Tag: Boxer Mohammad Waseem

  • باکسر محمد وسیم میکسیکو کے باکسر کو پچھاڑنے کے لیے تیار

    باکسر محمد وسیم میکسیکو کے باکسر کو پچھاڑنے کے لیے تیار

    اسلام آباد: پاکستان کے پروفیشنل باکسر محمد وسیم میکسیکو کے گینگان لویز کو پچھاڑنے کے لیے تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی باکسر محمد وسیم حریف ریسلر کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں، ایم ٹی گلوبل نے فائٹ کی تیاریاں شروع کردیں، محمد وسیم المعروف فالکن کے لیے منفرد طرز کا باکسنگ ٹرنکس تیار کرلیا گیا۔

    ٹرنکس میں قمتی سوار وسکی ہیرے اور سانپ کی کھال سے فالکن لکھا گیا ہے، محمد وسیم کل اسکاٹ لینڈ سے دبئی کے لیے روانہ ہوں گے۔

    محمد وسیم اور میکسیکو کے گینگان لوپز کا ٹکراؤ 22 نومبر کو ہوگا، گینگان لوپز 46 باؤٹس میں سے 36 میں کامیاب رہے اور 10 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

    باکسر محمد وسیم کے حریف تین مرتبہ ڈبلیو بی سی لائٹ فلائی ویٹ کے عالمی چیمپئن رہ چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں: دبئی، پاکستانی باکسر محمد وسیم نے پروفیشنل باؤٹ جیت لی

    باکسر محمد وسیم نے کہا کہ میکسیکن فائٹر تجربے میں مجھ سے آگے ہیں، میری اس مقابلے کے لیے تیاری مکمل ہے، گینگان لوپز کو ہرا کر پاکستان کا نام روشن کروں گا۔

    واضح رہے کہ 14 ستمبر کو باکسر محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی تھی، محمد وسیم نے فلپائنی باکسر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ محمد وسیم ایک سال بعد رنگ میں دوبارہ اترے تھے، جیت سے ان کی رینکنگ میں بہتری آئے گی۔

    خیال رہے کہ دبئی میں پروفیشنل باؤٹ جیتنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے باکسر محمد وسیم کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

  • اسپانسر دینے کے وعدے پورے نہیں کیے جارہے، باکسر محمد وسیم

    اسپانسر دینے کے وعدے پورے نہیں کیے جارہے، باکسر محمد وسیم

    کوئٹہ: باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ اسپانسر دینے کے وعدے پورے نہیں کیے جارہے، ورلڈ گولڈ ٹائٹل میں حصہ لینے کے لیے سخت محنت اور 3 کوچز کے ساتھ معاشی وسائل کی بھی ضرورت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے جیت کے لیے دعا کی اور واپسی پر شاندار استقبال کیا ساتھ ہی انہوں نے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آمد پر خصوصی انتظامات کر کے حوصلہ افزائی کی۔

    محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ’’ورلڈ گولڈ ٹائٹل کے لیے چیلنج کیا ہوا ہے، جس کی تربیت کے لیے خاصی محنت اور وسائل درکار ہیں، ٹائٹل میں حصہ لینے کے لیے کم از کم تین کوچز کی ضرورت ہے جن کی فیس میرے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے‘‘۔


    اسی سے متعلق : ’’ پاکستانی باکسر محمدوسیم نےفلپائنی باکسر کو شکست دے دی ‘‘


    انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے پاکستانی ہونے پر فخر ہے  تاہم اسپانسر کے حوالے سے کیے جانے والے تاحال پورے نہیں کیے گیے، جس کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتاہے‘‘۔

    محمد وسیم کی واپسی پر انتظامیہ کی جانب سے انہیں خصوصی پروٹوکول فراہم کیا گیا ، میڈیا سے گفتگو کے بعد وہ ٹریفک پولیس کے پروٹوکول میں اپنے گھر روانہ ہوئے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی باکسر محمد وسیم نے حال ہی میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو شکست دے کر ورلڈ باکسنگ کونسل سلور فلائی ویٹ کا کامیاب دفاع کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ناقابل شکست رہنے والے محمد وسیم نے پروفیشنل کیرئیر میں اب تک پانچ مقابلوں میں حصہ لیا اور تمام مقابلوں میں چمپیئن رہے۔