Tag: boycott

  • لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابی ڈرامہ قابل اعتبار نہیں، سید علی گیلانی

    لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں انتخابی ڈرامہ قابل اعتبار نہیں، سید علی گیلانی

    سری نگر:مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ 10لاکھ بھارتی افواج اور نیم فوجی فورسز کی موجودگی میں انتخابی ڈرامے کی کوئی اعتباریت اوروقعت نہیں ہے ۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتخابی ڈرامہ جمہوری عمل کے بجائے محض ایک فوجی مشق ہے لیکن بھارت اس کو اپنے جبری قبضے کے حق میں جواز کے طور پر پیش کرکے عالمی برادری کو گمراہ کررہاہے۔

    انہوں نے نام نہاد بھارتی پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ اور حلقے کے پولنگ والے علاقوں میں مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم حصولِ حقِ خودارادیت کے لیے عظیم اور بے مثال قربانیاں پیش کررہی ہے اور ان قربانیوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ عوام ہر اس عمل سے دور رہیں جو آزادی کے سفرکو طویل بنائے اور جس سے ان قربانیوں پر حرف آئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے سری نگر پارلیمانی انتخابات کے دوران میں جس جذبے، حوصلے اور یکسوئی کا مظاہرہ کیا ہے اس کوایک بار پھر دہرانے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کویہ واضح پیغام جائے کہ انتخابی ڈرامے رائے شماری کانعم البدل نہیں ہوسکتے جس کا کشمیری قوم کے ساتھ بین الاقوامی سطح پر وعدہ کیا گیا ہے اور جس کے لیے کشمیری عوام جدوجہد کررہے ہیں۔

    حریت چیئرمین نے کہاکہ ووٹ ڈالنا ہمارے شہداءکے روح کو اذیت پہنچانے کا موجب بنتا ہے اور بھارت اس کو بین الاقوامی فورمز پر ایک کارڈ کے طور استعمال کرتا ہے اور دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ خوش ہیں اور انتخابات میں حصہ لے کر وہ جبری اور فرضی الحاق کی توثیق کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بھارت نے کشمیریوں کے خلاف ہر محاذ پر جنگ چھیڑ رکھی ہے، کسی فرد کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ قوم کے اجتماعی مفاد کے ساتھ غداری کرکے دشمن کے خاکوں میں رنگ بھرنے کے لیے انتخابی ڈراموں میں حصہ لے یا ووٹ ڈالے۔

  • الجزائر میں مجسٹریٹوں نے جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کردیا

    الجزائر میں مجسٹریٹوں نے جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کردیا

    الجیریا : الجزائر میں مجسٹریٹوں نے نظام مخالف احتجاجی تحریک کی حمایت میں 4 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الجزائر میں مظاہرین نے سابق صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے استعفے کے باوجود احتجاج جاری رکھا ہوا ہے اور وہ اب حکومتی عہدوں پر فائز ان کے قریبی مصاحبین سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں اور انھوں نے جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو مسترد کردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ صدارتی انتخابات موجودہ عدالتی فریم ورک اور اداروں کے تحت ہوتے ہیں تو یہ آزادانہ اور شفاف نہیں ہوسکتے۔

    الجزائر کے عبوری صدر عبدالقادر بن صالح نے گذشتہ منگل کو ایک نشری تقریر میں ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کرانے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ میں عوام کے مفادات کی تکمیل کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں ۔

    صدر عبدالقادر بن صالح کا کہنا تھا کہ آئین نے مجھ پر یہ بھاری ذمے داری عاید کی ہے لیکن مظاہرین نے ان کے خلاف احتجاج جاری رکھا ہوا ہے اور وہ ان سے بھی مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایک سو سے زیادہ مجسٹریٹوں نے دارالحکومت الجزائر  میں وزارتِ عدل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مظاہرے کی اپیل مجسٹریٹس کلب نے کی تھی، یہ کلب حکومت کے حامی نیشنل مجسٹریٹس سینڈیکیٹ کے مقابلے میں قائم کیا گیا ہے۔

    مظاہرے میں شریک ملک کے جنوب مشرقی شہر الوادی سے تعلق رکھنے والے جج سعد الدین مرزوق نے کہا کہ مجسٹریٹس کلب نے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے اور وہ ان کی نگرانی نہیں کرے گی۔

