Tag: Bollywood

  • بھارتی اداکارہ ریتا بہادری چل بسیں

    بھارتی اداکارہ ریتا بہادری چل بسیں

    ممبئی: بالی ووڈ اور ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ریتا بہادری طویل علالت کے بعد دنیا سے رخصت ہوگئیں، وہ کئی عرصے سے گردے کی بیماری میں مبتلا تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریتا بہادری کی عمر 62 سال تھی جبکہ وہ گزشتہ کئی برسوں سے گردے کے امراض میں مبتلا تھیں، 10 روز قبل اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد اہل خانہ انہیں مقامی اسپتال لائے تھے۔

    ڈاکٹر نے انہیں دس روز تک انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا اور جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں ،بھارتی اداکارہ آخری بار ڈرامے نمکی مکھیا میں ادکاری کرتی نظر آئیں تھیں انہوں نے امرتی دیوی نامی کردار ادا کیا تھا۔

    ششر شرما نے ریتا کے دنیا سے گزر جانے کی تصدیق سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کی، اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم انتہائی دکھی دل کے ساتھ آپ کے علم میں لانا چاہتے ہیں کہ اب بہادری ہمارے درمیان نہیں رہیں، اُن کی آخری رسومات 17 جولائی کو بھارتی ریاست اندھیری میں ادا کی جائیں گی جس میں بالی ووڈ کی مشہور شخصیات شرکت کریں گی‘۔

    ریتا کے دنیا سے گزر جانے پر بالی ووڈ شخصیات اور مداحوں نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک اچھی اداکارہ ہم میں نہیں رہیں جن کی کمی بہت زیادہ محسوس ہوگی، وہ بہترین شخصیت کی مالک تھیں جنہوں نے ہمیشہ ہی والدہ کی طرح سب کے ساتھ برتاؤ رکھا‘۔

    واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ نے  راجا، جولی، بیٹا، دل ول پیار ویار فلموں اور 30 سے زائد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے، مجموعی طور پر آپ نے شوبز کیریئر میں 70 سے زائد فلم و ڈراموں میں کام کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کینسر سے لڑنے والے اداکارعرفان خان کس حال میں ہیں؟ تصویر سامنے آگئی

    کینسر سے لڑنے والے اداکارعرفان خان کس حال میں ہیں؟ تصویر سامنے آگئی

    ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے بعد سے لندن میں علاج کے لیے موجود ہیں، عرفان خان کی نئی تصویر سامنے آئی ہے جس میں وہ خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

    بالی ووڈ اداکار عرفان کے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی مسکراتی ہوئی تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی کہا ہے کہ ’میں بیماری کی وجہ سے پریشان نہیں ہوں بلکہ خوش ہوں اور علاج کی غرض سے یہاں موجود ہوں۔

    قبل ازیں زندگی کی جنگ لڑتے بالی ووڈ اداکار عرفان خان نے مداحوں کے نام کھلا خط لکھا تھا، خط میں عرفان خان نے بیماری اور خوف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی نہیں اتنی جلدی سفر ختم نہیں ہوسکتا۔

    عرفان‌ خان نے خط میں لکھا تھا کہ کچھ وقت پہلے تک زندگی کو ایسا محسوس کرتے تھے کہ بس میں میں تیز رفتار ٹرین میں سفر کررہا تھا، تیزی سے خوابوں، خواہشات، خوشیوں اور منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھ رہا تھا کہ اچانک تیز رفتار ٹرین کے سفر کے دوران کسی نے کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا ،’بس اب آپ کا سفر ختم ہونے کو ہے، آپ کی منزل قریب ہے۔اب آپ اس ٹرین سے اتر کر نیچے آئیں‘۔

    بالی ووڈ اداکار نے خط میں اپنی بیماری کو کڑا امتحان اور کھیل میں آجانے والی خرابی یا رکاوٹ قرار دیا، جسے ٹھیک کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    مزید پڑھیں: عرفان خان کی بیماری، کنگ خان نے حق ادا کردیا

