Tag: Brazil

  • کافی کی قیمتوں میں ڈیڑھ سال میں پہلی بار کمی

    کافی کی قیمتوں میں ڈیڑھ سال میں پہلی بار کمی

    برازیلیا : دنیا میں کافی کی پیداوار کے حامل ملک برازیل میں 18 ماہ بعد اس کی قیمتوں میں پہلی بار کمی سامنے آئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق براڈ نیشنل کنزیومر پرائس انڈیکس (آئی پی سی اے) کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ برازیل میں صارفین کے لیے کافی کی قیمتیں جولائی میں 1.01فیصد کم ہوگئیں یہ کمی گزشتہ ڈیڑھ سال میں پہلی بار ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 18 ماہ کے دوران کافی ملک میں مہنگائی کے اہم عوامل میں سے ایک رہی ہے، اس لحاظ سے برازیل دنیا کی دوسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔

    ماہ جولائی میں ریٹیل قیمتوں میں یہ کمی اس وقت سامنے آئی جب 2025 کی فصل کی کٹائی کے بعد کسانوں کو دی جانے والی قیمتیں کم ہوگئیں، برازیل میں فصل کی کٹائی اس وقت اپنے آخری مراحل میں ہے۔

    دوسری جانب عالمی منڈی میں کافی کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ بھی اسی کمی کا سبب ہے، اس اتار چڑھاؤ خاص طور پر اُس وقت اضافہ ہوا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برازیلی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔

    مزید پڑھیں : کافی ٹھنڈی پینی چاہیے یا گرم؟ نئی تحقیق

    گزشتہ ہفتے نیویارک کی مارکیٹ میں کافی کے مستقبل کے سودوں (فیوچرز کانٹریکٹ) کی قیمتوں میں 8 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ سرمایہ کاروں کو خدشہ تھا کہ یہ ٹیکس دنیا کے سب سے بڑے کافی صارف، امریکا اور سب سے بڑے کافی پیدا کنندہ و برآمد کنندہ ملک برازیل کے درمیان تجارت میں رکاوٹ ڈال سکتا ہے۔

  • برازیل سے کیسے تعلقات ہیں؟ چینی صدر کا بڑا بیان

    برازیل سے کیسے تعلقات ہیں؟ چینی صدر کا بڑا بیان

    چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ چین اور برازیل کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چینی اور برازیلین صدور کی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں ممالک کی معیشت کے لیے نئے کاروباری مواقعوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں دو طرفہ تجارت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ چین اور برازیل کو عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔

    دوسری جانب امریکا نے چین کے ساتھ ٹیرف معاہدے میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حکم نامے پر دستخط کردیے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق چین امریکا ٹیرف معاہدے کی مدت آج ختم ہو رہی تھی تاہم ٹرمپ نے صدارتی حکم پر دستخط کرتے ہوئے چین کے ساتھ ٹیرف معاہدے میں 3 ماہ کی توسیع کر دی۔

    اس موقع پر امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں پیش رفت متوقع ہے، چین اچھے برتاؤ کا مظاہرہ کررہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ چین امریکا سے سویابین کی خریداری میں 4گنا اضافہ کرے گا، یاد رہے کہ نئے صدارتی حکم کے تحت موجودہ ٹیرف ریٹ اگلے 3 ماہ تک نافذ رہے گا۔

    غزہ پر مکمل قبضے کا منصوبہ، ٹرمپ اور نیتن یاہو میں کیا بات ہوئی؟

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا اور چین نے جنیوا میں تجارتی مذاکرات کے بعد 90 دنوں کے لیے ٹیرف میں کمی کا اعلان کیا تھا ساتھ ہی اقتصادی اور تجارتی تعلقات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

  • برازیل کے سابق صدر کے پاؤں میں الیکٹرانک بیڑی ڈال دی گئی

    برازیل کے سابق صدر کے پاؤں میں الیکٹرانک بیڑی ڈال دی گئی

    برازیلیا: برازیل کے سابق صدر جائر بولسونارو کے پاؤں میں الیکٹرانک بیڑی ڈال دی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل کی سپریم کورٹ کے حکم پر سابق صدر بولسونارو کو الیکٹرانک اینکل ٹیگ لگا دیا گیا، عدالت نے ان پر انٹرویو دینے اور سوشل میڈیا پر آنے پر بھی پابندی لگا دی۔