    انھوں نے کہا کہ اس کلب کے ملک کی ہرعدالت میں ارکان موجود ہیں لیکن انھوں نے ان کی مخصوص تعداد نہیں بتائی ہے۔

  • حریت رہنما سید علی گیلانی کی بھارتی پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل

    حریت رہنما سید علی گیلانی کی بھارتی پارلیمانی انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل

    سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کشمیری عوام سے آئندہ پارلیمانی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم یکسوئی سے خو دکو اس عمل دور رکھے۔

    تفصیلات کے مطابق سید علی گیلانی نے بائیکاٹ کی اپیل کرتےہوئے کہا ہے کہ 71 سال سے انتخابی ڈھونگ رچانے کے باوجود کشمیری عوام کو درپیش مشکلات میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ کوئی بھی ذی شعور کشمیری جموں وکشمیر کی موجود ہ صورتحال سے مطمئن نہیں ہے۔

    انہوں نے کہاکہ نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ ، انتظامی استحصال اور عوام کودرپیش مسائل اوران کی مشکلات کا حل اگر انتخابات ہوتے تو 71سال سے یہ ڈھونگ رچایا جارہا ہے تاہم کشمیری عوام پر مظالم اور ان کو درپیش مشکلات میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔

    کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے سری نگر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہاکہ اگرچہ انتخابات کو جمہوری عمل کا ایک اہم ترین حصہ تصور کیا جاتاہے تاہم جس خطے کے عوام جمہوریت سے بالکل بھی روشناس نہ ہوں، جن کو ہر وقت جمہوریت کی قبا میں چنگیزیت اور سفاکیت کا سامنا کرنا پڑا ہو، جہاں ہر جمہوری اقدام کو قابض طاقتوں نے صرف اپنے غیر قانونی تسلط کو مضبوط کرنے کےلئے استعمال کیا ہواور جہاں پہلے سے تعینات 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجی نہتے کشمیریوں کو زیر کرنے میں ناکامی کے بعد اس ”جمہوری عمل“ کےلئے مزید سینکڑوں بٹالین فوج منگوائی گئی ہوںوہاں بندوقوں کے سائے میں انتخابات کا انعقاد ایک فوجی کارروائی کے علاوہ اور کچھ نہیں ۔

    کشمیری حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بڑے فوجی آپریشن کو انتخابات کے خوبصورت لباس میں پیش کرنے سے اس کی خصلت اور اس کی اصلیت تبدیل نہیں ہوسکتی ہے۔ سید علی گیلانی نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ جس قوم نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہوں اس کے پاس غاصب اور قابض طاقتوں کے سیاسی ڈراموں کا حصہ بننے کا کوئی اخلاقی یا اصولی جواز نہیں ۔انہوں نے سوال کیاکہ جن سیاسی ایوانوں میں کشمیریوں کےخلاف قانون سازی اور انکا گلاگھوٹنے کےلئے قراردادیں منظورکروائی جارہی ہوں اُس اسمبلی یا پارلیمنٹ میں جانے کا آخر کیا جواز ہے؟۔

    انہوں نے کہاکہ بھارت نواز سیاست داں کشمیری عوام کی اکثریت کی طرف سے انتخابی ڈھونگ کے بائےکاٹ کے بعد دو فیصد سے بھی کم ووٹ حاصل کر کے اپنی جیت کا جشن مناتے ہیں۔ کشمیری عوام کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے کیلئے نت نئے ڈراموں کاحوالہ دیتے ہوئے سید علی گیلانی نے کہاکہ بھارتی استعمار کے یہ مقامی چہرے لاکھ کوششوں کے باوجود اپنی حرص ،لالچ اور خونین ہاتھوں کو چھپا نہیں سکتے اور کشمیری عوام اُن کوحاصل اختیارات اور اُن کی جی حضوری سے اچھی طرح واقف ہے۔

    سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ سینکڑوں کشمیریوں کا قتل عام، دینی جماعتوں پر پابندی اور پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے کالے قوانین انہی بھارت نواز سیاست دانوں کی دین ہیں ۔سیدعلی گیلانی نے کشمیری عوام سے کہاکہ آج تمام بھارت نواز سیاست دان ایک بار پھر ووٹوں کے حصول کیلئے کشمیری عوام کو دلکش خواب دکھا رہے ہیں تاہم انہوں نے کہاکہ کشمیری شہداءکی قربانیاں ہمیں کسی بھی انتخابی ڈھونگ کا حصہ بننے سے روکتی ہیں جنہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    حریت چیئرمین نے لاسی پورہ پلوامہ میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے فوجی طاقت کے غرور اوراقتدار نے نشے نے جموںوکشمیر کو ایک میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے۔

  • جمال خاشقجی کیس، امریکا کا ریاض کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان

    جمال خاشقجی کیس، امریکا کا ریاض کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان

    واشنگٹن : امریکا نے سعودی سفارت خانے میں جمال خاشقجی کے مبینہ قتل پر ریاض میں منعقد ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں امریکی اخبار سے منسلک معروف صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی اور مبینہ قتل کے معاملے پر امریکا اور اتحادیوں نے ریاض میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ امریکا کے وزیر خزانہ اسٹفین میوچن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا تھا کہ امریکا سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کانفرنس میں نہ جانے کا فیصلہ صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی کے مبینہ قتل کے معاملے پر آئندہ ہفتے ریاض میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں امریکا کی عدم شرکت دیگر اتحادیوں کے ریاض کانفرنس میں شامل نہ ہونے کا باعث بنے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جمال خاشقجی قتل کیس پر عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے چیف، ڈچ اور فرانس نے بھی کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر یہ ثابت ہوگیا کہ لاپتا سعودی صحافی جمال خاشقجی


    مزید پڑھیں : سعودی صحافی کے قتل کی آڈیو حاصل کرلی،ترک حکام کا دعوی


    استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہلاک کیے گیے ہیں تو ریاض حکومت کو سخت سزا دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ سعودی صحافی کی گمشدگی سے متعلق ترک تحقیقاتی ٹیم نے دعوی کیا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل کی آڈیو حاصل کرلی ہے، جمال خاشقجی کو وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا اور لاش کے ٹکڑے کر کے تیزاب میں ڈالے گئے۔

    حکام نے دعوی کیا ہے خاشقجی کو قتل کرنے کیلئے پندرہ افراد ریاض سے استنبول پہنچے، جنہوں نے انوسٹیگشن کے نام پر سعودی صحافی کو قتل کیا۔

    دوسری جانب سعودی حکام نے سعودی صحافی کے قتل کے الزام کو مسترد کردیا۔

    امریکی صدر کا کہنا ہے ترکی کے پاس قتل کے ثبوت ہیں تو ہمیں فراہم کئے جائیں، آڈیومیں کیا ہے ہمیں بتایا جائے۔


    مزید پڑھیں : سعودی ولی عہد کے قریبی افسر کی نگرانی میں جمال خاشقجی کا مبینہ قتل ہوا، مغربی میڈیا


    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے، قتل میں سعودی خفیہ ایجنسی کے اعلیٰ افسران ملوث ہیں۔

    خیال رہے جمال خاشقجی کو دو اکتوبر کو سعودی عرب کے قونصل خانے کی عمارت کے اندر جاتے دیکھا گیا، جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہیں، وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر شدید تنقید کرتے رہے تھے اور یمن میں جنگ کے بعد ان کی تنقید مزید شدید ہوگئی تھی۔

  • طیب اردوگان نے آئی فونز سمیت دیگر امریکی مصنوعات پر پابندی لگادی

    طیب اردوگان نے آئی فونز سمیت دیگر امریکی مصنوعات پر پابندی لگادی

    انقرہ : ترک صدر طیب اردوگان نے امریکی آئی فونز اور الیکرانکس اشیاء سمیت دیگر امریکی مصنوعات پر پابندی لگانے اور ترکی میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو اضافی مراعات دنیے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت کی جانب سے ترکی پر عائد کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کے جواب میں ترک صدر طیب اردوگان نے ان تمام مصنوعات پر پابندی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’امریکی اشیاء پر پابندی عائد کرنے سے ترکی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا‘۔

    ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے امریکا کی تیار کردہ تمام الیکڑانکس مصنوعات سمیت ان تمام اشیاء پر پابندی عائد کرنے کا کہا ہے کہ جن پر ’میڈ ان امریکا‘ تحریر ہوگا۔