    یاد رہے کہ بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان نے 16 مارچ کو مداحوں کو باخبر کیا تھا کہ ان میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض ( دماغ کے کینسر) کی تشخیص ہوئی ہے، وہ ان دنوں علاج کیلئےلندن میں موجود ہیں اور کینسر سے جنگ لڑرہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سونم کپور پاکستان آنے کی خواہش مند

    سونم کپور پاکستان آنے کی خواہش مند

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور نے پاکستان آنے اور یہاں موجود مداحوں سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سونم کپور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ وقت گزارا اور اُن کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔مداحوں نے اداکارہ سے نجی زندگی، پسند نا پسند، مصروفیات، شادی اور مستقبل و دیگرسوالات کیے۔

    بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک صارف نے سونم کپور سے سوال کیا کہ ’آپ مسلمانوں سے محبت کرتی ہیں؟‘ اداکارہ نے جواب دیا کہ ’میں تمام مذاہب اور عقائد سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے محبت کرتی ہوں کیونکہ یہ سبق میرے مذہب نے سکھایا ہے‘۔

    ایک اور صارف نے اداکارہ سے پوچھا کہ کیا آپ پاکستانی مداحوں کو پسند کرتی ہیں؟ سونم کپور نے جواب دیا کہ ’مجھے پاکستان سے بہت محبت ہے اور پاکستان آنے کا دل بھی چاہتا ہے‘۔

    سونم کے مداح نے لوگوں کو ہر وقت مسکرانے اور خوش رکھنے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے جواب دیا کہ ’میں سب سے متاثر ہوجاتی ہو کر خوش رہتی ہوں، اگر آپ کا موڈ ٹھیک ہو تو آپ دوسروں کو خوش رکھ سکتے ہیں‘۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سونم کپور کی مسلمانوں سے محبت اور پاکستان جانے کی خواہش کے بعد ہندو انتہاء پسند ایک بار پھر اُن کے شدید مخالف ہوگئے، قبل ازیں کشمیری بچی آصفہ کے قتل پر جب اداکارہ نے آواز بلند کی تھی تو شدت پسندوں نے انہیں ہندوؤں سے نفرت کرنے والی شخصیت قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ نامور بالی ووڈ اداکارہ سونم کپور اوربھارتی بزنس مین آنند آہوجا 8 مئی کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے، پاکستانی فنکار ماہرہ خان  نے جوڑے کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا جبکہ دونوں اداکاراؤں نے کانز فیسٹول میں ملاقات بھی کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • یامی گوتم کے چاکلیٹ کھانے کا خوبصورت انداز سوشل میڈیا پر وائرل

    یامی گوتم کے چاکلیٹ کھانے کا خوبصورت انداز سوشل میڈیا پر وائرل

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم نے خوبصورت انداز میں چاکلیٹ کھاتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فلم صنم رے سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی اداکارہ یامی گوتم نے گزشتہ روز ورلڈ چاکلیٹ ڈے کے موقع پر خوبصورت انداز میں چاکلیٹ کھاتے ہوئے ویڈیو شیئر کی جسے مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔

    سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر یامی گوتم نے لکھا ہے کہ میری پلیٹ کو دیکھو، یامی گوتم ان دنوں اپنی نئی آںے والی فلم بتل گل میٹر چالو میں شاہد کپور اور شردھا کپور کے ساتھ نظر آئیں گی۔

    فلم میں یامی گوتم شاہد کپور کے ساتھ عدالت میں مقدمہ لڑتی ہوئی نظر آئیں گی، اداکارہ نے فلم کی شوٹنگ سے قبل ممبئی کی عدالتوں میں کئی سماعتوں میں بھی شرکت کی تاکہ وہ اپنے کردار سے انصاف کرسکیں۔