    پولیس نے جمعہ کے روز جائر بولسونارو کے گھر اور سیاسی ہیڈ کوارٹر پر چھاپا مارا تھا، اور جائیدادوں کی تلاش کی اور سابق صدر کو ٹخنوں کا برقی ٹیگ پہننے کا حکم دیا۔ بولسونارو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اتحادی ہیں، ان پر غیر ملکی عہدیداروں سے بات کرنے یا سفارت خانوں سے رجوع کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

    سابق صدر پر پابندیاں اس لیے لگائی گئی ہیں کیوں کہ 2022 کے صدارتی انتخابات کے نتائج کو ختم کرنے کی مبینہ سازش پر ان کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ان کے ملک سے فرار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔


    عباس عراقچی کا انٹرویو، ٹرمپ نے سی این این سے معافی کا مطالبہ کر دیا


    جمعہ کے روز پولیس اسٹیشن کے باہر حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے بولسونارو نے ٹخنوں کے ٹیگ کو ’’اعلیٰ ذلت‘‘ قرار دیا اور کہا کہ انھوں نے ’’برازیل چھوڑنے کا کبھی سوچا بھی نہیں۔‘‘ انھوں نے کہا میرے ملک چھوڑنے کے شکوک شبہات دراصل مبالغہ آرائی ہے، حد ہو گئی ہے، میں ملک کا سابق صدر ہوں اور 70 سال کا ہوں۔‘‘

    سابق صدر نے اپنے خالف اقدامت کو بزدلی قرار دیا ہے، اور کہا کہ ایسا کچھ نہیں کیا جو اس طرح کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سابق برازیلین صدر بولسونارو کے خلاف کرپشن اور بغاوت جیسے الزامات کی تحقیقات جاری ہے، عدالت نے بولسونارو کے بیٹے کے اثاثے بھی منجمد کر دیے ہیں۔

  • امریکی صدر کی برازیل کو دھمکی

    امریکی صدر کی برازیل کو دھمکی

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برازیل پر 50 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کی دھمکی دے دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برازیل کے سابق صدر بلسونارو کے خلاف کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق برازیل کے صدر لولاڈا سلوا کی جانب سے سابق صدر بلسونارو کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے، بلسونارو کو صدارتی الیکشن ہارنے کے باوجود اقتدار پر قابض رہنے کی سازش کے الزام کا سامنا ہے۔

    برازیل کے صدر لولاڈا سلوا کے مطابق قانون سے بالاتر کوئی نہیں، کسی کی بھی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی، برازیلی صدر اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل کو نسل کشی بھی قرار دے چکے ہیں۔

    ٹرمپ کا تانبے پر ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ:

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اب امریکہ میں دوسرے ممالک سے آنے والے تانبے (Copper)پر 50 فیصد ٹیکس لگے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد اس اہم دھات کی ملکی پیداوار کو فروغ دینا ہے، یہ دھات الیکٹرک گاڑیوں، فوجی ساز و سامان، بجلی کے گرڈ اور متعدد اشیاء کی تیاری میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

    اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ دیکھیں گے کہ دوسرے ملکوں سے آنے والا تانبا امریکہ کی سکیورٹی کو کیسے متاثر کر رہا ہے۔

    امریکی صدر نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ آج ہم تانبے پر کام کر رہے ہیں، جو دھات کی درآمدات پر جاری تحقیق میں پیش رفت کی علامت ہے۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اس کے علاوہ جلد ہی فارماسیوٹیکل (ادویات) سے متعلق اعلان کیا جائے گا جو جنوری سے ان کی انتظامیہ کی جانب سے مختلف شعبہ جات پر عائد کیے گئے لیویز کی فہرست کو مزید وسعت دے گا۔

    رپورٹ کے مطابق اس نئے ٹیکس کی وجہ سے امریکہ میں تانبا مہنگا ہو گیا ہے، اس حوالے سے امریکی وزیرِ تجارت ہاورڈ لٹنک نے بتایا ہے کہ یہ نیا ٹیکس اس مہینے کے آخر تک لاگو ہو جائے گا۔ صدر ٹرمپ جلد ہی اس حکم نامے پر دستخط کردیں گے۔

    ادویات اور تانبا : ٹرمپ ٹیرف کے بھارتی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟

    واضح رہے کہ امریکہ ہر سال تقریباً 8 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن تانبا باہر سے منگواتا ہے، جو اس کی ضرورت کا تقریباً آدھا حصہ ہے۔ سب سے زیادہ تانبا چلّی یا پھر کینیڈا سے آتا ہے۔ تانبا بڑی تعداد میں فوجی آلات، بجلی کی گاڑیوں اور تعمیرات میں استعمال ہوتا ہے۔

