہ بالکل غیر اہم ہے۔

    چند روز قبل بھی مہوش حیات نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رہنما سبرامنین سوامی کے مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ بیان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں جو ہورہا ہے اس پر دنیا نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ آج کے دور میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے نمائندے کو اس طرح تبصرے کرنے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے۔

  • بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ بھی مودی کے خلاف بول پڑے

    بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ بھی مودی کے خلاف بول پڑے

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے بھی آخر کار طلبہ پر ہونے والے تشدد پر خاموشی توڑ دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ہندی فلموں کے مشہور و مقبول اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی انڈیا میں طلبہ پر بدترین تشدد کے تناظر میں مودی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کا نا انصافی کے خلاف کھڑے ہونا بہت خوش گوار ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں نصیرالدین شاہ نے سی اے اے، این آر سی، این پی آر کے خلاف ملک میں جاری احتجاج پر کہا کہ جس طرح طلبہ حالیہ تقسیم اور ناانصافی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، وہ حیران کن ہے، تاہم مجھے وزیر اعظم مودی کے طلبہ کے ساتھ رویے پر حیرت نہیں ہے، مودی خود کبھی طالب علم نہیں رہے اس لیے انھیں طلبہ سے ہم دردی نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ خود بالی ووڈ کے اندر بھی دپیکا جیسے نوجوان اداکار اور ہدایت کار اس امتیازی قانون کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، میں بڑے اور مستحکم اسٹارز کی خاموشی کو سمجھ رہا ہوں، لیکن حیران ہوں کہ وہ کب تک اپنی خاموشی برقرار رکھ پائیں گے۔

    مودی پر تنقید کرتے ہوئے نصیرالدین شاہ نے کہا کہ نریندر مودی خود ٹوئٹر پر نفرت پھیلانے والوں کی قیادت کر رہے ہیں، مودی سرکار کی مذہبی سیاست نے مجھے اپنی مسلم شناخت کی طرف زیادہ متوجہ کر دیا ہے اور میں پریشانی میں مبتلا ہو گیا ہوں، 70 سال بھارت میں رہنے پر بھی اگر ثابت نہ کر سکوں تو پھر نہیں پتا کیا کرنا چاہیے۔

    واضح رہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی قوانین کے خلاف شدید احتجاج بدستور جاری ہے، مودی سرکار کی جانب سے اس احتجاج کو شدت عطا کرنے پر طلبہ پر بدترین تشدد کیا گیا۔

  • سویڈن کی اداکارہ بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے لے آئیں

    سویڈن کی اداکارہ بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے لے آئیں

    ممبئی : سویڈن کی اداکارہ ایلی اورم نے بالی ووڈ کی اصل حقیقت دنیا کے سامنے بیان کرتے ہوئے کہا بالی ووڈ میں کام کے دوران مجھے بھی دیگر کئی اداکاراؤں کی طرح جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق سویڈن سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ایلی اورم نے ایک انٹرویو میں بالی ووڈ کی چکا چوند نگری کی اصل حقیقت پوری دنیا کے سامنے بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ میں کام کے دوران انہیں بھی دیگر کئی اداکاراؤں کی طرح جنسی استحصال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

    اداکارہ ایلی اورم نے بتایا کہ ایک بار وہ ایک ڈائریکٹر سے ملنے کے بعد ہاتھ ملاکر باہر جانے لگیں تو ڈائریکٹر نے انگلی سے ان کی ہتھیلی پر خارش کی۔ ’میں کچھ سمجھ نہیں پائی، میں نے اپنی ایک سہیلی سے پوچھا کہ کیا ہندوستان میں ہاتھ ملانے کا یہ کوئی نیا طریقہ ہے؟ اس پر میری سہیلی نے کہا کیا اس نے سچ میں ایسا کیا؟ تب اس نے بتایا کہ اس کا مطلب ہوتا ہے کہ وہ تمہارے ساتھ سونا چاہتا ہے۔

    اداکارہ نے بتایا کہ یہ واقعہ پیش آنے کے بعد انہیں بہت حیرت ہوئی اور وہ ہر انسان کو یاد کرنے لگیں، جن کے ساتھ انہوں نے ہاتھ ملایا تھا۔

    ایلی اورم کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں انہیں غیر ملکی ہونے کے باعث امتیازی سلوک کا بھی سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث انہیں بہت زیادہ پریشانیاں اٹھانا پڑیں۔

    اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بالی ووڈ میں اپنے قد کاٹھ، دانتوں اور لمبے بالوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا، انہیں اپنا وزن کم کرنے کیلئے بھی کہا گیا، ’مجھے اپنے بالوں سے بہت زیادہ پیار تھا لیکن مجھے کہا گیا کہ انہیں کٹوا دوں کیونکہ ان بالوں کے ساتھ میں آنٹی لگتی ہوں۔

    خیال رہے کہ بالی ووڈ کی رنگین دنیا میں نوجوان لڑکیوں اور اداکاراؤں کا جنسی استحصال کوئی نئی بات نہیں ہے، اس طرح کے واقعات متعدد اداکاراؤں کے ساتھ پیش آچکے ہیں او روہ مختلف مواقع پر ان کا اظہار بھی کرچکی ہیں۔

  • ایک تصویر جسے سب نے پسند کیا مگر امیتابھ نے تنقید کی

    ایک تصویر جسے سب نے پسند کیا مگر امیتابھ نے تنقید کی

    ممبئی: سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ پر ایک تصویر وائرل ہوئی جسے لوگوں نے بہت پسند کیا البتہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار نے تصویر پر اعتراض اٹھادیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ فلم پروڈیوسر اور فوٹو گرافر اتل کسبیکر نے یہ تصویر گزشتہ روز اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس کے بعد لوگوں کی مختلف آراء دیکھنے میں آئیں البتہ اکثریت نے ان بچوں کی سادگی کو پسند کیا۔

