Tag: Bolsonaro

  • برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فرد جرم عائد

    برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فرد جرم عائد

    ساؤ پالو: برازیل کے سابق صدر بولسونارو پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی وفاقی پولیس نے سابق صدر جائر بولسونارو پر منی لانڈرنگ اور سعودی عرب سے ملنے والے ہیروں کے کیس سے مجرمانہ طور پر جڑے ہونے کے الزامات پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔

    بولسونارو پر الزام ہے کہ انھوں نے سعودی عرب سے ملنے والا 3 ملین ڈالر مالیت کا جیولری سیٹ خلاف قانون اپنے پاس رکھا، دو بیش قیمت گھڑیاں بیچ کر 70 ہزار ڈالر حاصل کیے۔

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ کو پولیس سے فردِ جرم کی رپورٹ ملنے پر پراسیکیوٹر جنرل فیصلہ کریں گے کہ آیا بولسونارو پر مقدمہ چلے گا یا نہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ کو ابھی تک فرد جرم کے ساتھ پولیس رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے۔

    برازیل کے پراسیکیوٹر جنرل پاؤلو گونیٹ اس کے بعد دستاویز کا تجزیہ کریں گے اور فیصلہ کریں گے کہ آیا الزامات دائر کیے جائیں اور بولسونارو کو مقدمے کی سماعت پر مجبور کیا جائے۔

    اس فرد جرم نے ڈرامائی طور پر سابق رہنما کو درپیش قانونی خطرات کو بڑھا دیا ہے، ان کے مخالفین نے فرد جرم کو سراہا ہے جب کہ ان کے حامیوں نے اسے سیاسی مقدمہ کہہ کر اس کی مذمت کی ہے۔

  • برازیل کے سابق صدر جھوٹ بولنے، معاشرے میں تفریق ڈالنے پر 2030 تک نا اہل قرار

    برازیل کے سابق صدر جھوٹ بولنے، معاشرے میں تفریق ڈالنے پر 2030 تک نا اہل قرار

    برازیلیا: برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو 2030 تک کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کو نفرت انگیزی پر 2030 تک سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ بولسونارو نے غیر ملکی سفارت خانوں کے سامنے پروپیگنڈہ کیا، اور اپنے ملک کے خلاف ابہام پیدا کیا۔

    جرمن میڈیا ہاؤس ڈی ڈبلیو کے مطابق بولسونارو نے پروپیگنڈے کے لیے میڈیا کا بھی استعمال کیا، اور غیر ملکی سفارت کاروں سے خطاب میں جھوٹ پھیلایا، لوگوں میں اشتعال پیدا کیا۔

    بولسونارو پر جھوٹ بولنے، معاشرے میں تفریق ڈالنے اور ملک کو بدنام کرنے کے الزامات عائد کیے گئے تھے، ان الزامات کے باعث سابق صدر پر الیکشن میں حصہ لینے پر 8 سال کے لیے پابندی لگا دی گئی۔