Tag: Brazil

  • ایمزون میں آتشزدگی: برازیلین صدر نے فوج کو مدد کیلئے بلالیا

    ایمزون میں آتشزدگی: برازیلین صدر نے فوج کو مدد کیلئے بلالیا

    برسیلیا : برازیلین صدر ایمزون کے جنگل میں ہونے والی آتشزدگی پر قابو پانے کےلیے مسلح افواج کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رین فاریسٹ کی خاصیت رکھنے والے یہ جنگل یعنی جہاں بارشیں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، دنیا میں موجود برساتی جنگلات کا 60 فیصد حصہ ہیں، سائنسدانوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ایمزون میں ہونے والی آتشزدگی پر جلد قابو نہ پایا گیاتو موسمیاتی تبدیلیوں خلاف کی جانے والی کوششیں پر مضر اثرات مرتب ہوں گے۔

    صدر جیر بولسونارو نے ایک جاری کردہ حکم نامے کے تحت مسلح افواج کو قدرتی ذخائر، اپنی زمین اور سرحدوں کی حفاظت کا حکم دیا۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برازیلین صد رنےمذکورہ اقدام یورپین رہنماؤں کی جانب سے دنیا کے پیھپٹروں کو بچانے کےلیے دئیے دباؤ کے بعد اٹھایا ہے۔

    صدر بولسونارو نے دوسری قوموں کے رد عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور زور دیتےہوئے کہا کہ برساتی جنگل کی آگ کو "پابندی عائد کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال نہیں کیا جاسکتا”۔

    برازیلین صدر کاردعمل فرانس اور آئرلینڈ کے بیان کے بعد سامنے آیا تھا جس میں دونوں ممالک نے برازیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگربرازیل ایمزون میں لگی آگ پر قابو نہ پایا گیا تو ہم جنوبی امریکی ممالک سے بڑے تجارتی معاہدے کی توثیق نہیں کریں گے۔

    فرانسیسی وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ یورپی یونین برازیل سے درآمد ہونے والے گوشت پر پابندی لگائی جائے ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے لیے سرگرمیاں انجام دینے والے گروپس نے جمعے کے روز برازیل کے دارالحکومت براسیلیا سمیت دنیا بھر میں دنیا کے سب سے بڑے جنگل ایمزون میں بھڑکنے والی خوفناک آگ پر کئی دن گزرنے کےبعد بھی قابو نہ پانے پر مظاہرے کیے ہیں۔

    ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں برس ایمزون کے جنگل میں جنوری سے اگست تک 72 ہزار843 مرتبہ آگ بھڑک چکی ہےجو کہ گزشتہ سال کی نسبت 85 فیصد زیادہ ہے۔ جبکہ 2018 40 ہزار اور 2016 میں 68 ہزار مرتبہ لگی تھی۔

    خیال رہے کہ پیرو کے روز ایمزون کے جنگل میں ہولناک آگ بھڑکنے کے بعد 2700 کلومیٹر دور واقع شہر ساؤ پالو میں بھی دھوئیں کے گھنے و کالے بادلوں کے باعث اندھیرا چھاگیاتھا۔

    ایمزون کے جنگلات دنیا کی فضا کو آکسیجن فراہم کرنے میں اپنا 20 فیصد حصہ ڈالتے ہیں اورانہیں دنیا کے پھیپھڑوں سے تشبیہ دی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ ایمزون کا جنگل 30 لاکھ اقسام کے درختوں، پودوں ، جانوروں اور دس لاکھ مقامی باشندوں(جنگلی قبائل) کا گھر ہے۔

    سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ کے سبب برازیل میں دھویں کے بادل چھائے ہوئے ہیں جنہوں نے کئی شہروں کو اندھیرے میں ڈبو دیا ہے۔

