Tag: breaks

  • بلا اجازت گھر میں داخل ہونے والا شخص جاتے ہوئے  کھانے کا معاوضہ چھوڑ گیا

    بلا اجازت گھر میں داخل ہونے والا شخص جاتے ہوئے کھانے کا معاوضہ چھوڑ گیا

    امریکا میں ایک نامعلوم شخص ایک بند گھر کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوا، غسل کیا، کھانا کھایا اور جاتے ہوئے مالک کے لیے 200 ڈالر چھوڑ دیے۔

    امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نیو میکسیکو میں 34 سالہ ٹیرل کرسٹیسن کو کھڑکی توڑ کر بغیر اجازت گھر میں گھسنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    اس نے بتایا کہ وہ شدید سردی سے پریشان تھا اور گھر سے باہر جاتے ہوئے 200 ڈالر کی رقم گھر کے اندر واضح جگہ پر رکھ کر باہر نکلا تھا۔

    ٹیرل نے ایک مکان میں کسی کو نہ دیکھ کر پہلے اس کی کھڑکی توڑی اور اندر داخل ہوا، وہاں اس نے گرم پانی سے غسل کیا، کھانا کھایا اور بیئر بھی پی تھی۔

    جیسے ہی وہ گھر سے باہر نکلا اس کا سامنا گھر کے مالک سے ہوگیا۔ ٹیرل نے اس سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ 200 ڈالر گھر میں چھوڑ کے آیا ہے جو کھانے اور کھڑکی توڑنے کی مد میں اس کی رقم ہے۔

    اس نے پولیس اور مالک کو بتایا کہ وہ تیز ہوا اور برفباری سے پریشان تھا اور خدشہ تھا کہ اگر دیر ہوگئی تو وہ سردی سے ٹھٹھر کر مرجائے گا۔

    اس نے اعتراف کیا کہ یہ ایک غلط کام تھا لیکن وہ بھوک سے نڈھال اور سردی سے بے حال بھی تھا۔ گھر کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ ٹیرل پکڑے جانے پر شدید شرمندہ تھا اور بار بار اس نے معافی مانگی تھی۔

    جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ کھڑکی توڑ کر کسی کے گھر میں بلا اجازت داخل کیوں ہوا تو اس نے بتایا کہ ٹیکسس میں اس کے اہل خانہ کو کسی نے قتل کردیا ہے اور وہ کسی سے جان بچانے کے لیے بھاگ رہا ہے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

  • مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے والی گلوکارہ

    مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے والی گلوکارہ

    نیویارک: امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا زیادہ ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا اور سال کی بہترین گلوکارہ  اور دہائی کی بہترین فنکارہ کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مریکی گلوگارہ ٹیلر سوئفٹ کا شمار صرف امریکا میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں بہترین گلوکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے، ٹیلر سوئفٹ نے سال کی بہترین پلے بیک سنگر سمیت 6 مختلف ایوارڈز اپنے نام کئے۔

    لاس اینجلس کے مائیکرو سافٹ تھیٹر میں سجنے والی ایوارڈ تقریب میں ٹیلر سوئفٹ چھائی رہیں، اس کیساتھ ان کے مجموعی ایوارڈز کی تعداد 29 ہو گئی، تقریب کے آغاز سے لے کراختتام تک ٹیلر سوئفٹ کے لکھے اور گائے گئے گانے ہی بجتے رہے۔

    مزید پڑھیں : امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ مائیکل جیکسن کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

    جس کے بعد 29 ایوارڈ کے ساتھ ہی ٹیلر سوئفٹ نے مائیکل جیکسن کا سب سے زیادہ ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا، پاپ میوزک کے بادشاہ آنجہانی مائیکل جیکسن کو 24 ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل تھا۔

    خیال رہے چند ماہ قبل مایہ ناز امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد طالبہ کی یونی ورسٹی کی فیس ادا کرکے ساری دنیا کو حیران کردیا تھا اور ٹیلر سوئفٹ کے اس اقدام کو ساری دنیا میں سراہا گیا تھا۔

  • نیپالی شہری نے 23 مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کا عالمی ریکارڈ بنادیا

    نیپالی شہری نے 23 مرتبہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کا عالمی ریکارڈ بنادیا

    کھٹمنڈو : نیپالی شہری نے 23 ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی سرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا، نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ سمٹ میں 30 مزید کوہ پیما حصہ لے رہے ہیں جو (آج) چوٹی سر کر لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیپال کے ہائیکنگ حکام نے بتایا ہے کہ کامی ریٹا شرپا نامی 49 سالہ نیپالی شہری نے تیس ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپال کے محکمہ سیاحت کی اہلکار میرا اچاریا نے بتایا کہ آٹھ ہزار 850 میٹر بلند پہاڑی ماؤنٹ ایورسٹ کی پرچھاؤں میں آباد تھیم نامی نیپالی گاؤں کے رہائشی شرپا نے جنوبی مشرقی رستہ استعمال کرتے ہوئے چوٹی کو سر کیا۔

    میرا نے بتایا کہ شرپا نے بدھ کی صبح مقامی وقت کے مطابق سات بج کر 50 منٹ پر چوٹی سر کی اور اب وہ نچلے کیمپوں کی طرف روانہ ہیں۔

    میرا کے مطابق حالیہ سمٹ میں 30 مزید کوہ پیما حصہ لے رہے ہیں جو (آج) جمعرات کو چوٹی سر کر لیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریٹا نے پہلی مرتبہ 1994 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا تھا جس کے بعد وہ ہر سال دنیا کی بلند ترین چوتی سرنے لگے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریٹا ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو، چواو، ماناسلو، لوٹشے بھی سر کرچکے ہیں۔

