Tag: Bollywood

  • بھارتی اداکارہ کی فٹنس، آپ کوجم جانے پرمجبورکردے گی

    بھارتی اداکارہ کی فٹنس، آپ کوجم جانے پرمجبورکردے گی

    بھارت کی بھوج پوری فلموں سے تعلق رکھنے والے نوخیز اداکارہ پونم دوبے نے اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کڑی محنت کی ایک تصویر انسٹا گرام پر شیئر کی ہے، شاید یہ تصویر دیکھ کر آپ کو بھی اپنی فٹنس کا خیال آجائے۔

    اداکارہ پونم دوبے اپنی فٹنس کے حوالے سے بہت مشہورہیں اور خوبصورت نظر آنے کے لیے وہ بے پناہ محنت بھی کرتی ہیں، ان کی حالیہ تصویر یقیناً آپ کو بھی تحریک دے گی کہ آپ اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لیے ’جم‘ کا رخ کریں۔

    پونم نے سیاہ ٹریک سوٹ اور گلابی رنگ کے اسنیکرز میں پارک میں ایکسر سائز کے دوران کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس کا عنوان انہوں نے لکھاہے ۔۔۔ یہ مقدار نہیں بلکہ معیار ہوتا ہے جو خدا (گاڈ) کو خوش کرتا ہے‘‘۔

     

    یاد رہے کہ پونم کے بارے میں مشہور کے وہ اپنی فٹنس پر کبھی بھی سمجھوتا نہیں کرتیں اور صرف یہ کہ وہ باقاعدگی سے ورک آؤٹ کرتی ہیں بلکہ اپنی ڈائٹ کا بھی بے پناہ خیال رکھتی ہیں تاکہ ان کا جسم متناسب رہے۔

    بھوج پوری فلموں میں ان کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ ان کے ڈانس نمبر ہیں جو کہ ان کی فٹنس اور جسمانی ساخت کے سبب بے پناہ پسند کیے جاتے ہیں۔

    قارئین ! ہم فیشن کے لیے تو ہمیشہ ہی فلمی اداکاروں کی تقلید کرتے ہیں لیکن کیا آپ اپنی فٹنس کے لیے بھی اتنے ہی فکر مند ہوسکتے ہیں جتنی کہ پونم ہیں ۔ یقین کریں اس سودے میں نقصان نہیں ہوگا۔

  • جنسی ہراسانی کے الزامات، ساجد خان نے بطور ہدایت کار استعفیٰ دے دیا

    جنسی ہراسانی کے الزامات، ساجد خان نے بطور ہدایت کار استعفیٰ دے دیا

    ممبئی: جنسی ہراسانی کے الزامات عائد ہونے کے بعد ساجد خان نے بطور ہدایت کار فلم ’ہاؤس فل 4‘ سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کردیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ساجد خان نے جنسی ہراسانی کے الزامات پر اپنا مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کے بعد اخلاقی طور پر میں ہاؤس فل 4 کی ہدایت کاری سے علیحدگی اختیار کررہا ہوں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ مجھ پر جو الزامات عائد ہوئے اُس کے بعد نہ صرف مجھے بلکہ اہل خانہ کو اور ہاؤس فل 4 کے پروڈیوسر و دیگر ٹیم کو بھی شدید دباؤ کا سامنا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہورہا ہوں۔

    ساجد خان نےاپنے اوپر عائد ہونے والے الزامات کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں جلد حقیقت سب کے سامنے لاؤں گا، میری میڈیا کے دوستوں سے درخواست ہے کہ وہ کوئی بھی فیصلہ دینے سے پہلے حقیقت کو مدنظر رکھیں۔

    مزید پڑھیں: بالی ووڈ اداکارہ تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی

    دوسری جانب بالی ووڈ ہدایت کار کی بہن فرح خان نے اپنے بھائی سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا  کہ ’یہ ہمارے اہل خانہ کے لیے بہت مشکل اور کٹھن وقت ہے، ہم نے ایک ساتھ مختلف مسائل کا سامنا کیا، اگر میرا بھائی قصور وار ہے تو اُس کو سزا دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس لڑکی سے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا اگر وہ سچ ہے تو میری تمام تر ہمدردیاں اُس کے ساتھ ہیں۔