  • جیل میں دو گروہ کے درمیان خونی تصادم، 40 قیدی ہلاک

    جیل میں دو گروہ کے درمیان خونی تصادم، 40 قیدی ہلاک

    ساؤ پاؤلو : برازیلن جیل میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 40 افراد ہلاک ہوگئے، دونوں گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کی جیل میں قیدیوں اور ان کے مہمانوں کے دو گروہ کے درمیان خوں ریز تصادم میں ہلاکتوں کی تعداد 40 ہوگئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کی ایک خطرناک جیل میں قیدیوں کے درمیان جھڑپ سے جیل میدان جنگ بن گیا، قیدیوں نے چاقوﺅں، خار دار برشوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ قیدیوں کے دو گروہ کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب مہمانوں کی ملاقات کا وقت تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق مہمانوں کے گروہ کے درمیان بھی جھڑپ شروع ہوگئی، پولیس نے فساد پر قابو پانے کے لیے مزید نفری طلب کی جس کے بعد ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے اکثر تیز دھار آلہ کی ضرب کا نشانہ بنے جب کہ کچھ قیدیوں کو گلا گھونٹ کر بھی ہلاک کیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ جیل شمالی برازیل کی ریاست ایمیزوناس میں واقع ہے اور دو برس قبل اسی جیل میں قیدیوں کی بغاوت کو کچلنے کے دوران 56 قیدی مارے گئے تھے۔

  • برازیل: نائٹ کلب میں فائرنگ، 6 خواتین سمیت11 افراد ہلاک

    برازیل: نائٹ کلب میں فائرنگ، 6 خواتین سمیت11 افراد ہلاک

    بیلم : برازیل کے شہر بیلم میں نائٹ کلب میں فائرنگ سے 11 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے شہر بیلم کے نائٹ کلب میں حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کرکے چھ خواتین سمیت گیارہ افراد کو ہلاک کردیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے نائٹ کلب کو گھیرے میں لے لیا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے حوالے سے مقامی میڈیا پر متضاد خبریں گردش کررہی ہیں تاہم سرکاری حکام اس کی تصدیق نہیں کررہے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی تعداد سات تھی جو ایک موٹرسائیکل اور تین گاڑیوں میں نائٹ کلب آئے تھے۔

    برازیل اسکول میں فائرنگ، طالب علموں سمیت 8 افراد ہلاک

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں برازیل کے شہر ساؤپاؤلو میں واقع ایک اسکول میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب اسکول کے گراؤنڈ میں طالب علم اور عملہ ایک ساتھ موجود تھے۔

    واضح رہے کہ دسمبر 2018 میں برازیل کے شہر کیمپیانز کے چرچ میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے 5 افراد کو قتل کرکے خود کو گولی مار لی تھی۔

  • ساؤپالو: بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام، 10 ڈاکوہلاک، پندرہ فرار

    ساؤپالو: بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام، 10 ڈاکوہلاک، پندرہ فرار

    ساؤپالو: برازیل میں پولیس نے بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی، مقابلے میں دس ڈاکو مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق برزیل کے شہر ساؤپالو میں پولیس کی ایک بڑی کارروائی سامنے آئی، بینک ڈکیتی کی کوشش کانام بناتے ہوئے دس ڈاکوؤں کو بھی ہلاک کردیا جبکہ پندرہ فرار ہوگئے۔

    برازیلی میڈیا کے مطابق ڈکیتی کی یہ کوشش ساؤ پالو کے نجی بینک میں کی گئی، سیکیورٹی الارم بجتے ہی پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر بینک کو اپنے حصار میں لے لیا۔

    بعد ازاں ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جوابی کارروائی میں دس مشتبہ ڈاکو موقع پر مارے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا پچیس رکنی گینگ تھا جو پانچ گاڑیوں میں جدید اسلحے سے لیس ہوکر پوری تیاری کے ساتھ آیاتھا۔

    پولیس نے فرار ہونے پندرہ ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، پولیس کی جانب سے یہ کارروائی اہم اور بڑی تصور کی جارہی ہے، پولیس نے دیگر ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے۔

    ساؤپالو میں کرائم کی واردات معمول بن چکی ہے۔خیال رہے کہ گذشہ ماہ 13اسی شہر میں مارچ کو اسکول میں دو نوجوان طالب علموں نے فائرنگ کر کے آٹھ افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کر دیا تھا۔

    ساؤپالو: پرتشدد واقعات میں 12افراد ہلاک

    یاد رہے کہ جنوری 2014 میں ساؤ پالو میں چند گھنٹوں کے دوران فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں بارہ افراد ہلاک ہوئے تھے، پولیس کا کہنا تھا کہ ساؤ پالو کے شمالی علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے تین گھنٹے کے دوران ایک ہی طریقہ کار سے بارہ افراد کو موت کے گھاٹ اتارا۔

  • فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا سے سفیر واپس بلا لیے

    فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا سے سفیر واپس بلا لیے

    یروشلم : مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلانات کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا میں تعینات اپنے سفیر واپس بلا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے نائب وزیرخارجہ عمار حجازی نے بتایا کہ برازیل اور آسٹریا کی طرف سے بیت المقدس میں سفارتی دفاتر کھولنے کے اعلانات کے بعد ان ملکوں میں تعینات فلسطینی سفیروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی سفیروں کی واپسی ان دونوں ملکوں کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لینے کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔

    عمار حجازی کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا صدر مقام تسلیم کرنے والے ممالک کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    عمار حجازی نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو برازیل اور آسٹریا کے فیصلوں پر سخت تشویش ہے اس طرح کے اقدامات اور اعلانات مشرقی یروشلم سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی توہین کے مترادف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برازیل اور آسٹریا کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا ذمہ دار امریکا ہے اگر امریکی حکومت ایسا فیصلہ نہ کرتی تو یہ دونوں ملک بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نہ کرتے۔

    مزید پڑھیں : برازیل کا یروشلم میں سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان

     برازیل کے صدر ڑائیر بولسونارو نے یکم اپریل کو دورہ اسرائیل کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    برازیلین صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ یروشلم میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    برازیلین صدر بولسونارو کی جانب سے یروشلم میں ایک سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے واضح تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

    گذشتہ ماہ آسٹریا بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد وہاں پر اپنا ایک نمائندہ دفتر قائم کر چکا ہے۔

  • ایمازون کے جنگلات میں مردہ وہیل دریافت

    ایمازون کے جنگلات میں مردہ وہیل دریافت

    جنوبی امریکا کے ملک برازیل میں واقع ایمازون کے جنگل میں ہمپ بیک وہیل مردہ پائی گئی جس نے ماہرین کو حیران کردیا۔

    11 میٹر طویل اور 10 ٹن وزنی یہ وہیل ایمازون جنگلات کے درمیان ایک جزیرے میں پائی گئی جہاں تیمر کے جنگلات موجود ہیں۔

    گو کہ سمندری حیات کا ساحل پر آجانا کوئی غیر معمولی بات نہیں تاہم ماہرین حیران ہیں کہ یہ وہیل جنگل کے اتنے اندر تک کیسے آگئی۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مقام پر پرندوں کے جھنڈ دیکھے جو وہیل کی لاش کھانے کے لیے وہاں اترے ہوئے تھے۔ پرندوں کو دیکھتے ہوئے انہیں کچھ غیر معمولی حالات کا احساس ہوا جس کے بعد وہ وہاں پہنچے۔

    مزید پڑھیں: قوی الجثہ وہیل کی ہوا میں اچھلتی ہوئی ویڈیو وائرل

    وہیل کی لاش کا معائنہ کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ لاش کئی دن پرانی ہے۔ رناتا ایمن نامی ایک وائلڈ لائف پروفیسر کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ وہیل ساحل تک آگئی ہو جس کے بعد کسی اونچی لہر نے اسے جنگل میں اٹھا پھینکا ہو۔

    نہ صرف اس وہیل کے جنگل کے اس حصے تک پہنچنے، بلکہ اس علاقے میں وہیل کی موجودگی نے ہی ماہرین کو حیران کر رکھا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہمپ بیک وہیل عام طور پر اگست سے نومبر کے درمیان جنوبی برازیل کے ساحلوں پر ہوتی ہیں۔ ان کا اتنی دور ہزاروں کلومیٹر شمال تک سفر کر کے آنا وہ بھی اس موسم میں نہایت حیران کن ہے۔

    تاحال وہیل کی موت کا سبب بھی اندھیرے میں ہے، مقامی حکام کے مطابق اس مقام تک پہنچنا اور پھر وہاں سے وہیل کی لاش کو اٹھانا نہایت مشکل عمل ہے کیونکہ یہ سارا علاقہ دلدلی ہے۔

  • برازیل: ڈیم ٹوٹنے کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 110 ہوگئی

    برازیل: ڈیم ٹوٹنے کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 110 ہوگئی

    براسیلیا: برازیل میں لوہے کی کان سے نکلنے والا فضلہ روکنے کے لیے بنایا گیا ڈیم ٹوٹنے سے اب تک 110 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست میناس جیرائس کے شہر بروما دنہو میں لوہے کی کان سے نکلنے والا فضلہ روکنے کے لیے تعمیر کردہ گردہ ڈیم ٹوٹنے سے اب تک ایک سو دس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 238 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ حادثے کے بعد کوئی بھی شخص زندہ بچایا نہیں جاسکا۔