  • لوگوں سے بھرے اڑتے گرم ہوا کے غبارے میں آگ لگ گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    لوگوں سے بھرے اڑتے گرم ہوا کے غبارے میں آگ لگ گئی، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    جنوبی برازیل میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں تفریح کرنے والوں سے بھرے گرم ہوا کے غبارے میں اچانک اڑتے ہوئے آگ لگی، اور اس واقعے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    سانتا کیٹرینا ریاست کے گورنر جوجینہو میلو نے X پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ہفتہ کی صبح پرایا گرانڈے شہر میں ہاٹ ایئر بلون پر 21 افراد سوار تھے، جب اس میں فضا میں آگ لگ گئی اور اس میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔

    اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں جلتے غبارے کو تیزی سے زمین کی طرف آتے دیکھا جا سکتا ہے، ریاستی حکومت کے پریس دفتر نے اطلاع دی کہ پائلٹ سمیت 13 افراد زندہ بچ گئے اور کوئی لاپتا نہیں ہے۔

    برازیل کی نیشنل سول ایوی ایشن ایجنسی (این اے سی) نے کہا کہ وہ طیارے اور عملے کی حالت کی تحقیقات کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔


    ویڈیو: 12 سالہ بچی زپ لائن ٹوٹنے سے 30 فٹ نیچے آگری


    پائلٹ کا کہنا تھا کہ ٹوکری کے اندر اچانک آگ شروع ہوئی تو اس نے غبارے کو نیچے کرنا شروع کر دیا، جب غبارہ زمین کے بالکل قریب تھا تو اس نے لوگوں کو چھلانگ لگانے کو کہا، لوگوں نے چھلانگیں لگانا شروع کیں، لیکن کچھ لوگ سنبھل نہیں پائے۔

    مرنے والوں میں ماں بیٹی بھی شامل تھی، اور ایک ماہر امراض چشم بھی بچ نہیں سکا، جب کہ بچ جانے والے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں پہنچایا گیا۔ بلون ٹور کمپنی حادثے کے بعد اپنی سرگرمیاں غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی ہیں۔

  • مصروف شاہراہ پر طیارے کی حیران کن ہنگامی لینڈنگ، لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، ویڈیو وائرل

    مصروف شاہراہ پر طیارے کی حیران کن ہنگامی لینڈنگ، لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، ویڈیو وائرل

    برازیل میں ایک چھوٹے طیارے کو اچانک مصروف ہائی وے پر رونگٹے کھڑے کر دینے والی ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، جسے دیکھ کر سڑک پر گاڑیوں میں محو سفر لوگوں کی چیخیں نکل گئیں۔

    ڈیلی میل کے مطابق برازیل کی ایک موٹر وے پر ایک طیارے کو مصروف شاہراہ پر کاروں اور لاریوں کے درمیان دل دہلا دینے والی ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی، معلوم ہوا کہ طیارے کا انجن ناکارہ ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے پائلٹ کو یہ خطرناک فیصلہ کرنا پڑا۔

    پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصروف شاہراہ پر ہنگامی لینڈنگ تو کی، لیکن لینڈنگ کے وقت ہلکے ہوائی جہاز کے پیچھے سفر کرنے والے کار سواروں کو یہ خوف لاحق رہا کہ طیارہ اترتے ہوئے گاڑیوں سے ٹکرا جائے گا اور بس کسی بھی لمحے سڑک پر قیامت خیز منظر نظر آئے گا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ کس خطرناک طریقے سے شاہراہ پر دوڑتی کاروں کے درمیان لینڈنگ کر رہا ہے، اور طیارے نے ایک بڑے ٹینکر کے عین آگے لینڈنگ کی، حتیٰ کہ ٹینکر کو بھی خود کو بچانا پڑا۔


    کوے کی انسانوں کی طرح بات کرنے کی ویڈیو وائرل


    رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے، پولیس کے مطابق طیارے میں 2 افراد سوار تھے، پائلٹ کا نام 29 سالہ میٹیوس رینان کالڈو اور مسافر کا نام ہوائی جہاز کا مالک، 71 سالہ تاجر والڈیمیرو جوز مینیلا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ کل دوپہر سے کچھ دیر قبل برازیل کی جنوبی ریاست سانتا کیٹرینا میں گورامیرم میں ایک ایروڈوم سے نکلا تھا۔