    فلم ہاؤس فل 4 میں مرکزی کردار ادا کرنے والے بالی ووڈ اداکار اکشے کمار نے مشورہ دیا کہ شوٹنگ کو اُس وقت تک روک دیا جائے جب تک معاملے کی سچائی سامنے نہیں آجاتی۔

    اکشے کمار نے متاثرہ خاتون سے مطالبہ کیا کہ جو الزام انہوں نے ساجد پر عائد کیا اُس کے ثبوت بھی پیش کریں تاکہ انصاف دیا جاسکے، جس بھی اس حرکت میں ملوث ہے اُس کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔

    واضح رہے کہ ہاؤس فل 4 میں مرکزی کردار ادا کرنے والے نانا پاٹیکر پر پہلے ہی اداکارہ تنوشری دتہ جنسی حراسانی کا الزام عائد کرچکی ہیں، اس ضمن میں انہوں نے مقدمہ بھی درج کرادیا۔

    قبل ازیں عامر خان ہدایت کار پر الزام عائد ہونے کے بعد خود کو فلم کی کاسٹ سے الگ کرچکے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ ’میں کسی بھی ایسے شخص کے ساتھ کام کر کے اپنی ساکھ متاثر نہیں کرسکتا‘۔

    یاد رہے کہ ہدایت کار پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سالونی چوپڑا اور بھارتی خاتون صحافی نے جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انڈسٹری میں بھونچال آگیا تھا کیونکہ ساجد خان کی فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی شوٹنگ کا آغاز ہوگیا اور اسے اگلے برس دیوالی پر ریلیز ہونا تھا۔

  • دلیپ کمار روبہ صحت، اسپتال سے گھر منتقل

    دلیپ کمار روبہ صحت، اسپتال سے گھر منتقل

    ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکارہ دلیپ کمار کو طبیعت میں بہتری کے بعداسپتال سے چھٹی دے کر گھر منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ممتاز اداکار یوسف خان (دلیپ کمار) کو 8 اکتوبر کی صبح طبیعت ناساز ہونے کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے مرض کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ کروائے تھے جن کی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اداکار کو نمونیا کا مرض لاحق ہوگیا جس کے باعث اُن کے سینے میں انفکیشن اور بخار کی شکایت ہے۔

    لیلا وتی اسپتال کے نائب صدر اور ترجمان ڈاکٹر اجے کمار کا کہنا ہے کہ ’دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ اب پہلے سے بہتر ہیں  مگر انہیں ابھی نگہداشت کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا‘۔

    مزید پڑھیں: دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی، ڈاکٹر کی تصدیق

    یوسف خان کے ترجمان اور قریبی رشتے دار فیصل فاروق نے سوشل میڈیا پر دلیپ کمار کی ہی آئی ڈی سے مداحوں کو خوشخبری سنائی کہ لیجنڈری اداکار کو اسپتال سے چھٹی دے کر گھر منتقل کردیا گیا، اُن کی طبیعت بہتر ہے مگر ڈاکٹرز نے انفیکشن کی وجہ سے چند روز مکمل آرام کرنے کی ہدایت کی جس پر وہ عمل کریں گے۔

    انہوں نے دعاؤں میں یاد رکھنے پر تمام مداحوں، رشتے داروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    دوسری جانب دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھی مداحوں کا شکریہ بذریعہ ٹویٹ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو لیجنڈری اداکار کے قریبی رشتے دار فیصل فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دلیپ کمار کی ہی آئی ڈی سے اُن کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    یاد رہے کہ 95 سالہ اداکار کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے، انھیں ایک برس قبل  بھی طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس کے بعد وہ روبہ صحت ہو کر گھر لوٹ آئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان

    6 دہائیوں تک بالی ووڈ فلم نگری پر راج کرنے والے دلیپ کمار نے بے شمار فلمیں کیں، “مغلِ اعظم” میں شہزادہ سلیم کا کردار ان کی زندگی کا یادگار کردار بن گیا جبکہ اُن کی آخری فلم ’’قلعہ‘‘ 1998 میں ریلیز کی گئی تھی۔

  • اینگری ینگ مین’ امیتابھ‘ آج 76 ویں سالگرہ منارہے ہیں

    اینگری ینگ مین’ امیتابھ‘ آج 76 ویں سالگرہ منارہے ہیں

     بالی ووڈ کے سدابہار سپراسٹارامیتابھ بچن آج اپنی 76 ویں سالگرہ منارہے ہیں، سو سے زائد فلموں میں اداکاری کے جلوے دکھانے والے امیتابھ آج بھی مداحوں کے دلوں پر راج کررہے ہیں۔