    یورو نیوز کے مطابق رجب طیب اردوگان کا کہنا تھا کہ دنیا میں تمام چیزوں کا متبادل موجود ہے، امریکا یہ نہ بھولے کہ مارکیٹ میں آئی فون کے ساتھ ساتھ سام سنگ بھی موجود ہے، اب ہم امریکی اشیاء کا بائیکاٹ کرکے دیگر مملکتوں کی اشیاء استعمال کریں گے۔

    ترک صدر کی جانب سے اعلان کی گیا کہ جو کمپنیاں ترکی میں سرمایہ کاری کریں گی ترک حکومت انہیں اضافی مراعات فراہم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی عوام کے ساتھ ڈالر کے خلاف کھڑے ہوں گے اور اپنی کرنسی کو مضبوط کریں گے۔

    طیب اردوگان کا مزید کہنا تھا کہ لیرا کی قدر میں اضافے اور بحالی کے لیے روس سمیت 4 ملکوں سے مقامی کرنسی میں تجارت کی جائے گی اور ساتھ ساتھ ملکی بقاء کی خاطر ترک شہریوں کو بھی امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا ہوگا تاکہ امریکا کا غرور ٹوٹ جائے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ترک صدر طیب اردوگان نے اپنی جماعت کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ترکی پر اقتصادی میزائل برسائے جارہے ہیں اور ملکی کرنسی کی قدر میں کمی واقع ہونا ان ہی میزائلوں میں سے ایک ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’ترکی اقتصادی طور پر ایک مضبوط ریاست ہے جو نہ کسی بحران سے دوچار ہے اور نہ ہی ملک کا دیوالیہ ہورہا ہے۔

    خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

  • یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا

    یومیہ الاؤنسز سے محروم پاکستان ہاکی ٹیم نے ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا

    لاہور : پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے احتجاجاً ایشین گیمز کا بائیکاٹ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ جیب خالی ہو توکارکردگی کیسے دکھائیں؟ قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم نے آئندہ ماہ انڈونیشیا میں ہونے والے ایشین گیمز کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑی تا حال یومیہ الاؤنسز سے بھی محروم ہیں، پی ایچ ایف کے جھوٹے وعدوں اور اعلانات سے گھر کا چولہا نہیں جلا سکتے۔

    ہماری جیبیں خالی ہوں گی تو پرفارمنس کیسے دیں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ خراب کارکردگی سے قوم کے سامنے شرمندہ ہونا نہیں چاہتے۔

    واضح رہے کہ اٹھارویں ایشین گیمز آئندہ ماہ انڈونیشیا میں 18 اگست سے منعقد ہوں گے جو جکارتہ اور پالمبنگ میں 2 ستمبر تک جاری رہیں گے، میگا ایونٹ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ کراچی میں لگا ہوا ہے۔

    پی ایچ ایف کی ناقص حکمت عملی کے باعث ہاکی کھلاڑیوں کو ان کے واجبات تک ادا نہیں کیے گئے ہیں، حکومت کی جانب سے گرانٹ نہ ملنے کی وجہ سے قومی پلیئرز کو گزشتہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کی دو کروڑ روپے کی ادائیگیاں نہیں کی جاسکی ہیں۔

    قومی ہاکی ٹیم کی ناقص کارگردگی، نگراں حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی

    سابق وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی نے پی ایچ ایف کیلئے18کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ جاری کرنے کے احکامات دیئے تھے، جسے موجودہ نگراں حکومت نے روک دیا تھا۔

    پاکستان ہاکی فیڈریشن کھلاڑیوں کی مقروض


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن میں حصہ لے کر قومی جرم اور گناہ کا حصہ نہیں بننا چاہتے: طاہرالقادری

    الیکشن میں حصہ لے کر قومی جرم اور گناہ کا حصہ نہیں بننا چاہتے: طاہرالقادری

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ الیکشن میں حصہ لے کر قومی جرم اور گناہ کا حصہ نہیں بننا چاہتے، کرپٹ ترین لوگ پاک صاف ہوکر الیکشن لڑنے آجاتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، طاہر القادری کا کہنا تھا کہ الیکشن سے مستحکم حکومت اور اسمبلی بنتے نہیں دیکھ رہا اور نہ ہی عوامی مسائل حل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری جیت اور ہار نظریے کے ساتھ ہے، ہماری جماعت الیکٹیبلز کی نہیں کارکنان کی جماعت ہے، الیکشن سے عوام کے مسائل حل ہوتے نہیں دیکھ رہا، کرپٹ اور چور پاک صاف ہوکر الیکشن لڑنے آجاتے ہیں۔


