Tag: Bomb Blast

  • کوئٹہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت بند کردی گئی

    کوئٹہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت بند کردی گئی

    کوئٹہ : ریلوے حکام نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ افسوسناک واقعے کے بعد کوئٹہ سے ٹرینوں کی آمد ورفت 4 روز کے لیے بند کردی ہے یہ فیصلہ حفاظتی انتظامات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ 11 سے 14 نومبر تک کوئٹہ سے ٹرینوں کی آمدو رفت معطل رہے گی۔

    ترجمان کے مطابق بولان میل 16نومبر کو کراچی سے کوئٹہ کیلئے روانہ ہوگی جبکہ 18نومبر کو کوئٹہ سے کراچی کیلئے روانہ ہوگی۔

    اس کے علاوہ جعفر ایکسپریس 14 نومبر کو پشاور سے کوئٹہ روانہ ہوگی جبکہ 15نومبر کو کوئٹہ سے دوبارہ روانہ ہوگی۔

    یاد رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق و زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

    ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا،

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ ریلوے پولیس کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

  • بیروت ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، 6 شہید

    بیروت ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا، 6 شہید

    بیروت : جنوبی لبنان میں 8 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد حالات مزید کشیدہ ہوگئے، اسرائیلی فوج نے بیروت میں بمباری کرکے کئی عمارتوں کو تباہ کردیا جس کے نتیجے میں 6 افراد کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔

    الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنانی دارالحکومت بیروت ایک بار پھر زوردار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ رات گئے بیروت کے جنوبی علاقے دحیہ میں تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

    اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جنوبی لبنان میں شدید لڑائی تاحال جاری ہے، جبکہ رات بھر وسطی بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔

    Israeli forces

    بیروت میں دھماکوں کے بعد عمارتوں سے دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے، جس کے فوری بعد اسرائیلی فوجی حکام نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دحیہ میں حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دوسری جانب لبنان کی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں لبنان بھر میں مزید 46 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوگئے ہیں۔

    جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے جنگجوؤں اور اسرائیلی فوج میں شدید لڑائی جاری ہے، جہاں اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ اب تک اس کے کم از کم آٹھ فوجی قریب سے ہونے والی لڑائی میں مارے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بھی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اس میں مزید شدت پیدا کی گئی ہے، متعدد  فلسطینی پناہ گاہوں اور اسکولوں، بشمول ایک یتیم خانے پر حملے میں مارے گئے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 7اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 41,689 افراد ہلاک اور 96,625 زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسرائیل میں 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد کو قیدی بنا لیا گیا تھا۔

  • لانڈھی میں پراسرار بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    لانڈھی میں پراسرار بم دھماکہ، علاقے میں خوف و ہراس

    کراچی : لانڈھی میں فیوچر موڑ پر پراسرار بم دھماکے کی اطلاعات ہیں ابتدائی طور پر دھماکےکی نوعیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی فیوچر موڑ پر ایک گلی میں پراسرار بم دھماکا ہوا ہے جس کے سبب علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس اور رینجرز کی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں، پولیس حکام کے مطابق دھماکہ فیوچر موڑ کے قریب معین آباد کے علاقے میں ہوا ہے۔

    پولیس کے مطابق گھر کی دہلیز پر ہونے والے دھماکے سے اطراف کی دیواروں پر بال بیرنگ کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

    واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ فوری طور پر موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے، پولیس نے اطراف میں رہنے والے والوں کے بیان ریکارڈ کرنا شروع کردیے ہیں، ، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

  • پشاور کے علاقے حیات  آباد میں خود کش دھماکا، 8 افراد زخمی

    پشاور کے علاقے حیات آباد میں خود کش دھماکا، 8 افراد زخمی

    پشاور : خیبرپختونخوا کے شہر پشاور کے علاقے حیات آباد میں خودکش دھماکے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے۔

    اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو چاروں طرف سے گھیرے میں لے لیا۔ پولیس حکام کےمطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا خود کش ہوسکتا ہے۔

    بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے خود کش دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ خودکش دھماکا ہے تاہم یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اس میں کتنا بارودی مواد استعمال ہوا ہے۔ دہشت گردوں کا ٹارگٹ سیکیورٹی اہلکار تھے۔

    حیات آباد

    ایس پی کینٹ کے مطابق دھماکا ایف سی کی گاڑی کے قریب ہوا ہے خود حملہ آور نے خود کو گاڑی سے ٹکرا کر دھماکے سے اڑالیا ہے جس کے نتیجے میں گاڑی میں بیٹھے آٹھ اہلکار زخمی ہو گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ہدف سیکیورٹی اہلکار تھے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے دو کی حالے تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