    بھارتی فلمی دنیا کے سپراسٹارامیتابھ بچن گیارہ اکتوبر انیس بیالیس میں بھارت کی ریاست اترپردیش میں پیدا ہوئے،انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز سن انیس سو انہتر میں فلم سات ہندوستانی سے کیا، جس میں انہیں پہلے نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔

    اس کے بعد انہوں نے کئی کامیاب فلموں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کے دل جیت لئے، امیتابھ بچن نے اپنے چالیس سالہ فلمی کیریئر کے دوران بارہ فلم فیئر ایوارڈز حاصل کئے۔ بھارتی فلم انڈسٹری میں اب تک بہترین اداکار کے طور پر سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنے کا اعزاز اس سپر اسٹار کو ہی حاصل ہے۔ اس کے علاوہ انہوں کئی نیشنل ،معاون اور دیگر ایوارڈز بھی حاصل کئے۔

    امیتابھ بچن نے اداکاری کے علاوہ بطور پروڈیوسر ،ٹی وی کمپیئر،پلے بیک سنگر بھی اپنے جوہر منوائے ، ساتھ ہی ساتھ انڈین پارلیمنٹ کے رکن بھی رہے ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں شعلے، شہنشاہ ،لاوارث،کولی ،اگنی پتھ، خدا گواہ ،ہم ،انسانیت ،کبھی خوشی کبھی غم،محبتیں، سرکار راج شامل ہیں۔

    امیتابھ کے پاس دوہرے ایم – اے (ماسٹرز آف آرٹس) کی سند ہے۔ انہوں نے الہٰ باد میں جنانا پرابودہینی اوربوائز ہائی اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی، اس کے بعد نینی تال شیروڈ کالج گئے جہاں انہوں نے علم فنون کے شعبے کو اختیار کیا۔ یہاں سے وہ جامعہ دہلی کے کروری مال کالج گئے اور سائنس کی سند حاصل کی۔ انہوں نے بیس سال کی عمر میں کلکتہ کی کمپنی کی نوکری چھوڑ دی تاکہ اداکاری کے سفر کو آگے بڑھا سکیں ۔

    امیتابھ کی اداکاری کا سفر 1969ء میں فلم سات ہندوستانی سے ہوا، جس کے ہدایت کار خواجہ احمد عباس اورساتھی اداکاروں میں اتپل دت، مدھو اور جلال آغا شامل تھے۔ گو کے فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی مگر بچن کو بہترین نوارد اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ ملا۔

    سنہ 1973ء میں بچن ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہو گئے جب ہدایت کار پرکاش مہرا نے انہیں فلم زنجیر میں انسپیکٹر وجے کھنا کے کردار میں پیش کیا۔ اس فلم میں بچن کی اداکاری ان کے دیگر رومانوی کرداروں سے مختلف تھی اور یہاں سے بچن کو بالی وڈ کے اینگری ینگ مین کی پہچان ملی۔ اس فلم کے لیے ان کو فلم فیئر نیشنل ایوارڈ برائے بہترین اداکار ملا۔

    اسی سال امیتابھ اور جیا بہادری کی شادی بھی ہوئی اور وہ ایک ساتھ کئی فلموں میں آئے، زنجیر کے علاوہ ان دونوں کی ایک اور فلم ابھیمان شادی کے ایک مہینہ بعد پردے پر لگی۔ فلم نمک حرام میں امیتابھ وکرم کے کردار میں نظر آئے، ہدایتکار ہراکاش مکھرجی اور قلم کار بریش چیٹرجی کی لکھی اس فلم میں دوستی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ راجیش کھنّا اور ریکھا کے مدمقابل ان کے کردار کو بہت سراہا گیا اور اس کردار کے لیے فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکار سے نوازا گیا۔

    شعلے کی کامیابی کے بعد بچن بالی وڈ کی بلندیوں کو چھونے لگے اور 1976ء سے 1984ء کے درمیان میں انہیں کئی فلم فیئر ایوارڈ اور نامزدگیاں ملیں، گو کہ فلم شعلے میں ان کا کردار ماردھاڑ سے بھرا ہوا تھا مگر انہیں نے ہر قسم کے کردار میں خود کو انتہائی خوبی سے نبھا کر اپنا لوہا منوایا۔