    ڈاکوؤں کو پھر اقتدار کا موقع ملا تو یہ پاکستان سے غداری ہوگی: طاہرالقادری


    سربراہ پاکستان عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ جدوجہد نظریے کے لیے ہے ہار جیت معنی نہیں رکھتی، جو انتخابی ماحول بنا ہے اس میں شرکت کا مطلب نظریہ چھوڑنا ہے، ہمارے کارکنان ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔

    طاہر القادری کا کہنا تھا کہ نظریے اور جدوجہد کی بقا اسی میں ہے کہ الیکشن کو رد کریں، جرائم پیشہ افراد بھی پاک وصاف ہوکر الیکشن لڑنے پہنچ گئے، اس طرح مسائل کبھی حل نہیں ہوں گے۔


    کرپٹ شہبازشریف کا چورسوئچ احدچیمہ کے پاس ہے: طاہرالقادری


    ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کو دھمکانے والے وہی لوگ ہوسکتے ہیں جن کو نیب سے خطرہ ہے، نیب جائیدادیں بنانے والے کرپٹ لوگوں کو الٹا لٹکا دے، نیب کیسز کو لمبا کرنے کے بجائے انجام تک پہنچائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کراچی کے بعد لاہور میں بھی پھلوں کا بائیکاٹ

    کراچی کے بعد لاہور میں بھی پھلوں کا بائیکاٹ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے سستے رمضان بازاروں میں بھی پھل مہنگے ہوگئے۔ کراچی والوں کی طرح لاہوریوں نے بھی پھلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے لگائے گئے لاہور کے سستے رمضان بازاروں میں آٹا، چینی اور کچھ سبزیاں سستی تو ضرور کر دی گئیں لیکن پھلوں کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں۔

    صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں شہریوں کی جانب سے 3 دن تک پھلوں کے بائیکاٹ کی خبریں جب سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں تو لاہوری بھی مہنگائی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور لوگوں کی بڑی تعداد نے پھل خریدنے سے اجتناب کرنا شروع کردیا۔

    مزید پڑھیں: اہل کراچی 3 دن پھلوں کا بائیکاٹ کریں گے

    کئی گھریلو خواتین نے بھی رمضان بازار میں پھلوں کی قیمتیں سن کر بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

    لوگوں کا ماننا ہے کہ اگر صرف غریب طبقہ ہی مہنگے پھل خریدنے سے انکاری ہو جائے تو ذخیرہ اندوزوں کا 50 فیصد نقصان ضرور ہو گا جو انہیں قیمتیں کم کرنے پر مجبور کر دے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کا ٹی او آر کمیٹی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ

    ایم کیو ایم کا ٹی او آر کمیٹی سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ نے چھاپوں اور گرفتاریوں کے خلاف حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کے رویوں پر احتجاجًا پاناما لیکس پر بننے والی اپوزیشن کی ٹی او آر کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن و پاکستان کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف احتجاجاً پاناما لیکس کی ٹی او آرز کمیٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’’کارکنان کی گرفتاریوں اور چھاپوں کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کی گئی تاہم حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے  اس مسئلے پر آواز بلند نہیں کی گئی۔ جو جمہوری معاشرے کےلیے مایوس کُن ہے‘‘۔

    رابطہ کمیٹی کے مشترکہ اجلاس میں تمام ممبران کی مشاورت کے بعد کئے جانے والے فیصلے کی قائد ایم کیو ایم نے بھی توثیق کردی ہے۔

    ایم کیوایم کے رہنماء ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ’’عوامی مسائل حل کرنے سے روکا جارہا ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کی سیاسی سرگرمیوں پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کردی گئی ہے‘‘۔

    پڑھیں :    گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم کے کارکنان کا شاہراہ فیصل پر احتجاج

    عامر لیاقت کا مزید کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم نے ہمیشہ لچک کا مظاہرہ کیا مگر دیگر جماعتوں کی جانب سے کوئی لچک نہیں دکھائی گئی، اگر ہم سے بات چیت کرکے ہمارے تحفظات دور کردئیے جائیں متحدہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرسکتی ہے‘‘۔

