Tag: Boy Dies

  • 5 سالہ طالب علم کی اسکول میں پراسرار موت،  وجہ کیا تھی؟

    5 سالہ طالب علم کی اسکول میں پراسرار موت، وجہ کیا تھی؟

    لندن : دودھ ایک مکمل غذا ہے جو صحت کیلیے انتہائی مفید ہے جبکہ کچھ لوگ دودھ سے الرجی کا شکار ہوتے ہیں، 5 سالہ طالب علم کی اسکول میں ہونے والی پراسرار موت کی حقیقت سامنے آگئی۔

    دودھ وٹامن ڈی کو بھی جسم میں برقرار رکھتا ہے تاہم کچھ لوگ دودھ میں موجود پروٹین کو برداشت نہیں کرسکتے، اسی حوالے سے بچوں میں دودھ سے الرجی ایک عام مسئلہ ہے۔

    یہ الرجی نہ صرف جسمانی بلکہ رویے سے جڑے مسائل کا سبب بھی بن سکتی ہے اس لیے اگر والدین اس کا بروقت نوٹس نہیں لیتے تو مستقبل میں ان کے بچے کیلیے مشکلات لازمی امر ہے۔

    Benedict Blythe

    برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق بینیڈکٹ بلیتھ نامی 5 سالہ لڑکا برطانیہ کے لنکن شائر کے ایک پرائمری اسکول میں زیر تعلیم تھا، طالب علم بینیڈکٹ بلیتھ کو دمہ کا مرض لاحق تھا، اس کو دودھ، انڈے اور کچھ خشک میوہ جات سے شدید الرجی تھی۔

    گزشتہ سال یکم دسمبر کو اسکول میں فراہم کیا جانے والا دودھ پینے کے بعد اچانک اس کی طبیعت خراب ہوئی، متلی اور قے کے بعد اس کا دل بند ہوگیا تاہم اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی وہ جانبر نہ ہوسکا اوراس کی موت واقع ہوگئی۔

    عدالت کے حکم پر کی جانے والی انکوائری سے معلوم ہوا کہ بینیڈکٹ کو گائے کے دودھ سے الرجی تھی اور غالب امکان یہی ہے کہ اُسے اسکول میں غلطی سے وہی دودھ فراہم کیا گیا جو اس کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔

    بچے کے والدین

    بچے کے والدین کا مؤقف تھا کہ ہمارا بیٹا اسکول میں مرا جو اس کے لیے محفوظ جگہ ہونی چاہیے تھی۔ اگر فوری اقدامات کیے جاتے تو اس کی موت روکی جاسکتی تھی۔

  • کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق، 1 ملزم ہلاک

    کراچی : ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سالہ لڑکا جاں بحق، 1 ملزم ہلاک

    کراچی : شہر قائد میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے، آج ایک اور نوجوان ڈکیتوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا، واقعے میں 14 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ ایک ڈاکو مارا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن بہار پاکستان بازار تھانے کی حدود میں سیکٹر 16 میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    جس میں فائرنگ سے14سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر 16 گلشن بہار میں 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکو ایک شہری کو لوٹ رہے تھے۔

    ان کے قریب ہی موجود شہنشاہ حسن نامی شہری نے اپنی ذاتی لائسنس یافتہ اسلحہ  سے ملزمان پر فائرنگ کی، شہری کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک جبکہ دوسرا زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ فرار ہوتے ڈاکو نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر 14 سالہ بچہ حسین ولد علی جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے اور اس کی شناخت کا عمل جاری ہے، شہری کا اسلحہ بھی فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

  • ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان کی موت: حادثہ یا قتل؟ معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان کی موت: حادثہ یا قتل؟ معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا

    لاہور : ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نوجوان کی گولی لگنے سے ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا ، پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹک ٹاک بنانے کے دوران مبینہ طور پر گولی چلنے سے نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا تھانہ سندر پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔

    پولیس کے مطابق داؤد کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، واقعے میں دیسی ساختہ پستول استعمال ہوا، قتل ، خود کشی ، ٹک ٹاک سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے ۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کہ نوجوان داؤد کا موبائل فرانزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے ۔گن شوٹ ٹیسٹ اور موبائل فرانزک رپورٹ آنے پر حتمی وجہ معلوم ہوگی۔

    مزید پڑھیں : لاہور میں ٹاک ٹاک نے نوجوان کی جان لے لی

    یاد رہے لاہور میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہو گیا تھا ، پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سندر بحریہ میں پیش آیا جہاں نوجوان دوست کے ہمراہ ٹک ٹاک بنانے کے دوران گولی چلنے سے زندگی گنوا بیٹھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان اپنے دوست کے ساتھ ٹک ٹاک بنانے میں مصروف تھا کہ اچانک گولی چل گئی جو داؤد کی آنکھ میں لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہداؤد کا ساتھی ٹک ٹاکر بھی بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔

    دونوں دوست پراپرٹی کے کام سے وابسطہ تھے، دونوں کی عمریں 22سے25 سال کے درمیان ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے باعث پیش آیا۔

  • پب جی کھیلتے ہوئے نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا

    پب جی کھیلتے ہوئے نوجوان موت کے منہ میں چلا گیا

    نئی دہلی: بھارت میں مشہور آن لائن گیم پب جی کھیلنے کے دوران 16 برس کا نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، موت سے قبل نوجوان 6 گھنٹے تک پب جی کھیلتا رہا تھا۔

    افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا جہاں پب جی کھیلنے کے دوران 16 سالہ نوجوان ستیش کمار کی موت ہوگئی، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ستیش گیم کھیلنے کے دوران مشتعل ہوگیا اور دوسرے کھلاڑیوں کا نام لے کر چیخنے لگا۔

    16 سالہ ستیش کمار

    اہلخانہ کے مطابق اس کے بعد وہ اچانک زمین پر گر گیا۔ وہ گزشتہ 6 گھنٹے سے موبائل میں پب جی کھیلنے میں مصروف تھا۔ اس نے دوپہر کے بعد گیم کھیلنا شروع کیا تو شام تک کھیلتا رہا۔

    ان کا کہنا ہے کہ زمین پر گرنے کے بعد اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کی موت کی تصدیق کردی، ڈاکٹرز کے مطابق اسے دل کا دورہ پڑا تھا۔

    ستیش کے اہلخانہ کے مطابق وہ گیارہویں جماعت کا طالبعلم تھا۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیق کر رہی ہے۔

    مزید پڑھیں: کیا پب جی پر پابندی لگ سکتی ہے؟

    افسوسناک واقعے کے بعد ڈاکٹرز نے اپیل کی ہے کہ نوجوان اس طرح کے کھیلوں سے دور رہیں کیونکہ اس طرح کے کھیلوں سے جوش و خروش، غصے اور تناؤ کی کیفیت میں اچانک اضافہ ہوتا ہے اور اس کا اثر دل کی دھڑکن اور خون کی گردش پر پڑتا ہے۔

    انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں پر نظر رکھیں اور ان کا اسکرین ٹائم محدود کریں۔