    1982ء میں فلم قلی کی فلم بندی کے دوران میں ایک لڑائی کا منظر کرتے ہوئے میز کا کونا لگنے سے امیتابھ شدید زخمی ہو گئے۔اس منظر میں امیتابھ کو میز پر گرنا تھا مگر اندازہ کی غلطی سے میز کا کونا ان کے پیٹ میں لگا اور اس کے نتیجہ میں ان کی تلی پھٹ گئی اور کافی خون ضائع ہو گیا۔ ان کو فوراً ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ کئی مہینے زندگی اور موت کی جنگ لڑتے رہے۔

    اس دوران میں ان کے مداحوں نے مندروں میں دعائیں کیں اور چڑھاوے پیش کیے، صحت بہتر ہونے کے بعد ان کے مداح ہزاروں کی تعداد میں ہسپتال کے باہر جمع ہو گئے۔ بالآخر کئی ماہ کے علاج کے بعد فلم دوبارہ شروع ہوئی اور 1983ء میں سنیما گھروں میں لگی اور امیتابھ کے حادثہ سے مشہوری کی وجہ سے باکس آفس پر کامیاب ہوئی۔

    سنہ 1984ء میں فلم لائن کو خیرآباد کرنے کے بعد امیتابھ نے سیاست میں قدم رکھا اور اپنے خاندانی دوست راجیو گاندھی کی حمایت میں الہ باد کی لوک سبھا سے سابق وزیر اعلٰی اترپردیش ایچ این بہوگونا کے مقابل کھڑے ہوئے اور عام انتخابات کی تاریخ کے سب سے بڑے فرق (68۔ 2 فیصد ووٹ)سے جیت حاصل کی۔

    ان کا سیاسی سفر بہت کم عرصے پر محیط تھا اور تین سال کے بعد ہی انہوں نے سیاست کو بھی خیر آباد کر دیا۔ اس کے فوراًبعد امیتابھ اور ان کے بھائی پر ایک اخبار نے بوفور گھوٹالہ سے وابستگی کا الزام لگایا جسے وہ عدالت میں لے گئے جہاں وہ بےقصور ثابت ہوئے۔

    ان کا فلمی سفر آج بھی جاری ہے اور جلد ہی وہ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘ میں بالی وڈ میں مسٹرپرفیکٹ کے نام سے پہچانے جانے والے عامر خان کے ساتھ ایک منفرد رول میں جلوہ گر ہورہے ہیں، امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر جھنڈے گاڑ دے گی لیکن ہالی وڈ فلم پائریٹس آف دی کیریبین کا چربہ ہونے کے سبب ناقدین سے پذیرائی حاصل نہیں کرسکے گی۔

  • دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی، ڈاکٹر کی تصدیق

    دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی، ڈاکٹر کی تصدیق

    ممبئی: بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی طبیعت سنبھل گئی تاہم وہ اب بھی ڈاکٹر کی نگہداشت میں موجود ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے ممتاز اداکار یوسف خان (دلیپ کمار) کو ایک روز قبل طبیعت ناساز ہونے کے بعد ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

    ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کر کے مرض کی تشخیص کے لیے کچھ ٹیسٹ کروائے جن کی رپورٹس آنے پر یہ بات سامنے آئی کہ اداکار کو نمونیا کا مرض لاحق ہوگیا جس کے باعث اُن کے سینے میں انفکیشن اور بخار کی شکایت ہے۔

    مزید پڑھیں: دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان

    لیلا وتی اسپتال کے نائب صدر اور ترجمان ڈاکٹر اجے کمار کا کہنا ہے کہ ’دلیپ کمار کی طبیعت کے حوالے سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ اب پہلے سے بہتر ہیں  مگر انہیں ابھی نگہداشت کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا‘۔

    قبل ازیں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور یوسف خان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھی بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے طبیعت پر اطمینان کا اظہا کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایک روز قبل لیجنڈری اداکار کے قریبی رشتے دار فیصل فاروق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر دلیپ کمار کی ہی آئی ڈی سے اُن کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاع دی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں‌ داخل کرا دیا گیا