    یہ تصویر دراصل بچوں کے ایک گروپ کی ہے جو سیلفی لینے کی خوشی منارہا ہے، حیران کن طور پر جو بچہ تصویر لے رہا ہے اُس کے ہاتھ میں موبائل نہیں بلکہ چپل ہے اس سے زیادہ حیرانی کی بات یہ ہے کہ تمام بچوں کے چہرے خوشی سے بالکل اُسی طرح کھلے ہوئے ہیں جیسے گروپ سیلفی بنا رہا ہے۔

    اتل نے تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے یہ تصویر کسی نے بھیجی جس میں بچے بہت خوش ہیں، اس کو دیکھنے کے بعد مجھے بہت زیادہ خوشی ہوئی‘۔ انہوں نے لکھا کہ اگر کسی کو ان بچوں سے متعلق کوئی علم ہو تو وہ مجھے تفصیلات ضرور بھیجے۔

    دوسری جانب بالی ووڈ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے تصویر کا تنقیدی جائزہ لینے کے بعد پروڈیوسر کو جواب دیا کہ ’بصد احترام اور معذرت کے ساتھ آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے یہ فوٹو شاپ پر بنی ہوئی تصویر لگ رہی ہے کیونکہ بچے کے ہاتھ میں جو چپل ہے وہ جسم اور دوسرے ہاتھ سے بالکل مختلف نظر آرہی ہے‘۔

  • رشی کپور نے اپنی بیماری سے متعلق خاموشی توڑ دی

    رشی کپور نے اپنی بیماری سے متعلق خاموشی توڑ دی

    ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور نے اپنی بیماری سے متعلق خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اپریل میں بھارت واپس لوٹ جاؤں گا۔

    بھارتی میڈیا میں گزشتہ برس سے یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ رشی کپور کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور اُن کی بیماری اب آخری اسٹیج پر پہنچ چکی ہے۔ افواہوں یا مبینہ جھوٹی خبروں کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ اداکار یا اُن کے اہل خانہ نے بیماری سے متعلق مکمل طور پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور بالخصوص گھر والوں کو اداکار نے تاکید کی کہ وہ اس ضمن میں میڈیا کو کچھ بھی آگاہی نہ دیں۔

    بالی ووڈ کے نامور اداکار رشی کپور گزشتہ برس ستمبر کے آخر میں خاموشی سے علاج کی عرض سے امریکا روانہ ہوئے تھے جس کے باعث انہوں نے اپنی والدہ کی آخری رسومات میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

    مزید پڑھیں: کینسر کی افواہیں؟ رشی کپور کے بھائی نے خاموشی توڑ دی

    بھارتی میڈیا میں گردش کرنے والی افواہوں پر رشی کپور کی اہلیہ، بھائی اور بیٹی نے بھی سخت ردعمل دیا تھا البتہ نیتو کپور نے سال نو کے موقع پر ایک پوسٹ کے ذریعے لیجنڈری اداکار کی بیماری کے حوالے سے اشارہ ضرور دیا تھا۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رشی کپور نے انکشاف کیا کہ امریکا میں میرا علاج جاری ہے اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اپریل میں وطن واپس لوٹ جاؤں گا۔

    اداکار کا کہنا تھا کہ ’میرا علاج جاری ہے جو کافی طویل اور تکلیف دہ ہے جس کے لیے تحمل اور صبر کی ضرورت ہے مگر بدقسمتی سے یہ سب کچھ مجھ میں موجود نہیں، اگر اوپر والے کی مرضی ہوئی تو میں واپس لوٹ جاؤں گا‘۔

    رشی کپور کا مزید کہنا تھا کہ ’میں اپنے علاج پر فوکس کررہا ہوں اچھی بات یہ ہے کہ مجھے فلموں کے بارے میں کچھ نہیں سوچنا پڑ رہا بلکہ ذہن خالی اور پرسکون ہے، یہ وقفہ میرے لیے اچھا ہے کیونکہ اب میں تازہ دم ہوں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت تعلقات، رشی کپور نے عمران خان کے موقف کی حمایت کردی

    یاد رہے کہ گزشتہ برس ہی رشی کپور نے افواہوں کی تردید کرنے کے لیے اپنے ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’میں اس وقت نیویارک کے علاقے مینہٹھن میں اپنے پرانے دوست انوپم کھیر کے ساتھ سیر و تفریح کررہا ہوں‘۔

    دوسری جانب رشی کپور کی صاحبزادی ردہما نے بھی بھارت سے امریکا پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور والد کی بیماری کے حوالے سے خاموشی توڑ دی تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’والد کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے اور وہ روٹین کے چیک اپ کی وجہ سے امریکا میں موجود ہیں‘۔ انہوں نے مداحوں کو بھی یقین دلایا کہ گھبرانے کی کوئی بات نہیں لیجنڈری اداکار بالکل صحت مند ہیں۔

    اسے بھی پڑھیں: عید میلاد النبی : رشی کپور جامع مسجد دہلی پہنچ گئے

    واضح رہے کہ راج کپور کی اہلیہ کرشنا راج کپور اداکار کی والدہ تھیں جو گزشتہ برس دنیائے فانی سے کوچ کرگئی تھی اُن کی آخری رسومات بھارت میں ہوئیں جن میں رشی کپور اور اہل خانہ امریکا میں موجودگی کے باعث شرکت نہیں کرسکے تھے۔

    رشی کپور نے 29 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹویٹ کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا جارہے ہیں۔