    یامی گوتم متعدد بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، جن میں ریتھک روشن کے ساتھ قابل، جنونیت، وکی ڈونر، ایکشن جیکسن، بدلا پور، پاکستانی سنگر علی ظفر کے ہمراہ ٹوٹل سیاپا، سرکار تھری شامل ہیں تاہم انہیں شہرت فلم صنم رہے کے ذریعے ملی۔

    اداکارہ نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا پھر انہوں نے چھوٹی اسکرین پر پہلے ڈرامے چاند کے پار چلو میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ڈرامے کی کامیابی کے بعد انہیں بالی ووڈ سے فلم وکی ڈونر آفر ہوئی جو باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • سنجو کی کامیابیوں‌ میں‌ کتنی ناکامیاں‌ شامل

    سنجو کی کامیابیوں‌ میں‌ کتنی ناکامیاں‌ شامل

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سنجے دن کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑھ رہی ہے، ڈیڈلی دت کی گزشتہ پانچ فلموں نے باکس آفس پر کتنی کمائی کی فہرست پر نظر ڈالتے ہیں۔

    بھومی

    سنجے دت چند ماہ قبل ریلیز ہونے والی فلم بھومی کی ڈائریکشن امنگ کمار نے دی، فلم کی کہانی باپ بیٹی کے رشتے کے گرد گھومتی ہے، سنجے دت نے فلم میں ادیتی راؤ حیدری کے والد کا کردار ادا کیا ہے، فلم نے باکس آفس پر 10.63 کروڑ کا بزنس کیا اور ناکام ثابت ہوئی۔

    انگلی

    سنجے دت نے انگلی فلم میں ایک پولیس آفیسر اشوک کالے کا کردار نبھایا، فلم کی کہانی پولیس میں چھپی کالی بھیڑوں کو بے نقاب کرنے کے گرد گھومتی ہے، فلم میں سنجو بابا کے ہمراہ عمران ہاشمی، نیہا دھوپیا، انگد بیدی، رندیپ ہدا اور کنگنا رناوت نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، انگلی نے باکس آفس پر 19.47 کروڑ کا بزنس کیا۔

    زنجیر

    سنجے دت کی فلم زنجیر ہندی اور تیلگو دونوں زبانوں میں ریلیز کی گئی، زنجیر میں سنجے دت کے ہمراہ اپروا لاکھیا نے مرکزی کردار ادا کیا، زنجیر بھی باکس آفس پر اچھا تاثر جمانے میں ناکام رہی اور صرف 15.19 کروڑ کما سکی۔

    پولیس گیری

    تامل فلم میکر کے ایس روی کمار نے ڈیبیو کیا اور پولیس گیری بنائی، فلم میں سنجے دت کو ایماندار پولیس آفیسر دکھایا گیا جو کرپٹ سیاست دان کو بے نقاب کرتے ہیں، فلم میں سنجے دت کے ہمراہ اداکارہ پراچی ڈیسائی نے مرکزی کردار ادا کیا، فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام سے دوچار ہوئی اور صرف 16.81 کروڑ کماسکی۔

    ضلع غازی آباد

    فلم ضلع غازی آباد ملٹی اسٹار کاسٹ پر مشتمل فلم تھی جس میں ضلع غازی آباد کے اندر دو گینگسٹر گروپ کو دکھایا گیا ایک گینگسٹر ارشد وارثی اور دوسرے ویویک اوبرائے تھے جبکہ سنجے دت فلم میں پولیس آفیسر کا کردار ادا کررہے تھے، فلم صرف 16 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوسکی۔

    ان دنوں سنجے دت اپنی نئی آنے والی فلم صاحب بیوی اور گینگسٹر کے سیکوئل میں کام کررہے ہیں سنجے دت کے ہمراہ جمی شیر گل، ماہی گل ودیگر اداکار فلم میں موجود ہوں گے۔

  • ملالہ کی زندگی پر بننے والی فلم کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی

    ملالہ کی زندگی پر بننے والی فلم کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی

    ممبئی: قوم کی بہادر بیٹی اور فخر پاکستان ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی بالی ووڈ فلم کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنے والی قوم کی بیٹی ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم ’گل مکئی‘ کی پہلی جھلک منظر عام پر آگئی، یہ بالی ووڈ فلم امجد خان کی ہدایت کاری میں بنائی جارہی ہے۔

    فلم کے ہدایت کار امجد خان کافی عرصے سے ملالہ کے کردار کے لیے اچھی اداکارہ کی تلاش میں تھے، اور ریم شیخ کے معصومانہ چہرے اور جاندار اداکاری نے ان کی توجہ حاصل کی جس کے بعد ریم شیخ کو فلم کے لیے کاسٹ کیا گیا۔


    ملالہ یوسف زئی کیلئے اقوام متحدہ کا بڑا اعزاز


    اس فلم میں ملالہ یوسفزئی کے وادی سوات سے دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ شخصیت بننے کے سفر کو بیان کرتے ہوئے ان کی قربانیوں پر بھی نظر ڈالی جائے گی۔

    واضح رہے کہ نو اکتوبر 2012 کو دہشتگردوں نے اسکول وین میں بیٹھی ملالہ پر قاتلانہ حملہ کیا تھا، حملے میں ملالہ یوسفزئی کو سر پر ایک گولی لگی تھی، جس کے بعد ملالہ کو علاج کے لیے برطانیہ منتقل کیا گیا تھا۔


    کینیڈاکاملالہ یوسفزئی کواعزازی شہریت دینےکااعلان


    یاد رہے کہ سال 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی اور چائلڈ لیبر کے خلاف جنگ کرنے والے بھارتی سماجی کارکن کیلاش ستیارتھی کو مشترکہ طورپر امن کے نوبل ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بالی ووڈ اداکارہ کم شرما کا نوکرانی پر تشدد، مقدمہ درج

    بالی ووڈ اداکارہ کم شرما کا نوکرانی پر تشدد، مقدمہ درج

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کم شرما پر ان کے گھر کی نوکرانی نے تشدد کرنے پر مقدمہ درج کروادیا ہے، اداکارہ نے الزامات کی تردید کردی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ کافی عرصے سے خبروں میں نہیں ہیں اور کوئی فلم بھی سائن نہیں کری، تاہم اب انہیں خبروں میں آنے کا موقع مل گیا، کم شرما کے گھر کی نوکرانی ان کے خلاف تشدد اور تنخواہ نہ دینے کا مقدمہ درج کروادیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 27 سالہ ایستھر کیس نے اپنی سابق مالکن 36 سالہ کم شرما پر انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کی دفعہ 323 اور 504 کے تحت تشدد اور بے عزت کرنے کا مقدمہ درج کروادیا ہے۔

    ایستھر کیس نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ان سے کم شرما کے کپڑے دھوتے وقت غلطی ہوگئی تھی انہوں نے سیاہ اور سفید رنگ کے کپڑوں کو ایک ساتھ دھویا تو دونوں سفید رنگ کے کپڑوں پر بھی سیاہ رنگ کے دھبے پڑ گئے۔

    نوکرانی کے مطابق اسے اپنی غلطی کا احساس ہوا تو اس نے مذکورہ کپڑوں کے بارے میں کم شرما کو بتایا تو انہوں نے تشدد اور گھر سے باہر نکال دیا۔

    دوسری جانب اداکارہ نے اعتراف کیا ہے کہ نوکرانی نے ان کے 70 ہزار روپے مالیت کے کپڑے خراب کردئیے تھے تاہم انہوں نے اس سے کوئی پیسے روکے نہیں ہیں اور نہ تشدد کیا البتہ اسے گھر سے ضرور نکال دیا تھا۔

    مزید براں ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوکرانی کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