    گذشتہ ہفتے جمعے کے روز ہونے والے اس حادثے کے باعث سیکڑوں گھر تباہ ہوئے، جبکہ شہر کا جنوبی حصہ بری طرح متاثر ہوا، حکام نے ہرممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برازیل کی ریاست میناس جیرائس میں متاثرہ علاقے برومڈینو میں ریسکیو عملہ بھاری مشینری کے ذریعے لاپتہ افراد کو تلاش کررہا ہے۔

    امریکا کے سب سے بڑے ڈیم کے ٹوٹنے کا خطرہ ٹل گیا

    صوبے کے گورنر رومیو زیما نے حادثے کے بعد کہا تھا کہ لاپتہ افراد کے زندہ برآمد ہونے امکانات انتہائی کم ہیں جبکہ متعدد افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

    گورنر رومیو زیما نے یہ بھی کہا تھا کہ جمعے کے روز 100 کے قریب فائر فایئٹر رسیکیو آپریشن میں شریک تھے جبکہ ہفتے کو مزید 100 ریسکیو اہلکار آپریشن میں شامل ہوئے ہیں۔

  • برازیل: جیئر بولسونارو نے ملک کے نئے صدر کا حلف اٹھا لیا

    برازیل: جیئر بولسونارو نے ملک کے نئے صدر کا حلف اٹھا لیا

    براسیلیا: برازیل میں دائیں بازو کے سیاستدان جیئر بولسونارو نے ملک کے نئے صدر کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے دارالحکومت براسیلیا میں حلف برداری کی تقریب ہوئی جہاں دائیں بازو کے سیاستدان جیئر بولسونارو نے ملک کے نئے صدر کا حلف اٹھایا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عہدہ صدارت پر فائز ہونے کے بعد اپنی پہلی تقریر میں صدر جیئر نے ملک سے کرپشن اور جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے اپنی تقریر میں برازیل میں آئین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا، نئے صدر کا کہنا تھا کہ میں وعدہ کرتا ہوں ملکی ترقی کے لیے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جو پہلے نہیں ہوئے۔

    خیال رہے کہ چیئر بولسونارو نے چاہ ماہ قبل صدارتی انتخابات میں کامیابی کے لیے بھرپور مہم چلائی تھی، اس دوران ان پر جان لیوا حملہ بھی ہوا تھا۔

    انہیں ایک ریلی کے دوران چھرے سے وار کرکے شدید زخمی کردیا گیا تھا، بعد ازاں اسپتال میں زندگی اور موت کی جنگ جیتنے کے بعد انہوں نے الیکشن میں بھی میدان مار لیا۔

    واضح رہے کہ مخالف جماعت ’دی ورکر پارٹی‘ کی ملک میں بڑی عوامی سپورٹ حاصل تھی اور وہ چار بار صدارتی انتخابات بھی جیت چکی تھی تاہم گذشتہ سال اکتوبر سے برازیل میں انتشار کے باعث اس جماعت نے عوامی ووٹ کھو دیا۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئے صدر کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی افتتاحی تقریر کی تعریف کی اور برازیل کو امریکا کے ساتھ کا یقین دلایا۔

  • زمین پرقدرت کا سب سے حیرت انگیزشاہکار۔۔ ایمزون کا جنگل

    زمین پرقدرت کا سب سے حیرت انگیزشاہکار۔۔ ایمزون کا جنگل

    دنیا میں حیات کی بقا کے لیے جنگلوں کا وجود بے حد ضروری ہے اور ان جنگلوں میں سب سے اہم جنگل ایمزون کا ہے جسے اس زمین کے پھیپھڑے بھی کہا جاتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ جنگل ساڑھے پانچ کروڑ سال پرانا ہے، ایمزون کا جنگل دنیا کے 9 ممالک تک پھیلا ہوا ہے، جس میں سرفہرست برازیل ہے اور اس کا کل رقبہ 55 لاکھ مربع کلومیٹر پر محیط ہے، جبکہ پاکستان کا رقبہ 7 لاکھ 95 ہزار مربع کلومیٹر ہے۔

