Tag: bomb

  • سینٹرل جیل کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام، پولیس موبائل پر کریکر حملہ

    سینٹرل جیل کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام، پولیس موبائل پر کریکر حملہ

    کراچی : شہر قائد میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گئی، بم ڈسپوزل اسکواڈ نےسینٹرل جیل کے قریب رکھا گیا بم نارکارہ بنادیا۔

    سہراب گوٹھ کے قریب پولیس موبائل پر کریکر حملے میں دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق سینٹرل جیل کے قریب شاہراہ پر رکھے گئے بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر ناکارہ بنادیا۔

    پولیس کے مطابق بم ٹائم ڈیوائس کے ساتھ منسلک تھا جس کا وزن آدھا کلو سے زائد تھا ۔ پولیس کاکہنا ہے کہ بارودی مواد کے ساتھ کیلیں بھی نصب تھیں، بم رکھنے کامقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا۔

    سہراب گوٹھ کے قریب فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں پولیس موبائل کے قریب کریکر حملے سے دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔ گلستان جوہر بلاک 18 اورجوہر موڑ کے قریب فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔

    منگھوپیر ، اورنگی ٹاؤن ، زمان ٹاؤن ،پہلوان گوٹھ مین مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران آٹھ ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی ، سائٹ لیبر اسکوائر کے علاقے سے ملنے والے مارٹر بم کو بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا ۔

  • چمن: تاج روڈ پر زوردار دھماکہ ایک شخص ہلاک، آٹھ افراد زخمی

    چمن: تاج روڈ پر زوردار دھماکہ ایک شخص ہلاک، آٹھ افراد زخمی

    چمن: تاج روڈ پر دھماکہ زوردار دھماکہ متعدد افراد زخمی، تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر چمن میں تاج روڈ پر گاڑی میں نصب بم پھٹ گیا۔

    دھماکے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکہ پارکنگ میں کھڑی گاڑی میں ریموٹ کے ذریعے کیا گیا۔

    سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے،مذکورہ مقام پر بازار ہونے کے باعث لوگوں کا کافی رش رہتا ہے۔

  • لاہور میئو اسپتال کے بچہ وارڈ میں بم کی  اطلاع

    لاہور میئو اسپتال کے بچہ وارڈ میں بم کی اطلاع

    لاہور: میئو اسپتال میں بم کی اطلاع پر خوف و ہراس پھیل گیا، تفصیلات کے مطابق لاہور میں واقع میئو اسپتال  کے بچہ وارڈ میں بم کی اطلاع ملنے پر وارڈ میں داخل مریضوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    سیکیورٹی اداروں نے اسپتال کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے،انتظامیہ نے اسپتال کو خالی کروا لیا ہے۔

    جبکہ کچھ  دیر قبل لاہور میں قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز کے قریب زوردار دھماکہ بھی ہوا، جس کے نتیجے 5افراد جاں بحق  جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے، دھماکہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ دھماکہ کی آواز دور دور تک سنی گئی ، جبکہ کئی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور قریبی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں آگ لگ گئی۔

    پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لےلیا ہے۔ سی سی پی او کے مطابق دھماکہ پولیس لائن کے گیٹ کے سامنے کھڑی گاڑی میں ہوا، دھماکے کے بعد مختلف سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا ۔

  • چارسدہ: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،اسکول سے بارودی مواد برآمد

    چارسدہ: دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،اسکول سے بارودی مواد برآمد

    چارسدہ : دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا،سیکیورٹی فورسز نےسرکاری اسکول سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچرزاوربارود سے بھرے پریشر ککر برآمد کرلئے۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے علاقے شب قدر کے سرکاری اسکول میں سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    پولیس حکام کے مطابق تخریب کاروں کی جانب سے اسکول میں بارودی مواد سے بھرے تین پریشر ککر ز رکھے گئے تھےجو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے منسلک تھے۔

    سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ سے پانچ گرنیڈ، دس راکٹ لانچرز ،چار ڈیٹو نیٹرز اور پرائما کارڈ بھی قبضے میں لے لئے ۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد شدہ بارودی مواد بڑی تباہی کا باعث بن سکتا تھا۔پولیس نے تخریب کاری میں ملوث عناصر سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔

  • پشاور میں پولیس موبائل پر حملہ، ایک پولیس اہلکار جاں بحق

    پشاور میں پولیس موبائل پر حملہ، ایک پولیس اہلکار جاں بحق

    پشاور: شب قدر میں پولیس موبائل پر حملہ کیا گیا، نوشہرہ سے ملنے والی چار لاشوں کی شناخت ہوگئی۔

    چارسدہ کے علاقے شب قدر میں نامعلوم شرپسندوں نے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا جس کی زد میں آکر ایک اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا، دھماکے کی ذمہ داری کالعدم جماعت الحرار نے قبول کرلی۔