    یاد رہے کہ 95 سالہ اداکار کو صحت کے مسائل کا سامنا ہے، انھیں ایک برس قبل  بھی طبیعت ناساز ہونے پر ممبئی کے لیلاوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، جس کے بعد وہ روبہ صحت ہو کر گھر لوٹ آئے تھے۔

    6 دہائیوں تک بالی ووڈ فلم نگری پر راج کرنے والے دلیپ کمار نے بے شمار فلمیں کیں، “مغلِ اعظم” میں شہزادہ سلیم کا کردار ان کی زندگی کا یادگار کردار بن گیا جبکہ اُن کی آخری فلم ’’قلعہ‘‘ 1998 میں ریلیز کی گئی تھی۔

  • پاکستانی گلوکاروں کو کام ملنے کی جلن، ابھیجیت کا سلمان خان پر الزام

    پاکستانی گلوکاروں کو کام ملنے کی جلن، ابھیجیت کا سلمان خان پر الزام

    ممبئی: بھارتی گلوکار ابھیجیت بھاٹا نے انڈسٹری میں کام نہ ملنے پر شاہ رخ خان کے بعد اب سلمان خان کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی گلوکاروں، اداکاروں اور عوام سے نفرت کرنے والے ابھیجیت بھاٹا نے انڈسٹری میں کام نہ ملنے کا ملبہ سلمان خان پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ دبنگ خان بھارتیوں کے مقابلے میں پاکستانی گلوکاروں کو ترجیح دیتے ہیں۔

    پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے اور انتہاء پسندی کی تعلیمات پر عمل پیرا بھارتی گلوکار نے کہا کہ ’سلمان خان پاکستانی گلوکاروں کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں اور وہ اُن کو ہی موقع فراہم کرتے ہیں‘۔

    مزید پڑھیں: شاہ رخ خان کو میں‌ نے سپراسٹار بنایا: بھارتی سنگر کا انوکھا دعویٰ

    ابھیجیت نے سوال کیا کہ ’کیا بھارتی گلوکار بالی ووڈ فلموں میں پس پردہ اپنی آواز کا جادو جگانے کے قابل نہیں ہیں؟‘۔

    بھارتی گلوکار نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف اپنی نفرت کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’بالی ووڈ انڈسٹری میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی ہونی چاہیے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سرحد پر ماحول کشیدہ ہے اُس کے باوجود سلمان خان کی ریلیز ہونے والی حالیہ فلم میں پاکستانی گلوکار نے گانا گایا جو ملک سے غداری کے مترادف ہے۔

    ابھیجیت کا مزید کہنا تھا کہ ابھی میڈیا کے توسط سے سلمان خان تک اپنا مطالبہ پہنچانے کی کوشش کررہا ہوں اگر انہوں نے اس پر عمل نہ کیا تو پھر اگلا لائحہ عمل جلد بیان کروں گا۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کو لات مار کر نکال دینا چاہیے، بھارتی گلوکار ابھیجیت کی ہرزہ سرائی

    یاد رہے کہ تین روز قبل یعنی 3 اکتوبر کو ابھیجیت نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا تھا کہ شاہ رخ خان اُن کی آواز کیوجہ سے ہی سپر اسٹار بنے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کنگ خان نے میری سریلی آواز پر ڈانس کر کے ہی شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔

    یاد رہے کہ ماضی میں‌ ابھیجیت کا شمار اُن گلوکاروں میں ہوتا تھا کہ جن کے بغیر فلم کے مکمل ہونے کا تصور بھی نہیں تھا مگر  وہ وقت گزر گیا اور نئے گلوکار سامنے آئے جس کے باعث انہیں کوئی ہدایت کار کام دینے کو تیار نہیں حتیٰ کہ اداکار بھی ابھرتے ہوئے گلوکاروں کو ترجیح دینے لگے ہیں۔

  • سلمان خان کے ساتھ رشتہ، شادی کے 9 سال بعد شلپا کا اعتراف

    سلمان خان کے ساتھ رشتہ، شادی کے 9 سال بعد شلپا کا اعتراف

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے شادی کے 9 برس بعد اپنے اور سلمان خان کے تعلقات پر خاموشی توڑتے ہوئے سب کچھ سچ سچ بتادیا۔