  • یروشلم بم دھماکوں سے گونج اٹھا

    یروشلم بم دھماکوں سے گونج اٹھا

    یروشلم: اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ یروشلم میں بس اسٹاپ پر دو بم حملوں میں ایک نوجوان ہلاک 18 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یروشلم میں ایک بس اسٹاپ پر دو بم دھماکے ہوئے ہیں، جن میں ایک 15 سالہ لڑکا ہلاک جب کہ اٹھارہ دیگر افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    حکام کے مطابق دھماکا خیز ڈیوائس سوٹ کیس میں رکھ کر بس اسٹیشن پر رکھی گئی تھی، ایک دھماکا یروشلم کے داخلی راستے کے قریب مرکزی بس اسٹیشن پر ہوا جب کہ دوسرا دھماکا آدھے گھنٹے کے فرق سے راموت محلے میں بس اسٹاپ پر ہوا۔

    بم دھماکے ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیے گئے، دھماکا خیز مواد میں کیلیں اور نٹ بولٹ تھے، جس سے بس میں سوراخ ہو گئے۔ یہ دھماکے شہر کے مضافات میں دو مصروف علاقوں میں اس وقت ہوئے جب لوگ کام پر جا رہے تھے۔

    دھماکے کے بعد کئی گھنٹے تک تل ابیب سے یروشلم آنے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

    بی بی سی کے مطابق مرنے والا نوجوان آریہ شوپک نامی اسرائیلی کینیڈین یہودی مدرسے کا طالب علم تھا، اسرائیل کے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ حملہ حالیہ برسوں میں ہونے والے حملوں سے بالکل مختلف تھا۔ ان کا اشارہ فلسطینیوں کی طرف تھا جو یا تو چاقو یا پھر پستول سے اسرائیلی مظالم کا جواب دیتے ہیں۔

  • افغانستان میں خود کش کار دھماکا: 14 فوجی ہلاک

    افغانستان میں خود کش کار دھماکا: 14 فوجی ہلاک

    کابل : افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں فوجی اڈے پر کیے گئے خودکش کار بم حملے کے نتیجے میں14 افغان فوجی مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔

    افغان میڈیا کے مطابق ننگرہار کے ضلع شیرزاد میں فوجی چیک پوسٹ پر تیز رفتار کار آکر ٹکرا گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا اور چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہوگئی، حملہ آور دھماکا خیز مواد سے لدی ایک گاڑی پر سوار تھا۔

    ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے ڈپٹی ہیڈ عبید اللہ شنواری نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ خود کش کار بم دھماکے میں 14 اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ اہلکار سول آرڈر فورس سے تعلق رکھتے تھے جو افغان آرمی کے ماتحت ہے۔

    افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ طالبان ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس کار بم دھماکے میں مجموعی طور پر50 افغان فوجی ہلاک و زخمی ہوئے۔

    مقامی طالبان کمانڈر نے ننگرہار فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد مطالبہ کیا ہے کہ امریکی اور افغان فوج عام شہریوں پر بمباری کرنا بند کریں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان طالبان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ امریکا امن معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں پر بمباری کر رہا ہے جب کہ اس سے قبل پینٹاگون نے طالبان پر تشدد میں کمی نہ لا کر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار ميں اسلامک اسٹيٹ اور افغان طالبان دونوں ہی متحرک ہيں اور اکثر اپنی کارروائیوں میں سکيورٹی فورسز اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہتے ہيں۔

  • افغانستان میں دھماکے : پولیس سربراہ سمیت تین افسران ہلاک

    افغانستان میں دھماکے : پولیس سربراہ سمیت تین افسران ہلاک

    کابل : افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست میں ہونے والے بم دھماکے میں صوبائی پولیس کے سربراہ سمیت تین پولیس افسر جاں بحق ہو گئے، پولیس کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکراگئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست میں پولیس افسران کی گاڑی دھماکے سے اڑا دی گئی جس کے نتیجے میں تین پولیس افسر ہلاک ہوچکے ہیں، واقعے کی تصدیق خوست کے صوبائی گورنر محمد حلیم فدائی نے بھی کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گورنر محمد حلیم فدائی کے مطابق خوست صوبے کے پولیس سربراہ بریگیڈیر جنرل سید احمد ان کے اسسٹنٹ آفیسر اور ایک پولیس افسر نادر شاہ ضلع کوٹ میں رات تقریبا 11 بجے آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہوگئے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے وقت پولیس کی گاڑی جین خیل علاقے میں ایک طالبان جنگجو کا تعاقب کرکے دھول سے اٹے راستے سے گزر رہی تھی، اسی دوران وہ ایک آئی ای ڈی (بارودی سرنگ) کی زد میں آ گئی۔

    دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ خوست کے مقامی طالبان قیادت نے پولیس چیف پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھی جنگجوؤں کی ہلاکت کا بدلہ لیا گیا ہے، اگر ہم پر کارروائیاں بند نہ ہوئیں تو ایسے حملے جاری رہیں گے۔

    ادھر امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خليل زاد نے گزشتہ روز ہی طالبان قیادت سے بات چیت کی ہے جس میں
    افغان فوج کے خلاف عسکری کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    افغانستان میں امن معاہدے کے باوجود حملوں کا سلسلہ  جاری، 98 افغان فوجی ہلاک