  • برازیل، خوفناک ٹریفک حادثے میں درجنوں گاڑیاں جل کر راکھ

    برازیل، خوفناک ٹریفک حادثے میں درجنوں گاڑیاں جل کر راکھ

    برازیل میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کئی گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق خوفناک حادثے کے باعث گاڑیوں میں آگ لگ گئی، جس سے 21 گاڑیاں اور 4 ٹرک جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے۔

    رپورٹس کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل بھی برازیل میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے تھے، تیز رفتار ٹرک چلتی کار کے اوپر جاگرا تھا، تاہم اس میں موجود افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔

    فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی تھی کہ مسافروں کی بس اور ٹرک کا تصادم جنوب مشرقی ریاست میناس گیرائس کے قصبے لاژینہ کے قریب پیش آیا تھا۔

    جنوب مشرقی برازیل کی ایک شاہراہ پر ایک مسافر بس اور ٹرک کے تصادم میں کم از کم 40 افراد جان سے گئے۔

    خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ ابتدائی طور پر فائر فائٹرز نے بتایا کہ 45 مسافروں کو لے جانے والی بس کا ٹائر پھٹ گیا تھا، جس کی وجہ سے ڈرائیور کنٹرول کھو بیٹھا اور فیڈرل ہائی وے پر آنے والے ٹرک سے تصادم ہو گیا۔

    13زخمی افراد کو تھیوفیلو اوتونی کے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بد قسمت بس ساؤ پالو سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں 45 مسافر سوار تھے۔

    مذکورہ بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک کار بھی بس سے ٹکرا گئی، لیکن اس کار کے تینوں مسافر زندہ بچ گئے۔

    تمام زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے، فائر فائٹرز کا کہنا ہے کہ حادثہ 32 سے 35 جانیں لے گیا۔

    برازیلی میڈیا آؤٹ لیٹ گلوبو کے مطابق، حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، اور پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔

    برازیل میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، متعدد ہلاک

    گلوبو نے فیڈرل ہائی وے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ جس ہائی وے پر حادثہ پیش آیا وہ 2023 میں ملک کی سب سے مہلک ترین سڑک تھی۔

  • ایئر پورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، ویڈیو وائرل

    ایئر پورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، ویڈیو وائرل

    ساؤ پالو: برازیل کے ایک ایئرپورٹ پر کھڑے جہاز پر آسمانی بجلی گر پڑی، یہ منظر کیمرے میں محفوظ ہو گیا ہے۔

    برازیل میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، خراب موسم کے سبب درجنوں پروازیں منسوخ ہو گئیں، کئی علاقوں میں اسکول بھی بند ہو گئے۔

    بارشوں کے دوران گزشتہ روز گوارولہوس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر کھڑے برٹش ایئرویز کے ایک مسافر طیارے پر آسمانی بجلی گری، جس کے دل دہلا دینے والے مناظر پر مبنی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    بتایا جا رہا ہے کہ بجلی گرنے کے باعث طیارے کو معمولی نقصان پہنچا تھا، تاہم حفاظتی جانچ پڑتال اور مرمت کے بعد اس نے اپنی منزل کی جانب کامیابی سے پرواز اڑان بھری۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوائی جہاز کی دُم پر بجلی گر رہی ہے، آسمانی بجلی تقریباً 7-8 سیکنڈ تک برقرار رہی، اور کئی بار ہوائی جہاز سے ٹکرائی۔

    بندروں نے پڑھائی میں مصروف لڑکی کو چھت سے دھکا دے کر گرا دیا

    اس طیارے نے لندن کے لیے پرواز کرنا تھی، جسے واقعے کے بعد معائنے کے لیے فوری طور پر سروس سے ہٹا دیا گیا تھا، طیارہ مقررہ وقت سے تقریباً 6 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوا۔

    واضح رہے کہ ہوائی جہازوں پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، تاہم کمرشل طیارے بجلی سے بچاؤ کے جدید نظاموں سے لیس ہوتے ہیں، جو مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

  • برازیل کے سیاحتی شہر میں طیارہ گر کر تباہ، سوار تمام افراد ہلاک

    برازیل کے سیاحتی شہر میں طیارہ گر کر تباہ، سوار تمام افراد ہلاک

    گراماڈو: برازیل میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے، واقعے کے بعد تباہی کے منظر پر مبنی ایک ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو برازیل کے سیاحتی جنوبی شہر گراماڈو کے وسطی علاقے میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام دس افراد ہلاک ہو گئے۔