    ایمزون یونانی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ’جنگ جوعورت ‘ کے ہیں۔ یہاں 400 سے زائد جنگلی قبائل آباد ہیں، ان کی آبادی کا تخمینہ 45 لاکھ کے قریب بتایا گیا ہے۔ یہ لوگ اکیس ویں صدی میں بھی جنگلی انداز میں زندگی گذاررہے ہیں۔

    زمین کی 20 فیصد آکسیجن صرف ایمزون کے درخت اور پودے پیدا کرتے ہیں جبکہ دنیا کے 40 فیصد جانور ، چرند، پرند، حشرات الارض بھی یہیں ایمزون میں ہی پائے جاتے ہیں۔ اس تاریخی جنگل کے کچھ علاقے اتنے گھنے ہیں کہ وہاں سورج کی روشنی نہیں پہنچ سکتی اور دن میں بھی رات کا سماں ہوتا ہے۔

    یہاں جانوروں کے علاوہ رینگنے والے کیڑوں کی بھی کئی ایک اقسام پائی جاتی ہیں ، ایسے زیریلے حشرات الارض بھی پائے جاتے ہیں کہ اگر کسی انسان کو کاٹ لیں تو دنیا کی کوئی دوا کارگر ثابت نہ ہو اور وہ چند سیکنڈ میں مرجائے ۔

    ایمزون نامی اس طلسماتی جنگل کی بقا کا دارومداردیائے امیزون پر ہے ، جو کہ پانی کی مقدار کے اعتبار سے دنیا کا سب سے بڑا دریا ہے اوراس کی لمبائ 7ہزار کلومیٹر ہے۔ دریائے ایمزون میں مچھلیوں کی 30 ہزار اقسام پائی جاتی ہیں جو کہ دنیا کے اور کسی بھی دریا کی نسب کئی گنا زیادہ ہیں۔

    ایمزون کے جنگلات میں 60 فیصد جاندار ایسے ہیں جو ابھی تک بے نام ہیں، یہاں کی مکڑیاں اتنی بڑی اور طاقتور ہوتی ہیں کہ پرندوں تک کو دبوچ لیتی ہیں۔ یہی نہیں بلکہ اور کئی چیزوں کی طرح یہاں پھلوں کی بھی 30 ہزار اقسام پائی جاتی ہیں۔

    مہم جو اور ماہرینِ حیاتیات ابھی تک اس جنگل کے محض 10 فیصد حصے کو ہی دریافت کرسکے ہیں اور باقی حصہ دریافت کرنا ابھی باقی ہے ،اگر آپ ایمزون کے گھنے جنگلات میں ہوں اور موسلا دھار بارش شرع ہوجائے تو جنگل کے گھنے پن کے سبب تقریبا 12 منٹ تک آپ تک بارش کا پانی نہیں پہنچے گا۔

    یقیناً یہ جنگل کرہ ارض پر قدرت کا سب سے بڑا عجوبہ ہے جو ہمہ وقت مہم جوئی کے شوقین افراد کو چیلنج کرتا ہے کہ آؤ اور مجھے دریافت کرو۔

  • برازیل کے 200 سال پرانے میوزیم میں آتشزدگی

    برازیل کے 200 سال پرانے میوزیم میں آتشزدگی

    ساؤ پولو: برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں قائم ملک کے 200 سال قدیم نیشنل میوزیم میں آگ بھڑک اٹھی ہے، فائر فائٹرزعمارت میں آگ پرقابو پانے کی کوشش کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کے دن ریو ڈی جنیرو میں واقع قدیم ترین نیشنل میوزیم کے بند ہونے کے بعد اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    عمارت میں لگنے والی آگ پرقابو پانے کے لیے فائر فائٹرز پوری کوشش کررہے ہیں۔ نیشنل میوزیم میں موجود قدیم نوادرات کی 2 کروڑ اشیا شامل ہیں۔

    برازیل کے صدر مائیکل ٹیمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں نیشنل میوزیم میں آگ لگنے کے واقعے کو برازیل کے لیے افسوس ناک دن قرار دیا ہے۔

    دوسری جانب برازیل کے ٹی وی کو انٹرویو میں نیشنل میوزیم کے ڈائریکٹر نے اسے تقافتی سانحہ قرار دیا۔

    واضح رہے کہ یہ میوزیم کبھی پرتگال کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ ہوا کرتا تھا اور رواں سال کی ابتدا میں اس کی تعمیر کا 200 سالہ جشن منایا گیا تھا۔