    تفصیلات کے مطابق ویب سائٹ پر شروع ہونے والے شو کی میزبانی کرتے ہوئے شلپا نے اس بات کا انکشاف کیا کہ میں اور سلمان ایک وقت میں بہت گہرے اور بہترین دوست تھے ، ہمارے درمیان دوستانہ محبت کا رشتہ ضرور تھا۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ جس دور میں سلمان سے میری دوستی تھی تب وہ متعدد بار آدھی رات کو میرے گھر آئے جس کے بعد ہم نے گھنٹوں باتیں کیں۔

    مزید پڑھیں: شلپا شیٹھی کا رس گلے کھانے کا انوکھا طریقہ

    شلپا کا کہنا تھا کہ متعدد بار ایسا بھی ہوا کہ سلمان کی آمد پر والد صاحب کی اچانک آنکھ کھل گئی جس کے بعد دونوں نے نہ صرف باتیں کیں بلکہ شراب نوشی بھی کی۔

    بالی ووڈ ادکارہ کا کہنا تھا کہ والد صاحب کے انتقال کے بعد جب سلمان خان پہلی بار گھر آئے تو انہوں نے ٹیبل (جس پر دونوں گلاس رکھتے تھے) کو سیدھا کیا اور انہیں یاد کر کے کافی دیر تک زاروقطار روتے رہے۔

    واضح رہے کہ دبنگ خان اور  شلپا شیٹھی بالی ووڈ کی کئی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کرچکے ہیں، دونوں نے اوزار، گرو اور پھر ملیں گے میں کام کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سلمان خان اور شلپا شیٹھی کے خلاف مقدمہ درج

    شلپا اور دبنگ خان کی آخری فلم ’شادی کر کے پھنس گئے یار‘ 2006 مین ریلیز ہوئی، بعد ازاں اداکارہ نے 2009 معروف کاروباری شخصت راج کندرا سے شادی کی اور فلمی پردے سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

  • انتظار ختم، مہیش بھٹ کی فلم میں دونوں صاحبزادیاں جلوے بکھیریں گی

    انتظار ختم، مہیش بھٹ کی فلم میں دونوں صاحبزادیاں جلوے بکھیریں گی

    ممبئی: بالی ووڈ فلم نگری میں مختصر عرصے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی اداکارہ عالیہ بھٹ اپنے والد کی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار مہیش بھٹ نے  اپنی سالگرہ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ وہ سنہ 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سڑک‘ کا سیکوئل بنانے جارہے ہیں۔

    ہدایت کار نے 20 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے مطلع کیا تھا کہ فلم میں اُن کی صاحبزادیاں عالیہ اور پوجا بھٹ کردار ادا کریں گی۔

    فلمی پنڈت اکثر سوال کرتے نظر آتے تھے کہ وہ دن کب آئے گا جب عالیہ بھٹ اور پوجا اپنے والد کے ساتھ کام کریں گی؟مہیش بھٹ کے اعلان کے بعد اُن کی صاحبزادیاں بہت خوش ہیں اور انہوں نے اس کو اپنے لیے بہت خاص موقع بھی قرار دیا جبکہ مداح بھی ’بھٹ‘ فیملی کو ایک ساتھ دیکھنے کے منتظر ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کب ہوگی؟ تاریخ سامنے آگئی

    عالیہ بھٹ نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم سڑک کو وہ منظر مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب میری ماں سونی رازدان کو کھڑی سے باہر پھینک دیا گیا تھا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے فلم دیکھی تو  اُس وقت میری عمر بہت کم تھی ، وہ منظر کئی روز تک میری آنکھوں کے سامنے گھومتا رہا اور پھر عاجز آکر میں نے والد پر غصہ کیا کہ آخر آپ ایسا کیسے کرسکتے ہیں۔

    عالیہ بھٹ کا ساتھ میں یہ بھی کہنا تھا کہ ’کمسنی کی وجہ سے میں منظر کو حقیقت سمجھتی رہی اور پھر جب سمجھداری کی عمر میں داخل ہوئی تو سب سمجھ آیا‘۔

    یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فنکاروں کی حمایت، عالیہ بھٹ اور اُن کے والد کو قتل کی دھمکیاں

    فلم سڑک کے سیکوئل میں عالیہ بھٹ، پوجا بھٹ کے علاوہ سنجے دت اور آدتیہ رائے کپور بھی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

    واضح رہے کہ 1991 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سڑک‘ میں پوجا بھٹ کے ساتھ سنجے دت نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

  • بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے امیتابھ بچن کو شکست دے دی

    بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے امیتابھ بچن کو شکست دے دی

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے شو بگ باس سیزن 12 نے ریٹنگ میں امیتابھ بچن کے شو کون بنے گا کروڑ پتی کو شکست دے دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان کا حال ہی میں شروع ہونے والا متنازع شو بگ باس 12 ریٹنگ کے لحاظ سے چھٹے نمبر پر پہنچ گیا جبکہ امیتابھ بچن کے شو کون بنے گا کروڑ پٹی کو دسویں نمبر پر پہنچا دیا ہے۔

    ریٹنگ کی فہرست میں بھارتی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والا ڈرامہ ناگن تھری پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ مادھوری ڈکشت کا شو ڈانس دیوانے دوسرے، ڈرامہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے تیسرے، ڈرامہ کنڈلی بھاگیا چوتھے اور مزاحیہ ڈرامہ ترک مہتا کا الٹا چشمہ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔

    متنازع شو بگ باس 12 کے میزبان سلمان خان ہیں اور ان کی ایک قسط کا معاوضہ 12 سے 14 کروڑ روپے بتایا جارہا ہے جو عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ٹھگز آف ہندوستان سے بھی زیادہ بتایا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: سلمان خان کے خلاف ہندو سرگرم، توہین مذہب کا مقدمہ درج

    بگ باس 12 میں معروف شخصیات شرکت کررہی ہیں جن میں سرشتے روڈ، نیہا پیندسے، کرنویر بوہرا، دپیکا ککر ابراہیم، انوپ جلوتا، جسلین متھارو، کرکٹر سری سانتھ، دپیک ٹھاکر، اروشی وانی، جے پور کی دو بہنیں صبا خان اور سومل خان، سواربھ پٹیل، شیواشیش مہرا، روشمی بے نک، کیرتی ورما، رومل چوہدری اور نرمل سنگھ شامل ہیں۔

    بگ باس ہاؤس میں سبھی شرکاء رہائش پذیر ہوتے ہیں جنہیں تین ماہ تک ایک ہی گھر میں رہنا ہوتا ہے ان کا رابطہ دنیا سے کٹ جاتا ہے، آخر میں جو شخص شو میں موجود رہتا ہے وہی جیت کا حقدار قرار دیا جاتا ہے اور اسے کثیر معاوضہ دیا جاتا ہے۔

  • ٹھگزآف ہندوستان کا ٹریلر، کپتان جیک اسپیروکی یاد تازہ

    ٹھگزآف ہندوستان کا ٹریلر، کپتان جیک اسپیروکی یاد تازہ

    بالی وڈ فلموں کے مداح آج کل جس فلم کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ، وہ ٹھگز آف ہندوستان‘ ہے، فلم بینوں کے جذبات کو مہمیز کو کرتا فلم کا ٹریلر جاری کردیا ہے جسے دیکھ کر ہالی وڈ فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبئن‘( پی او سی) کی یاد تازہ ہوگئی۔

    یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ‘ ٹھگز آف ہندوستان‘ کا ٹریلر آن لائن ریلیز کردیا گیا ہے۔ یقیناً یہ ٹریلرانٹرنیٹ کی دنیا کی سنسنی خیزی میں تواضافہ کرے گا لیکن فلم بینی کے شوقین افراد کی توقعات اب کچھ مدہم پڑگئی ہیں۔

    ٹریلرکے لیے اسٹوری کے آخرمیں اسکرول کیجئے

    ٹریلردیکھ کرلگتا ہے کہ امیتابھ بچن اورعامرخان جیسی اسٹار کاسٹ کو لے کربننے والی یہ فلم ، ہالی وڈ کی مشہورِ زمانہ فلم سیریزپائریٹس آف دی کیریبئن کا بھرپورچھاپا ثابت ہوگی۔ ہالی وڈ فلم ( پی او سی) بحری قذاقوں پربننے والی سیریز ہے اورجن فلم بینوں نے وہ سیریز دیکھ رکھی ہے، ٹھگز آف ہندوستان کاٹریلردیکھتے ہوئے ان کے ذہن میں ہالی وڈ بلاک بسٹرکے سین چلنے لگے ہیں۔