    طیارہ پہلے ایک عمارت کی چمنی سے ٹکرایا، اور اس کے بعد ایک مکان کی دوسری منزل سے ٹکرا گیا، اور پھر فرنیچر کی دکان پر جا گرا۔

    ریاستی سول پولیس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی کہ طیارے میں کوئی بھی زندہ نہیں بچا ہے، طیارے نے سیاحتی شہر کینیلا کی میونسپلٹی سے اڑان بھری تھی، گراماڈو برازیل کا ایک مشہور سیاحتی شہر ہے، جہاں کرسمس کے موسم میں سیاحوں کی خاصی آمد ہوتی ہے۔

    ریو گرانڈے ڈو سل کے گورنر نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے کا مالک اور پائلٹ لوئیز کلاڈیو گیلیزی دیگر 9 مسافروں کے ساتھ ہلاک ہو گیا، یہ تمام مسافر ان کے خاندان کے افراد تھے۔ حادثے کی وجہ سے زمین پر موجود 17 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے 12 اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جن میں 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔

    طیارہ 1990 میں بنا تھا، اور یہ جڑواں انجن والا پائپر PA-42-1000 تھا، جس نے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد قریبی کینیلا ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور ناموافق موسمی حالات میں ساؤ پالو ریاست کے جنڈیائی کی طرف جا رہا تھا۔

    طیارے کی تباہی کے بعد اس کا ملبہ دور تک بکھر گیا تھا، شہر میں اس کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں، کہ شہر میں ایسے مصروف وقت میں یہ حادثہ پیش آیا۔

  • جج کی دھکمیوں پر X نے برازیل میں آپریشن بند کرنے کا اعلان کر دیا

    جج کی دھکمیوں پر X نے برازیل میں آپریشن بند کرنے کا اعلان کر دیا

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم X نے برازیل میں آپریشنز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایکس نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ وہ برازیل میں اپنا کام بند کر دے گا، پلیٹ فارم کا کہنا ہے کہ برازیل کی سپریم کورٹ کے جسٹس الیگزینڈر موریس نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کریں گے تو وہ برازیل میں اس کے قانونی نمائندے کو گرفتار کر لیں گے۔

    ایکس حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے برازیل کے جج کی جانب سے سنسر شپ آرڈرز کے بعد برازیل میں کام بند کرنے کا فیصلہ کیا، جج الیگزینڈر موریس نے برازیل میں ایکس کے ایک قانونی نمائندے کو خفیہ طور پر دھمکایا، اور کچھ مواد نہ ہٹانے پر گرفتاری کی دھمکی بھی دی۔

    جج کے دستخط شدہ کچھ دستاویزات بھی شائع کی گئی ہیں، جن میں فیصلے پر عمل نہ کرنے پر روزانہ کی بنیاد پر 3600 ڈالر جرمانے اور برازیل میں ایکس کے نمائندے کی گرفتاری کا حکم شامل ہے۔ 2022 میں برازیل کی سپریم کورٹ نے مقبول پیغام رسانی کی ایپلی کیشن ٹیلی گرام کو بلاک کرنے کا حکم دیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق X حکام نے کہا کہ وہ برازیل میں اپنے باقی تمام عملے کو بھی فوری طور پر ہٹا رہا ہے، تاہم کمپنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایکس سروس برازیل کے لوگوں کے لیے پھر بھی دستیاب رہے گی۔ اس پس منظر میں کمپنی نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ اگر وہ برازیلیوں کو ایکس خدمات فراہم کرتے رہیں گے، تو اپنے آپریشنز کو معطل کرنے کا دعویٰ کیسے کیا۔

    واضح رہے کہ رواں برس کے آغاز میں پلیٹ فارم کی جج ڈی موریس کے ساتھ X پر آزادانہ گفتگو، انتہائی دائیں بازو کے اکاؤنٹس اور غلط معلومات پر جھڑپ ہوئی تھی، کمپنی نے کہا کہ جج کے حالیہ احکامات سنسرشپ کے مترادف ہیں، کمپنی نے X پر دستاویز کی ایک کاپی بھی شیئر کی تھی، جس پر ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے سپریم کورٹ کے پریس آفس کو ای میلز بھیجیں تاہم وہاں سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