    واضح رہے کہ کم شرما کو فلم محبتیں سے شہرت ملی تھی اس کے علاوہ انہوں نے تم سے اچھا کون، لیڈٰیز ٹیلر، کہتا ہے دل بار بار، فدا سمیت متعدد بالی ووڈ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • ’پریانکا کو پاکستان بھیج دو‘ انتہا پسند ہندوؤں کی پکار

    ’پریانکا کو پاکستان بھیج دو‘ انتہا پسند ہندوؤں کی پکار

    ممبئی: بالی ووڈ کی اسٹائلش اداکارہ پریانکا چوپڑا کے خلاف امریکی ٹی وی سیریز ’کوانٹیکو‘ کی تازہ قسط کی کہانی کے سلسلے میں انتہا پسند ہندوؤں نے شدید احتجاج شروع کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی سطح پر مشہور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا امریکی ٹی وی شو ’کوانٹیکو سیزن 3‘ میں بھارتیوں کو دہشت گرد دکھائے جانے پر سخت مشکلات میں گھر گئی ہیں، مداحوں کا کہنا ہے کہ پریانکا کو پاکستان بھیج دیا جائے۔

    امریکی ٹی وی شو، جس میں سابقہ ملکہ حسن مرکزی کردار نبھا رہی ہیں، کی تازہ قسط میں بھارتی قوم پرستوں کو دہشت گردی کے ایک ایسے واقعے کی منصوبہ بندی کرتے دکھایا گیا ہے جس کا الزام بعد میں پاکستان پر تھوپا جانا تھا۔

    کوانٹیکو کی تازہ قسط کے خلاف سخت آن لائن احتجاج کے بعد امریکی ٹی وی اسٹوڈیو اے بی سی کو باضابطہ طور پر بھارتیوں سے معافی بھی مانگنی پڑی۔

    دو روز قبل اے بی سی کی طرف سے آفیشل معافی کے بعد انتہا پسند تنظیم ’ہندو سینا‘ نے اداکارہ پریانکا چوپڑا کے خلاف منظم احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا ہے، انتہا پسند گروپ کا کہنا ہے کہ پریانکا نے ہندوؤں کو دہشت گرد دکھا کر تذلیل کی ہے۔

     پریانکا کے خلاف احتجاج کے دوران ان کی تصاویر بھی جلائی گئیں، مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر لکھا تھا پریانکا غدار ہے، اسے پاکستان بھیج دیا جائے۔ خیال رہے کہ بھارتی اسٹار اداکارہ کو اپنے ہم وطنوں سے معافی بھی مانگنی پڑی۔

    پریانکا چوپڑا نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ مجھے سخت دکھ ہوا اور میں معذرت خواہ ہوں کہ کوانٹیکو کی تازہ قسط کے باعث لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ میں نے یہ جان بوجھ کرنہیں کیا، نہ ہی ایسا کبھی کروں گی، مجھے بھارتی ہونے پر فخر ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

    کوانٹیکو کی تازہ قسط چلنے پر پریانکا کو اپنے مداحوں کی جانب سے سخت حملوں کا سامنا ہے، چند مداحوں نے ان کے کام کا بائی کاٹ کرنے کی دھمکی بھی دے دی ہے اور کہا ہے کہ وہ جن برانڈز کی تشہیر کرتی ہیں ان کا بھی بائی کاٹ کیا جائے۔

    کوانٹیکو کی عکس بندی: پریانکا گھٹنے کی ہڈی تڑوا بیٹھیں


    مداحوں نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ٹی وی شو کے اُن مناظر کو بلیک آؤٹ کیا جائے جن میں نیو یارک میں جوہری بم پھاڑنے کی منصوبہ بندی کرنے والے کو بھارتی قوم پرست دکھایا گیا ہے۔

    انتہا پسند تنظیم ’ہندو سینا‘ نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسی عورت جو ایک بھارتی آرمی آفیسر کی بیٹی ہے اور مس ورلڈ رہی ہے، اور اقوام متحدہ کی سفیر بھی ہے، نے اپنے ملک کو محض چند پیسوں کے لیے بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔

  • وہ بچہ جو آج بالی ووڈ کا بڑا نام ہے

    وہ بچہ جو آج بالی ووڈ کا بڑا نام ہے

    ممبئی: بالی ووڈ اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے لیے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر متحرک نظر آتی ہیں تاکہ وہ اپنی ماضی، حالیہ اور مستقبل کی اپ ڈیٹس شیئر کرسکیں۔

    ان شخصیات کی جانب سے وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں جن کا مقصد مداحوں کے ساتھ رابطہ رکھنا اور انہیں اپنے کام یا زندگی سے متعلق آگاہی دینا ہوتا ہے۔

    کسی بھی اداکار یا معروف شخصیت کی سوشل میڈیا پوسٹ کو مداح اس انداز سے سرہاتے ہیں کہ بعض اوقات وہ چیز یا تصویر  اس قدر وائرل ہوتی ہے کہ کروڑوں لوگ اس تک رسائی حاصل کرلیتے ہیں۔

    آج ہم بات کررہے ہیں بالی ووڈ کے اُس اداکار کی جس پر دہشت گردی کا مقدمہ چلا اور اُسے متعدد مقامات میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھی جانا پڑا۔

    جب یہ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تو صارفین اس بچے کو پہچان نہ سکے مگر یہ جھنجھٹ آج کے معروف اداکار نے خود ہی پوری کردی۔

    دراصل سنجے دت نے دو روز قبل اپنے والد سالگرہ کے موقع پر پرانی تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے اداس ہوتے ہوئے اپنے والد سنیل دت کو مخاطب کیا اور لکھا کہ ’آپ میرے اندر زندہ ہیں، سالگرہ بہت مبارک ہو‘۔

    کچھ دن قبل بھی سنجے دت نے ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’کاش آج آپ زندہ ہوتے اور مجھے آزاد انسان کی حیثیثت سے دیکھ رہے ہوتے‘۔

    واضح رہے کہ سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم سنجو کا ٹریلر جاری ہوچکا جس میں اُن کا کردار رنبیر کپور کررہے ہیں، اس فلم میں منا بھائی کی زندگی کے تمام کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور فٹبال کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے

    بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور فٹبال کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے

    ممبئی: بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور فٹبال کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے، انہیں فوری طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور کے مداحوں کے لیے بری خبر ہے، بالی ووڈ اداکار پونے میں کھیلے جانے والے سیلبیرٹی میچ کے دوران فٹبال کھیلتے ہوئے زخمی ہوگئے، فائنل میچ رنبیر کپور کی ٹیم اے ایس ایف سی نے جیت لیا۔

    میچ دیکھنے کے لیے بالی ووڈ کے متعدد اداکار موجود تھے جن میں ابھیشک بچن، شبیر آہلووالیا، ایشان کھتر، ارمان جین، شبیر جین، ڈینو موریا، جم سوربھ، کرن واہی ودیگر شامل ہیں۔

    رنبیر کپور کو میدان میں ہی طبی امداد دی گئی تاہم تکلیف کی شدت زیادہ ہونے کی سبب انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا، ڈاکٹرز کے مطابق رنبیر کپور کے پیر کے انگوٹھے میں چوٹیں آئی ہیں۔

    رنبیر کپور زخمی ہونے کے باوجود گووا میں جاری اپنی فلم کی شوٹنگ کے سیٹ پر پہنچے، رنبیر کپور فین کلب کے ٹویٹر پیج پر مداحوں کی جانب سے تصاویر شیئر کی گئیں جن میں رنبیر خوش نظر آرہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اداکار رنبیر کپور سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم ’سنجو‘ میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، فلم سنجو رواں ماہ 29 جون کو ریلیز کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ رنبیر کپور کی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس میں ماہرہ خان سگریٹ نوشی میں مصروف تھیں، مداحوں کی جانب سے ماہرہ خان پر سخت تنقید کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