    ریٹا کا کہنا تھا کہ ’میں ایک سپاہی کی طرح ہوں جو اپنے ملک کی بقاء کی جنگ میں پیچھے مڑ کر اپنے بیوی بچوں اور اہل خانہ کی فکر نہیں کرتا‘۔

  • امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی نے بھی اپوزیشن رہنما کی حمایت کردی

    امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی نے بھی اپوزیشن رہنما کی حمایت کردی

    واشنگٹن/کراکس: امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی نے حکومت کے خلاف تحریک چلانے والے اپوزیشن رہنما جون گائیڈو سے وفاداری کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس ماڈورو کے خلاف احتجاج جاری ہے جبکہ حزب اختلاف کے حامیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر سراپا احتجاج ہے اور نکولس ماڈورو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کرنل جوش لوئس سلوا نے ہفتے کے روز وینزویلا کے صدر ماڈورو سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران دستوری حکومت سے علیحدگی کا بتایا۔

    کرنل جوش لوئس نے واشنگٹن میں واقع وینزویلن سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک میں شفاف اور آزادنہ الیکشن کروانے کا مطالبہ کیا۔

    امریکا میں تعینات ملٹری اتاشی نے وینزویلن افواج سے اپیل کی ہے کہ وہ صدر نکولس ماڈورو سے وفاداری ختم کرکے اپوزیشن رہنما (خود ساختہ قائم مقام صدر) جون گائیڈو اظہار وفاداری کریں۔

    کرنل جوش لوئس کا کہنا تھا کہ میری اسلحہ تھامے ہر سیکیورٹی اہلکار سے اپیل ہے کہ وہ عوام پر حملہ نہیں، ہم انہی شہریوں کا حصّہ ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے ملٹری اتاشی کرنل جوش لوئس کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوئی جس میں وہ نکولس ماڈورو سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما جون گائیڈو اعلان وفاداری کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : وینزویلا کے صدرنکولس میڈورو کا امریکا سے سفارتی تعلقات ختم کرنےکا اعلان

    خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر جون گوئیڈو نے رواں ماں خود کو عوام کے سامنے قیام مقام صدر کا تھا اور جلد ہی فوج کی نگرانی میں صاف اور شفاف الیکشن کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے چند منٹ بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپوزیشن لیڈر جان گائیڈو کی حکومت کو تسلیم کرلیا۔

    وینزویلا کی حزبِ اختلاف نے اس انتخاب کو تسلیم کرنے سے انکارکیا تھا کیوں کہ انتخاب سے قبل حزبِ اختلاف کے بیشتر رہنماؤں اور امیدواروں کو یا تو قید کردیا گیا تھا۔ اس پر صدر نکولس ماڈور نے امریکا کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کردیے تھے۔

  • نواز شریف ، مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پرسماعت کرنے والا بینچ تیسری بار تحلیل

    نواز شریف ، مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پرسماعت کرنے والا بینچ تیسری بار تحلیل

    لاہور : سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز سمیت ن لیگی رہنماوں کےخلاف توہین عدالت کے لئے درخواستوں پرسماعت کرنے والا بینچ تیسری مرتبہ بھی تحلیل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی , جسٹس عاطر محمود اور جسٹس شاہد جمیل پر مشتمل تین رکنی بینچ نے میاں نواز شریف سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں کی سماعت کرنی تھی تاہم جسٹس شاہد جمیل نے ذاتی وجوہات کی بناء پر کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

    جسٹس شاہد جمیل کی معذرت کے بعد بینچ تیسری بار تحلیل ہو گیا اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ان کی جگہ جسٹس مسعود جہانگیر کو فل بینچ میں شامل کرلیا ہے۔

    نیا فل بینچ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں 9 اپریل سے درخواستوں کی سماعت کرے گا۔


    مزید پڑھیں : نوازشریف اور مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا


    اس سے قبل بھی جسٹس شاہد بلال حسن کے بہاولپور بینچ جانے اور جسٹس شاہد مبین کی سماعت سے معذرت کے باعث بنچ دو مرتبہ تحلیل ہوچکا ہے۔

    یاد رہے کہ شہری آمنہ ملک , منیر احمد , آفتاب ورک سمیت دیگر کی جانب سے آٹھ درخواستیں دائر کی گئی ہیں، جن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پانامہ لیکس فیصلے کے بعد میاں نواز شریف اور مریم نواز سمیت ن لیگی رہنماوں نے عدلیہ مخالف مہم شروع کر رکھی ہے اور مسلسل عدلیہ کے خلاف بیان بازی کی جا رہی ہے۔

    درخواست گزاروں کے مطابق عدلیہ مخالف تقاریر کی نشریات روکنا پیمرا کی ذمہ داری ہے مگر وہ کارروائی نہیں کر رہا لہذا عدالت ن لیگی رہنماوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے اور پیمرا کو عدلیہ مخالف مواد کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے خلاف توہین عدالت کے کیسز زیر سماعت ہیں ، رہنماؤں میں وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر ریلوے سعد رفیق ، وزیر مملکت طلال چوہدری اور وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز شامل ہیں۔

    اس سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں 1 ماہ قید اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا کاٹ چکے ہیں جبکہ دوسری بار توہین عدالت کیس میں سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کی معافی قبول کرلی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