    ٹریلرکو دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ فلم کے ویژولزپربے پناہ محنت کی گئی ہے اور شائقین کواس کے ایکشن پرمبنی مناظر پسند آئیں گے، لیکن جب اس کا موازنہ والٹ ڈزنی جیسی مشہورِ زمانہ اینی میشن کمپنی کی فلم سے کیا جارہاہے تو کہنا پڑے گا کہ سی جی آئی ٹیکنالوجی کا ہالی وڈ کے درجے پر استعمال ابھی ہندوستانیوں کے بس کی بات نہیں ہے۔

    فلم کی کہانی ہندوستان میں انگریز راج کے آغاز اور آزادی کی جدوجہد شروع ہونے سے پہلے کے دور کے گرد گھومتی ہے جب  امیتابھ بچن (خدا بخش نامی بحری قذاق) انگریزوں کی حاکمیت کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے برٹش سپاہیوں کے مدمقابل ڈٹ جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ ہم پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی دیکھ چکے ہیں ، جہاں بحری قذاق سمندروں پرانگریزوں کی اجارہ داری تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے مسلسل ان کے ساتھ مقابلے کے ماحول میں رہتے ہیں۔

    امیتابھ بچن اس فلم میں ایک ایسے باغی قذاق کا کردار نبھا رہے ہیں جس نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی بالادستی تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں تباہ و برباد کرنے کی قسم کھا رکھی ہے۔ ایسا ہی کچھ کیپٹن جیک اسپیرو ( جانی ڈیپ) بھی ایسٹ انڈیا کمپنی اور ہسپانوی سلطنت کے خلاف کرتے نظر آتے تھے۔ تاہم ہندوستانی پسِ منظر کے سبب یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کو ’پی او سی‘ سے زیادہ متاثر کرسکتی ہے۔

    ٹھگز آف ہندوستان کے ٹریلر میں ہمیشہ کی طرح امیتابھ بچن اپنے کردار کے ساتھ پوری طرح انصاف کرتے نظر آرہے ہیں۔ ان کے سپاہیوں میں سے ایک بے مثال لڑاکے کا کردار فاطمہ ثنا شیخ کرتی نظر آتی ہیں اور اپنے حصے کے ایکشن مناظر واقعی انہوں نے انتہائی خوبصورتی سے نبھائے ہیں۔

    ٹریلر میں سمندری جہازوں کی لڑائی ، تلواروں کی جنگ اور بہت سے مناظر دیکھ کر آپ با ر بار کیپٹن جیک اسپیرو کو یا د کرنے پر مجبور ہوں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سب میں ہندوستان کا روایتی تڑکہ شامل ہے جوکہ فلم کو شائقین کے لیے دلچسپ اور مصالحے دار بنا رہا ہے۔

    فلم میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلائے جانے والے عامر خان بھی اپنی پوری حشر سامانیوں کے ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔ ایک مقام پر عامر خان آپ کو برطانوی حکام کے ساتھ اپنی خدمات کے عوض بھاؤ تاؤ کرتے نظر آئیں گے ، یہاں آپ کو ایک بار پھر کپتان جیک اسپیرو اور برطانوی افواج کے درمیان ہونے والی دلچسپ اور پر مزاح سودے بازی یاد آئے گی۔

    فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر اس میں جو نیا کچھ نظر آرہا ہے ، وہ یہ ہے کہ عامر خان بار بارخدا بخش کو برطانوی افواج کے لیے دھوکہ دیں گے اور اس دھوکہ دہی کا انجام کیا ہوگا، فی الحال اس پرسے پردہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ویسے پائریٹس آف دی کیریبئن میں بھی کپتان جیک اسپیرو اورکیپٹن ہیکٹرباربوسہ ایک دوسرے کے ساتھ مسلسل دھوکے بازی جاری رکھتے ہیں۔

    اس سب کے باوجود ’ٹھگز آف ہندوستان کا ٹریلر اس وقت انٹرنیٹ پر ہلچل مچانے میں مصروف ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم برصغیر کے فلم بینوں کی توجہ مکمل طور پر اپنی جانب مبذول کراتے ہوئے کم از کم باکس آفس پر تو کامیابی کے جھنڈے گاڑ ہی دے گی ، آخر کو عامر خان اور امیتابھ بچن کا کسی فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونا بھی تو کوئی اہمیت رکھتا ہے ، خصوصاً ایسی فلم جو کہ ہندوستان کی تحریک ِ آزادی کے موضوع پر بنی ہو۔ یہ فلم رواں سال آٹھ نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