    مزید پڑھیں:     ایم کیو ایم کا اجتماعی گرفتاریاں دینے پر غور

    دوسری جانب کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی پاکستان و لندن کا اہم اجلاس دوبارہ شروع ہوگیا ہے، جس کے بعد ایم کیو ایم ساڑھے 6 بجے پریس کانفرنس کر کے اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

     

  • حمایت کریں یا مخالفت تباہی سندھ کا مقدر ہے، خواجہ اظہار الحسن

    حمایت کریں یا مخالفت تباہی سندھ کا مقدر ہے، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ گزشتہ 8 سالوں میں قائم علی شاہ کو بلامقابلہ منتخب کروانے میں اپوزیشن نے اہم کردار ادا کیا مگر پی پی نے اس کے بدلے شہری سندھ کا حال بدتر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ’’تمام آپشنز پر غور وفکر کرنے کے بعد ایم کیو ایم نے قائد ایوان کے انتخابات میں کسی امیدوار کی حمایت اور مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’قائد ایوان کی ووٹننگ کے ڈرامے سے خود کو علیحدہ کرلیا ہے، ہم کسی امیدوار کی حمایت کریں یا مخالفت تباہی سندھ کا مقدر بن چکی ہے، پی پی کا رویہ غیر جمہوری ہے نامزد وزیر اعلیٰ سمیت پیپلزپارٹی کی کسی بھی قیادت نے ایم کیو ایم سے ووٹنگ کے معاملے پر رابطہ نہیں کیا‘‘۔

    پڑھیں :                 مراد علی شاہ اور خرم شیر زمان نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے

     خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ ’’اسمبلی میں ہمارے مطالبات نہیں سننے جارہے ، ایوان میں ظالم اکثریت اپنی من مانی کررہی ہے، کل احتجاجاً قائد ایوان کے انتخابات سے بائیکاٹ کریں گے۔ پی پی نے رینجرز اختیارات کے معاملے میں کراچی اور اندرون سندھ کے ساتھ امتیازی سلوک رکھا‘‘۔

    اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی سندھ سید سردار احمد نے کہا ہے کہ  ’’ایم کیو ایم شراکتی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے مگر وزیر اعلیٰ کے انتخابات میں ہم کسی کی حمایت اور مخالفت نہیں کریں گے، ممبران اسمبلی میں سے کوئی بھی شخص ووٹننگ میں حصہ نہیں لے گا‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں :     امن وامان کو کنٹرول کرنا اولین ترجیح ہے ، مراد علی شاہ

     سید سردار احمد نے مزید کہا کہ ’’ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتے جس سے سب کچھ ختم ہوجائے، ایم کیو ایم نے بات چیت کے لیے ہمیشہ اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں‘‘۔

    ممبر سندھ اسمبلی محفوظ یار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ کراچی آپریشن میں ایم کیو ایم کے 133 کارکنان لاپتہ ہیں انہیں ہر صورت بازیاب کروایا جائے اور ماورائے عدالت قتل ہونے والے 66 افراد کے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے‘‘۔

    اسے پڑھیں :     پارٹی قیادت جو ہدایت کرے گی اُس پر عمل کریں گے، مراد علی شاہ

    محفوظ یار خان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم پُرامن اور جمہوریت پر یقین رکھنے والی جماعت ہے مگر ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے، روزِ اول سے کراچی آپریشن میں ہونے والی زیادتیوں کے خلاف آواز بلند کررہے ہیں ہمیشہ سے ہمارا یہی مطالبہ رہا ہے کہ کراچی آپریشن درست سمت میں کیا جائے اور ہمارے ساتھ ہونے والی ناانصافی کو بند کیا جائے مگر ہمیں انصاف فراہم کیے جانے کے بجائے جھوٹے الزامات کی بھر مار کی جارہی ہے اور کارکنان کو مسلسل گرفتار کیا جارہا ہے‘‘۔

    محفوظ یار خان نے مطالبہ کیا کہ میئر کراچی وسیم اختر اور روف صدیقی سمیت تمام بے گناہ کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے اور اگر کوئی مجرم ہے تو اُسے عدالتوں میں پیش کیا جائے۔