    دوسری جانب کرم ایجنسی کے علاقے نستی کوٹ میں بھی اسکول وین کے قریب دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک بچہ اور ایک راہگیر جاں بحق ہوگئے اور بچی زخمی ہوگئی،جاں بحق اور زخمی بچی کو ایجنسی ہیڈکوارٹرز اسپتال پارہ چنار منتقل کردیا گیا۔

  • برطانوی پارلیمنٹ سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ کلئیر قرار

    برطانوی پارلیمنٹ سے ملنے والا مشتبہ پیکٹ کلئیر قرار

    لندن: برطانوی پارلیمنٹ سے ملنے والے مشتبہ پیکٹ کو تلاشی کے بعد کلئیر قراردے دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں مشتبہ پیکٹ کی موجودگی کی اطلاع کے بعد پارلیمنٹ کے ایک حصے کو خالی کرالیا گیا تھا، پولیس نے مشتبہ پیکٹ کو قبضے میں لے کر جانچ پڑتال کی جس کے بعد پیکٹ کوکلئیرقراردے دیا، تلاشی کے بعد پارلیمنٹ کے لئے جاری الرٹ کوبھی واپس لے لیا گیا۔

  • آٹھ کلو وزنی بم ناکارہ، چارسدہ بڑی تباہی سے بچ گیا

    آٹھ کلو وزنی بم ناکارہ، چارسدہ بڑی تباہی سے بچ گیا

    چارسده : آٹھ کلو وزنی بم کو ناکارہ بنا کرچارسده میں تخریب کاری کا خطرناک منصوبہ ناکام بنادیا گیا۔ خیبرایجنسی میں کالعدم تنظیم سےجھڑپوں میں ایک رضاکارجاں بحق اور دو شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق چارسدہ کے علاقے تھانہ سرو کی حدودمیں بجلی کے ایک سوپچپیس کےوی ٹاورکےقریب آٹھ کلو وزنی بارودکو ناکارہ بنا دیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈکےعملے نےفوری طور پر پہنچ کر بم کوناکاره بنا دیا۔

    پولیس کے مطابق مقناطیسی ریموٹ کنٹرول بم دیسی ساخت کا تھا۔جس سےبڑے پیمانے پر تباہی پھیل سکتی تھی۔ دوسری جانب خیبر ایجنسی میں کالعدم لشکر اسلام اور توحید اسلام میں جھڑپ کے دوران ایک شدت پسند ہلاک جبکہ ایک رضا کار جاں بحق ہو گیا۔

    ادھر نیرےبابامیں بھی امن لشکر سےجھڑپ کےدوران ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

  • ہنگو:آئی ڈی پیز کے کیمپ میں دھماکہ سات افراد جاں بحق

    ہنگو:آئی ڈی پیز کے کیمپ میں دھماکہ سات افراد جاں بحق

    ہنگو:ہنگو کے علاقے محمد خواجہ کے توغ سرائی آئی ڈٰی پیز کیمپ میں دھماکے سے سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں، تفصیلات کے مطابق ہنگو کے علاقے توغ سرائی آئی ڈٰی پیز کیمپ میں زوردار دھماکہ سے سات افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ،سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ذرائع کے مطابق بارودی مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا،جبکہ پولیس نے اس کی اب تک تصدیق نہیں کی ہے، ہلاک شدگان میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

  • کرم ایجنسی،ہنگو میں دہشتگردی کامنصوبہ ناکام،دو بم برآمد

    کرم ایجنسی،ہنگو میں دہشتگردی کامنصوبہ ناکام،دو بم برآمد

    ہنگو: کرم ایجنسی اور ہنگو میں فورسز نے بم ناکارہ بنا کر دہشت گردی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنا دیئے۔تفصیلات کے مطابق کرم ایجنسی میں پارہ چنار کی سبزی منڈی سے پچیس کلووزنی بم برآمد ہوا۔ بم برآمد ہوتے ہی علاقے میں خوف پھیل گیا۔

    فوری طور پربم کی اطلاع بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر سیب کی پیٹی میں رکھے گئے بم کو ناکارہ بنا دیا۔

    دوسری جانب ہنگو کے علاقے قاضی پمپ میں سڑک کنارے بم نصب کیا گیا تھا۔ اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ بنا کر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

  • کراچی کےعلاقے گلستانِ جوہرمیں بم دھماکہ

    کراچی کےعلاقے گلستانِ جوہرمیں بم دھماکہ

    کراچی: شہرِقائد کے علاقے گلستان جوہر میں دھماکہ، پولیس اوربم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کےعلاقے گلستانِ جوہرمیں ہولناک دھماکہ ہوا ہے، دھماکہ بلاک 19 میں واقع قبرستان کے ساتھ بنی کچرا کنڈی میں ہوا جس میں اب تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    پولیس اوررینجرزنے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لےلیاہے اوربم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ کا معائنہ شروع کردیا ہے۔

    واضح رہے کہ تھوڑی دیر قبل ہی کراچی کے علاقے سائٹ میٹروول میں واقع ایک اورکچرا کنڈی سے آٹھ بم برآمد ہوئے تھے جنہیں ناکارہ بنا دیا گیا تھا۔