اسلام آباد :مرادسعید نے وزارت پوسٹل اور مواصلات میں ریکارڈ ریونیوحاصل کرلیا ، وزارت مواصلات کا ریونیو 11 ارب 48 کروڑ سے بھی تجاوز کر گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمرادسعید کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ، مرادسعید نے زیر انتظام دونوں وزارتوں میں ریکارڈریونیوحاصل کرلیا، وزارت پوسٹل کے بعد مواصلات میں بھی اربوں روپے کی آمدن حاصل کی ۔
وزارت مواصلات کا ریونیو11 ارب 48کروڑ سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔
وفاقی وزیر نے ادارے میں بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور احتساب کےعمل سے400 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کرلی، بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے نیب اور ایف آئی اے سے مدد لی گئی۔
نیب اور ایف آئی اے کو تمام کیسز کا ریکارڈ اور دستاویزمہیاکئےگئےہیں، 4 مزیدپروجیکٹ کا آڈٹ مکمل کرلیا گیا ہے اور ریکوری کاعمل شروع کیا تھا۔
این ایچ اے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے بزنس پلان بھی تیار ہے اور تمام شاہراہوں کی جی آئی ایس میپنگ پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ای بڈنگ، ای ٹینڈرنگ، ای بلنگ کا عمل بھی آخری مراحل میں ہیں۔
مزید پڑھیں : رواں سال پاکستان پوسٹ کا ریوینو 8 ارب سے بڑھ کر 14 بلین ہوگیا، مراد سعید
یاد رہے مراد سعید نے بتایا تھا پاکستان پوسٹ کا گذشتہ سال اپریل کے ماہ تک کا ریونیو 8 ارب تھا، رواں سال پاکستان پوسٹ کا ریونیو اپریل تک 14 ارب ہو گیا ہے۔ پاکستان پوسٹ نے اپریل تک600 کروڑ کا اضافہ کرلیا ہے۔
فروری میں مراد سعید نے دونوں وزارتوں میں ملکی تاریخ کا تیز ترین ریکارڈ ریونیو حاصل کیا تھا، وزارت مواصلات کا ریونیو 4 ماہ میں 9 ارب 54 کروڑ روپے تک جا پہنچا تھا۔
ارجنٹ میل اورسیم ڈے ڈیلیوری سروس بھی ریونیو میں اضافے کی بڑی وجہ ہے ، سروسز کے آغازکےچند دن میں پاکستان پوسٹ کو ایک ارب 17 کروڑ کی آمدن ہوئی تھی۔
واضح رہے تحریک انصاف کی حکومت کے 100 دن پورے ہونے پر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا تھا، جس میں وزیر مملکت مراد سعید کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔
مراد سعید نے 100 روز میں وزارت مواصلات کے اخراجات میں 50 فیصد کمی کی تھی اور 46 کروڑ روپے کی ریکوری کر کے ریونیو میں 3 ارب 72 کروڑ روپے کا اضافہ کیا تھا۔
بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے مراد سعید کو وفاقی وزیر بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