Tag: bomb disposal squad

  • حیدرآباد : موٹر وے پر سی ٹی ڈی کا مسلح افراد سے مقابلہ

    حیدرآباد : موٹر وے پر سی ٹی ڈی کا مسلح افراد سے مقابلہ

    حیدرآباد : ایم نائن موٹر وے پر ٹریلرز پر فائرنگ کرنے والے مسلح گروہ سے کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کا مقابلہ ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز حیدرآباد کے نمائندے جام فرید لاکھو کی رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی حکام  نے مسلح افراد سے مقابلے کیلیے مزید نفری اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے سی ٹی ڈی حکام  نے بتایا کہ مسلح افراد ٹارگٹڈ کارروائی کے ارادے سے ایم نائن موٹر وے پر پہلے سے موجود تھے۔

    پنجاب جانے والے متعدد ٹریلرز پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سی ٹی ڈی کے اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے گروہ کے پاس جدید اسلحہ ہے، آخری اطلاعات تک مسلح افراد سے فائرنگ کاتبادلہ جاری تھا، مسلح گروہ کے پاس بارودی مواد بھی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے لونی کوٹ کی حدود میں سی ٹی ڈی حیدرآباد اور ٹریلرز پر فائرنگ کرنے والے مسلح گروہ میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

    سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ڈیٹونیٹر، دستی بم، پیٹرول بم اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار علاقے کی سرچنگ کررہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 189 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کر کے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

    ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز لاہور، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور جہلم میں کیے گئے۔ اس دوران راولپنڈی سے 2 خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جس کا تعلق ننکانہ صاحب سے ہے، دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹر، پمفلٹ اور نقدی برآمد ہوا۔

  • بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تیار کردہ رپورٹ سامنے آ گئی

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تیار کردہ رپورٹ سامنے آ گئی

    کراچی: بم ڈسپوزل اسکواڈ کی تیار کردہ رپورٹ سامنے آ گئی، خود کش جیکٹس میکینکل طرز پر بنائی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی رپورٹ مرتب کر لی، ہلاک دہشت گردوں سے 2 خود کش جیکٹس، 8 دستی بم، 3 گرنیڈ لانچر ملے۔

    بی ڈی ایس کے مطابق ممکنہ طورپر دہشت گردوں کی جانب سے پھینکے گئے دستی بم نہیں پھٹ سکے، دستی بم ناکارہ حالت میں ملے، دہشت گردوں سے برآمد خود کش جیکٹس 8 سے 10 کلو وزنی تھیں۔

    رپورٹ کے مطابق خود کش جیکٹس میکینکل طرز پر بنائی گئی تھیں، جیکٹس میں الیکٹرونک سسٹم نہیں تھا، جیکٹس کی تیاری ڈیٹونیٹر انداز کی تھی تھی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس چیف آفس پر حملہ کیا گیا، کامیاب آپریشن کے بعد تینوں دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، آپریشن میں رینجرز، پولیس اور پاک فوج کے کمانڈوز نے حصہ لیا۔

    دہشت گرد حملے میں 2 پولیس اور ایک رینجرز اہل کار شہید ہوئے، خاکروب کی بھی جان گئی، 5 پولیس اہل کاروں سمیت 12 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

    آپریشن کے دوران خود کش حملہ آور نے چوتھی منزل پر خود کو دھماکے سے اڑایا، وقفے وقفے سے فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا، آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ چھٹی کے وقت افرادی قوت کم ہوتی ہے، اس لیے حملہ آوروں نے شام کا انتخاب کیا، تحقیقات کر رہے ہیں کہ دہشت گردوں کے سہولت کار کون تھے۔

    حساس اداروں کی تحقیقاتی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کر لیا ہے، کراچی پولیس آفس میں حساس اداروں کی ٹیمیں تحقیقات کے لیے پہنچ چکی ہیں، اور آفس کا کنٹرول حساس اداروں کے اہل کاروں نے سنبھال لیا ہے، پولیس اور حساس اداروں کے ماہر نشانہ باز کے پی او کی چھت پر اور اطراف میں تعینات ہیں۔

    پولیس کے اعلیٰ افسران بھی کراچی پولیس آفس پہنچ گئے، حساس اداروں کی تحقیقاتی ٹیم بھی کے پی او میں موجود ہیں، حساس اداروں کی جانب سے کھوجی کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی سرچنگ ہو رہی ہے، واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا ہے۔

    کراچی پولیس آفس سے متصل صدر پولیس اسٹیشن اور پیٹرول پمپ عام صارفین اور سائیلین کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    کے پی او آفس میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت کر لی گئی ہے، ایک دہشت گرد کی شناخت زالا نور کے نام سے ہوئی جو وزیرستان کا رہائشی تھا، دوسرے دہشت گرد کی شناخت عنایت اللّه کے نام سے ہوئی ہے جو لکی مروت کا رہائشی تھا، ذرائع کے مطابق مرنے والے تیسرے مبینہ دہشت گرد کی شناخت مجید بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو دتہ خیل شمالی وزیر رستان کا رہائشی تھا۔

  • لیاری : مسجد کے قریب  پراسرار دھماکے سے ایک شخص زخمی

    لیاری : مسجد کے قریب پراسرار دھماکے سے ایک شخص زخمی

    کراچی : لیاری میں چاکیواڑہ جونا مسجد کے قریب پراسرار دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں جونا مسجد کے قریب پراسرار دھماکے کا واقعہ پیش آیا ہے، دھماکا رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر بنے کمرے میں ہوا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے باعث عمارت کا چوکیدار زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، اور جگہ کا معائنہ کیا، ایس ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ جس کمرے میں دھماکا ہوا ہے وہاں پانی کی موٹر بھی نصب ہے۔

    انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی الٹ گئی، ایک اہلکار جاں بحق، چار زخمی

    بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی الٹ گئی، ایک اہلکار جاں بحق، چار زخمی

    گھوٹکی : سکھر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی، حادثہ میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے، مذکورہ ٹیم رینجرز گاڑی پر دھماکے کے بعد گھوٹکی آرہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی میں سکھربم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے، تیز رفتاری کے باعث گاڑی قلابازیاں کھاتی ہوئی دور جاگری جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ چار کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کچھ دیر پہلے رینجرز کی گاڑی پر دھماکے کے بعد ریسکیو کیلئے گھوٹکی آرہی تھی کہ خود حادثے کا شکار ہوگئی اور ایک اہلکار جان سے گیا، ایس ایس پی اسپیشل برانچ منصور مغل نے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔

    علاوہ ازیں گھوٹکی میں رینجرز گاڑی پرحملے کے بعد رکن قومی اسمبلی سردار محمد بخش مہر اسپتال پہنچ گئے، سردار محمد بخش مہرنے زخمیوں کی عیادت اور رینجرز کے اعلی افسران سے ملاقات کرکے تفصیلات حاصل کیں۔

    گھوٹکی : رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا، رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ کچھ دیر قبل سندھ کے شہر گھوٹکی میں رینجرز کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    گھوٹکی کے علاقے گھوٹا مارکیٹ کے قریب رینجرز کی گاڑی کھڑی تھی کہ اچانک زوردار دھماکا ہوا جس کے باعث ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