    واضح رہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے تاریخی امن معاہدے کے باوجود افغانستان میں دہشت گردانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں 98 افغان سیکیورٹی فورسز ہلاک ہوئے۔ کئی شدت پسندوں سے مقابلے میں مارے گئے جبکہ متعدد بم حملوں میں لقمہ اجل بن گئے۔

    افغان وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر پولیس اہلکاروں اور فوج پر حملوں کے نتیجے میں طالبان کو بھی شدید جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

     

  • مصر: قاہرہ میں سیاحوں کی بس سڑک کنارے بم سے ٹکرا گئی، چار افراد ہلاک

    مصر: قاہرہ میں سیاحوں کی بس سڑک کنارے بم سے ٹکرا گئی، چار افراد ہلاک

    قاہرہ : مصرکے دارالحکومت قاہرہ کے قریب سڑک کنارے بم دھماکے میں تین سیاح اوران کا گائیڈ ہلاک ہوگیا، حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب غزہ کے عجائبات کی سیر کے لیے آنے والے سیاحوں کی بس سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔

    جس کے نتیجے میں بس میں سوار ویتنام کے دو سیاح اور ان کا گائیڈ موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ تیسرا سیاح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

    خبررساں ایجنسی کے مطابق مصری سیکورٹی حکام نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

    حکام نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دھماکے میں 11 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جنہیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ بس ڈرائیور نے جس مقررہ راستوں سے سیاحوں کو لیکر جانا تھا وہاں سے نہیں گیا، نہ ہی انتظامیہ کو اس کی خبردی گئی۔

    حکام کے مطابق سڑک کنارے یہ بم کس نے رکھا یہ کہنا قبل ازوقت ہوگیا تاہم ماضی میں اس قسم کے حملوں باالخصوص سیاحوں کو نشانہ بنانے میں عسکریت پسند تنظیم داعش ملوث رہا ہے۔

    خیال رہے کہ مصر سیاحت کے لیے اہم ملک سمجھا جاتا ہے، یہاں کے تاریخی مقامات کو دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح رخ کرتے ہیں۔

  • کابل جیل کے قریب خودکش دھماکا، 7 جیل ملازمین ہلاک

    کابل جیل کے قریب خودکش دھماکا، 7 جیل ملازمین ہلاک

    کابل : افغان دارالحکومت کی پُل خرچی جیل کے مرکزی دروازے کے قریب جیل ملازمین کی گاڑی پر خودکش حملہ، کئی افراد ہلاک، تین زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع سینٹرل جیل کے قریب ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے باعث 7 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افغانستان کی سب بڑی جیل کے مرکزی دروازے کے قریب جیل ملازمین کو لانے والی بس پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری کا تاحال کسی تنظیم نے اعلان نہیں کیا ہے۔

    افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے پُل چرخی جیل ملازمین کی بس کو نشانہ بنایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک اور تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جیل ملازمین کی بس مرکزی دروازے پر سیکیورٹی کلئیرنس کے لیے رکی تو خودکش حملہ آور خود کو دھماکے سے اڑا تھا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت متاثرہ گاڑی میں خواتین افسران سوار تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پل چرخی جیل سینکڑوں قیدیوں کا گھر ہے جن میں درجنوں طالبان قیدی بھی شامل ہیں۔


    افغانستان میں دھماکا، بچوں اور عورتوں سمیت 11 شہری ہلاک


    یاد رہے کہ 22 اکتوبر کو  افغان صوبے ننگرہار میں سڑک کنارے ہونے والے دھماکے کے باعث گیارہ عام شہری زندگی کی بازی ہار گئے  تھے جن میں ایک خاتون اور چھ بچے شامل ہیں۔

  • ترکی: بم دھماکوں میں ملوث مجرمان کو کئی مرتبہ عمر قید کی سزا

    ترکی: بم دھماکوں میں ملوث مجرمان کو کئی مرتبہ عمر قید کی سزا

    انقرہ: ترک عدالت نے ترکی میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث مجرمان کو کئی مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق 2015 میں ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بم دھماکے ہوئے تھےجس کے نتیجے میں سو سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انقرہ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے سامنے ہونے والے بم دھماکے میں ملوث 9 مجرمان کو ترک عدالت نے کئی مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

    ترکی میں 2015 میں انتخابات ہونے والے تھے تاہم الیکشن سے چند روز قبل مذکوہ دھماکوں کے ذریعے کردوں اور ملکی لیبر پارٹی کے حامیوں کی ایک ریلی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔


    رجب طیب اردگان نے ترکی میں سزائے موت کی بحالی کا عندیہ دے دیا


    دوسری جانب ترک حکام دہشت گروں کو سخت سزا دینے کے لیے حکمت عملی تیار کررہی ہے، جبکہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے دو روز قبل ترکی میں سزائے موت کی بحالی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 19 جولائی 2016 میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا تھا کہ اگر ترک عوام مطالبہ کریں اور پارلیمان ضرور قانون سازی کو منظور کرے تو وہ موت کی سزائے بحال کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ترکی کے شہر یوسکوا میں ایک روڈ بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کا نومولود بچہ ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ ترک حکام نے حملے کی ذمہ داری کردش باغیوں پر عائد کی ہے۔